Author: وقاص صفدر

  • رضوان نے ہدف پورا نہ ہونے کی وجہ بتا دی

    رضوان نے ہدف پورا نہ ہونے کی وجہ بتا دی

    سنچری میکر محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 506 رنز کا ہدف پورا نہ ہونے کی وجہ بتا دی۔

    کراچی ٹیسٹ میچ کے آخری روز آسٹریلیا کے 506 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان ٹیم 7 وکٹوں پر 443 رنز بنائے اور میچ بچانے میں کامیاب رہی۔

    ٹیسٹ کی خاص بات کپتان بابر اعظم کی شاندار 196 رنز کی اننگز اور نائب کپتان محمد رضوان کی 104 کی ناقابل شکست باری تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/babar-azam-media-talk-talk-after-match/

    میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے بتایا کہ بابراعظم کے ساتھ میچ کے درمیان میں بات چیت ہوتی رہی اور پلان بنایا کہ ہم ہدف پورا کرنے کی طرف جائیں مگر گیند پرانی ہو چکی تھی یہ سب ٹیسٹ کرکٹ میں چلتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوچ نے سادہ سا پلان دیا تھا کہ یہ سارا بہادری کا کام ہے سیشن بائے سیشن کھیلنا اور جیسے جیسے میچ اختتام کی طرف جاتا ہے دباؤ بڑھتا جاتا ہے لیکن دباؤ اپنے اوپنر نہیں لیا خود کو ریلکس رکھا اور جو ہو سکتا تھا وہ کیا۔

    رضوان کا کہنا تھا کہ نمبر ون ٹیم کے خلاف پانچ سیشن کھیلنا بڑی بات ہے اس کارکردگی سے ٹیم نے آگے بڑھنا ہے آسٹریلوی بولنگ ذہن میں تھی کہ وہ کم بیک کریں گے جس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا کسی بھی وقت ہم ہمت نہیں ہارے ڈٹ کر کھیلتے رہے۔

  • چھکے چوکوں کی برسات: شرجیل خان نے ڈبل سنچری بنا ڈالی

    چھکے چوکوں کی برسات: شرجیل خان نے ڈبل سنچری بنا ڈالی

    ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں شرجیل خان کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت سندھ نے خیبرپختونخوا کو 29 رنز سے شکست دے دی۔

    اوپنر نے 136 گیندوں پر 19 چوکوں اور 14 چھکوں کی بدولت 206رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں گنوا کر 374 رنز بنائے۔ عمیر بن یوسف نے 40 رنز اسکور کیے۔ محمد وسیم جونیئر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 47 اوورز میں 345 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

    Image

    محمد سرور، عادل امین اور کامران غلام کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں۔ محمد سرور نے 63 گیندوں پر 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 89 جبکہ عادل امین نے ایک چھکے اور 8 چوکوں کی بدولت 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ کامران غلام 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شاہنواز دھانی نے 64 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    Image

    اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 66 رنز سے ہرادیا۔240 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم 39.2 اوورز میں 173 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ عماد وسیم 47 رنز بناکر نمایاں رہے۔ وہاب ریاض نے 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    اس سے قبل سعد نسیم اور ظفر گوہر کی نصف سنچریوں کی بدولت سینٹرل پنجاب نے 50 اوورز میں 239 رنز بنائے تھے۔ سعد نسیم 7 چوکوں کی بدولت 84 اور ظفر گوہر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عامر جمال نے 3 جبکہ سلمان ارشاد، عماد وسیم اور زمان خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤ ٹ کیا۔

    ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ حسیب اللہ کی سنچری کی بدولت بلوچستان نے 192 رنز کا ہدف 27.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ نوجوان اوپنر نے 82 گیندوں پر 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عبدالواحد بنگلزئی نے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 66 رنز اسکور کیے۔

    سدرن پنجاب کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 41.3 اوورز میں 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔شرون سراج 67 اور محمد شہزاد 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عماد بٹ نے تین جبکہ کاشف بھٹی اور یاسر شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

  • محمد رضوان کی آسٹریلیا کیخلاف شاندار سنچری

    محمد رضوان کی آسٹریلیا کیخلاف شاندار سنچری

    پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنا کر ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔

     

    کھیل کے پانچویں روز جب ایک جانب کپتان بابراعظم مردآہن بن کر حریف بولرز کے سامنے ڈٹے رہے تو دوسری جانب نائب کپتان محمد رضوان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور آخری اوورز تک بھرپور مقابلہ کیا۔

    محمد رضوان نے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی اور ناٹ آؤٹ رہ کر میچ بچا لیا۔ انہوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی بولرز کو خود پر ہاوی نہ ہونے دیا اور باؤنڈریز لگا کر بولرز پر دباؤ بنائے رکھا۔

    Image

    سنچری بنانے پر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے رضوان کو خوب داد دی تو میدان میں مقابلہ کرنے والے مہمان کھلاڑیوں نے بھی ان کی حوصلہ افزائی کی۔

  • بابراعظم نے کل کا پلان بتا دیا

    بابراعظم نے کل کا پلان بتا دیا

    قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ کے فیصلہ کن دن سے متعلق پلان کا بتا دیا۔

