Author: وقاص صفدر

  • ‘معلوم نہیں کون سے نامعلوم افراد دکانیں بند کروا رہے تھے’

    ‘معلوم نہیں کون سے نامعلوم افراد دکانیں بند کروا رہے تھے’

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی غلطی ہےکہ ایم کیوایم مظاہرین سےطاقت سے نمٹنے کی کوشش کی لیکن معلوم نہیں رات کو کون سے نامعلوم افراد دکانیں بند کرا رہےتھے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ مظاہرین پر بےدریغ لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی وزیراعظم کو کہا پولیس کے رویے پر ایکشن ہونا چاہیے وزیرداخلہ نے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کی ہے۔

    گورنرسندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا پولیس صوبائی معاملہ ہےلیکن کھلانہیں چھوڑا جا سکتا، حکومتوں کو چاہیے مظاہرین سے ڈائیلاگ سے مسئلہ حل کیا جائے کل جوپولیس نےرویہ اپنایایہ آخری حربہ ہوتا ہے لیکن ایسےبھی نہیں، ایم پی اےکوجس طرح گھسیٹاجارہاہےکل پوری قوم نےدیکھا ہمارے دور میں بھی مظاہرے ہوئے لیکن ایسا راستہ نہیں اپنایا کل مسئلےکاپرامن حل نکل سکتاتھااگرسندھ حکومت مذاکرات کرتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں رات کو کون سے نامعلوم افراد دکانیں بند کرا رہے تھے بازار وغیرہ کی دکانیں ویسے بھی رات 9 بجے بند ہونا شروع ہو جاتی ہیں ہوسکتاہےچندلوگوں نےدکانیں بندکرانےکی کوشش کی ہو مگر ماضی جیسے نامعلوم افراد اور ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش نہیں آیا۔

    گورنر نے کہا کہ آج بھی سمجھتاہوں سندھ حکومت کابلدیاتی ایکٹ مناسب نہیں بڑےشہروں کیساتھ زیادتی ہو گی، میئر ناکارہ ہو جائے گا حکومت ایک نوٹیفکیشن سے میئر سے سارے اختیارات واپس لے سکےگی۔

  • پی ایس ایل 7 کے بارے میں اہم معلومات

    پی ایس ایل 7 کے بارے میں اہم معلومات

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا، جہاں ایک مختصر افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

    بحیثیت کپتان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ، 20، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل فتوحات سمیٹنے والے بابر اعظم ایونٹ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ان کے مدمقابل قومی کرکٹ ٹیم میں ان کے ساتھی اوپنر اور کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے محمد رضوان ہوں گے، جو ملتان سلطانز کی قیادت کرتے ہوئے اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔

    این سی او سی کی ہدایات کے مطابق لیگ کے کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ لاہور میں شیڈول ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

    ایونٹ کا دوسرا میچ اگلے روز پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائے گاجبکہ تیسرے روز ٹورنامنٹ کا پہلا ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا۔ جہاں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں دن کی روشنی میں جبکہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رات کوبرقی قمقموں کی روشنی میں مدمقابل آئیں گی۔

    ایڈیشن 2018 سے لاہور قلندرز کا حصہ بننے والے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سرفراز احمد مسلسل ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔ وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اب تک ایچ بی ایل پی ایس ایل کا کوئی میچ نہیں چھوڑا۔ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان جبکہ پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کریں گے۔

    ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا، جہاں کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔دوسرے مرحلے میں شامل 19 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فاتحین کی گزشتہ چھ سالہ تاریخ پر رقم ڈالی جائے تو لیگ کا افتتاحی ایڈیشن 2016 میں کھیلا گیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتا۔دوسرے ایڈیشن کی فاتح پشاور زلمی ٹھہری۔ تیسرے ایڈیشن میں ایک مرتبہ پھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے فتح سمیٹی۔ ایڈیشن 2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ، 2020 کی کراچی کنگز رہی جبکہ ملتان سلطانز ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

    پی سی بی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں آئی سی سی کی تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز لاگو کی ہیں: جس کے تحت فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہے کہ وہ اننگز کے انیس اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کے لیے اس ٹیم پر 30-یارڈ کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔اس کے علاوہ کسی ٹیم کے کم ازکم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔

