Author: وقاص صفدر

  • حارث رؤف نے ڈیبیو میں ہی تباہی مچا دی

    حارث رؤف نے ڈیبیو میں ہی تباہی مچا دی

    پاکستان کے اسپیڈ اسٹار حارث رؤف نے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے ڈیبیو میں ہی تباہی مچا دی۔

    دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے یارکشائر کے لیے اپنے ڈیبیو میچ میں 6 وکٹیں حاصل کر کے کاؤنٹی چیمپئن شپ سیزن کا شاندار آغاز کیا ہے۔

    حارث نے دونوں اننگز میں تین تین وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کو گلوسٹر شائر کے خلاف 6 وکٹوں سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    نوجوان تیز گیند باز نے پہلی اننگز میں 81 رنز کے عوض 3 وکٹیں اور دوسری اننگز میں 96 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

  • کویت میں بزرگ شہری پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو نے دل دہلا دیے

    کویت میں بزرگ شہری پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو نے دل دہلا دیے

    کویت میں بزرگ شہری کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے نے شہریوں کے دل دہلا دیے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر زیرگردش ویڈیو میں ایک شخص کو بزرگ شہری پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    جائے وقوعہ کے قریب لگے کیمرے کی فوٹیج میں صاف نظر آرہا ہے کہ ایک شخص بزرگ شہری پر ٹوٹ پڑتا ہے چپل اور بیلٹ جیسی کسی ٹھوس چیز سے شہری کو تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔

    چند لمحوں کے وقفے کے بعد دوبارہ سے بے رحم شخص بزرگ شہری کی جانب بڑھتا ہے اور اسے مار پیٹ کر سڑک پر دھکیل دیتا ہے۔

    جواب میں متاثرہ شہری کوئی مزاحمت نہیں کرتا جب کہ وقوعہ پر ایک اور شخص کو بھی کھڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو سارے واقعے پر خاموش تماشائی بنا رہا۔

  • وارنر کے ساتھ دلچسپ واقعے پر شاہین نے کیا کہا؟

    وارنر کے ساتھ دلچسپ واقعے پر شاہین نے کیا کہا؟

    پی سی بی پوڈکاسٹ کی 39ویں قسط میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور آسٹریلیا کے اسٹار بیٹر مارنس لیبوشین سمیت پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد اور بلوچستان کے اسپنر آفتاب احمد نے شرکت کی ہے۔

    شاہین شاہ آفریدی:

    شاہین شاہ آفریدی کا کہناہےکہ اس سیریز سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو قریب آنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نےآخری مرتبہ 2019 میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2021 میں مدمقابل آئیں تاہم حالیہ چھ ہفتوں میں دونوں ممالک کے کھلاڑی مکمل طور پر آپس میں گھل مل گئے تھے۔

    شاہین شاہ آفریدی نے ڈیوڈ وارنر کے ساتھ دلچسپ واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وہ دن کی آخری گیند تھی اور وہ گیند کروانے کے بعد ڈیوڈ وارنر کے قریب گئے تو وہ بھی وہیں ٹھہر گئے، جس سے فوٹوگرافرزکو بہترین تصویر مل گئی۔

    مارنس لیبوشین:

    مارنس لیبوشین کا کہنا ہے کہ یہ ایک شاندار دورہ رہا، پاکستانی تماشائیوں نے جتنی حوصلہ افزائی کی ایسا لگ رہا تھا جیسے آسٹریلیا اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کھیل رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے سے قبل وہ بہت سی افواہیں سن رہے تھے مگر دورہ پاکستان نے ان تمام خیالات کو بدل دیا۔بلاشبہ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کے دوران بہترین کرکٹ کھیلی گئی۔ اس دوران ان کا شاہین شاہ آفریدی ، محمد رضوان، عبداللہ شفیق اور امام الحق کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا۔

    اس کے علاوہ پاکستان کے سابق کپتان جاوید میاندادنے پی سی بی پوڈکاسٹ کی اس قسط میں بھارت کے ماسٹر بیٹرسنیل گواسکر کی تکنیک اور مزاج کی تعریف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    پی سی بی کے 39ویں پوڈ کاسٹ میں قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ آفتاب احمد پر خصوصی فیچر بھی شامل ہے ۔ لیگ اسپنر نے 2021-22 کے سیزن میں بلوچستان سیکنڈ الیون کی نمائندگی کی تھی۔ دل موہ لینے والی اس داستان میں آفتاب احمد نے انکشاف کیا کہ ان کے خاندان اور دوستوں نے انہیں کرکٹ سے محبت کی وجہ سے چھوڑ دیا تھا اور اس کھیل میں کوئی پیش رفت نہ ہونے کے باعث وہ خودکشی کے دہانے پر پہنچ گئے تھے ۔

