Author: وقاص صفدر

  • بابراعظم نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

    بابراعظم نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

    رنز کی مشین بابراعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔

    قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی حیثیت رکھنے والے بابراعظم نے ون ڈے میچوں میں 4 ہزار رنز بنا لیے وہ تیزترین 4 ہزار رنز بنانے والے دوسرے بلے باز ہیں۔

    بابراعظم نے یہ سنگ میل آسٹریلیا کے خلاف لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں عبور میں کیا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 82 ویں ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں 4 ہزار رنز بنائے جب کہ جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے یہ ریکارڈ 81 میچ کھیل کر حاصل کیا تھا۔

    Image

    اس فہرست میں ویسٹ انڈیز کے ویون رچرڈ تیسرے، انگلینڈ کے جو روٹ چوتھے اور بھارتی بلے باز ویرات کوہلی پانچویں نمبر پر ہیں۔

  • پاکستان کپ: کامران غلام کی سنچری نے ٹیم کو فائنل میں‌ پہنچا دیا

    پاکستان کپ: کامران غلام کی سنچری نے ٹیم کو فائنل میں‌ پہنچا دیا

    دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا نےکامران غلام کی سنچری کی بدولت سینٹرل پنجاب کو شکست دے کر پاکستان کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ دفاعی چیمپئن نے 287 رنز کا ہدف چھ گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    کامران غلام نے 120 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 2 کے انفرادی اسکور پر محسن خان رن آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد کامران غلام نے خیبرپختونخوا کی بیٹنگ کی کمان سنبھالی اورذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے اشفاق احمد اور پھر عادل امین کے ہمراہ دوسری اور تیسری وکٹ کے لیے بالترتیب 131 اور 92 رنز کی شراکت قائم کی۔

    اشفاق احمد 86 گیندوں پر6 چوکوں کی بدولت 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عادل امین نے 58 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکے کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے۔26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہنے والے محمد سرور آفریدی نے 49ویں اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر میچ ختم کیا۔

    سینٹرل پنجاب کے رضوان حسین، قاسم اکرم اور علی اسفند نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سینٹرل پنجاب نے ایکسٹراکے بھی21 رنز دئیے۔

    اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سینٹرل پنجاب نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنائے تھے۔ قاسم اکرم اور حسین طلعت نے نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ قاسم اکرم نے 63 گیندوں پر 10 چوکوں کی بدولت 67 رنز کی اننگز کھیلی ۔ حسین طلعت نے 71 گیندوں پر ایک چھکے اور 5 چوکوں کی بدولت 63 رنز اسکور کیے ۔

    سعد نسیم 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ خیبرپختونخوا کے محمد عمران اور ساجد خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ عمران خان سینئر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    ٹورنامنٹ کادوسراسیمی فائنل بلوچستان اور سندھ کے مابین 30 مارچ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا فائنل یکم اپریل کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔ ان دونوں میچز کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں مفت داخلے کی اجازت ہوگی۔یہ دونوں میچز پی ٹی وی اسپورٹس اور پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر بھی کیے جائیں گے۔

  • پیٹ کمنز نے وسیم اکرم کا ریکارڈ برابر کر دیا

    پیٹ کمنز نے وسیم اکرم کا ریکارڈ برابر کر دیا

    آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم کا 27 سال پرانہ ریکارڈ برابر کر دیا۔

    دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 12 وکٹیں حاصل کیں جو کہ کسی بھی کپتان کی غیرملکی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

    پاکستان کے سابق بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز وسیم اکرم نے 1996 میں انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 12 وکٹیں حاصل کیں وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے فاسٹ باؤلنگ کپتان تھے۔

    پیٹ کمنز کو سیریز کے آغاز میں مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ پچ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار نہیں تھی اور وہ پہلے ٹیسٹ میں صرف ایک وکٹ حاصل کر پائے تھے۔

    سیریز کے آخری میچ میں پیٹ کمنز نے ریورس سوئنگ کے ساتھ ساتھ نئی گیند سے بھی زبردست بولنگ کی اور مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کر کے نہ صرف میچ کو فیصلہ کن بنایا بلکہ سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

