Author: وقاص صفدر

  • جیسن روئے کا نیا ریکارڈ؛ آفریدی کو لگایا چھکا یادگار بن گیا

    جیسن روئے کا نیا ریکارڈ؛ آفریدی کو لگایا چھکا یادگار بن گیا

    انگلینڈ کے جارحانہ اوپنر جیسن روئے نے پی ایس ایل 7 کے اپنے پہلے میچ میں شاندار سنچری بنا کر حریفوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

    جیسن روئے نے لاہور قلندرز کے مضبوط بولنگ اٹیک کے خلاف زبردست لاٹھی چارج کرتے ہوئے صرف 49 گیندوں پر سنچری بنا کر نہ صرف ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا بلکہ کپتان سرفراز احمد کے اداس چہرے پر خوشیاں بھی بکھیر دیں۔

    شاہین آفریدی، حارث رؤف اور راشدخان جیسے خطرناک بولرز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے روئے نے پی ایس ایل کی تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے والے دوسرے بلے باز کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

    Image

    116رنز کی دھواں دھار باری کھیلنے والے جیسن روئے اب تک پی ایس ایل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے چوتھے بلے باز بن گئے ہیں۔

    دائیں ہاتھ کے بلے باز کا فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو آگے بڑھ کر لگایا گیا زوردار چھکا پی ایس ایل کا یادگار بن گیا۔

  • بابراعظم نے جان لڑا دی؛ ناقابل یقین کیچ پکڑ لیے

    بابراعظم نے جان لڑا دی؛ ناقابل یقین کیچ پکڑ لیے

    کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ناقابل یقین کیچ پکڑ کر سب کو حیران کر دیا۔

    بقا کی جنگ لڑنے والی کراچی کنگز کی ٹیم جیت کی پیاس بجھانے کے لیے میدان میں اتری تو کپتان بابر اعظم نے خوب جان لڑائی۔

    پہلے انہوں نے شاداب خان کا ڈایو لگا کر کیچ پکڑا تو شائقین نے خوب داد دی جس کے بعد انہوں نے خطرناک بلےباز آصف علی کا بھاگتے ہوئے ایک ہاتھ سے مشکل کیچ پڑا کو کمنٹیٹر سمیت سب حیران رہ گئے۔

    سب نے ہی بابراعظم کو مشکل کیچ پکڑنے پر خوب داد دی، سوشل میڈیا پر بھی صارفین کپتان کو شاندار فیلڈنگ پر سراہ رہے ہیں۔

    بلے بازی کے بعد شائقین بابراعظم کی فیلڈنگ کے بھی معترف ہو گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے کیچز کی ویڈیو کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

  • پاکستان میں موجود آسٹریلوی کھلاڑیوں کا اہم بیان

    پاکستان میں موجود آسٹریلوی کھلاڑیوں کا اہم بیان

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلیا کے دو تجربہ کار کھلاڑی بالترتیب بین ڈنک اور جیمز فالکنر اپنی ٹیم کو 24 سال بعد شائقینِ کرکٹ کی سرزمین، پاکستان، میں ایکشن میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔

    دونوں کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے 24 سال بعد دورہ پاکستان کو کرکٹ کے کھیل کے لیے مثبت اقدام قرار دیا ہے۔ وہ پرعزم ہیں کہ مہمان ٹیم پاکستانی شائقین کرکٹ کے سامنے کھیل کر خوب لطف اندوز ہوگی۔

    بین ڈنک کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اب تک ایچ بی ایل پی ایس ایل میں مجموعی طور پر 30 میچز کھیل چکے ہیں۔ ایڈیشن 2021 میں لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں شامل ہوکر پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ بننے والے جیمز فالکنر رواں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔وہ اب تک لیگ کے 20 میچز کھیل چکے ہیں۔

    چونتیس سالہ بین ڈنک کا کہنا ہے کہ وہ ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ میں شرکت کی غرض سے لگاتار چوتھے سال پاکستان آئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران وہ یہاں کی ثقافت سےکافی حد تک روشناس ہوچکے ہیں تاہم سب سے خاص بات یہاں کرکٹ سے بے حد محبت کرنے والے مداح ہیں جوکرکٹ میچز دیکھنے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں۔

    وہ پرامید ہے کہ مارچ/اپریل میں کھیلی جانے والی پاکستان آسٹریلیا سیریز میں شائقینِ کرکٹ کو معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے بعد پاکستان کا دورہ کرنا آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک شاندار تجربہ ہوگا۔ ان کی پاکستان کا دورہ کرنے والےممکنہ کھلاڑیوں سے بات چیت ہوتی ہے، جنہیں وہ یہی بتاتے ہیں کہ یہاں بسنے والی عوام مہمان یا میزبان ٹیم کے قطع نظر کرکٹ سے محظوظ ہونے اسٹیڈیم آتی ہے۔

    بین ڈنک نے کہا کہ آئی سی سی ایوارڈز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بالادستی اور پھر ٹیسٹ کرکٹ میں فواد عالم، بابراعظم اور محمد رضوان کی کارکردگی پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کا عملی نمونہ ہے۔