  • جنوبی وزیرستان میں 2 دہشتگرد ہلاک، میجر سمیت 2 جوان شہید

    جنوبی وزیرستان میں 2 دہشتگرد ہلاک، میجر سمیت 2 جوان شہید

    جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت دو جوان شہید جب کہ جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا یہ واقعہ 11 اور 12 اپریل کی رات کو پیش آیا۔

    فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ ہلاک دہشت گردفورسزکے خلاف کارروائیوں میں سرگرم رہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے میجرشجاعت حسین اور سپاہی عمران خان شہید ہوگئے۔ علاقےمیں دہشت گردکی موجودگی ختم کرنےکیلئےکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پرعزم ہے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

  • سینٹرل پنجاب ویک اینڈ اسکول چیمپئن شپ کا فائنل ہفتہ کو کھیلا جائے گا

    سینٹرل پنجاب ویک اینڈ اسکول چیمپئن شپ کا فائنل ہفتہ کو کھیلا جائے گا

    سینٹرل پنجاب ویک اینڈ اسکول چیمپئن شپ 22-2021 کا فائنل 9 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں دار ارقم اسکول لاہور اور فیصل آباد کے ڈویژنل پبلک اسکول کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

    دو روزہ پنک بال فائنل پی ٹی وی اسپورٹس اور پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ ڈے اینڈ نائٹ میچ کا پہلا سیشن شام 4 سے 6 بجے تک کھیلا جائے گا۔ دوسرا سیشن رات 7:10 سے 9:10 بجے اور تیسرا سیشن 9:30 سے 11:30 تک جاری رہے گا۔

    ٹورنامنٹ کی فاتح کو پانچ لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔ رنرزاپ کو تین لاکھ روپے کا چیک دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ایونٹ کے بہترین بیٹر، بہترین باؤلر، بہترین آلراؤنڈر اور بہترین وکٹ کیپر کو 25 ہزار روپے کی رقم دی جائے گی۔

    ٹورنامنٹ کا آغاز اکتوبر 2021 میں ہوا تھا۔ ایونٹ میں سینٹرل پنجاب کے پانچ اضلاع کی 33 ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ 29 مختلف وینیوز پر کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں 660 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

  • امام الحق کی ترقی، بابراعظم کی حکمرانی برقرار

    امام الحق کی ترقی، بابراعظم کی حکمرانی برقرار

    آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستانی پلیئرز کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔

    کپتان بابراعظم کی بلے بازوں کی فہرست میں حکمرانی برقرار ہے جب کہ امام الحق کئی درجے ترقی پا کر ٹاپ تھری میں آگئے ہیں۔

    کرکٹ کے عالمی نگراں ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی ون ڈے کی تازہ رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق امام الحق رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

    بولنگ میں شاہین آفریدی ساتویں نمبر پرموجود ہیں ٹیم رینکنگ میں پاکستان کی چھٹی پوزیشن ہے۔

    ٹیسٹ بولنگ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز پہلے نمبر پر موجود ہیں بھارتی اسپنر ایشون دوسرے اور فاسٹ بولر بھمرا تیسرے نمبر پر ہیں۔

  • ‘پاکستان کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتا ہے’

    ‘پاکستان کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتا ہے’

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی ٹیم کو کسی بھی وقت ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔پاکستان نے ون ڈے سیریز 2-1 سے جیتی اور ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک تاریخی سیریز تھی اور پاکستان نے تاریخ رقم کی ہے جس طرح سے پاکستان کی ٹیم کھیلی اور فتحیاب ہوئی اس یونٹ کی قیادت کرنے پر بطور ہیڈ کوچ بہت فخر محسوس ہو رہا ہے۔

    ورچوئل پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا نے سیریز کا آغاز مضبوط ذہنیت کے ساتھ کیا ان کے پاس ایک منصوبہ اور حکمت عملی تھی جس پر ہم نے پہلے ون ڈے میں شکست کے بعد کام کیا اور ان کی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کو توڑنے کے لیے جوابی منصوبہ بنایا، اور ہم ون ڈے سیریز جیتنے میں کامیاب رہے۔

    ثقلین نے کہا کہ یہ یونٹ کسی بھی اپوزیشن کو کسی بھی دن شکست دے سکتا ہے۔

  • عمرگل انٹرنیشنل ٹیم کے کوچ بن گئے

    عمرگل انٹرنیشنل ٹیم کے کوچ بن گئے

    پاکستان کے سابق اسٹار فاسٹ بولر عمر گل کو افغانستان کی قومی ٹیم کا نیا بولنگ کوچ اور کنسلٹنٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔

    ڈومیسٹک اور مختلف لیگز میں کوچنگ کا تجربہ رکھنے والے 37 سالہ بولر نے کہا کہ وہ 4 اپریل کو ابوظہبی میں افغانستان کرکٹ ٹیم کے کیمپ میں شامل ہوں گے۔

    Image

    400 سے زائد انٹرنیشنل وکٹیں لینے والے دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے کہا کہ ابتدائی طور پر افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے ساتھ تین ہفتوں کے لیے معاہدہ کیا گیا تھا یہ میعاد مکمل ہونے کے بعد ممکن ہے کہ توسیع کی جائے گی.

