Author: ویب ڈیسک

  • لاہور میں جنرل اسپتال کی نرسری سے نومولود غائب

    لاہور میں جنرل اسپتال کی نرسری سے نومولود غائب

    لاہور میں جنرل اسپتال کی نرسری سے نومولود غائب ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جنرل اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی، پرنسپل جنرل اسپتال پروفیسر فاروق افضل نے نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وارڈ کی آیا شکیلہ بی بی اور ملازم محمد عثمان کو معطل کردیا گیا ہے۔وارڈ سسٹر انچارج اور اسٹاف نرس کی جواب طلبی کی گئی ہے اور محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    پرنسپل جنرل اسپتال فاروق افضل کا کہنا ہے کہ بچے کی تلاش کے لیے پولیس کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

    گزشتہ سال جولائی مین لاہورکے چلڈرن اسپتال میں بچے کی مبینہ تبدیلی کیس کی رپورٹ سامنے آئی تھی۔

    گوجرانوالہ کے شہری عرفان اکرم نے لاہور کے چلڈرن اسپتال پر الزام لگایا تھا کہ اس کے ہاں چار روز قبل بیٹا پیدا ہوا، وہ بچے کو علاج کے لیے چلڈرن اسپتال لاہورلے آیا ، اسپتال کے عملے نے 6 گھنٹے بعد بچے کو مردہ قرار دے کر میر ے حوالے کردیا، گھر پہنچ کر دیکھا تو بچے کے کپڑوں میں مردہ بچی تھی۔

    تاہم اس حوالے سے لاہورکے چلڈرن اسپتال کی رپورٹ سامنے آئی تھی جس کے مطابق نصیر آباد کا رہائشی عرفان یکم جولائی کو بچے کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا، بچے کو وینٹی لیٹر پر منتقل کرنے کی ضرورت تھی، والد سے اجازت مانگی گئی تو اس نے انکار کردیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ڈاکٹرز کے مشورے کے برعکس اس نے بچے کو ڈسچارج کروالیا، 7 گھنٹے بعد والد بچے کو واپس لے گیا۔

  • بجلی کے بلوں میں 70 فیصد تک کی چھوٹ ، بڑی خبر آگئی

    بجلی کے بلوں میں 70 فیصد تک کی چھوٹ ، بڑی خبر آگئی

    لاہور : وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کے بجلی بلوں میں توسیع اور ریلیف کا اعلان کردیا، بلوں میں 70 فیصد تک کی چھوٹ ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے لیسکو ہیڈکوارٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ سیلاب متاثرہ شہریوں کو بجلی بلوں میں بڑی رعایتیں دی جا رہی ہیں تاکہ مشکل حالات میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    اویس لغاری نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے رہائشیوں کو بجلی بل جمع کرانے کیلئے اضافی وقت دیا جا رہا ہے، جبکہ اگر مزید ریلیف کا اعلان ہوا تو ڈسکوز اضافی چارجز بھی معاف کریں گے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلابی پانی بڑھنے کے باعث بجلی بحالی کے کام میں تاخیر ہورہی ہے تاہم حالات بہتر ہوتے ہی مکمل سروس بحال کر دی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے 3 کروڑ 30 لاکھ صارفین میں سے 1 کروڑ 80 لاکھ صارفین پہلے ہی 70 فیصد رعایت حاصل کر رہے ہیں۔

    وزیر توانائی نے مزید بتایا کہ لیسکو ملازمین نے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں اپنی ایک دن کی تنخواہ عطیہ کی ہے، جبکہ گھروں میں سولر سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کے بجلی بل بھی کم ہو رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث بجلی ٹیرف میں واضح کمی آئی ہے، تاہم نئے آئی پی پیز کی نیٹ میٹرنگ سے عوام پر فی یونٹ 4 روپے اضافی بوجھ پڑا ہے، جسے حکومت قابو کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