    جیمز فالکنر کی آراءبھی بین ڈنک سے مختلف نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا ٹیسٹ کرکٹ کی دو بہترین ٹیمیں ہیں۔ پاکستان کے خلاف سیریز آسٹریلوی کھلاڑیوں کا امتحان ہوں گی، یہاں کی پچز بھی آسٹریلیا سے مختلف ہوں گی۔

    انہوں نے مزید کہاکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم آخری مرتبہ 24 سال قبل پاکستان آئی تھی، وہ بھی اس سال آسٹریلیا انڈر 19 کی نمائندگی کرنے پاکستان آئے ہوئے تھے۔ اس وقت ان کی عمر 17 سال تھی۔پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ضروری ہے، وہ آج ساری دنیا سفر کرتے ہیں، لہٰذا ان کے لیے پاکستان آنابھی کسی صورت مختلف نہیں ہے۔

    آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول:
    ستائیس فروری: مہمان ٹیم کی پاکستان آمد
    چار تا آٹھ مارچ: پہلا ٹیسٹ، راولپنڈی
    بارہ تا سولہ مارچ: دوسرا ٹیسٹ، کراچی
    اکیس تا پچیس مارچ: تیسرا ٹیسٹ، لاہور
    انتیس مارچ: پہلا ون ڈے، راولپنڈی
    اکتیس مارچ: دوسرا ون ڈے، راولپنڈی
    دو اپریل: تیسرا ون ڈے، راولپنڈی
    پانچ اپریل: واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، راولپنڈی

  • خیبرپختونخوا نے نیشنل انڈر 13 ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا

    خیبرپختونخوا نے نیشنل انڈر 13 ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا

    یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے نیشنل انڈر 13 ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 2 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    میچ میں آلراؤنڈکارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خیبرپختونخوا کے نفیس اختر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    فاتح ٹیم نے 148 رنز کا ہدف 13 گیندیں قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ نفیس اختر 44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔نویں نمبر پر میدان میں اترنے والے محمد نوید کے پانچ چوکوں کی بدولت 26 رنز نے بھی خیبرپختونخوا کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    سدرن پنجاب کے عبدالرحمٰن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل اوپنر محمد عمر کے 56 رنز کی بدولت سدرن پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز بنائے تھے۔خیبرپختونخوا کے ذولکفل زین نے تین جبکہ نفیس اختر اور محمد نوید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

  • غریب گھرانوں کیلیے اچھی خبر، امداد میں اضافہ

    غریب گھرانوں کیلیے اچھی خبر، امداد میں اضافہ

    مستحق اور غریب گھرانوں کےلئےاچھی خبر، وفاقی حکومت نے احساس کفالت پروگرام کی امداد میں اضافےکا فیصلہ کر لیا۔

    احساس کفالت کے تحت مستحق اہل گھرانوں کو 12کے بجائے13ہزار ملیں گے۔ مستحق گھرانوں کیلئے 1ہزار روپے امدادی رقم میں اضافہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

    امدادی رقم میں اضافہ کے فیصلےسے80 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے۔ احساس کفالت پروگرام کی امدادی رقم میں اضافہ یکم فروری سےدیاجائے گا۔

    مستحق گھرانوں کو سال میں 2مرتبہ 13 ،13 ہزار روپےامداددی جائے گی۔ مستحقین کو امداد کی مدمیں سالانہ رقم 24 ہزار کےبجائے 26 ہزار روپے ملیں گے۔

    وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیفِ غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ امداد میں اضافے سے حکومت کو ہر سال 12 سے 14ارب روپے اضافی ادا کرنا پڑیں گے۔

  • پاکستانی کپتان کا بڑا کارنامہ، نئی تاریخ رقم

    پاکستانی کپتان کا بڑا کارنامہ، نئی تاریخ رقم

    انڈر 19 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے کپتان قاسم اکرم نے نئی تاریخ رقم کر دی۔

    انڈر 19 ٹیم کے کپتان قاسم اکرم کا بڑا کارنامہ، سری لنکا کے خلاف پانچویں پوزیشن کے پلے آف میں قاسم اکرم نے سنچری کے بعد 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ریکارڈ بنا دیا۔

    قاسم اکرم انڈر19 ون ڈے میچ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایک ہی میچ میں سنچری کے ساتھ 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

    کپتان نے ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے، قاسم اکرم نے 63 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے تیزن ترین پاکستانی سنچری بنانے والے پلیئر کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔

  • ترک صدر: تمام تعلیم یافتہ معذروں کیلیے ملازمتیں، 15 ہزار اساتذہ بھرتی

    ترک صدر: تمام تعلیم یافتہ معذروں کیلیے ملازمتیں، 15 ہزار اساتذہ بھرتی

    ترک صدر رجب طیب ایردوان کا انقلابی فیصلہ، تمام تعلیم یافتہ معذور افراد کو سرکاری ملازمتیں دینے کا اعلان کر دیا۔