    پاکستان میں بسنے والے کرکٹ فینز پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے میچز براہ راست ملاحظہ فرماسکتے ہیں۔ اسی طرح مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں موجود فینز اتصالات، کیریبین سرزمین میں فلو اسپورٹس ، نیوزی لینڈ میں اسکائی این زیڈ ، برطانیہ میں اسکائی اسپورٹس ،آسٹریلیا میں فوکس اسپورٹس، پاکستان کے علاوہ پورے جنوبی ایشیا ء میں سونی ، سب صحارا افریقہ میں سپر اسپورٹس اور شمالی امریکہ میں ولو ٹی وی پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کی نشریات براہ راست دیکھ سکیں گے۔

    پاکستان میں لائیواسٹریم کے حقوق دراز ایپ نے خرید رکھے ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی نےاو ٹی ٹی صارفین کے لیے آئی سی سی ٹی وی اور ٹیمپاڈ ٹی وی سے بھی معاہدہ کرلیا ہے۔ ان دونوں پلیٹ فارمز کو مندرجہ ذیل علاقوں میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کی لائیو اسٹریمنگ کی اجازت ہوگی:

    انڈورا، انٹارکٹیکا، ارجنٹائن، آرمینیا، آسٹریلیا، آسٹریا، آذربائیجان، بیلاروس، بیلجیم، بولیویا، بوسنیا اور ہرزیگووینا، بوویٹ جزیرہ، برازیل، برٹش انڈین اوشان، برونائی، بلغاریہ، کمبوڈیا، چلی، چین، جزیرہ کرسمس ، جزیرہ کوکوس، کولمبیا، کروشیا، قبرص، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، مشرقی ٹائیمور، ایکواڈور، ایسٹونیا، فالک لینڈ، فاراوئے جزائر ، فن لینڈ، فرانس، فرانسیسی گیانا، جارجیا، جرمنی، جبرالٹر، یونان، گیانا، ہرڈ آئی لینڈ، ہانگ کانگ، ہنگری، آئس لینڈ، انڈونیشیا، اسرائیل، اٹلی، جاپان، قازقستان، کوسوو، کرغیزستان، لاؤس، لٹویا، لیچٹنسٹائن، لیتھوانیا، لکسمبرگ، مکاؤ، مقدونیہ، ملائیشیا، مالٹا، مائیکرونیشیا، مالڈووا، موناکو، منگولیا، مائیکرو نین، نیدرلینڈ، مونٹاکو نیو کیلیڈونیا، شمالی کوریا، ناروے، پیراگوئے، پیرو، فلپائن، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، روس، سان مارینو، سربیا، سنگاپور، سلوواکیہ، سلووینیا، جنوبی کوریا، اسپین، سورینام، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، تائیوان، تاجکستان، تھائی لینڈ، ترکی، ترکمانستان، یوکرین، یوراگوئے، یو زبیکستان، ویٹیکن سٹی، ویت نام اور وینزویلا۔

    بابراعظم، کپتان کراچی کنگز:

    کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انہیں پہلی مرتبہ فرنچائز کرکٹ میں کپتانی کا موقع مل رہا ہے، یہ ایک اہم ذمہ داری ہے اور وہ اسے بھرپور انداز میں ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

    بابراعظم نے کہا کہ ملتان سلطانزایونٹ کی دفاعی چیمپئن اور ایک سخت حریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں فینز کی دلچسپی دیدنی ہوتی ہے، امید ہے دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سنسنی خیز ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پیٹر موریس ایک منجھے ہو ئے کوچ ہیں، پلاننگ کے حوالے سے ان کے ساتھ اچھی بات چیت ہو ئی ہے، اس سیزن میں کراچی کنگز بہتر کھیل پیش کرے گی۔

    محمد رضوان، کپتان ملتان سلطانز:

    ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اعزاز کاکامیابی سے دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور سلطانز کا اسکواڈ اسی سوچ کے ساتھ لیگ کے افتتاحی میچ سے میدان میں اترے گا۔

    محمد رضوان نے کہا کہ بلاشبہ ملتان سلطانز نے ایڈیشن 2021 میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا مگر وہ اب ماضی ہوچکا ہے اور یہ ایک نیا سال ہے، یہاں نیا میدان ہے اور نئے کھلاڑی، انہوں نے ایونٹ کے کامیاب دفاع کے لیے ایک نئی اور مختلف سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

