Author: ویب ڈیسک

  • فوجی مشق برائٹ سٹار’النجم الساطع 2025‘ کا آغاز، سعودی عرب کی شرکت

    فوجی مشق برائٹ سٹار’النجم الساطع 2025‘ کا آغاز، سعودی عرب کی شرکت

    سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مصر میں فوجی مشق برائٹ سٹار’النجم الساطع 2025‘ کا آغاز ہوگیا، جس میں سعودی عرب بھی شریک ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فوجی مشق برائٹ اسٹار میں شریک دستے لائیو ایمبونیش کے ساتھ فائرنگ کی مشق اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی بھی مشقیں کریں گے۔

    رپورٹس کے مطابق مسلح افواج کی تربیت اور اپ گریڈیشن کے نگران اعلی بریگیڈیئر عادل البلوی کا کہنا تھا کہ مشترکہ مشقوں کا مقصد مختلف عسکری شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا اور باہمی تجربے سے مستفیض ہونا ہے۔

    بریگیڈیئر عادل البلوی نے کہا کہ قومی عسکری دستے زمینی مشقوں کے مختلف مراحل میں شریک ہوں گے جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بھی فروغ ملے گا اور شریک ممالک کے دستوں کے ساتھ ہم آہنگی بڑھے گی۔

    سعودی عرب: سگریٹ نوشی کرنے والے خبردار! کیا سزا ملے گی ؟

    یاد رہے کہ عسکری مشق ’النجم الساطع 2025‘ مصر کے محمد نجیب بیس پر ہو رہی ہے جس کا مرکزی ہدف دہشتگردی سے نمٹنے کیلیے کارروائیاں، غیرروایتی جنگ، لاجسٹک سپورٹ اور بحری سلامتی کے علاوہ طبی انخلا کے آپریشنز کیے جائیں گے۔

  • حاملہ ہونے کی خبریں، ماورا حسین نے خاموشی توڑ دی

    حاملہ ہونے کی خبریں، ماورا حسین نے خاموشی توڑ دی

    (یکم ستمبر 2025): پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے اپنے حاملہ ہونے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

    ماورا حسین پاکستانی شوبز کا ایک جانا پہچانا نام تو ہیں ہی لیکن اس کے ساتھ انہوں نے بالی وڈ کی فلم ‘صنم تیری قسم’ میں ادکاری کے جوہر دکھا کر بھارتی ناظرین کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا تھا۔

    ماورا ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستانی شوبز کا حصہ ہیں انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور وی جے اے آر وائی میوزک میں کیا، انہوں نے بے شمار مشہور ڈراموں میں کام کیا اس کے علاوہ وہ پاکستانی فلم ‘جوانی پھر نہیں آنی 2’ میں اداکار و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ کے مدِ مقابل نظر آئی تھیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by MAWRA (@mawrellous)

    اداکارہ ماورا نے اپنے دیرینہ دوست امیر گیلانی سے طویل عرصے تک تعلقات کے بعد اچانک نکاح کیا، ادکارہ کے نکاح کی مختصر لیکن خوبصورت تقریب 5 فروری کو لاہور میں منعقد ہوئی جس میں صرف ان کے قریبی عزیز و اقارب شریک ہوئے جس کے بعد باقاعدہ رخصتی ہوئی۔

    حال ہی میں اداکارہ نے ایک تقریب میں شرکت کی، اس دوران ان کی کئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد مختلف سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے یہ اندازہ لگایا گیا کہ ماورا حسین حاملہ ہیں۔

    تاہم ماورا حسین نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسی تقریب میں شرکت کے دوران پہنے گئے لباس میں اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے حمل سے متعلق چہ مگوئیاں کرنے والے سوشل میڈیا پیجز کو جواب دیا اور واضح کیا کہ وہ حاملہ نہیں ہیں اور ایسی افواہیں پھیلانا بند کی جائیں۔

    انہوں نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ‘افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، مجھے "دم نال دم بھرا گی رانجیھا وے” دور لطف اٹھانے دیں، اداکارہ نے انسٹا اسٹوریز میں بھی درخواست کی کہ مزید ایسی افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔

  • پی ٹی آئی کا  قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے بعد سینیٹ الیکشن  کے بائیکاٹ کا اعلان

    پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے بعد سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے بعد سینیٹ کے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بانی اور جیل میں قید چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر آئندہ تمام ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، تاہم میاں اظہر کی خالی نشست پر انتخاب میں حصہ لیا جائے گا۔

    تحریک انصاف نے واضح کیا کہ سینیٹ میں اعجاز چوہدری کی خالی نشست کے انتخاب کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا، بانی نے کہا ہے کہ نو مئی کیسزمیں پی ٹی آئی ارکان کوناحق سزادی گئی، بنیادی حقوق پامال کیے گئے، یہ انتقامی کارروائی کی بدترین مثال ہے۔

    تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا، عمران خان کی ہدایت پر اعجاز چوہدری کی نشست کے لیے ان کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز کو نامزد کیا گیا تھا۔

    سلمیٰ اعجاز نے کہا جعلی انتخابات کا حصہ نہیں بنوں گی، پی ٹی آئی کا یہ فیصلہ دوٹوک پیغام ہے، پارٹی غیر منصفانہ انتخابی عمل کو تسلیم نہیں کرے گی۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے 18 ارکان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی

    پارٹی کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی اس فیصلے کے ذریعے یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ کسی بھی غیر منصفانہ انتخابی عمل کو قبول نہیں کریں گے۔

    دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے عمران خان کی سات مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور کر لی ہیں، یہ مقدمات تشدد، جلاؤ گھیراؤ، قتل کی سازش اور اشتعال انگیزی سے متعلق ہیں جو گزشتہ سال ستمبر اور نومبر میں مختلف تھانوں میں درج کیے گئے تھے۔

    وہ اس وقت اڈیالہ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں جبکہ ان درخواستوں پر سماعت یکم ستمبر کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوگی۔

  • کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ برصغیر کے 5 دہشت گرد  گرفتار

    کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ برصغیر کے 5 دہشت گرد گرفتار

    کراچی : محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی سےکالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ برصغیر کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    کارروائیاں منگھوپیر اور کشمیر روڈ کے علاقوں میں کی گئیں جن کے دوران کالعدم تنظیموں کے 5 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اللہ نور اور سرفراز شامل ہیں، جبکہ القاعدہ برصغیر سے تعلق رکھنے والے سلیم، جہانزیب اور امداد اللہ کو بھی حراست میں لیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تمام دہشت گرد فتنہ الخوارج اور القاعدہ برصغیر کے نیٹ ورک سے وابستہ تھے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گرد پڑوسی ملک میں عسکری تربیت حاصل کرچکے ہیں اور کراچی میں بڑی تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف غیرقانونی اسلحہ رکھنے اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے دیگر کارندوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

  • نئے میزائلوں سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی، کِم جونگ اُن

    نئے میزائلوں سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی، کِم جونگ اُن

    شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن کا کہنا ہے کہ نئے میزائلوں سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کورین سپریم لیڈرکِم جونگ اُن نے میزائلوں کی نئی پروڈکشن لائن کا دورہ کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ میزائلوں کی تیاری کے لیے کئے گئے جدید انتظامات سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی۔

    شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ چین میں چینی اور روسی صدر کے ہمراہ یوم فتح پر منائی جانے والی ملٹری پریڈ کے مہمان خصوصی ہونگے۔

    دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو تیز تر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ اُن کے ملک کو ایٹمی طاقت میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کو ”جنگ بھڑکانے کے ارادے کا واضح اظہار“ قرار دیا۔ جنوبی کوریا اور اس کا اتحادی امریکا رواں ہفتے مشترکہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں، ان مشقوں میں شمالی کوریا کی جوہری دھمکیوں کے پیش نظر ایک بہتر دفاعی ردعمل کی مشقیں بھی شامل ہیں۔

    روس، چین، شمالی کوریا پھر سے امریکا کی عزت کرنے لگے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    اگرچہ سیؤل اور واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہیں، تاہم پیانگ یانگ باقاعدگی سے ایسی مشقوں پر تنقید کرتا رہا ہے اور انھیں حملے کی تیاری کی مشقیں قرار دیتا ہے، اور بعض اوقات اس کے جواب میں ہتھیاروں کے تجربات بھی کرتا ہے۔

  • ’’بھارت نے وفاقی حکومت کو ایک نئے سیلابی ریلے سے آگاہ کر دیا‘‘

    ’’بھارت نے وفاقی حکومت کو ایک نئے سیلابی ریلے سے آگاہ کر دیا‘‘

    لاہور (01 ستمبر 2025): وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کچھ دیر قبل بھارت نے وفاقی حکومت کو ایک نئے سیلابی ریلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

    عظمیٰ بخاری نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ پنجاب اس وقت سپر فلڈ کی زد میں ہے، اس وقت راوی، ستلج اور چناب میں بیک وقت سیلاب ہے، پنجاب میں گزشتہ 3 ماہ سے مون سون کا سیزن جاری تھا، پھر بھارت کی جانب سے پانی چھوڑا گیا جس سے تباہی ہوئی۔

    عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ بھارت نے وفاقی حکومت کو ایک نئے سیلابی ریلے سے آگاہ کیا ہے، آئندہ 48 گھنٹوں میں جھنگ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ اور بہاولپور ہائی الرٹ پر ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب جھنگ کے دورے پر ہیں جہاں وہ حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

    سیلاب کا بڑا ریلا آج ملتان میں داخل ہونے کا امکان، انتظامیہ، فوج اور ریسکیو ادارے الرٹ

    صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 2200 سے 2500 گاؤں متاثر ہو چکے ہیں، ہم نے سیلاب آنے سے پہلے لوگوں کا انخلا یقینی بنا لیا تھا، پانی کا فلو اتنا تیز تھا کہ کسی انسان یا جانور کا بچنا ممکن نہیں تھا، لیکن انسانوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کو بھی بچایا جا رہا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا دریائے چناب میں سیلاب سے 16 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں، 3 لاکھ 44 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو فیز کے بعد پورے پنجاب کی رپورٹ تیار کی جائے گی، جس میں تعین کیا جائے گا کہ کون سے ریور بیلٹ پر آبادیاں بنائی گئی ہیں۔ انھوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ مریم نواز کی زیر قیادت پنجاب حکومت میں کسی غیر قانونی سوسائٹی کو این او سی نہیں دیا گیا، نئی آبادیاں آرگنائز طریقے سے این او سی کے تحت بنائی جا رہی ہیں، روڈا کے سی ای او نے بھی کل کہا کہ کوئی بھی نئی این او سی نہیں دی گئی۔

    عظمیٰ بخاری نے کہا وزیر اعلیٰ نے مویشیوں کے لیے لوسٹ اینڈ فاؤنڈ ڈیپارٹمنٹ بنانے کی ہدایت کی ہے، تمام اضلاع میں اس کے سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، کسی کے مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے تو ان کی تلاش کی جا رہی ہے، ڈرونز کے ذریعے دیکھا جا رہا ہے کہ کوئی فیملی یا مویشی پھنسا ہوا ہے تو ریسکیو کرایا جائے۔

  • آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا

    آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کیا ہے جو انعامی رقم کے لحاظ سے تاریخی ہے۔

    آئی سی سی کی گورننگ باڈی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق ویمن ورلڈکپ کی مجموعی انعامی رقم 13.88 ملین ڈالر(پاکستانی روپوں میں 3.928 ارب روپے)  رکھی گئی ہے۔

    یہ انعامی رقم 2022 کے ایڈیشن میں پیش کی گئی 3.5 ملین ڈالر کی انعامی رقم سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے، ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 4.48 ملین ڈالر اور رنر اپ کو 2.24 ملین ڈالر ملیں گے۔

    آئی سی سی کے مطابق سیمی فائنلسٹ ٹیموں کو  1.12 ملین ڈالر کی انعامی رقم ملے گی، آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ مقابلہ بھارت اور سری لنکا کے مشترکہ میزبانی میں 30 ستمبر سے شروع ہوگا۔

    ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں اب بھاری انعامات دیے جائے گے، ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو کم از کم 250,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 70.7 ملین روپے) ملیں گے، اور گروپ اسٹیج کی ہر فاتح ٹیم کو 34,314 ڈالر کا اضافی انعام ملے گا۔

    پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 700,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 198.1 ملین روپے) حاصل کریں گی، جبکہ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن والی ٹیمیں بالترتیب 280,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 79.2 ملین روپے) حاصل کریں گی۔

  • شیر کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی ، مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    شیر کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی ، مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    سری نگر : شیر کشمیر حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی میں شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی آج منائی جارہی ہے، اس موقع پر وادی بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔

    مظفرآباد میں برہان وانی چوک پر حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی برسی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مرحوم کی تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    سید علی گیلانی 1929 میں ضلع بانڈی پورہ کے گاؤں زڑی منج میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم مسجد وزیر خان سے ملحقہ مدرسے میں حاصل کی جبکہ لاہور کے اورینٹل کالج سے بھی تعلیم حاصل کی, وہ اخبارات میں صحافت اور مختلف تعلیمی اداروں میں تدریسی فرائض بھی سرانجام دیتے رہے۔

    سیاسی میدان میں وہ نیشنل کانفرنس، جماعت اسلامی اور تحریک حریت کے رکن رہے۔ 1972، 1977 اور 1987 میں مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1993 میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی بنیاد رکھی اور 1998 سے 2006 تک تین مرتبہ چیئرمین منتخب ہوئے۔ 2015 میں انہیں تاحیات چیئرمین بنایا گیا۔

    سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کے آخری گیارہ سال بھارتی حکومت کے حکم پر نظر بندی میں گزارے، ان کا پاسپورٹ 1981 سے ضبط رکھا گیا۔ یکم ستمبر 2021 کو وہ سرینگر کے علاقے حیدرپورہ میں وفات پا گئے۔ ان کی وفات کی خبر پر بھارتی حکومت نے وادی بھر میں کرفیو نافذ کر دیا اور انٹرنیٹ و ذرائع ابلاغ معطل کر دیے۔ ان کے جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپردِ خاک کیا گیا۔