  • پاک آسٹریلیا سیریز کے دلچسپ اور یادگار لمحات، وڈیو دیکھیں

    پاک آسٹریلیا سیریز کے دلچسپ اور یادگار لمحات، وڈیو دیکھیں

    پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دو دہائیوں بعد پاک سرزمین پر ہونے والی ٹیسٹ سیریز کو کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس سے یادگار بنا دیا۔

    تین میچوں کی سیریز تجربے اور نوجوان ٹیلنٹ کا بہترین امتزاج تھا جس میں ہر ایک نے دوسرے کو زیر کرنے کی پوری کوشش کی۔

    ابتدا سے ہی مہمان اور میزبان پلیئرز نے کھیل کو خوب انجوائے کیا خاص کر میدان میں ڈیوڈ وارنر کے مزاحیہ انداز نے تماشائیوں کو محظوظ کیے رکھا۔

    کبھی وہ شاہین آفریدی کی نقل اتارتے رہے تو کبھی حسن علی کا انداز اپنایا، ساتھیوں پلیئرز کے ساتھ خوشگوار انداز اپنایا تو کبھی حریفوں سے تلخی ہوئی۔

    محمد رضوان، امام الحق، شاہین آفریدی، بابراعظم سمیت سبھی کھلاڑی مہمانوں سے گھلے ملے تو نسیم شاہ جیسے اسٹار بولر سے آسٹریلوی پلیئرز اپنے تجربات شیئر کرتے رہے۔

  • پاکستان نے او آئی سی کانفرنس پر بھارتی اعتراضات کو مسترد کر دیا

    پاکستان نے او آئی سی کانفرنس پر بھارتی اعتراضات کو مسترد کر دیا

    پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کانفرنس پر بھارتی اعتراضات کو مسترد کر دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے او آئی سی کانفرس پر بھارتی اعتراضات پر ردعمل دیتے ہوئے نئی دہلی حکومت کے غیرذمہ دارانہ بیان کو مسترد کر دیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مکمل طور پر ناقابل قبول اور غیرذمہ دارانہ ہے اوآئی سی امت مسلمہ کی اجتماعی آواز،دوسری بڑی عالمی تنظیم ہے او آئی سی کے 57 ارکان اور 6 مبصر ممالک ہیں۔

    بیان کے مطابق بھارت یوان قراردادوں کے برخلاف کشمیر پر غیرقانونی قبضہ کر کے بیٹھا ہے بھارت نےطاقت سے کشمیریوں کی آواز دبانےکی کوشش کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نےمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کیں ریاستی سرپرستی میں ظلم و ستم آج کےہندوستان میں معمول بن گیا ہے اوآئی سی نےمقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

  • ‘او آئی سی بھارت کا بائیکاٹ اور افغانستان کو تسلیم کرے’

    ‘او آئی سی بھارت کا بائیکاٹ اور افغانستان کو تسلیم کرے’

    امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر بھارت کو جارح قرار دے کر اس کا بائیکاٹ کرے، وزرائے خارجہ کانفرنس افغانستان کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے۔

    وفاقی دارالحکومت میں او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے موقع پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیری قیادت کے ہمراہ اہم پریس کانفرنسں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسلامی ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کریں۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کوپاکستان آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں پوری پاکستانی قوم اوآئی سی کےشرکاکی میزبان ہے اسلاموفوبیاکےخلاف دن منانااقوام متحدہ کااحسن اقدام ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اوآئی سی فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے لائحہ عمل اپنائے مسئلہ فلسطین کےحل تک اسرائیل سےتعلقات قائم نہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک افغانستان کوتسلیم کرکےطالبان حکومت کی مدد کریں او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر بھارت کو جارح قرار دے کر اس کا بائیکاٹ کرے۔

  • ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی اور ملتان کے نئے سربراہان کا تقرر

    ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی اور ملتان کے نئے سربراہان کا تقرر

    سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد محبوب ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی کے سربراہ جب کہ سابق کرکٹر وسیم حیدر ہائی پرفارمنس سینٹر ملتان کے سربراہ مقرر کر دیے گئے۔

    شاہد محبوب نے ایک ٹیسٹ اور 10 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ 1992 ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے رکن وسیم حیدر نے 132 فرسٹ کلاس میچز کھیل رکھے ہیں وہ انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کے رکن بھی تھے۔