    محمد رضوان نے کہا کہ بابراعظم دنیا کے بہترین بیٹر اور کپتان ہیں۔ ان کی قیادت میں کراچی کنگزکی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔ امیدہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین بہترین کرکٹ میچ سے لیگ کا آغاز ہوگا۔

  • پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر انتقال کر گئے

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر انتقال کر گئے

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر آفتاب بلوچ انتقال علالت کے باعث انتقال کر گئے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے آفتاب بلوچ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ان کی عمر 69 سال تھی۔ آفتاب بلوچ نے 1969 میں ڈھاکہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 16 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ وہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے چھٹے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے۔

    اپنے کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ کی واحد اننگز میں 25 رنز بنانے والے آفتاب بلوچ نے دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیزکے خلاف لاہور میں کھیلا۔

    انہیں 74-1973 ڈومیسٹک سیزن میں سندھ کے کپتان کی حیثیت سے بلوچستان کے خلاف کراچی میں 428 رنز کی یادگار اننگز کھیلنے پر یاد کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 172 فرسٹ کلاس میچز میں کُل 9171 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 223 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

    وہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے منیجر اور جونیئر سلیکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ ابھی ابھی سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے رکن تھے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آفتاب بلوچ کے انتقال کی خبر سن کر انہیں بہت دکھ ہوا، وہ اپنے دور کے مقبول ترین کرکٹرز میں شمار کیے جاتے تھے۔ نہ صرف انہیں آفتاب بلوچ کو ایکشن میں دیکھنے کا شرف حاصل ہوا بلکہ ان کے کیرئیر کے آخری ایام میں ان کے خلاف کرکٹ بھی کھیلی۔

    رمیز راجہ کاکہنا ہے کہ آفتاب بلوچ ان کے مرحوم بھائی وسیم حسن راجہ کے قریبی دوست تھے۔ وہ انہیں کھیل کے میدان سے باہر بھی اچھی طرح جانتے تھے ۔ وہ ان کے کھیل سے لگاؤ کی ہمیشہ تعریف کرتے تھے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ پی سی بی کی جانب سے آفتاب بلوچ کے اہل خانہ، قریبی دوستوں اور سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ارکان سے تعزیت کرتے ہیں۔

  • کورونا سے متاثر کھلاڑی کو کیا کرنا ہوگا؟ احتیاطی پروٹوکولز جاری

    کورونا سے متاثر کھلاڑی کو کیا کرنا ہوگا؟ احتیاطی پروٹوکولز جاری

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل ایڈوائزری پینل نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی پروٹوکولز جاری کردئیے ہیں۔ ایونٹ 27 جنوری سے 27 فروری تک کراچی اور لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    ان پروٹوکولز کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:

    ٹیسٹنگ:

    • ایونٹ کے شرکاء 20 جنوری سے روم آئسولیشن کا آغاز کریں گے، انہیں کوویڈ 19 کے 2 منفی ٹیسٹ آنے پرمنیجڈ ایونٹ اینورینمنٹ میں داخلے کی اجازت ہو گی

    • 27 جنوری سے 7 فروری تک ایونٹ کے پہلے مرحلے میں شریک تمام افراد کی چار مرتبہ پی سی آر ٹیسٹنگ کی جائے گی

    • 10 فروری سے 27 فروری تک شرکاء کی سات مرتبہ پی سی آر ٹیسٹنگ کی جائے گی

    • کسی بھی ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آنے پر مذکورہ فرد کو سات دن کے لیے آئسولیشن میں رکھا جائے گا، جس کے اینٹیجن ٹیسٹنگ کا رزلٹ منفی آنے پر اسے دوبارہ منیجڈ ایونٹ اینورینمنٹ میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ انٹیجن ٹیسٹنگ کا رزلٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ شخص کو مزید تین روز کے لیے آئسولیشن میں رہنا پڑے گا۔

    • کسی بھی کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف منیجڈ ایونٹ اینورینمنٹ میں داخلے یا دوبارہ داخلے کے لیے تین روز تک روم آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔ انہیں کوویڈ 19 کے دو منفی ٹیسٹ آنے کے بعد ہی منیجڈ ایونٹ اینورینمنٹ میں داخلے کی اجازت دی جائے گی

    ہوٹل:

    • ہر ٹیم کو ہوٹل کی علیحدہ منزل پر کمرے دئیے گئے

    • تین روزہ روم آئسولیشن کے دوران صفائی والوں سمیت ہوٹل کے عملے کو کمروں میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ لہٰذا اس دوران تمام ضروری سامان کمروں کے باہر رکھا جائے گا۔

