Author: وقاص صفدر

  • ’خواجہ سراؤں کیخلاف نہیں وہ بھی کلمہ گو مسلمان ہیں‘

    ’خواجہ سراؤں کیخلاف نہیں وہ بھی کلمہ گو مسلمان ہیں‘

    امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ خواجہ سراؤں کیخلاف نہیں ہیں وہ بھی کلمہ گو مسلمان ہیں ان کا استحصال ہوتا ہے۔

    کراچی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے، عوام کا جینا مشکل ہو گیا ہے، مسئلہ کشمیر، آئی ایم ایف کی غلامی، ایف اے ٹی ایف قوانین اور ٹرانس جینڈر ایکٹ پر یہ سب متفق ہیں، جھگڑا صرف مفادات کے حصول کا ہے، عوام کے مسائل و مشکلات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے ان کو کوئی سرو کار نہیں۔

    سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نا اہلی اور بے حسی کے باعث ملک کا سب سے بڑا شہر اور صوبائی دارلخلافہ مسائل کی آماجگاہ اور جرائم کا گڑھ بن گیا ہے، سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو گئی ہیں، عوام کو تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور پینے کے صاف پانی جیسی سہولتیں تک میسر نہیں، 14سال سے سندھ اور کراچی کو پیپلز پارٹی نے یرغمال بنایا ہوا ہے کراچی میں حکمران پارٹیوں کی بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار کی کوششیں ان کی شکست کی واضح علامت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے عوام مراعات یافتہ اور حکمران طبقے کے بیچ سینڈوچ بنے ہوئے ہیں اور حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے قومی خزانہ محفوظ ہے نہ توشہ خانہ اور نہ سائفر، ساری سیاست جھوٹ اور فریب پر چل رہی ہے، جس میں سچائی کو خوردبین سے بھی تلاش کرنا مشکل ہے،مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے جو اسلامی نظام کے نفاذ اور عدل و انصاف کی علمبردار ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف ریفرنڈم میں بھی عوام سے بھر پور رابطہ ہوا ہے، رابطہ عوام مہم کو مزید تیز کیا جائے گا، بلدیاتی انتخابات سے کسی بھی فرار کا موقع نہں دیا جائے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات، ضمنی انتخابات سے قبل 16اکتوبر کو کرائے جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کراچی کے حقوق اور مسائل کے حل کی جدوجہد مسلسل کر رہی ہے۔بلدیاتی انتخابات سے قبل بھی ہم نے کراچی کے حقوق کے لیے طویل جدوجہد کی۔ کراچی کے عوام جانتے ہیں کہ کراچی کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہی ہے۔

  • بیٹنگ کوچ محمد یوسف مڈل آرڈر سے مطمئن کیوں؟

    بیٹنگ کوچ محمد یوسف مڈل آرڈر سے مطمئن کیوں؟

    قومی ٹیم کے مسلسل ناکام ہوتے بیٹنگ آرڈر کا بیٹنگ کوچ محمد یوسف بھرپور دفاع کرنے لگے۔

    انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چھٹے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد یوسف مڈل آرڈر کی بجائے محمد نواز اور شاداب کی پرفارمنس گنوانے لگے۔

    انہوں نے کہا کہ شاداب خان، محمد نواز نے میچ جتوائے ہیں انہیں جو بتایا گیا ہے وہ اس پر عمل کر رہے ہیں وقت لگتا ہے مڈل آرڈر کی پرفارمنس میں بہتری آئی ہے۔

    بیٹنگ کوچ نے کہا کہ ون ڈاؤن تک بیٹنگ آرڈر پتا ہے باقی چیزوں میں وقت لگےگا جو پہلے کسی نے نہیں بتایا اب وہ کر رہے ہیں انہیں سکھا رہا ہوں کہ کس طرف شارٹس کھیلنی ہیں۔

    سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ چھٹے ٹی 20 میں انگلینڈ نے پاکستان کو مارا کم گھسیٹا زیادہ ہے

    وسیم اکرم نے کہا کہ مہمان ٹیم جیسے کھیلتی ہے ہماری ٹیم ایسا کیوں نہیں کھیل سکتی اگر پاکستان 170 رنز کا تعاقب کرتا تو میچ آخری اوور تک جاسکتا تھا۔