    ترک میڈیا کے مطابق اس وقت ترکی میں 2,927 تعلیم یافتہ معذور افراد ہیں جنھیں اس سال ملازمتیں دی جائیں گی جبکہ 8 فروری کو معذور سرکاری ملازم کو سال کا پہلا ایوارڈ دیا جائے گا۔

    کنونشن سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے 15 ہزار اساتذہ کو بھرتی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترک ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وبا کے دوران تدریسی عمل جاری ہے۔

    طیب اردوان نے کہا کہ 2021-22 تعلیمی سال وبا کے باوجود کامیابی سے ختم ہوا اور ترکی ان چند ممالک میں شامل رہا جہاں براہ راست تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں ، دنیا کے بہت سے ممالک میں جہاں اساتذہ کی تقرریاں سوالیہ نشان تھیں وہیں ہم نے بھرتیوں کے سلسلے کو جاری رکھا۔

    صدر اردوان نے بتایا کہ گزشتہ 19 سالہ اقتدار کے دوران حکومت نے 19729 اساتذہ کو بھرتی کرنے کا شرف حاصل کیا۔

  • ٹی ٹوئنٹی میں نئی تاریخ رقم، ویڈیو دیکھیں

    ٹی ٹوئنٹی میں نئی تاریخ رقم، ویڈیو دیکھیں

    ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں چار گیندوں پر چار وکٹیں لے کر تاریخ رقم کر دی۔

    مختصر فارمیٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے وہ پہلے ویسٹ انڈین بولر بھی بن گئے ہیں۔ میزبان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف پانچ میچز کی سیریز تین دو سے جیت لی۔

    تجربہ کار ہولڈر نے فیصلہ کن معرے میں ثاقب محمود، کرس جورڈن، سیم بیلنگ اور عادل رشید کی وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔

    Image

    ہولڈر نے کہا کہ میچ میں ہمارا آغاز اچھا نہیں تھا لیکن اختتام کلاسک ہوا، لوگوں نے دیکھ لیا ہم کیا کرسکتے ہیں جب بھی مجھے فیلڈ میں ذمہ داریاں دی گئیں میں کر دکھایا۔

    واضح رہے کہ آخری میچ میں ویسٹ انڈیز نے 17 رنز سے انگلینڈ کو شکست دے کر سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

  • شاہد آفریدی کا ویڈیو پیغام جاری

    شاہد آفریدی کا ویڈیو پیغام جاری

    مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 7 کی پہلی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

    شاہد خان آفریدی کورونا مثبت آنے کی وجہ سے سات روزہ آئیسولیشن میں ہیں اور وہ پہلے میچ کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں تھے۔

    ٹوئٹر پر جاری ویڈیو پیغام میں شاہد آفریدی نے ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نسیم شاہ کی شاندار بولنگ پر ان کی تعریف کی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم نے اچھا آغاز کیا ہے زبردست کھیل پیش کیا، اگرچہ بولرز کو پچ سے کچھ مشکلات کا سامنا ضرور ہے لیکن نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کی، انہیں ٹی ٹوئٹی کی کیریئر بیسٹ بولنگ پر مبارک ہو۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منٹور سر ویون رچرڈز کے ٹیم کو جوائن کرنے پر آفریدی نے کہا کہ لیجنڈ کی شمولیت ٹیم کے لیے خوش آئند ہے اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو باآسانی شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی اور آج اس کا ٹاکرا ملتان سلطانز سے ہو گا۔

  • محمد عباس کا انگلش کاؤنٹی سے معاہدہ

    محمد عباس کا انگلش کاؤنٹی سے معاہدہ

    انگلش کائونٹی ہیمپشائر نے 2022سیزن کے لیے بھی پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس سے معاہدہ کر لیا ہے۔

    ہیمپشائر نے ٹوئٹر پر جاری پوسٹ میں محمد عباس سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق آگاہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد عباس ایک بار پھر سے ہیمپشائر کی جانب سے کھیلنے پر رضامند ہو گئے ہیں اور وہ کم از کم سیزن کے ابتدائی دو ماہ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

    پاکستانی سیمر نے گزشتہ سال ہیمپشائر کے باؤلنگ اٹیک میں صرف 16 کی اوسط سے 41 وکٹیں حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    انہوں نے اپریل میں دی ایجاس باؤل میں مڈل سیکس کے خلاف 6-11 کے بہترین اعداد و شمار کے ساتھ سیزن میں 3 بار 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    محمد عباس ہیمپشائر میں دوسرے اوورسیز بولر کی حیثیت سے ابتدائی دو ماہ کے لیے دستیاب ہوں گے اور ان کے ساتھ 2021 کا کامیاب سیزن گزارنے والے کائل ایبٹ ہوں گے۔

    اس سےقبل محمدعباس 2 سال تک لیسٹر شائر کی نمائندگی کرچکے ہیں، پیسر لیسٹر شائر کی ‏جانب سے 2 سیزن میں 19 میچوں کے دوران 79 وکٹیں حاصل کر چکے تھے۔