    عمران عباس کو جنرل منیجر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور مقرر کردیا گیا ہے وہ اس سے قبل ہائی پرفارمنس سینٹر ملتان کے سربراہ تھے۔

    اس کے علاوہ توفیق احمد کو سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کا چیف ایگزیکٹو تعینات کردیا گیا ہے انہوں نے آئی بی اے سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کررکھی ہے۔

  • پاکستانی اسکواڈ میں اہم تبدیلی

    پاکستانی اسکواڈ میں اہم تبدیلی

    محمد نواز کی جگہ زاہد محمود قومی وائٹ بال اسکواڈ کا حصہ بن گئے وہ آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔

    محمد نواز تاحال پاؤں کی انجری سے مکمل صحتیاب نہیں ہو سکے وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔

    زاہد محمود لیگ اسپنر شاداب خان کے کوور کے طور پر بھی اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔ سیریز سے قبل شاداب خان کی فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین وائٹ بال سیریز 29 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگی۔

    چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے محمد نواز تاحال مکمل فٹ نہیں ہوسکے ہمیں سیریز سے قبل شاداب خان کی انجری کا بھی دوبارہ جائزہ لینا ہے زاہد محمود پہلے ہی ٹیسٹ اسکواڈ کے ہمراہ ہیں، لہٰذا انہیں وائیٹ بال اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

  • پاک آسٹریلیا وائٹ بال سیریز کا وینیو تبدیل

    پاک آسٹریلیا وائٹ بال سیریز کا وینیو تبدیل

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیاسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین وائٹ بال سیریز راولپنڈی سے لاہور منتقل کر دی گئی۔

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس اور سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں سیکورٹی خدشات کے باعث راولپنڈی میں شیڈول میچز کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل پی سی بی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ تمام چار وائٹ بال میچز قذافی اسٹیڈیم میں منتقل کر دیے جائیں گے جہاں ٹیمیں 21 مارچ سے شروع ہونے والا سیریز کا آخری ٹیسٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/odi-t20-national-squad-announced-against-australia/

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز انتیس مارچ سے ہوگا دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی شیڈول ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن نے سیاسی گہماگہمی میں عوامی اجتماعات منعقد کر کے پاور شو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی جماعت تحریک انصاف نے 27 مارچ کو 10 لاکھ لوگوں کو ڈی چوک پر جمع کرنے کی کال دی ہے تو اپوزیشن نے 23 مارچ سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔

  • پی ٹی آئی کارکنان سے فی الفور سندھ ہاؤس خالی کرنے کی اپیل

    پی ٹی آئی کارکنان سے فی الفور سندھ ہاؤس خالی کرنے کی اپیل

    تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے پارٹی کارکنوں کو احتجاج ختم کر کے واپس آنے کی اپیل کر دی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کارکنان جذباتی ہیں ان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں لیکن قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں ہے کسی کے گھر میں داخل ہونا کسی صورت قبول نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کارکنان سے اپیل ہے ایسا نہ کریں اس وقت بردباری کی ضرورت یقیناًلوگوں کےجذبات مجروح ہیں کارکنان کےجذبات سمجھتاہوں لیکن ایسےکسی جگہ جانادرست نہیں۔

    شاہ محمود نے کہا کہ کسی کو دھمکی نہیں دی جارہی کارکنان سےدرخواست ہےقانون ہاتھ میں نہ لیں کارکنان شائستگی کو ہاتھ سے نہ جانےدیں درخواست ہےبراہ مہربانی سندھ ہاؤس خالی کریں۔

    واضح‌ رہے کہ سندھ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کا مظاہرہ جاری تھا کہ اس دوران مشتعل کارکن گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور نعرے بازی کرتے رہے۔

    کارکنوں کو روکنے کے لیے سندھ پولیس کی جانب سے کوششیں کی گئیں تاہم درجنوں کارکن اندر داخل ہو کر کے احتجاج کرنے میں کامیاب ہوئے۔

    کارکنوں نے ہاتھوں لاٹھیاں اور لوٹے بھی اٹھا رکھے تھے ، درجنوں کارکن سندھ ہاؤس کا داخلی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو پولیس نے انہیں مزید آگے بڑھنے سے روک دیا۔