    • قرنطینہ مکمل کرنے کے بعدصفائی والے عملے کو کمروں کو صاف کرنے کی اجازت ہوگی تاہم اس دوران اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مہمان کمرے میں نہ ہو۔

    • ہر ٹیم کے لیے ایک علیحدہ کامن روم ہوگا۔ دوسری ٹیم کے کسی بھی رکن کو اس کمرے میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    • منظور شدہ ڈیلیوری سروس کے ذریعے ہوٹل کے باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت ہوگی تاہم ڈیلیوری اس کام کے لیے مخصوص عملے کے ارکان کو موصول ہوگی، جو اسے سینیٹائز کرنے کے بعدمذکورہ ٹیم کی منزل پر پہنچا دیں گے۔ تمام شرکاء کھانا کھانے کے بعد، 20 سیکنڈ تک اپنے ہاتھ دھونے کے پابند ہوں گے۔

    وینیو:

    • ٹیموں کی گراؤنڈ آمد سے قبل ڈریسنگ رومز کو صاف کیا جائے گا۔ اس کام کے لیے ایک عملہ مخصوص کیا جائے گا۔ ڈریسنگ روم تک رسائی رکھنے والے اس عملے کے ارکان کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہوگا۔
    • کھلاڑی گیند پر تھوک کا استعمال نہیں کرسکتے۔ تمام کھلاڑیوں کو صرف اپنے سامان کو استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

    • کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اورمیچ آفیشلز سے ملاقات سے 48 گھنٹے قبل گراؤنڈ اسٹاف میں شامل تمام ارکان کی پی سی آر ٹیسٹنگ کروائی جائے گی۔ ان تمام ارکان کو گراؤنڈ میں ڈیوٹی کے دوران اپنے ناک اور منہ کو ماسک سے ڈھانپنا ہوگا۔

    • وارم اپ اور ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔
    • ٹاس کے موقع پر سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنا ہوگا۔
    • پوسٹ میچ تقریب کے موقع پربھی سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنا ہوگا۔

    کوویڈ 19 کیسز مثبت آنے کی صورت میں :

    • جن افراد کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئیں گے اس ٹیم کے ڈاکٹر/ منیجر کو مذکورہ فرد کو فوری طور پر آئسولیشن میں بھیجنا ہوگا۔
    • آئسولیشن میں جانے کے بعد مذکورہ شخص کی پی سی آر ٹیسٹنگ کی جائے گی۔
    • اس شخص سےگزشتہ 48 گھنٹے میں ملاقات کرنے والے تمام افراد کو بھی آئسولیٹ کرکے کوویڈ 19 ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔
    • کوویڈ 19 ٹیسٹ کے مثبت کیسز کو دیکھنے والے اسٹاف کو پی پی ای کٹ میں رہنا ہوگا۔
    • تمام ٹیموں کے فزیوز کو باقاعدگی سے اپنی ٹیم کے ارکان کی مانیٹرنگ کرتے رہیں گے۔
    • اگر آئسولیشن کے دوران کسی شخص کی طبعیت خراب ہوگی تو اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔

    پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر پابندیاں:
    چھوٹی خلاف ورزیاں :

    • مقررہ زون کے باہر سے کسی فرد سے سماجی فاصلہ (کم از کم 6 فٹ) برقرار نہ رکھنا
    • کسی دوسرے شخص سے بوتلیں، تولیے، کپڑے یا اپنے کرکٹ کے سامان کا تبادلہ کرنا
    • میچ سے پہلے اور بعد میں شرکاء سے ہاتھ ملانا
    • میچ کے اختتام پر گراؤنڈ/ڈریسنگ روم سے لانڈری نہ ہٹانا
    • میچ منیجر کی اجازت کے بغیر کسی دوسرے آئسولیشن روم میں داخل ہونا
    • فزیوتھراپسٹ/مساجرز کا ٹریٹمنٹ دوران اپنی ناک اور منہ کو ماسک سے نہ ڈھانپنا
    • انفرادی فزیو تھراپی سیشنز میں 15 منٹ سے زائد وقت گزارنا
    • ممنوع علاقے میں اجازت کے بغیر جانا
    • فیلڈ آف پلے میں ببل کے باہر کے کسی فرد سے ملنا
    • کسی بھی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنا ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سیفٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی تصور کی جائے گا

