Author: عثمان دانش

  • پشاور: مشین اور میٹر کے بغیر ٹیکسیوں کو ایک ماہ کی مہلت

    پشاور: مشین اور میٹر کے بغیر ٹیکسیوں کو ایک ماہ کی مہلت

    پشاور: خیبر پختون خوا میں مشین اور میٹر کے بغیر ٹیکسیوں کو قانون کے دائرے میں آنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت نے یلو کیب ٹیکسی گاڑیوں کو قانون کے دائرے میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں یلو کیب ٹیکسیوں کے مالکان کو گاڑیوں میں مشینیں اور میٹرز لگانے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختون خوا کی جانب سے جاری اعلامیے میں وضاحت کی گئی ہے کہ ٹیکسی میں میٹرز لگانے سے سواریوں کو فی کلو میٹر فاصلہ معلوم ہو سکے گا۔

    محکمے نے حکم دیا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیور فاصلے اور کلومیٹر کے حساب سے کرایے وصول کریں گے، اور سواریوں کو کرایوں کی مشینوں کے ذریعے رسید دی جائے گی۔

    اعلامیے کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے تمام ٹیکسی گاڑیوں کے مالکان کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی ہے، ایک ماہ بعد پشاور سمیت بڑے شہریوں میں بغیر مشین اور میٹرز ٹیکسیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

    یاد رہے کہ 2015 میں محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ خیبر پختون خوا نے عوام کی سہولت کے لیے یلو کیب ٹیکسی کو پشاور اربن ایریا میں چند ایک قانونی قواعد و ضوابط کے ساتھ فریش روٹ پرمٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • پی ٹی ایم سے راہیں جدا، محسن داوڑ نے نئی سیاسی جماعت بنالی

    پی ٹی ایم سے راہیں جدا، محسن داوڑ نے نئی سیاسی جماعت بنالی

    پشاور: شمالی وزیرستان سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ  نے  پی ٹی ایم سے راہیں جدا کر کے اپنی علیحدہ سیاسی جماعت کی تشکیل کا اعلان کردیا۔

    محسن داوڑ نے پشاور میں اپنی نئی سیاسی جماعت کے نام، پرچم اور منشور کا اعلان کیا، انہوں نے بتایا کہ پارٹی کا نام ’نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ‘ (این ڈی ایم) رکھا ہے، جس کی مرکزی کمیٹی کا چیئرمین محسن داوڑ  کو مقرر کیا گیا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن داوڑ نے کہا کہ ’جمہوری قوم پرست سیاسی جماعت کے لیے کارکنان ایک تنظیم کی عدم موجودگی کی کمی محسوس کرتے تھے، این ڈی ایم بہت جلد صوبائی یونٹس تشکیل دے گی، پھر ضلعی سطح پر تنظیم سازی کر کے پارٹی کو مضبوط کیا جائے گا۔

     انہوں نے کہا کہ ’پارٹی مشران ہماری تحریک کا بنیادی حصہ ہوں گے، نوجوانوں کو سیاست اور سیاسی جماعتوں میں حقیقی نمائندگی نہیں ملی، ہم کونسل منتخب کر کے مستقبل کے لیڈر شپ کا تعین کریں گے‘۔

    محسن داوڑ نے کہا کہ ’میں پی ٹی ایم کا کارکن نہیں حامی تھا، وہ ایک غیر سیاسی تنظیم ہے، اس لیے علیحدگی اختیار کر کے اپنی جماعت بنائی،  مجھے نہیں لگتا کہ پی ٹی ایم ہماری جماعت کو  سپورٹ کرے گی‘۔

    عوامی نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر افراسیاب خٹک، بشرا گوہر، جمیلہ گیلانی اور عبدالطیف ایڈوکیٹ آفریدی نے بھی نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا۔