    چوتھے دن کھیل کے اختتام پر سنچری میکر بابراعظم نے کہا کہ ابھی میچ ختم نہیں ہوا پانچویں روز کا یہی پلان ہے کہ اس پارٹنرشپ کو آگے لے کر چلیں جو مومنٹم بنا ہوا ہے اسے برقرار رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم کو ایک اچھی شراکت داری کی ضرورت تھی جو لگی ہوئی ہے کوشش کریں گے آج والی کارکردگی کو کل بھی برقرار رکھیں۔

    https://twitter.com/TheRealPCB/status/1503708745871896582?s=20&t=uP-UsP5Z2QQDTQArhBz9AA

    ان کا کہنا تھا کہ بلے بازوں کو سمجھایا تھا کہ فاسٹ بولنگ کا کیسے سامنا کرنا ہے یہاں ریورس سوئنگ ہوتی ہے اس لیے پہلے ہی بتا دیا کہ گیند کو سامنے آکر کھیلیں۔

    راچی ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف 2 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنالیے، پاکستان کو جیت کے لیے مزید 314 رنز درکار ہیں جبکہ آسٹریلیا کو جیت کے لیے آٹھ وکیں لینا ہوں گی۔ کپتان بابر اعظم 102 اور اوپنر عبداللہ شفیق 71 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

  • پاکستان کے بڑے پب جی موبائل ٹورنامنٹ کا اعلان

    پاکستان کے بڑے پب جی موبائل ٹورنامنٹ کا اعلان

    گیمرز کے لیے خوشخبری ہے کہ پاکستان کے بڑے پب جی موبائل ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا گیا۔

    اس ہفتے کے آغاز میں حکومت پاکستان نے کامیاب جوان پروگرام کے ایک حصے کے طور پر پاکستانی نوجوانوں کے لیے ای اسپورٹس کا پروگرام تیار کیا ہے۔

    یہ پروگرام اصل میں روایتی کھیلوں کے پلیٹ فارم کے طور پر شروع ہوا تھا لیکن اب پاکستانی کھلاڑی بھی اس میں حصہ لے سکیں گے۔

    ابھی حال ہی میں، حکومت نے اب PUBG موبائل کے ساتھ ملک بھر میں سب سے بڑی ای سپورٹس ڈرائیو کا اعلان کیا ہے۔ یہ کامیاب جوان اسپورٹس پروگرام کا حصہ ہوگا جس میں کھلاڑی لاکھوں روپے تک جیت سکتے ہیں۔

    یہ خبر یوٹیوب، انسٹاگرام، فیس بک اور ٹویٹر پر PUBG Mobile Esports پاکستان کے سوشل میڈیا ہینڈلز سے آئی ہے لیکن اس ٹورنامنٹ سے متعلق مزید تفصیلات، شمولیت کا طریقہ کار اور قواعد و ضوابط سے متعلق ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

  • پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان

    پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان

    آسٹریلیا کے خلاف ہفتے سے کراچی میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی پلئنگ الیون میں تبدیلی کا امکان ہے۔

    پہلے ٹیسٹ نہ کھیلنے والے آل راؤنڈ فہیم اشرف، حسن علی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کو نسیم شاہ اور افتخار احمد کی جگہ شامل کیا جا سکتا ہے۔

    فہیم اشرف کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد اسکواڈ کو جوائن کر چکے ہیں جب کہ حسن علی اور حارث رؤف ٹیم کے ہمراہ مسلسل ٹریننگ کا حصہ ہیں۔

    کراچی میں ورچوئل کانفرنس قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ کراچی کی وکٹ اسپنرز کو مدد کرے گی، دو اہم کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے ممکن ہے کہ وہ پلیئنگ الیون میں شامل ہوں۔

    بابراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کے جس اسپنر کا ڈیبیو ہو رہا ہے اس کو دیکھا نہیں، اس کی ویڈیو دیکھ کر تیاری کریں گے، پنڈی ٹیسٹ میں انفرادی اور بحیثیت ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، کوشش کریں گے تسلسل کو برقرار رکھیں۔

    دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بتایا کہ کراچی کی پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، فاسٹ بولر ہیزل ووڈ کی جگہ مچل سوئیپ سن ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

    واضح رہے کہ بینو قادر ٹرافی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے، راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔

  • اسمتھ ناراض کیوں ہو گئے؟

    اسمتھ ناراض کیوں ہو گئے؟

    آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ پنڈی ٹیسٹ میں سنچری بنانے کا موقع گنوانے پر اپنے آپ سے ناراض ہو گئے۔

    بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر چار دنوں میں اب تک 925 رنز بن چکے ہیں اور کوئی بھی ٹیم مکمل طور پر آؤٹ نہیں ہوئی، پہلے پاکستان نے رنز کے انبار لگائے تو پھر آسٹریلیا نے 7 وکٹوں پر 449 رنز بنائے۔
    م
    ہمان ٹیم کے ابتدائی چار بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں جس میں سے 2 پلیئرز نورس نائینٹیز کا شکار ہوئے۔آسٹریلوی کی ٹیم جانب سے برصغیر میں یہ دوسرا موقع ہے کہ جب ٹیسٹ کی کسی ایک اننگز میں ابتدائی چاروں بلے بازوں نے ففٹیز اسکور کیں۔