    بڑی خلاف ورزیاں:

    • صفائی والے عملے کے علاوہ کسی اور کو ہوٹل کے کمرے میں آنے کی دعوت دینا
    • اس صورت میں اپنے ناک اور منہ کو ماسک سے نہ ڈھانپنا
    • بی بی آئی ایم کی اجازت کے بغیر قرنطینہ کے دوران کمرے سے باہر نکلنا
    • بی بی آئی ایم کو بتائے بغیر ببل کے باہر سے کوئی بھی چیزوصول کرنا
    • بی بی آئی ایم کے استفسار کے باوجود علامات سے آگاہ نہ کرنا
    • جو علامات ظاہر ہوچکی ہوں ان سے متعلق بی بی آئی ایم کو آگاہ نہ کرنا
    • کوئی بھی ایسااقدام کرنا جو علامات کو چھپائے یا ٹیسٹ کے نتائج کو تبدیل کر سکتا ہے
    • کسی ایسے شخص سے ملنا جس میں علامات ظاہر ہوں یا جس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہو
    • کوویڈ 19 کیسز یاجن افراد میں علامات ظاہر ہوں ان سے متعلق کسی بھی معلومات کا غیرمنظور شدہ افرادسے تبادلہ کرنا

    مندرجہ بالا خلاف ورزیوں پر ٹورنامنٹ کوویڈ 19 منیجمنٹ کمیٹی مندرجہ ذیل پابندیاں عائد کرسکتی ہے:

    • تنبیہ/سرزنش
    • میچ فیس کا پانچ سے 25 فیصد جرمانہ
    • میچ فیس کا 25 سے 50 فیصد جرمانہ اور/یا ایک سے پانچ میچز کی پابندی
    • لیگ سے باہر نکال دینا (بشمول ایکریڈیشن منسوخی)
    • پچاس ہزار سے پانچ لاکھ روپے تک کی پنالٹی

  • پاک بھارت مقابلہ ایشیز سے بڑا میچ قرار

    پاک بھارت مقابلہ ایشیز سے بڑا میچ قرار

    انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مقابلے کو کرکٹ کی مقبول ترین ایشیز سیریز سے زیادہ بڑا میچ قرار دے دیا۔

    جب بھی پاک بھارت کرکٹ ٹیمیں میدان میں اترتی ہیں تو شائقین کے جوش و خروش عروج پر ہوتا ہے یہ مقابلہ صرف دو ممالک کے لوگ ہی نہیں دیکھتے بلکہ کروڑوں افراد دنیا بھر میں اس میچ سے محظوظ ہوتے ہیں۔

    ویسے تو پاک بھارت سیریز عرصے سے نہیں ہو رہی لیکن جب بھی دونوں ٹیمیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کسی بڑے ایونٹ میں آمنے سامنے آئیں تو اسے سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جاتا ہے۔

    'It is bigger than the Ashes' Vaughan on Pakistan-India rivalry

    حال ہی میں دونوں ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں مدمقابل آئیں تو پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بدترین شکست سے دوچار کیا تھا۔

    ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایشیز میں ٹکرائیں تو شائقین کو اس بار بھی یکطرفہ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ آسٹریلیا نے چھ سالوں میں تین بار یکطرفہ طور پر انگلینڈ کو شکست دی اور چند روز قبل اختتام پذیر ہونے والی سیریز میں میزبان آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 4-0 سے مات دی۔

    ایسی صورتحال میں ماہرین کرکٹ سمیت سابقین بھی ایشیز کے نتائج سے مایوس دیکھائے دے رہے ہیں۔ سابق انگلش کپتان مائیکل وان بھی پاک بھارت مقابلے کو ایشیز سے بڑا میچ قرار دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ عالمی کرکٹ میں ایشیز بڑا ایونٹ ضرور ہے لیکن پاک بھارت میچ اس سے بھی بڑا ہے۔

  • پی ایس ایل کیلیے ریزرو پول میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان

    پی ایس ایل کیلیے ریزرو پول میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے لیے 19 ریزرو کھلاڑیوں کے پول کا اعلان کردیا ہے۔ایونٹ 27 جنوری سے 27 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    ان 19 میں سے 15 کھلاڑی21 جنوری کو ٹیم ہوٹل پہنچیں گے، جہاں وہ پی سی بی کی طرف سے قائم کیے گئے ایونٹ منیجمنٹ انیورینمنٹ میں قیام کریں گے۔باقی چار کھلاڑی ایونٹ منیجمنٹ اینورینمنٹ کا حصہ تو نہیں ہوں گے تاہم انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طلب کیا جاسکے گا۔