  • بارشوں کا نیا سلسلہ، اگلے ایک ہفتے کے لیے سیاحوں کو اہم ہدایت جاری

    بارشوں کا نیا سلسلہ، اگلے ایک ہفتے کے لیے سیاحوں کو اہم ہدایت جاری

    پشاور: خیبر پختون خوا کے بعض اضلاع میں کل شام سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کے پی کے میں کل شام سے بارشوں کے نئے سلسلے کا امکان ظاہر کیا ہے، پی ڈی ایم اے خیبر پختون خوا نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں پیشگی اقدامات کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے نے موسم کے پیش نظر سیاحوں کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور موسمی صورت حال سے خود کو باخبر رکھیں۔

    رپورٹ کے مطابق کل سے کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، دیر، چترال، پشاور، کوہاٹ اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین نے تیز بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ بدھ کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت خیبر پختون خوا کے بعض اضلاع میں گزشتہ کچھ دنوں سے سخت گرمی پڑ رہی ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہیں، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

  • محکمہ جنگلات کے شہید اہل کار کے لیے پیکج کا اعلان

    محکمہ جنگلات کے شہید اہل کار کے لیے پیکج کا اعلان

    پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے محکمہ جنگلات کے شہید اہل کار جمشید اقبال کے لیے شہید پیکج کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے آج شہید فارسٹر جمشید اقبال کے گھر جا کر لواحقین سے تعزیت کی اور شہید کو خراج تحسین پیش کیا۔

    صوبائی وزیر نے محکمہ جنگلات کے فارسٹر کے لیے شہید پیکج کا اعلان کیا اور کہا کہ گاؤں کے ہائی اسکول اور سڑک کو بھی شہید کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

    وزیر جنگلات نے کہا کہ شہید پیکج کے تحت جمشید اقبال کے چھوٹے بھائی کو محکمہ جنگلات میں نوکری دی جائے گی، میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر یہاں آیا ہوں۔

    صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ

    اشتیاق ارمڑ کا اس موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ اب لوگوں کو علم ہوگیا ہے کہ درخت ماحول کے لیے کتنے اہم ہیں۔ یاد رہے کہ جمشید اقبال چمرکن کے جنگلات میں لگی آگ بجھاتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔

    محکمہ جنگلات کا ملازم جنگل میں لگی آگ بجھاتے ہوئے شہید، وزیر اعظم کا خراج عقیدت

    چند روز قبل شہید کے والد نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ جمشید اقبال کی فیملی کو شہدا پیکج دیا جائے، جمشید اقبال کے سوگواران میں 2 بچے اور بیوہ شامل ہیں، جمشید گزشتہ 9 سال سے محکمہ جنگلات میں فرائض انجام دے رہے تھے۔

    جمشید اقبال کے ساتھ کام کرنے والے محکمہ جنگلات کے اہل کاروں نے بتایا تھا کہ جمشید کو درختوں سے محبت تھی اور انھوں نے درختوں کو آگ سے بچاتے ہوئے جان دے دی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے جمشید اقبال کی فرائض کی انجام دہی کے دوران موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جمشید نے ادائیگی فرض کے دوران آگ بجھاتے بجھاتے جام شہادت نوش کیا، یہی وہ مردان کار ہیں جو پاکستان کی شادابی کے لیے ہمارے جنگلات کی حفاظت کا فرض نبھا رہے ہیں۔

  • وزیر اعظم کا شکریہ، محکمہ جنگلات کے شہید اہل کار کے والد نے شہدا پیکج کا مطالبہ کر دیا

    وزیر اعظم کا شکریہ، محکمہ جنگلات کے شہید اہل کار کے والد نے شہدا پیکج کا مطالبہ کر دیا

    چترال: خیبر پختون خوا کے شہر چترال میں چمرکن جنگل میں آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے محکمہ جنگلات کے اہل کار جمشید اقبال کے والد نے تعزیت کرنے پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کا شکریہ ادا کیا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ جمشید اقبال کی فیملی کو شہدا پیکج دیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چترال کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کی کوششوں میں جاں بحق ہونے والے محکمہ جنگلات کے اہل کار جمشید اقبال کا نماز جنازہ ادا کر دیا گیا، جمشید اقبال کے سوگواران میں 2 بچے اور بیوہ شامل ہیں، وہ گزشتہ 9 سال سے محکمہ جنگلات میں فرائض انجام دے رہے تھے۔