    نصف سنچری کو سنچری میں تبدیل کرنے کی اسٹیو اسمتھ کی خواہش اس وقت دھری کی دھری رہ گئی جب وہ تیزی سے رنز بنانے کی لالچ میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

    کھیل کے اختتام پر اسمتھ نے کہا کہ وہ اپنے آپ سے ناراض ہیں کیونکہ جو فیلڈ سیٹ کی گئی اسے دیکھ کر مجھے لالچ آئی اور میں اس پوزیشن میں تھا کہ لمبی اننگز کھیلوں میں نے بڑی محنت کی تھی۔

    دائیں ہاتھ کے بلے باز نعمان علی کی گیند پر باؤنڈری لگانے کی کوشش میں وکٹ کیپر کے ہاتھوں 78 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔

  • امام الحق بال بال بچ گئے، ویڈیو دیکھیں

    امام الحق بال بال بچ گئے، ویڈیو دیکھیں

    پاکستان کے اوپنر بلے باز امام الحق آسٹریلیا کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں بال بال بچ گئے۔

    راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے روز آسٹریلوی بلے باز لیبوشین نے زوردار شاٹ کھیلی اور گیند قریب ہی کھڑے امام الحق کے کندھے پر جا لگی۔

    امام الحق کی تکلیف کو دیکھتے ہوئے کپتان بابراعظم سمیت دیگر کھلاڑی بھی آن پہنچے اور دادرسی کی، خوش قسمتی سے امام الحق کو کوئی چوٹ نہیں آئی اور وہ چند لمحوں بعد ہی اپنی پوزیشن پر واپس چلے گئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کے باؤنسر پر بلے باز نے زودار شارٹ کھیلی تو قریب موجود امام الحق چوکنے ہو گئے اور فوراً سر جھکا لیا تاہم گیند ان کے کندھے سے لگنے کے بعد دور چلی گئی۔

    اگلے ہی لمحے درد کی وجہ سے امام الحق زمین پر لیٹ گئے لیکن انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی اور وہ کھڑے ہو کر دوبارہ فیلڈنگ پر چلے گئے۔

  • پاک آسٹریلیا میچ: شعیب اختر نے سب کو حیران کر دیا

    پاک آسٹریلیا میچ: شعیب اختر نے سب کو حیران کر دیا

    اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے راولپنڈی ٹیسٹ میں پہنچ کر سب کو حیران کر دیا۔

    24سال بعد آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان میں کھیلتے دیکھ کر جہاں شائقین کرکٹ پرُجوش ہیں وہیں سابق کھلاڑی بھی خوش ہیں۔

    لیجنڈی فاسٹ بولر شعیب اختر بھی آسٹریلوی ٹیم کو دیکھنے کے لیے پنڈی اسٹیڈیم پہنچے اور میچ سے لُطف اندوز ہوئے۔

    Image

    انہوں نے اسٹیڈیم جاتے ہوئے اپنی گاڑی میں بیٹے کے ہمراہ ویڈیو پیغام بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں کافی عرصے بعد پنڈی اسٹیڈیم جا رہا ہوں، پچھلی بار میں نے یہاں پاکستان کے لیے میچ کھیلا تھا اور اس کے بعد میں نے یہاں کوئی میچ نہیں دیکھا اور نہ ہی کھیلا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے آسٹریلیا کا دورہ پاکستان دیکھ کر خوشی ہوئی، پوری قوم بہت خوش ہےمیں بھی خوش ہوں۔

  • آسٹریلوی اسکواڈ کے اہم رکن کا کورونا مثبت آگیا

    آسٹریلوی اسکواڈ کے اہم رکن کا کورونا مثبت آگیا

    پاکستان کے خلاف آسٹریلوی اسپن کنسلٹنٹ فواد احمد کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ میں چلے گئے۔

    آسٹریلوی ٹیم کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواداحمد کورونا کا شکار ہوئے ہیں تاہم ان میں کوویڈ 19 کی ہلکی پلکی علامات ہیں۔

    لیگ اسپنر نے ہوٹل میں آئیسولیشن اختیار کر لی ہے اور حکومتی ضوابط کے مطابق وہ کم از کم 5 دن آئیسولیشن میں رہیں گے اور کورونا منفی آنے پر وہ اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔

    پاکستان میں پیدا ہونے والے آسٹریلوی کرکٹر فواد احمد کو پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے لیے اسپن کنسٹلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے۔

    فواد احمد آسٹریلوی بلے بازوں کی مدد کریں گے کیونکہ وہ 24 سال میں پہلی بار ہوم کنڈیشنز میں پاکستان کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم چوبیس سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے، دورے کے دوران تین ٹیسٹ میچ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔

    پاکستان آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 4 مارچ سے شیڈول ہے جو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ کراچی اور تیسرا ٹیسٹ میچ لاہور میں ہوگا۔