    ریزرو پول میں شامل 15 کھلاڑی:
    عامر جمال (ناردرن)، ابرار احمد (سندھ)، عماد بٹ (بلوچستان)، عماد عالم (سندھ)، بسم اللہ خان (بلوچستان)، حسان خان (سدرن پنجاب)، خالد عثمان (خیبرپختونخوا)، مصدق احمد (خیبر پختونخوا)، ناصر نواز (ناردرن)، سلمان علی آغا (سدرن پنجاب)، طیب طاہر (سدرن پنجاب)، عمر امین (ناردرن)، عمر صدیق (سدرن پنجاب)، عثمان شنواری (ناردرن) اور وقاص مقصود (سینٹرل پنجاب)

    باقی چار کھلاڑی: امام الحق (بلوچستان)، عمیر بن یوسف (سندھ)، سعود شکیل (سندھ) اور زاہد محمود (سندھ)

    کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست فرنچائزز نے تیار کی، بعدازاں جس کا جائزہ لینے کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آسٹریلیا سیریز میں شامل قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں کی جگہ متبادل کھلاڑیوں کو شامل کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا۔

    تمام ٹیموں کو میڈیکل بنیادوں پر ریزرو پول میں شامل کھلاڑیوں کو اسکواڈمیں شامل کرنے کی اجازت ہوگی تاہم اس کے لیے انہیں ٹیکنکل کمیٹی کی منظوری درکار ہوگی۔

  • پی ایس ایل7 کیلئے امپائرز اور میچ ریفریز کا اعلان

    پی ایس ایل7 کیلئے امپائرز اور میچ ریفریز کا اعلان

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے 30 لیگ میچز کے لیے امپائر اور میچ ریفری پینل کا اعلان کردیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

    لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ ایونٹ کافائنل 27 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    سری لنکا کی طرف سے 21 ٹیسٹ اور 63 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے سابق کرکٹر رنجن مدوگالے 125 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔1993 سے آئی سی سی کے ایلیٹ پینل برائے میچ ریفری کا حصہ رہنے والے رنجن مدوگالے اب تک 201 ٹیسٹ اور 370 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی میچ ریفری کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔

    Image

    انہوں نے دو سال قبل بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں بھی میچ ریفری کی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔وہ 30 مارچ کو لاہور قلندرز بمقابلہ کراچی کنگز میں پہلی مرتبہ پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔ رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف اس میچ میں آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ان کے علاوہ فیصل آفریدی تھرڈ امپائر اور عمران جاوید کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔

    رنجن مدوگالے کے علاوہ روشن ماہنامہ اس مرتبہ بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ریفری کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

    وہ 27 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کے افتتاحی میچ کے علاوہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں کُل 7 میچز میں ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگ ورتھ آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ احسن رضا تھرڈ امپائر اور عمران جاوید فورتھ امپائر ہوں گے۔

    ان دونوں کے علاوہ پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں شامل میچ ریفریز علی نقوی، افتخار احمد اور محمد جاوید ملک بھی لیگ میں ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ جبکہ علیم ڈار، مائیکل گف، رچرڈ ایلنگ ورتھ، احسن رضا، آصف یعقوب، فیصل آفریدی، امتیاز اقبال، عمران جاوید، ناصر حسین، راشد ریاض، شوزب رضا اور ولید یعقوب ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

    فائنل سمیت پلے آف میچز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

  • بابراعظم اور شاہین آفریدی میں ٹاکرا

    بابراعظم اور شاہین آفریدی میں ٹاکرا

    پاکستان کرکٹ میں لاہور اور کراچی پرانے حریف سمجھے جاتے ہیں مگر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ نے اس کی کشش میں بے انتہا اضا فہ کردیاہے۔ اس مرتبہ روایتی حریفوں کے اس ٹکراؤ میں توجہ کا مرکز دونوں ٹیموں کے کپتان ہوں گے۔