    مزید پڑھیں : ملک بھر کیلئے بجلی سستی ہونے کا امکان

    اس سے قبل نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کے تحت فی یونٹ بجلی 1.89 روپے کمی کی منظوری دی تھی ، جس سے گھریلو صارفین کو 3 ماہ تک ریلیف ملے گا۔

    دوسری جانب، محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں سیلابی صورتحال سنگین شکل اختیار کر گئی ہے، ملتان میں دریائے چناب کے قریب ہیڈ محمد والا پر حفاظتی شگاف ڈال کر 3 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ جلالپور پیروالا اور دریائے ستلج کے کنارے واقع 140 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں۔

    راجن پور، بہاولپور، فیصل آباد اور چشتیاں سمیت کئی اضلاع میں درجنوں دیہات زیر آب آچکے ہیں۔ ہیڈ بلوکی پر دریائے راوی کا بہاؤ 1 لاکھ 99 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے جبکہ دیگر دریاؤں میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال نازک ہے اور مزید ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔

    Pakistan Floods 2025: LIVE Updates

  • پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیاحت کے فروغ کیلیے اہم فیصلہ

    پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیاحت کے فروغ کیلیے اہم فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیاحت انڈسٹری کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس ضمن میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے تحت ٹورازم اسکل اینڈ انویسٹمنٹ ایکسپو 2025 کا اعلان کیا گیا ہے جو 10 سے 12 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہو گی۔

    حکام وزارت بین الصوبائی رابطہ کا کہنا ہے کہ ایکسپو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا جس کا افتتاح وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے متوقع ہے۔

    حکام کے مطابق ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں، اسٹیک ہولڈرز کی بڑی تعداد ایکسپومیں شریک ہو گی، ایکسپو میں سیاحت، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کی اسکلز پر فوکس کیا جائے گا۔

    ایکسپو کا مقصد پاکستان کوعالمی سطح پرسیاحتی مرکزکے طور پر متعارف کرانا ہے جب کہ ایکسپو میں سیاحت کےفروغ ،سرمایہ کاری کے مواقع پر خصوصی سیشنز ہوں گے۔

    کانفرنس میں سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹریول، ٹور آپریٹرز اور مہمان نوازی سے متعلق اسٹالز لگائے جائیں گے۔

    ایڈونچر ٹورازم اور ثقافتی ورثے سے متعلق خصوصی ایونٹس کا اہتمام کیا جائے گا۔

  • فلڈریلیف آپریشن میں جاں بحق اسسٹنٹ کمشنر پتوکی  کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ

    فلڈریلیف آپریشن میں جاں بحق اسسٹنٹ کمشنر پتوکی کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ

    لاہور : فلڈریلیف آپریشن میں جاں بحق اسسٹنٹ کمشنرپتوکی فرقان احمد خان کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا، وہ کینسر مریض ہونے کے باوجود 4 دن سے فلڈ ریلیف ڈیوٹی کر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی، فرقان احمد خان کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے اور ان کے ورثاء کے لیے ایک کروڑ روپے مالی گرانٹ کا اعلان کردیا۔

    مریم نواز نے اسسٹنٹ کمشنر کیلئے اعلیٰ سول ایوارڈاور ایک کروڑ روپے دینے کی منظوری دے دی۔

    چار برس سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود فرقان احمد خان مسلسل چار دن تک فلڈ ریلیف ڈیوٹی پر متحرک رہے ساتھ ہی متاثرہ عوام کو خوراک، ادویات اور دیگر امدادی سامان فراہم کرنے میں پیش پیش رہے اور دورانِ آپریشن وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر ایک حقیقی ہیرو تھے جنہوں نے مشکل حالات میں عوام کی مدد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم ان کی قربانی اور عزم کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

    مزید پڑھیں : اسسٹنٹ کمشنر پتوکی چل بسے

    گذشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر فرقان محمد خان واش روم میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، واش روم میں گرنے سے ان کے سر پر چوٹ آئی تھی۔

    پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا تھا کہ سر کی چوٹ اور خون بہنے سے اسسٹنٹ کمشنر فرقان محمدخان کی موت ہوئی ہے۔

  • ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کے لئے اہم خبر

    ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کے لئے اہم خبر

    لاہور : ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا طریقہ کار اور فیس شیڈول جاری کردیا گیا ، شہری 1 سے 5 سالہ مدت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب سمیت ملک بھر میں ڈرائیونگ کے لیے درست ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    محکمہ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس اس بات کی ضمانت ہے کہ ڈرائیور نے ضروری ٹیسٹ پاس کیے ہیں اور ٹریفک قوانین سے آگاہ ہے، جس سے حادثات میں کمی اور سڑکوں پر بہتر نظم و ضبط قائم ہوتا ہے۔ لائسنس قانونی طور پر گاڑی چلانے کی اجازت کا ثبوت بھی ہے۔

    لرنر ڈرائیونگ لائسنس

    ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے سے پہلے شہریوں کو لرنر لائسنس لینا لازمی ہے، جس کی فیس 500 روپے ہے اور یہ آن لائن بھی حاصل کیا جا سکتا ہے، اس کے بعد امیدوار کو مقررہ سینٹر میں جا کر تھیوری اور عملی امتحان دینا پڑتا ہے، جس کے بعد باقاعدہ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔

    ستمبر 2025 کے لیے ڈرائیونگ لائسنس فیس

    پنجاب میں کار ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹیسٹ فیس 150 روپے مقرر ہے، ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد امیدوار کو مزید 1,350 روپے ادا کرنا ہوں گے جبکہ کوریئر فیس 480 روپے ہے، اس طرح ایک سالہ ڈرائیونگ لائسنس کی مجموعی لاگت 1,830 روپے بنتی ہے۔

    محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق شہری 1 سے 5 سالہ مدت کے لیے بھی ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں، جس کی فیس شیڈول مختلف ہوگا۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

  • پاکستانی نوجوانوں  کے لیے  دبئی کے فری ٹکٹس ، بڑی خوشخبری آگئی

    پاکستانی نوجوانوں کے لیے دبئی کے فری ٹکٹس ، بڑی خوشخبری آگئی

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نوجوانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے دبئی کے 24 ٹکٹس دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ میگا آئی ٹی انٹری ٹیسٹ میں ہزاروں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی، تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی شریک ہوئے اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی

    گورنر سندھ تقریب کے دوران نوجوانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے دبئی کے 24 ٹکٹس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تقریب میں شریک ایک طالبہ کو عمرے کا ٹکٹ انعام میں دیا۔

    کامران ٹیسوری نوجوانوں کے درمیان جاکر ان کا حوصلہ بڑھاتے رہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پہلے ہماری افواج نے بھارت کے جہاز گرائے اور اب نوجوانوں کے ساتھ مل کر بھارت کی آئی ٹی ایکسپورٹ کو گرائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی تعلیم کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، پوری کوشش ہے کہ نوجوان اپنے پیروں پر کھڑے ہوں اور ہم انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

    یاد رہے اس سے قبل انہوں نے لیاری میں عمارت گرنے کے المناک واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 80 گز کا پلاٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔

    گورنر سندھ نے مطالبہ کیا تھا کہ سندھ حکومت متاثرہ خاندانوں کو 6 ماہ کا کرایہ ادا کرے اور انہیں اسی علاقے میں رہائش کے لیے گھر فراہم کیے جائیں۔

  • دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری ، لاہور ، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

    دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری ، لاہور ، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

    لاہور : پنجاب کے تین دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے خطرے کے پیش ںظر الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں لاہور ، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق وبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے ستلج، راوی، چناب اور ملحقہ ندی نالوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 5 ستمبر تک دریائے راوی، ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں ہریکے ڈاؤن اسٹریم اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، جبکہ دریائے چناب ہیڈ تریموں کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ادارے نے خبردار کیا ہے کہ 3 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