  • ماں اور بیٹی کرکٹ کے میدان میں ایک ساتھ

    ماں اور بیٹی کرکٹ کے میدان میں ایک ساتھ

    کرکٹ کے میدان میں ماں اور بیٹی ایک ساتھ! قومی ٹیم کی آل راؤنڈر کائنات امتیاز کی والدہ سلیمہ ویمنز ایشیا کپ میں امپائرنگ کےفرائض انجام دے رہی ہیں۔

    والدہ سلیمہ کہتی ہیں گلی محلوں میں بہت کرکٹ کھیلی مگر پاکستان کیلئے کھیلنے کا خواب بیٹی نے پورا کیا۔

    آل راونڈر کائنات بولیں والدہ کو دیکھ کر فخر ہوتا ہے والدہ کو ویمنز ایشیا کپ’22 میں بطور امپائر دیکھنا ایک قابل فخر لمحہ ہے۔

    کھلاڑی کائنات نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا والدہ کا ہمیشہ سے ایک خواب تھا جس کے ساتھ وہ جی رہی تھیں اور اب بہت طویل انتظار کے بعد وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے جا رہی ہیں جس پر میں بہت پرُجوش ہوں۔

  • انگلینڈ کیخلاف فیصلہ کن معرکہ، قومی ٹیم میں 3 تبدیلیوں کا امکان

    انگلینڈ کیخلاف فیصلہ کن معرکہ، قومی ٹیم میں 3 تبدیلیوں کا امکان

    انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری اور فیصلے کن میچ کےلیے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیوں کا امکان ہے۔

    چھٹے میچ میں آرام کے غرض سے ڈراپ ہونے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، حارث روف اور خوشدل شاہ کی واپسی ہو سکتی ہے۔

    محمد رضوان ایک میچ کے وقفے سے آج فائنل میں رنگ جمانے کو تیار ہیں جب کہ شاہنواز دھانی کی جگہ حارث روف کو شامل کیا جاسکتا ہے۔

    وائرل انفیکشن کا شکار ہونے والے حیدر علی کی جگہ خوشدل شاہ کی واپسی ممکن ہے۔پاکستانی ٹیم کے میڈیا مینجر کے مطابق نوجوان بیٹر حیدر علی وائرل انفیکشن کا شکار ہوئے تھے اور انہیں چھٹے ٹی 20 میچ کے بعد طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں انہوں گزشتہ رات ڈاکٹر کی زیر نگرانی اسپتال میں ہی قیام کیا۔

    حیدر علی اب پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں اور اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد ٹیم ہوٹل پہنچ گئے ہیں۔
    محمد حسنین اور عامر جمال کے درمیان ٹائی ہے۔ حسنین کو آخری دو میچوں میں آرام دیا گیا تھا اور جمال نے ان کی جگہ لی تھی۔

    ممکنہ فائنل الیون:

    محمد رضوان (وکٹ کیپر)، بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، عامر جمال/محمد حسنین، حارث رؤف

  • نسیم شاہ نے اپنی صحت سے متعلق آگاہ کر دیا

    نسیم شاہ نے اپنی صحت سے متعلق آگاہ کر دیا

    وائرل انفیکشن کا شکار نسیم شاہ نے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کر دیا۔

    ٹوئٹر پر جاری بیان میں نسیم شاہ نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے اب بہتر محسوس کر رہا ہوں اور روبہ صحت ہوں، جلد ہی ملاقات ہو گی۔

    انہوں نے تمناوں کا اظہار کرنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دعاوں میں یاد رکھنے پر آپ سب کا متشکر ہوں۔

    نسیم شاہ نے دعاوں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہم سب کو محفوظ رکھے اپنی دعاوں میں یاد رکھیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے تیزی سے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ نمونیا کا شکار ہونے کے بعد انگلینڈ کے خلاف جاری ہوم سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ میں شیڈول سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ نسیم شاہ آئندہ ماہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ قومی ٹیم ورلڈ کپ اور اس سے قبل نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز کھیلنے کیلیے 3 اکتوبر کو روانہ ہوگی۔

