Author: ویب ڈیسک

  • اسکول سے واپس آنے والی بہنوں پر آوارہ کتوں کا حملہ (ویڈیو)

    اسکول سے واپس آنے والی بہنوں پر آوارہ کتوں کا حملہ (ویڈیو)

    بھارت کے بنارس میں آوارہ کتوں نے دہشت پھیلادی، اسکول سے واپس آنے والی بہنوں پر حملہ جبکہ موٹر سائیکل پر جانے والے بچے کی ٹانگ کھینچ لی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وارانسی، اترپردیش: بنارس میں بھی آوارہ کتوں کی دہشت دیکھنے میں آرہی ہے۔ وشوناتھ مندر کی راہداری سے صرف 200 میٹر کے فاصلے پر آوارہ کتوں نے دو سے تین دنوں میں کئی بار کچھ بچوں پر حملہ کیا۔

    رپورٹس کے مطابق کتوں کے حملوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ یہ واقعات مقامی ہوٹل میں نصب سی سی ٹی وی میں قید ہو گئے۔ میونسپل کارپوریشن خاموش بیٹھی ہے۔ ادھر اب تک تین بچوں کو کتوں نے کاٹ لیا ہے۔

    شری کاشی وشواناتھ کوریڈور سے تقریباً 200 میٹر کے فاصلے پر واقع حوز کٹرا کے پتھر گلی میں کتوں نے حملہ کر کے دو بچیوں بھاویہ یادو (9) اور رودرکش یادو (7) کو اسکول سے گھر واپس لوٹنے ہوئے نشانہ بنایا۔

    اس سے قبل 25 اگست کو بھی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب دو بچے اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہے ایک چھوٹے بچے پر کتے نے حملہ کر دیا تھا جس سے اس کی ٹانگ شدید زخمی ہوگئی تھی۔

    کتوں کے حملے میں رودراکشی زمین پر گر گئی۔ چار کتے مل کر اسے کاٹنے لگے۔ بھاگتی ہوئی لڑکی نے شور مچایا تو بہت سے لوگ گھر سے باہر نکل آئے اور کتوں کو بھگا دیا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن اور مقامی عوامی نمائندوں کی لاپرواہی کی وجہ سے حالات خراب ہو رہے ہیں۔ اطلاع دینے کے بعد بھی کو سنوائی نہیں ہورہی۔

    بھارتی سپریم کورٹ کا آوارہ کتوں کو چھوڑنے کا حکم

    میونسپل پبلک ریلیشن آفیسر کا کہنا ہے کہ متعلقہ معاملے کی اطلاع ملنے کے بعد ویٹرنری افسر کو اطلاع دی گئی ہے۔ اس پر جلد ہی اس علاقے کے ساتھ دیگر علاقوں میں بھی کام شروع ہونے والا ہے۔ ان وحشی کتوں کو پکڑنے کے لیے ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

  • طلبا کے لیے بڑی خبر، اسکولوں کے نئے اوقات کار کا اعلان

    طلبا کے لیے بڑی خبر، اسکولوں کے نئے اوقات کار کا اعلان

    لاہور(یکم ستمبر 2025): پنجاب حکومت نے موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد صوبے بھر میں اسکولوں کے اوقات کار کا اعلان کردیا۔

    محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اپ ڈیٹ کردہ شیڈول کا اطلاق تمام سرکاری اسکولوں پر ہوگا ہے اور یہ 15 اکتوبر 2025 تک نافذ العمل رہے گا۔

    محکمہ اسکول ایجوکیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات صبح 8:00 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک کام کھیلں گے جمعہ کو 12:00 بجے بند ہو جائیں گے۔

    ڈبل شفٹ والے اسکولوں کے لیے صبح کی شفٹ صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک پیر سے جمعرات تک ہوگی۔ جمعہ کو صبح کی شفٹ دوپہر 12:00 بجے ختم ہوگی۔

    ڈبل شفٹ والے اسکولوں کے لیے شام کی شفٹ دوپہر 1:00 بجے شروع ہوگی اور پیر سے جمعرات شام 5:30 بجے تک جاری رہے گی، جب کہ جمعہ کے دن، شفٹ دوپہر 2:30 سے ​​شام 5:30 تک چلے گی۔