    ٹی ٹونٹی کرکٹ کے دو نامور ستارے بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کا مقابلہ شائقین کرکٹ کے لیے بلے اور گیند کی حقیقی جنگ کے مترادف ہے۔ 27 جنوری سے 27 فروری تک کھیلے جانے والے ایونٹ میں متوقع طور پرشائقین کرکٹ کی سب سے بڑی تعداد کراچی کنگز کے کپتان اور اوپننگ بیٹر بابراعظم اور لاہور قلندرز کے کپتان اور اسٹرائیک باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے مقابلے کی منتظر ہے۔

    بابراعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور شاہین شاہ آفریدی باؤلنگ اٹیک کے لیڈنگ باؤلر بھی ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے کیلنڈر ایئر 2021 میں پاکستان کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ریکارڈ 20 فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ۔

    بابراعظم نے گزشتہ سال ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 1779 رنز بنائے۔ وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اب تک 7471 رنز بناچکے ہیں۔ وہ اس طرز کی کرکٹ میں 18 نصف سنچریاں اور 2 سنچریاں بھی بناچکے ہیں۔

    دوسری طرف شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ سال 50 ٹی ٹونٹی وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ گزشتہ سال صرف تین باؤلرز ہی یہ کارنامہ انجام دے سکے تھے۔انہوں نےکیلنڈر ایئر 2021 میں 21 کی اوسط سے 51 وکٹیں حاصل کیں۔

    دونوں کھلاڑی اس سے قبل 7 مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں آمنے سامنے آچکے ہیں۔ ان 7 میچز میں شاہین شاہ آفریدی کی 46 گیندوں پر بابراعظم صرف ایک مرتبہ آؤٹ ہوئے ہیں اور 73 رنز بنائے ، جس میں 12 چوکے شامل ہیں۔

    دونوں حریفوں کا اس مرتبہ بھی پاؤر پلے میں ہی آمنا سامنا متوقع ہے، جہاں شاہین شاہ آفریدی کی اکانومی 6.66 اور بابراعظم کے رنز بنانے کی اوسط 77.42 کی ہے۔

    دونوں ٹیمیں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں 30 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور 18 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔ اب تک کھیلئے گئے 13 مقابلوں میں لاہور قلندرز نے صرف پانچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    بابراعظم،کپتان کراچی کنگز:

    کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم کا کہناہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نے قومی کھلاڑیوں کی ترقی میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کھیلی جانے والی مسابقتی کرکٹ سے ان کے اپنے کھیل میں نکھار پیدا ہوا ہے۔

    بابراعظم نے کہا کہ کسی بھی بیٹر کے لیے شاہین شاہ آفریدی کا سامنا کرنا آسان نہیں ہے کیونکہ وہ اپنی تیز رفتار باؤلنگ سے بیٹر کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ان میں سیکھنے کی لگن ہے اور حالیہ چند سالوں میں ان کےکھیل میں نمایاں بہتری واضح ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وہ شاہین شاہ آفریدی کا مقابلہ کرنے کے منتظر ہیں۔ امید ہے کہ شائقینِ کرکٹ کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

    شاہین شاہ آفریدی، کپتان لاہور قلندرز:

    لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ان سمیت کئی فاسٹ باؤلرز کے لیے ایک لانچنگ پیڈ کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہاں کھیلی جانے والی مسابقتی کرکٹ سے بین الاقوامی کرکٹ کی تیاری میں بھرپور مدد ملتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دبئی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ایک میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف ان کی چار رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والی کارکردگی نے ان میں خود اعتمادی پیدا کی۔

    شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابراعظم ایک باصلاحیت بیٹر ہیں اور ان کی مضبوط تکنیک کی وجہ سے انہیں باؤلنگ کرنا کسی امتحان سے کم نہیں ہوتا۔ وہ کبھی بھی گیند کو باؤنڈری لائن کے باہر پھینک کر باؤلر کے منصوبے کو خاک میں ملا دیتے ہیں۔

    انہیں امید ہے کہ ان کا بابراعظم کا یہ مقابلہ لاہور اور کراچی کی عوام کے لیے ایک دلچسپ میچ ہوگا، جس سے وہ بہت لطف اندوز ہوں گے۔