  • ’پاکستان میں ذیابطیس نے تباہی پھیلا دی‘

    ’پاکستان میں ذیابطیس نے تباہی پھیلا دی‘

    کراچی: پاکستان میں ذیابطیس کے مرض نے تباہی پھیلانا شروع کر دی ہے اور اب بارہ سے پندرہ سال کی عمر کے بچے بھی ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہونا شروع ہو چکے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار ماہرین امراض ذیابطیس نے جمعرات کے روز ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    طبی ماہرین کاکہنا ہے کہ پاکستان زیابطیس کے پھیلائو کی شرح میں دنیا میں پہلے نمبر پر ہے ، اگر اب سروے کیا جائے تو پاکستان میں ذیابطیس کے مریضوں کی تعداد چار کروڑ سے تجاوز کر چکی ہوگی۔
    اس تعداد میں بچے شامل نہیں ہے کیونکہ اب پاکستان میں 12 سے 15 سال کی عمر کے بچے بھی ٹائپ ٹو ذیابیطس کے ساتھ اسپتال آرہے ہیں جو انتہائی تشویشناک بات ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا تھا کہ 2019 میں ملک کے 3 کروڑ 33 لاکھ افراد ذیذبطیس کا شکار تھے اور ان میں ایک بڑی تعداد ایسی ہے جنہیں اپنی بیماری کا علم ہی نہیں ہے۔

    عہد میڈیکل سینٹر کا افتتاح ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی، معروف ماہر امراض ذیابطیس اور ڈائیبیٹک فُٹ ڈاکٹر سیف الحق، فارمیوو کے ڈپٹی سی او سید جمشید احمد نے کیا۔

    پروفیسر سعید قریشی نے کہا کہ خوشی کی بات ہے اس برانچ کو ڈائبٹیزاسپیشلائز سینٹر بنایا گیا ہے اور یہاں فُٹ کلینک بھی موجود ہے، اس وقت ملک میں ذیابطیس بہت تیزی سے پھیل رہی ہے ۔

    ملک کے 3 کروڑ 33 لاکھ افراد اس بیماری کا شکار ہیں اور ایک تعداد ایسی ہے جنہیں اس کا علم ہی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ عہد میڈیکل سینٹر سے ذیابطیس کا شکار لوگوں کے پائوں کٹنے سے بچانے معاون ثابت ہوگا۔

    پروفیسر سعید قریشی نے کہا کہ کسی بھی ملک کے صحت کے نظام کی بنیاد پرائمری کیئر ہوتی ہے، اس طرح کے کلینک اور سینٹر دنیا بھر میں پرائمری کیئر کے لیے ماڈل تصور کیے جاتے ہیں کیونکہ صحت کی تمام تر سہولیات کوئی بھی حکومت فراہم نہیں کرسکتی اس کے لیے پرائیویٹ سیکٹر بھی اپنا کردار ادا کرتا ہے اور دنیا بھر میں ایسا ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر صورتحال خراب ہے ، ڈاؤ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ بھی میڈیکل کیمپ منعقد کر چکے ہیں اور ٹیسٹ بھی کیے ہیں، ان علاقوں میں انفیکشیس ڈیزیز کے مسائل زیادہ ہیں، ان علاقوں میں ڈینگی اور ملیریا کے کیسز بھی بڑھ رہے ہیں۔

    معروف ماہر امراض ذیابطیس ڈاکٹر سیف الحق نے کہا کہ پاکستان زیابطیس کے پھیلائو کی شرح میں دنیا میں پہلے نمبر پر ہے، اگر اب سروے کیا جائے تو پاکستان میں ذیابطیس کے مریضوں کی تعداد چار کروڑ سے تجاوز کر چکی ہوگی۔

    اس تعداد میں بچے شامل نہیں ہے اور پاکستان میں 12 سے 15 سال کی عمر کے بچے بھی ذیابطیس ٹائپ ٹو کے ساتھ اسپتال آرہے ہیں جو انتہائی تشویشناک بات ہے۔

  • شان مسعود کپتان بن گئے

    شان مسعود کپتان بن گئے

    پاکستان کے شان مسعود کو 2023 کاؤنٹی سیزن کے لیے یارکشائر کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔

    شان مسعود کو کاؤنٹی کے اوورسیز کھلاڑی کے طور پر سائن کرنے سے قبل 2023 کے سیزن کے لیے یارکشائر کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔

    یارکشائر کے ہیڈ کوچ اوٹس گبسن نے بدھ کو ہیڈنگلے میں گلوسٹر شائر کے ہاتھوں شکست کے بعد شان مسعود کی کپتانی کا اعلان کیا۔

    گبسن نے کہا کہ ہم نے شان کے ساتھ جو بات چیت کی ہے وہ یہ ہے کہ وہ آگے کلب کے کپتان بننے والے ہیں کھلاڑی جانتے ہیں کہ شان کلب کے کپتان بننے جا رہے ہیں اور وہ قیادت کا اپنا انداز لائیں گے۔