    مزید برآں، اگلے 72 گھنٹوں میں لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ان میں لاہور، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں اور مظفرگڑھ شامل ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق حساس مقامات پر ریسکیو ٹیموں کو تعینات کرنے اور شہریوں کو موسلادھار بارش کی صورت میں بروقت آگاہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

  • میرا راجپوت نے اپنے کاروباری سفر کی کامیابی کا کریڈٹ شاہد کپور کو دیدیا

    میرا راجپوت نے اپنے کاروباری سفر کی کامیابی کا کریڈٹ شاہد کپور کو دیدیا

    نئی دہلی(ئکم ستمبر): بالی ووڈ اسٹار شاہد کپور نے اہلیہ میرا راجپوت نے اپنے کاروباری سفر کی کامیابی کا کریڈٹ اپنے شوہر کو دیا ہے۔

    ’اسٹار وائف‘ ہونے کے باوجود میرا راجپوت نے ایک یوٹیوبر اور کاروباری شخصیت کے طور پر اپنی الگ شناخت بنائی ہے، انہوں نے ویلنس سینٹر ’دھن‘ کی بنیاد رکھی ساتھ ہی وہ اسکن کیئر برانڈ ’اکنڈ‘ کی شریک بانی بھی ہیں۔

    اب میرا نے اپنی بہن نور ودھوانی اور ان کے شوہر کے یو ایس بیسڈ لگژری برانڈ ’Mo’s Athletifreak‘ میں سرمایہ کاری کرکے اپنے کاروباری سفر میں ایک نیا اعزاز شامل کیا ہے، جو دہلی میں اپنا پہلا ایشیائی اسٹور کھولنے جارہا ہے۔

    اس نئے منصوبے میں میرا کے ساتھ ان کے شوہر شاہد کپور بھی شامل ہیں، جنہیں وہ اپنے سفر کی محرک قوت قرار دیتی ہیں، میرا راجپوت نے یہ کہا کہ ان کی گھریلو اور پیشہ وارانہ زندگی میں توازن نے بھی اس بزنس کی شروعات میں اہم کردار نبھایا ہے۔

    میرا راجپوت نے اپنے پیشہ وارانہ سفرپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فٹنس اور صحت ہماری زندگی کا لازمی حصہ ہے، صرف فٹنس نہیں بلکہ ہمارے جذبے نے ہمیں اس پروجیکٹ سے جوڑے رکھا ہے۔

    انہوں نے شاہد کپور کے ڈسپلن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شاہد کپور کے کام اور فٹنس کے تئے شدہ ڈسپلن نے ہمیں اس پروجیکٹ کی شروعات کرنے کی ترغیب دی ہے۔

    میرا راجپوت نے مزید کہا کہ شاہد کپور کے رقص کے جذبے اور کام اور فٹنس ڈسپلن اس پروجیکٹ سے جڑا ہے، میرا نے اپنی بہن نور وادھوانی کی بھی تعریف کی جنہوں نے 2021 میں شاہد کپور کے ساتھ اس برانڈ کی بنیاد رکھی تھی۔

     میرا کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے کے کام کی اتنی ہی تعریف کرتے ہیں اور ایک دوسرے سے سیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ میرے لئے بہترین تجربہ ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Athletifreak (@athletifreak.in)

    میرا راجپوت نے انٹرپرینیور شپ کا اپنا فلسفہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میرے انٹرپرینیور شپ کی شروعات اس بھروسے سے ہوئی تھی جو لوگوں کو مجھ پر اور میرے وژن میں ہے۔ یہ میرے لئے بہترین تجربہ ہے کیونکہ میرے کاروبار کی توجہ کا مرکز صارفین ہیں اسی لئے میں اس کام کرتے ہوئے اچھا محسوس کرتی ہوں۔

  • سہ ملکی سیریز: شائقین کرکٹ کیلئے نیا پروٹوکول جاری

    سہ ملکی سیریز: شائقین کرکٹ کیلئے نیا پروٹوکول جاری

    شارجہ میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکام نے شائقین کے لیے نیا پروٹوکول جاری کردیا۔