     

    نظرثانی شدہ شیڈول صوبے بھر میں موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات کے بعد ایک ہموار تعلیمی منتقلی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ ان اوقات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ پنجاب کا ایک وسیع علاقہ اس وقت تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہا ہے جس سے لاکھوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ کچھ شہروں میں اسکول سیلاب کی وجہ سے بند کردیئے گئے ہیں، کیونکہ تمام بڑے دریا بشمول چناب، راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

  • سعودی عرب: سگریٹ نوشی کرنے والے خبردار! کیا سزا ملے گی ؟

    سعودی عرب: سگریٹ نوشی کرنے والے خبردار! کیا سزا ملے گی ؟

    دبئی: سعودی عرب کی وزارت بلدیات اور ہاؤسنگ نے کھانے کے شعبے میں صحت اور حفاظت کے معیار کو سخت کرنے کے مقصد کے تحت نئے جرمانوں کا اعلان کیا ہے، جس میں فوڈ آؤٹ لیٹس میں سگریٹ نوشی پر 5,000 ریال کا جرمانہ بھی شامل ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیر صحت بخش طریقوں، دھوکہ دہی پر مبنی فروخت، اور فوڈ سیفٹی کے قوانین کی عدم تعمیل پر سخت اقدامات حفظان صحت اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے ہیں۔

    کھانے کی تیاری کے جگہوں میں کارکنوں کو چہرے کے ماسک نہ پہننے پر 1,000 SR اور سر نہ ڈھانپنے پر 1,000 SR جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، غیر مجاز علاقوں میں سگریٹ نوشی پر 5000 ریال کا سب سے زیادہ جرمانہ ہوگا۔

    فوڈ ڈیلیوری ورکرز جو سرکاری کمپنی کی وردی نہیں پہنیں گے ان ان پر 500 ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    وہ کاروبار جو صارفین کو فروزن فروٹ جوس پیش کرتے ہیں اور یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ تازہ تیار کیے گئے ہیں انہیں 1000 ریال کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    کھانے کے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز، جو ناک اور منہ کو چھوتے ہوئے یا تھوکتے ہوئے پکڑے گئے، انہیں 2000 ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سے منشیات فروش غیر ملکی و شہری گرفتار

    وزارت نے زور دیا کہ ان اقدامات کا مقصد صحت عامہ کی حفاظت، صارفین کی حفاظت اور خوراک کی فراہمی کے سلسلے میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ فوڈ اداروں اور ڈیلیوری کمپنیوں سے کہا گیا کہ وہ جرمانے سے بچنے کے لیے ضوابط کی مکمل تعمیل کریں۔

  • ایران اور چین عالمی نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایرانی سپریم لیڈر

    ایران اور چین عالمی نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایرانی سپریم لیڈر

    تہران(یکم ستمبر 2025): ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران اور چین عالمی نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ چین کے موقع پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے چینی زبان میں سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اور چین، دونوں قدیم تہذیبی پس منظر رکھنے والے ممالک ہیں جو ایشیا کے دو سروں پر واقع ہیں، انہوں نے ایران اور چین کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے کو عملی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    ایران کے رہبر انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ملک خطے اور دنیا میں تبدیلی لانے کی طاقت رکھتے ہیں، ایران۔چین اسٹریٹجک معاہدے کے تمام پہلوؤں کو عملی جامہ پہنانا اس راستے کو ہموار کرے گا۔

    ایرانی وزارت امور خارجہ کا چینی میڈیا کو انٹرویو

    اس سے قبل ایرانی وزارت امور خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے چینی خبر رساں ایجنسی شینہوا کے ساتھ گفتگو میں ایران و چین تعلقات، بیجنگ میں منعقدہ شنگھائی اجلاس اور اس بین الاقوامی تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی شرکت پر روشنی ڈالی تھی۔

    ترجمان وزارت امور خارجہ نے اس انٹرویو میں شنگھائی تعاون تنظیم کو ایک ابھرتا ہوا بین الاقوامی گروہ قرار دیا اور کہا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رہنماؤں کے اہداف عالمی سطح پر قانون کی حاکمیت اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔

    ترجمان اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران اور چین کے رہنماؤں کا عزم ہے کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دی جائے۔ دونوں ملکوں کا 25 سالہ معاہدہ نافذالعمل ہے اور ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

    انہوں نے دہشت گردی کو شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام اراکین کے لیے ایک مشترکہ خطرہ قرار دیا اور کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم جنوبی ممالک کے درمیان تعاون کے لیے ایک نہایت مؤثر فریم ورک ثابت ہوسکتی ہے۔

    بقائی نے صدر مسعود پزشکیان کے بیجنگ کے دورے کو دوطرفہ تعلقات کی ترقی اور شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کے مقام و مؤقف کو مستحکم کرنے میں ایک سنگ میل قرار دیا تھا۔

  • غزہ میں اسرائیلی بمباری، صحافی اسلام موحارب عابد شہید

    غزہ میں اسرائیلی بمباری، صحافی اسلام موحارب عابد شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی وحشی پن کے نتیجے میں ایک اور فلسطینی صحافی اسلام موحارب عابد شہید ہوگئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز القدس الیوم سیٹلائٹ چینل سے وابستہ خاتون صحافی اسلام موحارب عابد اسرائیلی بمباری میں جام شہادت نوش کرگئیں۔

    میڈیا آفس نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل منظم انداز میں صحافیوں کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ اسرائیلی بربریت کی داستان دنیا کے سامنے بے نقاب نہ ہوسکے۔

    بیان میں عالمی صحافتی تنظیموں اور فیڈریشنز سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ میں صحافیوں پر ہونے والے جرائم کے خلاف آواز بلند کریں۔

    دوسری جانب اسپین کے شہر بارسلونا کی بندرگاہ سے غزہ متاثرین کی امداد کے لیے کشتیوں پر مشتمل فلوٹیلا روانہ ہوگیا۔

    ان امدادی کشتیوں کا ہدف 7 سے 8 دنوں میں غزہ تک امداد پہنچانا ہے، سمندری راستے سے غزہ تک امدادی سامان پہنچانے کی یہ سب سے بڑی اور تیسری کوشش ہے۔

    غزہ کی طرف روانہ ہونے والے فلوٹیلا میں درجنوں کشتیوں پر مشتمل ہے اور اس میں دنیا کے مختلف ممالک سے انسانی حقوق کے کارکنان شامل ہیں۔

    مسجد اقصیٰ میں اسرائیل کی خفیہ کھدائی کی ویڈیو لیک

    جس میں سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی مشہور ماحولیاتی کارکن گریتا تھنبرگ ایک مرتبہ پھر غزہ جانے والے جہاز میں دیگر انسانی حقوق کے رہنماؤں کے ساتھ شامل ہوگئی ہیں۔

    بارسلونا کی بندرگاہ پر غزہ جانے والی کشتیوں کو روانہ کرنے کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوئے، جن میں سے اکثر کے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم تھا اور وہ‘فری فلسطین’اور‘یہ جنگ نہیں بلکہ نسل کشی ہے’کے نعرے لگا دیے۔

  • کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر، بوندا باندی کا امکان

    کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر، بوندا باندی کا امکان

    کراچی(یکم ستمبر2025):شہر میں  سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر ہوگیا، درجہ حرارت 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر ہوگیا محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ 24 گھنٹے کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا ساتھ ہی شام اور رات میں بوندا باندی متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر ہے جبکہ ہوا میں نمی زیادہ ہونے سے دن میں گرمی کی شدت محسوس کی جائے گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے جبکہ شہر میں رواں ہفتے تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں آج مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ فرجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز اور موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/flood-threat-in-sindh-monitoring-cell-updates-9-1-2025/

    پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش، کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے، لاہور، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، مری اور گلیات سمیت شمال مشرقی پنجاب میں لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے۔

    خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش، دیر، سوات اور مانسہرہ میں موسلادھار بارش کی توقع ہے، پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقوں میں بارش کے باعث پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