    کراچی کنگز:
    بابراعظم (کپتان)، کرس جارڈن، عماد وسیم، لوئس گریگوری، محمد نبی، محمد عامر، عامر یامین، جوئے کلارک، شرجیل خان، عمید آصف، ٹام ایبل/این کاک بین، روحیل نذیر، محمد عمران، محمد الیاس، فیصل اکرم ، قاسم اکرم / محمد طحہ ، طلحہ احسن ، روماریو شیفرڈ ، صاحبزادہ فرحان، جارڈن تھامسن
    لاہور قلندرز:
    شاہین شاہ آفریدی(کپتان)، فخر زمان، راشد خان، محمد حفیظ، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف، عبداللہ شفیق، فل سالٹ/بین ڈنک، ہیری بروک، کامران غلام، ڈین فاکس کرافٹ، سہیل اختر، ذیشان اشرف، احمد ذیشان، احمدخان، معاذ خان، سمت پٹیل، سید فریدون، عمران رندھاوا اور عاکف جاوید

  • سرمائی اولمپکس کے منتظمین کا بڑا فیصلہ

    سرمائی اولمپکس کے منتظمین کا بڑا فیصلہ

    چین نے بڑھتے کورونا کیسز کے پیش نظر سرمائی اولمپکس 2022 کے لیے عوام کو ٹکٹیں فروخت ‏کرنے کا فیصلہ تبدیل کر دیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے پیر کو بیجنگ میں ہونے والے سرمائی اولمپکس کے ‏لیے عوام کو ٹکٹ فروخت کرنے کے منصوبے کو منسوخ کر دیا ہے۔

    چین میں کوویڈ 19 کے کیسز کی تعداد مارچ 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہو گئی ہے اور چند روز ‏قبل کورونا اولمپکس کے شہر بیجنگ تک پہنچ گیا تھا۔

    منتظمین نے کہا کہ پچھلے سال گیمز میں کسی بین الاقوامی تماشائی کو قرنطینہ کی پابندیوں کے ‏سبب داخلے کی اجازت نہیں دی تھی تاہم یہ وعدہ کیا تھا کہ مقامی تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں ‏داخلے کی اجازت دیں گے۔

    سرمائی اولمپکس کے آغاز سے صرف تین ہفتے قبل 223 نئے کورونا کیسز سامنے آنے پر تماشائیوں کو ‏ٹکٹوں کی فروخت کا منصوبہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

    بیجنگ اولمپک کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اولمپکس سے متعلقہ عملے اور تماشائیوں کی صحت اور ‏حفاظت کی خاطر عوام کو ٹکٹ فروخت کرنے کے اصل منصوبے کو ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ‏گیا ہے اس سلسلے میں تماشائیوں کو مخصوص جگہ پر گیمز دیکھنے کا بندوبست کیا جائے گا۔

    یہ واضح نہیں ہے کہ ان تماشائیوں کا انتخاب کیسے کیا جائے گا اور آیا انہیں گیمز سے پہلے یا بعد ‏میں قرنطینہ میں رکھنا پڑے گا۔

  • شراب سے بچنے کی ویڈیو: عثمان خواجہ کا اہم بیان آگیا

    شراب سے بچنے کی ویڈیو: عثمان خواجہ کا اہم بیان آگیا

    آسٹریلیا کے مسلمان بلے باز عثمان خواجہ کا جیت کے جشن میں شراب کی بوچھاڑ سے بچنے لیے ‏گروپ فوٹو سے باہر ہونے پر بیان آگیا۔

    ایشیز سیریز کی فتح کے جشن کے دوران شراب کی بوچھاڑ سے بچنے کیلئے پاکستانی نژاد عثمان ‏‏خواجہ بچ بچا کر نکل گئے۔

    چند ہی لمحوں بعد کپتان کو اہم کھلاڑی کے اسٹیج سے اتر جانے کا احساس ہوا تو انہوں نے فوری ‏‏طور ایکشن لیا۔

    گروپ تصویر لیتے وقت آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ساتھی کھلاڑیوں کو مزید شراب کےجشن ‏‏سےروکا اورعثمان خواجہ کو دوبارہ بلایا۔

    وائرل ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے عثمان خواجہ نے لکھا کہ ویڈیو میں آپ نے دیکھا کہ کس طرح ‏ٹیم نے میرا ساتھ دیا، کھلاڑیوں نے جیت کے لیے شیمپین کا جشن چھوڑ دیا تاکہ میں دوبارہ سے ‏شامل ہو سکوں۔

    انہوں نے کہا کہ بطور کھلاڑی اور کھیل میں شمولیت ہماری اقدار کے لیے بہت اہم ہے اور مجھے ‏لگتا ہے کہ ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