    حکام کے مطابق سہ ملکی سیریز کے میچز دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین صرف اپنی ٹیم کی حمایت کریں، مخالف ٹیم کے خلاف نعرے بازی یا اشاروں سے گریز کریں۔

    حکام نے شائقین کے لیے نیا پروٹوکول جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شائقین اپنی نشستوں پر رہیں، دوسرے اسٹینڈ میں ہرگز نہ جائیں، مخالف ٹیم کے شائقین کے قریب جا کر نعرے یا نامناسب اشارے کرنے سے بھی گریز کریں۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ کھیل کے دوران بھاگ دوڑ اور بینظمی سے بچیں، اماراتی قوانین کا احترام کریں اور کھیل کی روح برقرار رکھیں۔

    سلمان آغا نے میچ جیتنے کے باوجود ٹیم کی خامی بیان کردی

    قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے یو اے ای سے میچ جیتنے کے باوجود ٹیم کی خامی بیان کردی۔

    شارجہ میں یو اے ای سے میچ جیتنے کے بعد سلمان آغا نے کہا کہ میچ ضرور جیتے ہیں لیکن آخری پانچ اوور میں بولنگ مزید بہتر کرنا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری مجموعی کارکردگی بہت اچھی رہی، حسن نواز شاندار ٹیلنٹ ہے اور اس نے پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

    دوسری جانب یو اے ای کے کپتان محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم نے پندرہ سے بیس رنز زیادہ بنوادیے، بولرز نے آخری اوورز میں زیادہ رنز دے دیے تھے ورنہ میچ مزید دلچسپ ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ آصف خان نے لاجواب اننگ کھیلی، مڈل آرڈر میں کوئی ساتھ دیتا تو کچھ بھی ہوسکتا تھا۔

    شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 208 رنز کے تعاقب یو اے ای کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی تھی، صائم ایوب کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    پشاور میں پی ایس ایل اور بین الاقوامی میچز کرائے جائیں، شاہد آفریدی

    آصف خان کی 77 رنز کی دھواں دھار اننگز رائیگاں گئی، کپتان محمد وسیم 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    اوپنر محمد زوہیب 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ایتھن ڈی سوزا 3 رنز بناسکے، راہول چوپڑا کو 11 رنز پر محمد نواز نے آؤٹ کیا۔

    پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین اور محمد نواز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

  • بھارتی ایجنسی را  کیلئے کام کرنے والے ملزم  کو  عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

    بھارتی ایجنسی را کیلئے کام کرنے والے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

    کراچی : بھارتی ایجنسی کیلئے کام کرنے والے ملزم ارسلان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 9 ستمبر تک تفتیشی افسر کو چارج شیٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے لیے کام کرنے والے ملزم ارسلان کو پیش کیا گیا،

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم ارسلان نے دیگر گرفتار ملزمان کی سہولت کاری کی اور انہیں رقم بھی پہنچائی، اس نے قتل سے قبل اور بعد میں رقوم کی ترسیل بھی کی، استدعا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم عمیر نے جے آئی ٹی کے سامنے انکشاف کیا تھا کہ عبد الرحمان عرف رضا اللہ کا قتل سندھ کے شہر ماتلی میں کیا گیا، جس کے لیے اسلحہ کی فراہمی بھی عمیر نے کی۔

    مزید پڑھیں : دہشت گردی کا الزام ثابت، بھارتی جاسوس کو 20 سال قید کی سزا سنادی گئی

    تفتیشی رپورٹ کے مطابق قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ ملزم عمیر نے فراہم کیا جبکہ 33 لاکھ روپے محمد سلمان اور فہد نصیر کے اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ملزمان سے مزید تفتیش درکار ہے۔

    عدالت نے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 9 ستمبر تک تفتیشی افسر کو چارج شیٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