    سندھ کے سانگھڑ، گھوٹکی، تھرپارکر اور عمرکوٹ میںں رات کو بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اس کے علاوہ کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

  • پنجاب میں سیلابی صورتحال، پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری‎

    پنجاب میں سیلابی صورتحال، پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری‎

    جھنگ، ملک کے مختلف علاقوں کے علاوہ چنیوٹ میں بھی سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کا ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے پاک فوج کے دستے جھنگ، چنیوٹ اور گردونواح میں موجود ہیں، جوانوں نے سیلاب میں پھنسے افراد کو کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    متاثرہ علاقوں سے ریسکیو کیے جانے والے افراد میں بزرگ شہری، بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، متاثرین سیلاب کی جانب سے پاک فوج کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو سراہا جارہاہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    سندھ میں سیلاب کا ممکنہ خطرہ:

    کراچی: سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر صوبائی حکومت کا ارین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل متحرک ہوگیا، بیراجوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    لمحہ بہ لمحہ جاری اپ ڈیٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر فلڈ ایمرجنسی کنٹرول روم 24/7 فعال ہے، چیف سیکریٹری سندھ کے دفترمیں فلڈ کنٹرول روم مکمل متحرک ہے۔

    گڈو بیراج اپ اسٹریم آمد3 لاکھ22ہزار819، اخراج 3 لاکھ 7 ہزار956 کیوسک ہے جبکہ سکھر بیراج اپ اسٹریم 3 لاکھ 3 ہزار480، اخراج 2 لاکھ 52 ہزار 110 کیوسک ہے۔

    کوٹری بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 73 ہزار844، اخراج 2 لاکھ 44 ہزار739 کیوسک ہے۔ سندھ میں تمام بیراجوں پر پانی کے بہاؤ کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    گڈو پیراج

    فلڈ سیل،محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے، صحت، لائیو اسٹاک کے تمام افسران کنٹرول روم میں موجود ہیں، سندھ فلڈ کنٹرول روم اضلاع کی انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہے۔

    عوامی شکایات پر فوری ریسپانس، ریلیف کے اقدامات اور سندھ میں سیلاب کے پیش نظر متاثرہ خاندانوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔

    صوبائی حکومت کے فوکل پرسن زبیر چنّہ کے مطابق سندھ میں 102 کمزور مقامات کی نشاندہی، مشینری اور ایمرجنسی مواد پہنچا دیا گیا، تریموں سے پنجند پانی کی آمد و اخراج 4 لاکھ 93 ہزار 159 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سیلابی پانی گڈو بیراج کی جانب تیز بہاؤ کے ساتھ بڑھ رہا ہے، خدشہ ہے 40 سے 50 فیصد متاثرہ آبادی ریلیف کیمپوں میں منتقل ہوگی۔

    سندھ میں سیلاب کے پیش نظر ریلیف کیمپوں کیلئے ہیلپ لائن نمبر021-99222967 اور 021-99222758 جاری کردیے گیے ہیں۔

    سندھ میں تمام بند محفوظ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنیکیلئے تیاری مکمل کرلی گئی ہے پنجند سے ہائی فلو کا خدشہ ہے پانی کی روانی میں بتدریج تیزی آرہی ہے۔

    بھارت کی آبی جارحیت کے ثبوت ہمارے پاس ہیں، مصدق ملک

    سکھر، لاڑکانہ، کشمور، جیکب آباد، دادو اور جامشورو سمیت حساس اضلاع کی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے، سکھر تاگڈو بیراج 515 ریلیف کیمپ اور 300 لائیو اسٹاک کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

    سندھ میں 192 سرکاری، مجموعی 272 ریلیف کشتیوں سمیت فورسز کی کشتیاں بھی دستیاب، ہیں، محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور ادویات کی فراہمی کو 24 گھنٹے یقینی بنایا گیا ہے۔

  • کراچی: اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    کراچی: اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    کراچی(یکم ستمبر 2025): اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 کارندوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سرجانی پولیس نے تیسر ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 ملزمان کو  گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق  ملزمان میں حیات اللہ اور شہاب شامل ہیں، کارروائی کے دوران ملزمان ارشد، اقرار اور رضوان لمبا فرار ہوگئے۔