    مسعود نے یارکشائر کے ساتھ دو سال کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور جونی ٹیٹرسال کی جگہ وہ قیادت کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ اسٹیون پیٹرسن کے جولائی کے آخر میں مستعفی ہونے کے بعد وکٹ کیپر نے قیادت کی تھی۔

  • ’عامر جمال نے شاندار کامیابی دلوائی‘

    ’عامر جمال نے شاندار کامیابی دلوائی‘

    قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں شاندار ڈیبیو کرنے والے عامر جمال کی کارکردگی سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان بولر کو خود پر پورا اعتماد تھا اور اسی وجہ سے ہمیں کامیابی ملی۔

    میچ کی اختتامی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ پورا کریڈٹ بولرز کو جاتا ہے خاص طور پر عامر جمال نے جس طرح کی بولنگ کی اس سے ہمیں کامیابی ملی۔

    انہوں نے کہا کہ عامر جمال کو خود پر اعتماد تھا اس نے شاندار ڈیبیو کیا آخری اوور میں نوجوان بولر پُراعتماد تھے کہ جیت ملے گی۔

    بابر اعظم نے کہا کہ پچ مشکل تھی کنڈیشنز سازگار نہیں تھی لیکن سارا کریڈٹ بولرز کے سر ہے جو ہماری اسٹرنتھ ہے، مضبوط بولنگ اٹیک سے ٹیم کافی پرُاعتماد ہے۔

    شاداب خان کی واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کپتان نے کہا کہ انجری کے بعد مشکل صورتحال میں شاداب کی واپسی ہوئی ہے افتخار احمد اور محمد نواز نے بھی اچھی بولنگ کی اور اہم وکٹیں حاصل کیں۔

    اپنے اوپنر جوڑی دار محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے انہوں نے بیٹنگ کی ہے وہ زبردست تھی وکٹیں گنوانے کے باوجود وہ آخر تک کھڑے رہے۔

  • شاہین اور فخر کب ٹیم کو جوائن کریں گے؟

    شاہین اور فخر کب ٹیم کو جوائن کریں گے؟

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور فخرزمان سے متعلق اپ ڈیٹ دی ہے۔

    پی سی بی کے مطابق عمر رشید بدھ کو لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوں گے وہ لندن میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے جاری ری ہیب میں باؤلنگ میں ان کی مدد کریں گے۔

    شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان دونوں کا لندن میں ری ہیب جاری ہے۔ عمر رشید، شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان 15 اکتوبر کو برسبین میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

    شاہین آفریدی انجری سے صحت یاب ہوگئے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں ردھم کے ساتھ بولنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ فاسٹ بولر دائیں گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم میں موجود نہیں ہیں۔ شاہین آفریدی جولائی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

    انجری کے باعث وہ نیدر لینڈزکے خلاف ون ڈے سیریر، ایشیا کپ اور انگلینڈ کی خلاف ہوم سیریز نہیں کھیل سکے۔

  • بابراعظم نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب

    بابراعظم نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب

    رنز کی مشین بابراعظم نے ویرات کوہلی کے ایک اور ریکارڈ پر نظریں جما لیں۔

    پاکستان کے کپتان بابر اعظم بدھ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میں نئی تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔

    ٹی ٹوئنٹی میں دو سنچریاں بنانے والے بابراعظم ایک اور بڑے کارنامے پر نظریں جمائے ہوئے ہیں جو اس اسٹار بلے باز کے لیے کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑنے کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔

    سابق بھارتی کپتان کوہلی مختصر ترین فارمیٹ میں 3000 رنز مکمل کرنے والے تیز ترین بلے باز ہیں۔ کوہلی نے ٹیم انڈیا کے لیے 81 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

    سابق بھارتی کپتان 2021 میں انگلینڈ کے دورہ بھارت کے دوران تیز ترین 3000 رنز بنانے والے بلے باز بنے تھے۔ کل بروز بدھ کو بابر کے پاس پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 5ویں ٹی ٹوئنٹی میں کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کا موقع ہے۔

    گرین شرٹس کے کپتان نے 79 اننگز میں 2939 رنز بنائے ہیں۔ اس طرح بابر کو ٹی ٹوئنٹی میں ایک اور بڑا کارنامہ انجام دے کر کوہلی کو پیچھے چھوڑنے کے لیے 61 رنز بنانے درکار ہیں۔