Author: وقاص صفدر

  • ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان کا بنگلادیش کیخلاف پلڑا بھاری

    ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان کا بنگلادیش کیخلاف پلڑا بھاری

    تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان اور میزبان بنگلا دیش کی ٹیمیں 19 نومبر بروز ‏جمعے کو مدمقابل آئیں گی۔ اس دوران شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں 12,500 سے زیادہ کرکٹ شائقین ٹی ٹونٹی ‏کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست بیٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی مشہور کور ڈرائیوز سے ‏محظوظ ہوسکیں گے۔

    دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کے تین میچز 19، 20 اور 22 نومبر کو شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے ‏جائیں گے۔ پانچ سال بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ جب پاکستان بنگلہ دیش میں کوئی دو طرفہ سیریز کا میچ ‏کھیلے گا۔

    دونوں ٹیمیں اس سے قبل 12 مرتبہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں مدمقابل آچکی ہیں۔ جہاں 10 مرتبہ پاکستان نے ‏فتح حاصل کی تاہم بنگلہ دیش نے جن دو میچز میں کامیابی حاصل کی تھی وہ دونوں بنگلہ دیش میں ہی کھیلے ‏گئے تھے۔ لہٰذا اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے گئے 4 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں بنگلہ دیش کا پاکستان کے ‏خلاف جیت کا تناسب 50 فیصد ہے۔

    اُدھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلےٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کے لیے 12 ‏رکنی قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے:‏

    بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، خوشدل شاہ، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد ‏نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک۔

    شعیب ملک اس طرزکی کرکٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی جانب سےدوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے ‏والے بیٹر بھی ہیں۔ وہ حریف ٹیم کے خلاف 34.66 کی اوسط سے208 رنز بناچکے ہیں، جس میں ایک نصف ‏سنچری بھی شامل ہے۔

    پاکستان کے کپتان بابر اعظم صرف 62 اننگز میں تیز ترین 2500 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے دنیا کے تیز ‏ترین بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل بھارت کے ویرات کوہلی نے 68 اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کررکھا تھا۔

    دوسری جانب محمد رضوان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں ‏نے 23 میچز میں86.08 کی اوسط سے 1033 رنز بنارکھے ہیں۔ ا س دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 136.45کا رہا ہے۔ ‏اس میں ان کی ایک سنچری اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

  • آئی سی سی جونیئرورلڈکپ کا شیڈول جاری

    آئی سی سی جونیئرورلڈکپ کا شیڈول جاری

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نےجونیئر ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

    اعلان کے مطابق16ٹیموں کو 4گروپس میں تقسیم کیاگیا ہے پاکستان ٹیم کوایونٹ کے گروپ سی میں رکھا گیا ‏ہے۔ گروپ سی میں افغانستان،  پاپوانیوگنی، زمبابوے بھی شامل ہیں۔

    پاکستان اپنا پہلا میچ 15 جنوری کو پاپوانیوگنی، 20 کو افغانستان اور 22 جنوری کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گا۔

    Cricket's future stars to compete in Caribbean for U19 Men's World Cup  honours

    گروپ اے میں بنگلادیش، کینیڈا، انگلینڈ اور متحدہ عرب امارات شامل ہے جب کہ گروپ بی بھارت، آئرلینڈ، ‏جنوبی افریقا اور یوگینڈا کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔

    جونئیرورلڈکپ 14جنوری سے 5 فروری تک ویسٹ انڈیز میں منعقدہو گا۔ نیوزی لینڈ کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ‏ایونٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

  • چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملنے پر رمیزراجا کا اہم بیان آگیا

    چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملنے پر رمیزراجا کا اہم بیان آگیا

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو سونپنے ‏پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد سے ہم دنیا کو بتائیں گے کہ ‏پاکستان اس کھیل سے کتنی محبت کرتا ہے۔

    آئی سی سی بورڈ کے اس فیصلے کا مطلب ہے کہ فروری 2025 میں پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا ‏میزبان پاکستان اس ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع بھی کرے گا۔

    ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں کے مابین کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز تین مختلف مقامات پر کھیلے جائیں ‏گے۔ پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دی تھی۔

    چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی کے اس فیصلے سے بے حد خوش ہیں اور وہ آئی سی ‏سی اور اس کے آزاد پینل کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک ایلیٹ ایونٹ کے لیے میزبان ملک کے طور پر ‏پاکستان کا انتخاب کیا ہے۔ اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے بورڈ ممبران اور دنیا بھر کو پاکستان کرکٹ کی بھرپور ‏قوت دیکھنے کا موقع ملے گا۔

    رمیز راجہ نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ذریعے ہم دنیا کو بآور کروائیں گے کہ ہم کتنے عظیم ‏میزبان ہیں جہاں ہم اس کھیل سے اپنی محبت کا مظاہرہ کریں گے ۔ یہ ایونٹ پاکستان میں رہنے والے شائقین ‏کرکٹ کے لیےکسی اعزاز سے کم نہیں۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اب ہمیں آئی سی سی کی توقعات اور مقررہ معیار کے مطابق ایک ایونٹ کے ‏کامیاب انعقاد کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ایک ایسی مضبوط ٹیم بھی تیار کرنی ہے کہ ‏جو ہوم گراؤنڈ کے سامنے میدان میں اترے اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے۔

  • بائیں ہاتھ کے پاکستانی فاسٹ بولر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

    بائیں ہاتھ کے پاکستانی فاسٹ بولر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

    پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر عثمان شنواری نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    بائیں ہاتھ کے پیسر عثمان شنواری نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی انجری سے ‏چھٹکارے اور مستقبل کے پلان کا اعلان کیا۔

    انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ انجری سے نجات پانے کے بعد دوبارہ واپس آگیا ہوں اور فوری طرح ‏سے فٹ ہوں تاہم معالج نے مستقبل میں ایسی انجری سے بچنے کے لیے طویل مدتی کرکٹ نہ کھیلنے کا مشورہ ‏دیا ہے۔

    عثمان شنواری نے کہا کہ میں اپنا کیریئر بچانے کے لیے ریڈبال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر رہا ہوں۔

    یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عثمان شنواری نے کیریئر میں صرف ایک ٹیسٹ میچ 2019 میں سری لنکا کے خلاف ‏کھیلا تھا۔ اس کے علاوہ 17 ون ڈے اور 16 ٹی ٹوئنٹی میچز میں وہ گرین شرٹس کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

  • پاکستان کیخلاف بنگلادیش کے تجربہ کار کھلاڑی باہر

    پاکستان کیخلاف بنگلادیش کے تجربہ کار کھلاڑی باہر

    ورلڈکپ میں بنگلادیش کی مایوس کن کارکردگی پر تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم کو ڈراپ کر دیا گیا۔

    پاکستان سے ٹی20 سیریز کے لیے بنگلا دیش کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے تجربہ کار مشفق الرحیم ‏کو ٹیم سے ڈراپ کر کے نوجوان بلے باز کو موقع دیا گیا ہے۔ 2008 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ مشفق الرحیم کو ‏سینئر ٹیم سے باہر کیا گیا ہے۔

    Image

    مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن انجری کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی غیرموجودگی میں محمود ‏اللہ ٹیم کی قیارت کریں گے۔

    اسکواڈ میں نورالحسن، شمیم حسین، محمد نعیم ، نسوم احمد ، امین السلام ٹیم، سیف حسن، مہدی حسن، ‏شہیدالسلام ، نجم الحسین مستفیض الرحمان، یاسر علی، عاطف حسین، تسکین احمد، اکبر علی اور شوریف السلام ‏شامل ہیں۔

    Story Image

    پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 19 نومبر سے ڈھاکا میں ہوگا۔

  • بنگلادیش کیخلاف پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

    بنگلادیش کیخلاف پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

    لاہور: دورہ بنگلا دیش کیلئے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

    بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں امام الحق، بلال آصف اور کامران غلام کی واپسی ہوئی ہے جب کہ عمران ‏بٹ، شاہنواز دھانی، حارث رؤف اور یاسرشاہ اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔

    20 رکنی اسکواڈکی قیادت بابراعظم کریں گے جب کہ محمدرضوان نائب کپتان ہوں گے۔ عبداللہ شفیق، عابدعلی، ‏اظہرعلی، بلال آصف، فہیم اشرف، فوادعالم، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، محمدعباس، محمدنواز اسکواڈ کا ‏حصہ ہیں۔

    Image

    نسیم شاہ، نعمان علی، ساجدخان، سرفرازاحمد اور سعودشکیل اسکواڈ میں برقرار ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور ‏زاہدمحمود بھی قومی ٹیسٹ اسکواڈکاحصہ ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز سے قبل میزبان ٹیم کے اہم کھلاڑی سیریز سے باہر ‏ہو گئے۔ بنگلا دیش کے اوپنر تمیم اقبال انجری کا شکار ہوگئے جس کی وجہ سے وہ دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل ‏سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 نومبر اور دوسرا 4 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

  • کین ولیمسن نے نئی تاریخ رقم کر دی

    کین ولیمسن نے نئی تاریخ رقم کر دی

    نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 85 رنز کی دھواں دھار اننگز ‏کھیل کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

    دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے فیصلہ کن معرکے میں نیوزی لینڈ کے بلے باز کریز پر آئے تو ‏آسٹریلوی پیس اٹیک کو ناکام بنانے کے لیے ابتدا میں متحاط انداز اپنایا، 28 کے مجموعے پر پہلا نقصان اٹھانے کے ‏بعد کپتان ولیمسن نے کمان سنبھالی اور بولرز کے سامنے ڈٹ گئے انہوں نے تیزی سے رنز میں اضافہ کرتے ہوئے ‏بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھی۔

    ولیمسن نے 48 گیندوں پر 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے ‏‏32 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر سابق سری لنکن کپتان سنگاکارا اور انگلش کپتان جوئے روٹ سے تیز ترین ففٹی ‏بنانے کا ریکارڈ چھین لیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    کیوی کپتان نے 32 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں 14 ویں ففٹی تھی۔ ‏ولیمسن نے ویسٹ انڈین بلے باز سیمیولز کے 85 رنز بنا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل کا سب سے بڑا اسکور بھی ‏برابر کر دیا۔ سیمیولز نے 2016 کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 85 ناٹ آؤٹ باری کھیلی تھی۔

  • کیچ ڈراپ ہونے پر میتھیو ویڈ کا اہم بیان آگیا

    کیچ ڈراپ ہونے پر میتھیو ویڈ کا اہم بیان آگیا

    پاکستان کے خلاف آخری اوورز میں میتھیوویڈ کا قیمتی کیچ ڈراپ ہونے پر بلے باز کا اہم بیان آ گیا۔ ‏

    آسٹریلوی بیٹر میتھیوویڈ نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر حسن علی سے ڈراپ ہونے والے کیچ کو ‏ٹرننگ پوائنٹ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ جب وہ کیچ گرِ گیا اس وقت ہم اچھی پوزیشن میں آ چکے تھے اگر ایسا تین سے چار اوورز قبل ‏ہوا ہوتا تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔

    میتھیوویڈ نے کہا کہ میں پراعتماد تھا اتنا یقین تھا کہ میرے بعد پیٹ کمنز بیٹنگ کو آئیں گے تو دوسری جانب ‏اسٹوئینز کریز پر موجود تھے ہم جیتنے کی پوزیشن میں تھے اس لیے یہ نہیں کہوں گا کہ میرا کیچ ڈراپ ہونے ‏سے پانسلہ پلٹا۔

    بابراعظم نے میچ کا ٹرننگ پوائنٹ بتا دیا

    قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ ہونے کو ٹرننگ پوائنٹ قرار دیا تھا۔

    میچ کے اختتام پر بابراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا جیسی ٹیم کو چانس دیں گے تو وہ میچ لے لیں گے کچھ غلطیاں ‏‏ضرور ہوئیں لیکن مجموعی طور پر ٹیم نے اچھا کھیلا۔