    جمشید اقبال کے والد محمد زبیر نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا، انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے غم کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ اظہار یک جہتی کیا، اس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ جمشید اقبال کے دو چھوٹے بچے اور بیوہ ہے، حکومت ان کے لیے شہدا پیکج کا اعلان کرے۔

    درختوں سے محبت

    جمشید اقبال کے ساتھ کام کرنے والے محکمہ جنگلات کے اہل کاروں نے بتایا کہ جمشید کو درختوں سے محبت تھی اور انھوں نے درختوں کو آگ سے بچاتے ہوئے جان دے دی۔

    آگ کی اطلاع ملی تو صبح سویرے ہم جنگل کی طرف روانہ ہوگئے، جنگل کی طرف زیادہ راستہ پیدل طے کرنا پڑتا ہے، کیوں کہ راستہ بہت درشوار ہے، اسی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں بھی ہمیں مشکلات پیش آتی ہیں۔

    چترال: درختوں کو آگ سے بچانے والا خود زندگی ہار گیا، ٹیم آگ بجھانے میں کامیاب

    آگ نے بڑے رقبے کو لپیٹ میں لیا ہوا تھا، ہم آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف تھے، ایسے میں بارش بھی شروع ہوگئی، بارش کی وجہ سے آگ پر تو جلد قابو پا لیا گیا، لیکن بارش سے پھسلن کی وجہ سے ہم اپنے بہادر دوست سے محروم ہوگئے۔

    وزیر اعظم کا ٹویٹ

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جمشید اقبال کی فرائض کی انجام دہی کے دوران موت پر دکھ کا اظہار کیا، انھوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جمشید نے ادائیگی فرض کے دوران آگ بجھاتے بجھاتے جام شہادت نوش کیا، یہی وہ مردان کار ہیں جو پاکستان کی شادابی کے لیے ہمارے جنگلات کی حفاظت کا فرض نبھا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے بھی نے جمشید اقبال کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، اور کہا کہ صوبائی حکومت شہید کی فیملی کے ساتھ ہے، انھیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

  • چترال: درختوں کو آگ سے بچانے والا خود زندگی ہار گیا، ٹیم آگ بجھانے میں کامیاب

    چترال: درختوں کو آگ سے بچانے والا خود زندگی ہار گیا، ٹیم آگ بجھانے میں کامیاب

    چترال: خیبر پختون خوا کے شہر چترال میں واقع جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے آپریشن کے دوران ایک اہل کار پاؤں پھسلنے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چترال کے چمرکن کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے میں مصروف محکمہ جنگلات کے اہل کار جمشید اقبال درختوں کو آگ سے بچاتے بچاتے خود زندگی کی بازی ہار گئے۔

    محکمہ جنگلات کے اہل کار جمشید اقبال لوئر چترال کے جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے میں دیگر ساتھوں کے ساتھ موجود تھے، کہ اچانک پاؤں پھسل جانے کی وجہ سے اونچائی سے گرگئے۔

    جمشید کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا، اور قریبی اسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

    ڈی ایف او لوئر چترال فریاد علی نے بتایا کہ جمشید اقبال جان کی پرواہ کیے بغیر جنگل میں آگ بجھانے میں مصروف رہے، پہاڑی سے گرنے کی وجہ سے جمشید کو سر پر گہری چوٹیں آئی تھیں، جن کی وجہ سے ان کی شہادت ہوئی۔

    ڈی ایف او فرہاد علی نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم اس بات کا صحیح اندازہ رپورٹ آنے کے بعد ہوگا کہ آگ کی وجہ سے جنگل کا کتنا رقبہ اور درخت متاثر ہوئے ہیں۔