    طارق مستوئی نے بتایا کہ ملزمان سے اسلحہ اور 4 موٹر سائیکل برآمد ہوا ہے، موٹرسائیکلیں سرجانی اور بوٹ بیسن سے چھینی اور چوری کی گئی تھی، جس کے مقدمات سرجانی اور بوٹ بیسن تھانے میں درج ہیں۔

    ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کی خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

  • صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی

    صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی

    تیانجن (01 ستمبر 2025): چین کے صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا 25 واں سربراہان مملکت کا اجلاس چین کے شہر تیانجن میں جاری ہے، وزیر اعظم شہباز شریف بھی اجلاس میں شریک ہیں۔

    چین کے صدر شی جن پنگ نے ایس سی او سربراہان مملکت کونسل اجلاس سے خطاب میں کہا یہ تنظیم باہمی اعتماد اور باہمی مفاد کے اصولوں کے تحت آگے بڑھ رہی ہے، وقت گزرنے کے ساتھ یہ تنظیم تناور درخت بن چکی ہے، ایس سی او ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی بہت گنجائش موجود ہے۔

    شی جن پنگ نے کہا رکن ملکوں کو تجارت اور معیشت کے شعبوں دستیاب مواقع سے استفادہ کرنا ہوگا، وسائل میں اضافے کے لیے استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے، ایس سی او ملکوں کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون وقت کی ضرورت ہے۔

    صدر شی جن پنگ نے ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز بھی دی، اور کہا ترقیاتی بینک قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے، ایس سی او کے اہداف حاصل کرنے کے لیے فوری فیصلہ سازی اور انفراسٹرکچر کے قیام کی ضرورت ہے۔

    چینی صدر کا کہنا تھا کہ مشترکہ خوش حال مستقبل کے لیے تجارتی اور مواصلاتی روابط بڑھانا ہوں گے، چین رکن ملکوں کی سماجی اور معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، اپنے عوام کی خوش حالی اور ترقی کے لیے ایس سی او ملکوں کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

    انھوں نے کہا ایس سی او ممالک کے درمیان بارڈر ٹریڈنگ کے پرانے تجارتی نظام کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے، اقوام متحدہ منشور کی ہدایات میں دنیا بھر میں قائم کثیر الجہتی تجارتی نظام کے فروغ کی ضرورت ہے، اور برابری کی بنیاد پر کثیرالجہتی کاروباری اور سماجی نظام کو تقویت دینے کی ضرورت ہے، دنیا میں ایسا کثیر الجہتی نظام ہو جہاں تمام اقوام برابری کی بنیاد پر فائدہ حاصل کر سکے، اس لیے عالمی حکومتی نظام کو انصاف کی بنیاد پر بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

  • افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    کابل (01 ستمبر 2025): افغانستان میں زلزلے سے 800 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں 6 شدت کا خوف ناک زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں آٹھ سو افراد جاں بحق اور ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق 2500 سے زائد شہری زخمی ہیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے 20 منٹ بعد ہی 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    زلزلے کے بعد افغان طالبان نے بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے امدادی کارروائیوں میں مدد کی اپیل کی ہے۔ بی بی سی کے مطابق زلزلے سے متاثرہ صوبہ کنڑ میں سینکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لاشوں کو منتقل کرنے کے ذمہ دار ایک طالبان عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایک گاؤں میں 21 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے۔

    خیال رہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقے دور دراز ہیں اور ان تک پہنچنا مشکل ہے، کچھ علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کر رہے جب کہ دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث رابطہ سڑکیں منقطع ہیں۔

    یاد رہے کہ 2022 میں مشرقی افغانستان میں 5.9 شدت کے زلزلے سے کم از کم ایک ہزار افراد جاں بحق اور 3 ہزار زخمی ہوئے تھے، یہ دو دہائیوں کے دوران ملک میں آنے والا سب سے بدترین زلزلہ تھا۔