    انہوں نے کہا کہ میتھیوویڈ کا کیچ ہو جاتا تو صورتحال تبدیل ہو سکتی تھی نتیجہ کچھ اور ہوتا کیونکہ نیا بلے باز ‏‏آتا تو بہت کچھ الگ ہو سکتا تھا۔

  • بابراعظم حسن علی کے دفاع میں آگئے، اہم بیان جاری

    بابراعظم حسن علی کے دفاع میں آگئے، اہم بیان جاری

    قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم حسن علی کے دفاع میں آ گئے۔

    میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ حسن علی میرا بہترین بولر ہےکیچ سب سے ڈراپ ‏ہوتے ہیں، لوگوں کا کام ہے بات کرنا اور ہمارا کام سب کو سپورٹ کرنا ہے۔

    بابراعظم نے کہا کہ مجھے لگافاسٹ بولر سے بولنگ کرانا ٹھیک تھا پورےٹورنامنٹ میں لوگوں کی سپورٹ ملی ہے ‏کراؤڈنے بہت سپورٹ کیا امید ہے آگے بھی کریں گے۔

    بابراعظم نے میچ کا ٹرننگ پوائنٹ بتا دیا

    اس سے قبل میچ کے اختتام پر بابراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا جیسی ٹیم کو چانس دیں گے تو وہ میچ لے لیں گے ‏کچھ غلطیاں ضرور ہوئیں لیکن مجموعی طور پر ٹیم نے اچھا کھیلا۔

    انہوں نے کہا کہ میتھیوویڈ کا کیچ ہو جاتا تو صورتحال تبدیل ہو سکتی تھی نتیجہ کچھ اور ہوتا کیونکہ نیا بلے باز ‏آتا تو بہت کچھ الگ ہو سکتا تھا۔

    واضح رہے کہ اہم مرحلے میں میتھیوویڈ کا قیمتی کیچ ڈراپ کرنے پر حسن علی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ‏جارہا ہے، سوشل میڈیا صارفین حسن علی کی میمز بنا کر اپنے غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔

  • یونس خان نے غلطیوں کی نشاندہی کر دی

    یونس خان نے غلطیوں کی نشاندہی کر دی

    پاکستان کے سابق کپتان یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں غلطیوں کی نشاندہی کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ مجموعی طور پر قومی ٹیم نے زبردست ‏کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن بڑے میچ میں جو غلطیاں انگلینڈ نے کیں وہی پاکستان سے ہوئیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی کہا تھا کہ انگلینڈ نے اسپنرز کا بھرپور استعمال نہ کر کے بلنڈر کیا اور آج ‏پاکستان نے بھی اسپن بولنگ آپشنز کو ٹھیک سے استعمال نہیں کیا، پہلے ہی کہا تھا کہ انگلینڈ کی ہار سے سبق ‏سیکھنا ہوگا انگلش ٹیم نے معین علی سے حیران کن طور پر بولنگ نہیں کروائی اور فاسٹ بولرز پر اعتماد کیا۔

    یونس خان نے کہا کہ اسپن بولنگ کا شعبہ کمزور تھا گو کہ عماد اور شاداب نے اچھی بولنگ کی ہے تاہم ان کے ‏ساتھ کوئی اور وکٹ ٹیکنگ اسپن آپشن نہیں تھا، بار بار کہا تھا ایک اور اسپنر کو آزمائیں ٹیم میں تبدیلی کر کے ‏کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیں تاکہ انداز ہو کہ مشکل میں اسپن آپشنز ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں بھی اسپنرز کی کمی محسوس ہوئی، عماد اور شاداب کے علاوہ کوئی اور وکٹ ‏ٹیکنگ اسپن آپشن نہیں تھا، حسن علی اور عماد کو ڈراپ کر کے دیگر اسپنرز کو موقع دے سکتے تھے۔

    سابق کپتان نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے جس طرح ٹیم نے کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ انتہائی زبردست ہے جتنی خوشیاں ‏اس ٹیم نے دی ہیں ایک میچ کی ہرا پر تنقید نہیں کر سکتے ہمیں اس ٹیم کو پورا سپورٹ کرنا ہے۔