    یاد رہے کہ انگلینڈ کے سابق بلے باز گراہم تھورپ کو چند روز قبل ہی افغانستان کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

    عمر گل نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے 13 سال کی خدمات میں تمام فارمیٹس کے 237 بین الاقوامی کھیلوں میں 427 وکٹیں حاصل کیں۔ 37 سالہ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (پی ایس ایل) اور گال گلیڈی ایٹرز (ایل پی ایل میں) کے ساتھ کوچنگ کا تجربہ ہے۔

  • عبدالقادر باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے

    عبدالقادر باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے

    سابق لیجنڈری اسپنر عبدالقادر باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے عبدالقادر مرحوم کے صاحبزادے عثمان قادر کو پی سی بی ہال آف فیم کی اعزازی ٹوپی اور پلاک پیش کی۔

    عبدالقادر نےپاکستان کی جانب سے 236 ٹیسٹ اور 132 ون ڈے انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے صاحبزادے کو اعزازی پلاک اور ٹوپی پیش کرنے کی یہ تقریب پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ سے قبل منعقد ہوئی۔

    یہ وہ مقام ہے جہاں 1987 میں عبدالقادر نے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کرتے ہوئے 56 رنز کے عوض 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ ورلڈکپ 1987 میں ان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف 9 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 16 رنز کی اننگز نے پاکستان کو ورلڈکپ 1987 کے سیمی فائنل میں پہنچنے میں بھی اپنا کردار ادا کیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔

    عثمان قادر:

    عثمان قادر نے کہا انہیں یقین ہے کہ ان کے والد آج بہت خوش ہوں گے اور وہ دیکھ رہے ہوں گے کہ ان کے ادارے نے کس عزت و احترام کے ساتھ کرکٹ مداحوں کے سامنے انہیں انہی کے پسندیدہ گراؤنڈ میں اس اعزاز سے نوازا ہے۔ ان کے لیے کرکٹ ہی سب کچھ تھی۔ وہ اپنے اہلخانہ کی جانب سے پاکستان اور اس کھیل کے لیے اپنے والد کی خدمات کو تسلیم کرنے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ ایک کرکٹ جینیئس تھے جو ہمیشہ اپنے علم اور تجربے کا تبادلہ کرنے پر بہت خوش ہوتے تھے۔ انہیں اپنے فن پر خاص عبور حاصل تھا اور اسی کے ذریعے انہوں نے کرکٹ کو جدت بخشی، جس کے بعد کئی کھلاڑیوں نے ان کی پیروی کی اور اس فن کو ہر طرز کی کرکٹ تک پھیلادیا۔

    ثقلین مشتاق:

    ثقلین مشتاق کاکہناہے کہ عبدالقادرمرحوم کو باقاعدہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرنا خود ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ عبدالقادر ہر نسل کے لیے ایک ہیرو ہیں۔

    وہ 15 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1977 میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا۔ اپنے دوسرے ہی انٹرنیشنل میچ میں انہوں نے 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں تو انہیں اس کارکردگی کی بنیاد پر وزڈن کرکٹرز ایلمناک میں شامل کرلیا گیا تھا۔

  • پاکستان کی چین سے قرضوں کی ادائیگی میں توسیع کی درخواست

    پاکستان کی چین سے قرضوں کی ادائیگی میں توسیع کی درخواست

    پاکستان نے چین سے قرضوں کی ادائیگی میں توسیع کی درخواست کر دی۔

    وزارت خزانہ کے مطابق چین سے قرضوں کی ادائیگی میں توسیع کی درخواست کی ہے سیف ڈپازٹ سمیت تمام قرضوں میں توسیع کی درخواست کی گئی ہے۔

    چین سے سیف ڈپازٹ کے 2ارب ڈالر کی ادائیگی میں توسیع حاصل کر لی گئی ہے جب کہ 2 ارب 30 کروڑ ڈالر ادائیگی میں توسیع پر بات چیت جاری ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان 4 ارب 30کروڑ ڈالر بجٹ سپورٹ اور ادائیگوں میں توازن پر خرچ کرے گا۔