اسلام آباد: اقوام متحدہ نے پاکستان میں مائیگریشن نیٹ ورک قائم کردیا ، یو این این ایم کا قیام انسانی ہجرت اور تارکین وطن کی اسمگلنگ جیسی مشکلات سے نمٹنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے پاکستان میں یونائیٹڈ نیشنز نیٹ ورک آن مائیگریشن قائم کردیا۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف وزارتوں کے حکام اور یو این نمائندوں نے شرکت کی۔
وزارت داخلہ کے حکام سیپ جان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ واقعات کے بعد حکومت نے غیر قانونی ہیومن ٹریفکرز اور اسمگلرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ اب تک 1,550 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ 53 موسٹ وانٹڈ ٹریفکرز کو ریڈ نوٹس میں شامل کیا گیا ہے۔ ان اسمگلرز کے بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں بھی منجمد کردی گئی ہیں۔
سیپ جان کا کہنا تھا کہ پاکستان انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کر رہا ہے اور صرف 2024 میں تقریباً 28 ہزار افراد کو آف لوڈ کیا گیا، یو این این ایم کا قیام انسانی ہجرت اور تارکین وطن کی اسمگلنگ جیسی مشکلات سے نمٹنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحیی نے کہا کہ نیٹ ورک کا قیام اجتماعی عزم کا مظہر ہے کہ انسانی ہجرت محفوظ اور منظم ہونی چاہیے، یہ نیٹ ورک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گا جس کے ذریعے ہجرت کے بیانیے کو مثبت انداز میں بدلا جاسکے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ انسانی نقل و حرکت سے جڑی مشکلات کے حل اور تارکین وطن کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
افتتاحی تقریب میں یو این مائیگریشن نیٹ ورک سیکرٹریٹ کے سربراہ جوناتھن پرینٹس کا ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا، تقریب میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور وزارت برائے سمندر پار پاکستانیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