    سید علی گیلانی کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے بڑے حامی تھے اور عمر بھر بھارتی فوج کے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور تحریکِ آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہے۔ انہوں نے تحریکِ آزادی پر 21 سے زائد کتب تصنیف کیں جن میں رودادِ قفس، نوائے حریت، صدائے درد، ملتِ مظلوم اور پیام آخرین شامل ہیں۔

    تحریکِ آزادی کشمیر میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں اعلیٰ ترین سول اعزاز "نشانِ پاکستان” سے نوازا۔ قومی اسمبلی میں ان کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں کیا گیا۔

  • سعودی عرب: ایک ہفتے میں 20 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین گرفتار

    سعودی عرب: ایک ہفتے میں 20 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین گرفتار

    سعودی عرب میں فورسز نے گزشتہ ہفتے کارروائی کے دوران 20 ہزارسے زائد غیر قانونی تارکین کو حراست میں لے لیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاریاں 21 اگست سے 27 اگست 2025 کے درمیان کی گئی ہیں، غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کل گرفتار شدگان میں سے 12891 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔

    رپوٹس کے مطابق 3888 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے جبکہ 3540 تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔

    مذکورہ عرصے کے دوران 1238 افراد گرفتار ہوئے ہیں جو سرحد عبور کرکے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان میں سے 50 فیصد یمنی، 49 فیصد ایتھوپی جبکہ ایک فیصد دیگر ممالک کے تارکین تھے۔

    اسی طرح سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے 22 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

    کمیٹی کے مطابق غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرنے پر 16 افرادکو حراست میں لیا گیا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا سنگین جرم ہے جس پر 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت بلدیات اور ہاؤسنگ نے کھانے کے شعبے میں صحت اور حفاظت کے معیار کو سخت کرنے کے مقصد کے تحت نئے جرمانوں کا اعلان کیا ہے، جس میں فوڈ آؤٹ لیٹس میں سگریٹ نوشی پر 5,000 ریال کا جرمانہ بھی شامل ہے۔

    رپورٹس کے مطابق غیر صحت بخش طریقوں، دھوکہ دہی پر مبنی فروخت، اور فوڈ سیفٹی کے قوانین کی عدم تعمیل پر سخت اقدامات حفظان صحت اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے ہیں۔

    سعودی عرب سے 40 ناٹیکل میل دور اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ

    کھانے کی تیاری کے جگہوں میں کارکنوں کو چہرے کے ماسک نہ پہننے پر 1,000 SR اور سر نہ ڈھانپنے پر 1,000 SR جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، غیر مجاز علاقوں میں سگریٹ نوشی پر 5000 ریال کا سب سے زیادہ جرمانہ ہوگا۔

  • بھارت کیخلاف شاندار فتح کی یاد میں  ’’معرکہ حق ‘‘ یادگار کی تعمیر کا آغاز

    بھارت کیخلاف شاندار فتح کی یاد میں ’’معرکہ حق ‘‘ یادگار کی تعمیر کا آغاز

    اسلام آباد : بھارت کیخلاف شاندار فتح کی یاد میں ’’معرکہ حق ‘‘یادگار کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا، یادگار کا تھیم قرآن پاک کی آیت "بنیان مرصوص” سے لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے خلاف شاندار فتح کی یاد میں اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-8 میں قومی یادگار ’’معرکہ حق‘‘ کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا۔ یہ یادگار زیرِ استعمال پارک میں تعمیر کی جارہی ہے جسے جدید اور پرکشش عوامی مقام میں تبدیل کیا جائے گا۔

    یادگار کا تھیم قرآن پاک کی آیت "بنیان مرصوص” سے لیا گیا ہے جس کا مفہوم "سیسہ پلائی ہوئی دیوار” ہے۔ یہ علامت قوم کے اجتماعی غیر متزلزل عزم اور اتحاد کو ظاہر کرتی ہے۔

    منصوبے کے ڈیزائن اور تعمیر کی ذمہ داری فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو سونپی گئی ہے جبکہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے یادگار کے لیے مختص جگہ ایف ڈبلیو او کو فراہم کر دی ہے۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت اور حکومتی مالی معاونت سے منصوبے پر عملی کام شروع کر دیا گیا ہے۔

    وزیراعظم نے 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب اس یادگار کے ڈیزائن کی نقاب کشائی کی تھی، منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے جبکہ تعمیر میں عالمی معیار کے مٹیریل اور اعلیٰ بین الاقوامی تعمیراتی تقاضوں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

    ’’معرکہ حق‘‘ یادگار کا مقصد قومی اتحاد و یکجہتی کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، جو عوامی شعور، فخر اور اجتماعی قربانیوں کی علامت کے طور پر سامنے آئے گی۔ یہ یادگار اسلام آباد کے منظرنامے میں باوقار قومی اضافہ اور قوم کے اتحاد کا مظہر ہوگی۔