    محکمہ جنگلات کے اہل کار جمشید اقبال کی شہادت پر وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے بھی شہید کی فیملی کے ساتھ اظہار تعزیت اور ہمدردی کیا ہے، وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ جمشید اقبال نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان دے کر فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

    انھوں نے کہا جمشید کی فرض شناسی سب کے لیے قابل تقلید ہے، اللہ تعالی ان کی شہادت قبول فرمائے، صوبائی حکومت شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہے، انھیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

  • کتنے سیاحوں نے عید پر پختون خوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا؟

    کتنے سیاحوں نے عید پر پختون خوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا؟

    پشاور: عید الاضحیٰ میں خیبر پختون خوا کے سیاحتی مقامات سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے، ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقامات میں سیاحوں کا رش رہا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عید کے دنوں میں خیبر پختون خوا میں سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا رش رہا، اور مختلف شعبہ جات سے وابستہ افراد کو 4 ارب روپے سے زائد آمدن ہوئی۔

    محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا کے ترجمان سعد بن اویس نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ عید کی تعطیلات میں ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقام گلیات میں 2 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی انٹری ہوئی اور 10 لاکھ سے زائد گلیات کی پُرفضا مقامات کی سیر سے لطف اندوز ہوئے، جب کہ 5 لاکھ 50 ہزار سے زائد سیاح جنت نظیر وادی سوات کے نظارے دیکھنے گئے۔

    کاغان میں 3 لاکھ سے زائد گاڑیوں میں 12 لاکھ سے زائد سیاحوں نے پر فضا مقامات کا رخ کیا۔

    سعد نے بتایا کہ خیبر پختون خوا کے جنوبی علاقوں کے سیاحتی مقامات بھی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ رہے ہیں، عید کے دنوں میں شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک کے خوب صورت نظاروں سے ایک لاکھ سے زائد سیاح محظوظ ہوئے۔

    سیاحتی مقامات کی سیر سے جہاں سیاح لطف اندوز ہوتے ہیں وہاں پر مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آتے ہیں، محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا کے مطابق عید کے ایام میں سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کو 4 ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے۔

    خیبر پختون خوا کے سیاحتی مقامات میں اس وقت بھی لاکھوں کی تعداد سیاح موجود ہیں، سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے جانے والے سیاحوں کو ٹریفک کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    کالام، سوات کے نئے سیاحتی مقام گبین جبہ، ملم جبہ، ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقام کاغان، ناران میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جس کی وجہ سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    مردان سے تعلق رکھنے والے سید احمد خان اپنے دوستوں کے ساتھ عید کے تیسرے دن کالام سیر وتفریح کے لیے جا رہے تھے، سید احمد نے بتایا کہ جب وہ بحرین پہنچے تو آگے راستہ بند تھا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی تھیں اور انتظامیہ بھی منظر سے غائب تھی۔ کئی فیملیز کو دیکھا جو رش میں پھنسی ہوئی تھیں، لوگ پیدل سفر پر مجبور تھے، سیاحوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاحتی مقامات میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ سیاح اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر ان لمحوں کو یادگار بنا سکیں۔

  • پشاور: ملازمین کو ویکسین نہ لگانے پر ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز کے خلاف بڑی کارروائی

    پشاور: ملازمین کو ویکسین نہ لگانے پر ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز کے خلاف بڑی کارروائی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں اسٹاف کو کرونا ویکسین نہ لگانے پر متعدد ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز سیلز کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس اسٹاف کے لیے کرونا وائرس کی ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے، جس کے بعد کرونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ پشاور نے ملازمین کو کرونا ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے صدر میں مشہور الیکٹرانکس شاپ، چارسدہ روڈ پر 4 ریسٹورنٹس اور 2 شاپنگ مالز کو سیل کر دیا ہے۔

    انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 12 دکانیں بھی سیل کر دیں، جب کہ 33 دکان داروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر پشاور نے بتایا کہ کرونا وائرس خطرناک ہے، عوام اور تاجر برادری ایس او پیز پر عمل کر کے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔ انھوں نے کہا تاجر برادری خود بھی ویکسین لگائے اور اپنے اسٹاف کو بھی جلد از جلد کرونا ویکسین لگائے، جو ویکسین نہیں لگائے گا ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ رات بھی کارروائی کرتے ہوئے اسٹاف کو کرونا ویکسین نہ لگانے پر 118 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

  • خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 10 افراد ہلاک

    خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 10 افراد ہلاک

    پشاور: خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ، اس دوران مختلف حادثات میں 10 افراد ہلاک جبکہ 10 افراد کے زخمی بھی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پراونشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بارشوں سے نقصانات کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

    جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے 10 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم تیمور خان نے بتایا کہ مختلف حادثات میں اب تک 10 افراد جانبحق ہوئے ہیں جانبحق ہونے والوں میں 3 بچے ایک خاتون اور 6 مرد شامل ہےجبکہ بارشوں سے 10 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    تیمور خان کا کہنا تھا کہ  چیف سیکرٹری کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اور سیکرٹری ریلیف نے حالیہ بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ایبٹ آباد اور مانسہرہ کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کئے ہیں۔

    ترجمان پی ڈی ایم نے مزید بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی نمبر 24 گھنٹے فعال ہے عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر کال کرکے دیں تاکہ انتظامیہ بروقت پہنچ کر متاثرہ افراد کی مدد کرسکے۔۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کل تک بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • پشاور میں‌ دلیپ کمار کی غائبانہ نماز جنازہ ادا

    پشاور میں‌ دلیپ کمار کی غائبانہ نماز جنازہ ادا

    پشاور: بالی ووڈ کے ٹریجڈی کنگ اور لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی غائبانہ نمازِ جنازہ پشاور میں ادا کردی گئی، جس میں اُن کے بھتجیے اور مداحوں نے شرکت کی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی غائبانہ نماز جنازہ پشاور میں ان کے آبائی گھر کے قریب ادا کردی گئی، جس میں دلیپ کمار کے بھتیجے فواد اسحاق کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دلیپ کمار کے بھتیجے فواد اسحاق نے بتایا کہ وہ اور ان کےخاندان کے دیگر لوگ چچا کے جنازے میں شرکت کے لئے جانے کے خواہش مند تھے مگر اجازت نہیں مل سکی۔

    انہوں نے بتایا کہ  ان کے والد اور چچا دلیپ کمار بچپن میں محلہ خدا داد کے گھر میں رہے ہیں تقسیم ہند کے بعد ان کے چچا ممبئی منتقل ہوگئے، لیجنڈ اداکار کے گھر کو قومی ورثہ قرار دینے اور ان کی بحالی پر وزیراعظم عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    دلیپ کمار کی یاد میں ان کے آبائی گھر کے سامنے شمع بھی روشن کی گئیں۔

    مزید پڑھیں: صدر مملکت سمیت سیاسی رہنماؤں کا بھارتی اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس

    واضح رہے کہ دلیپ کمار 11 ستمبر 1922 کو پشاور کے قصہ خوانی کے محلہ خدا داد میں پیدا ہوئے ان کا اصل نام یوسف خان تھا لیکن ایک فلمی کردار کے بعد انہیں  دنیا میں دلیپ کمار کے نام سے شہرت ملی۔

    تصویر بشکریہ : شیراز حسن

    لیجنڈری اداکار کو طویل العمری کی وجہ سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا جبکہ انہیں چند دنوں قبل طبعیت ناسازی کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ آج 98 سال کی عمر میں دنیا کو الواداع کہہ کر سرحد کے دونوں طرف کے لوگوں داغِ مفارقت دے گئے۔

    دوسری جانب ممبئی میں دلیپ کمار کو جوہو قبرستان میں آسودہ خاک کردیا گیا، انہیں قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، نماز جنازہ میں ساتھی اداکاروں، مداحوں، سیاسی رہنماؤں سمیت عوام بڑی تعداد میں شریک تھے۔