Author: ویب ڈیسک

  • سندھ حکومت کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے،غلام مرتضیٰ جتوئی

    سندھ حکومت کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے،غلام مرتضیٰ جتوئی

    حیدرآباد : وفاقی وزیر صنعت وپیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی آپریشن پر سندھ حکومت کی مکمل معاونت کررہی ہے، بدقسمتی سے سندھ حکومت اپنی ذمہ داری صحیح طرح سے نہیں نبھارہی۔

    حیدرآباد میں پلیجو ہاؤس میں قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے.

    وزیراعظم کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، کراچی آپریشن کے بعد لینڈ مافیا، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں کمی آئی ہے.

    ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی کاروائی باقاعدگی کے ساتھ جاری ہے جو کچھ بھی ہوا سامنے آجائے گا لیکن 2015ء میں انہیں انتخابات ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے ہیں.

    انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں چھ چھ سو میگاواٹ کے دو پاور پلانٹ لگائے جارہے ہیں جہاں سے کوئلہ نکلے گا اسی جگہ پر پاور پلانٹ لگایا جائے گا.

    اس موقع پر ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ کراچی میں قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت ہے جب تک کراچی میں پولیس کو غیر سیاسی نہیں کیاجاتا تب تک صورتحال بہتر ہونا ممکن نہیں.

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کیلئے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق اقدامات کئے جائیں۔

  • پھلوں کے شہنشاہ ’آم‘ کے خاص فوائد

    پھلوں کے شہنشاہ ’آم‘ کے خاص فوائد

    پھلوں میں آم کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ یہ منطقہ معتدلہ کا بہت ہی ہر دل عزیز پھل ہے جسے ایشیائی پھلوں کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ خوراک کا نہایت اہم جزو اور ہر گھر میں استعمال ہونے والا قدرتی عطیہ ہے۔ یہ واحد پھل ہے جس کی اقسام کا اندازہ کرنا بہت مشکل ہے۔

    آم کے بہترین فوائد

    پختہ آم مولد خون ہے۔ یہ آنتوں کو قوت دیتا ہے۔ آم مقوی باہ ہے۔ یہ معدہ‘ گردہ‘ مثانہ کو طاقت دیتا ہے۔ قدرے دیر ہضم ہوتا ہے۔ تین ماشے آم کا گودا پانی کے ساتھ دینے سے پیچش بند ہوجاتے ہیں۔ چنبل اور بھسم روگ کو دور کرنے کیلئے آم کا رس‘گائے یا بھینس کا دودھ گرم ایک پاؤ‘ گھی ایک پاؤ اور چینی دس تولہ‘ روزانہ استعمال کرنے سے دس دن میں صحت ہوجاتی ہے۔ آم کا مربہ پھیپھڑوں‘ دل اور مثانے کو طاقت دیتا ہے۔
    بعض اطباء کے نزدیک اگر آم کے پھولوں کو جب وہ نئے نئے نکلے ہوں تو ہاتھ میں رگڑ کر پھینک دیں اور بچھو کی کاٹی ہوئی جگہ پر صرف ہاتھ پھیرنے (تین دفعہ) سے زہر کا اثر جاتا رہتا ہے۔ ہاتھ میں آم کے تازہ پھولوں کا اثر ایک سال تک رہتا ہے۔

    آم کو چوس کر کھانا بہتر ہوتا ہے۔ آموں کو برف یا ٹھنڈے پانی میں تھوڑی دیر رکھ کر کھانا چاہیے اور کھانے سے پہلے اچھی طرح سے دھو لینا چاہیے تاکہ آم کی گوند اچھی طرح سے صاف ہوجائے۔ ورنہ وہ گلے میں خراش کا سبب بنتی ہے۔

    آم کھانے کے بعد دودھ کی لسی ضروری پینی چاہیے۔ آم اعضائے رئیسہ کو قوت دیتا ہے۔ اس کے کھانے سے جسم موٹا ہوتا ہے۔ بے خوابی کی شکایت دور کرنے کیلئے ایک آم کا کھانا اور بعدازاں ٹھنڈا دودھ پینا بے حد مفید ہوتا ہے۔ آم پیشاب آور ہے۔ اگر آم کھانے کے بعد تھوڑے سے جامن کھا لیے جائیں تو اس کی گرمی زائل ہوجاتی ہے۔
    میٹھے اور تازہ آم کا تھوڑا سا گودا اگر حاملہ کو روزانہ کھلایا جائے تو ایسا کرنے سے بچہ تندرست اور صحت مند پیدا ہوتا ہے۔

    آم کا اچار بھوک بڑھاتا ہے۔

    آم کا گودا چہرے پر مل کر سوکھنے پر ٹھنڈے پانی سے دھونے سے چہرہ صاف اور ملائم ہوجاتا ہے۔
    بینائی کو قوت دیتا ہے بشرطیکہ آم کھانے کے بعدکچی لسی پی جائے۔ ۔آم منہ کی بے مزگی کو دو ر کرتا ہے۔ بدن کا رنگ نکھرتا ہے۔

    خفقان کی مرض میں آم بے حد مفید ہے۔

    آم بینائی کو قوت دیتا ہے۔ دودھ پلانے والی خواتین کو آم کھلانے سے ان کے دودھ میں اضافہ ہوتا ہے۔ آم کے پتوں کی چائے پینے سے نزلہ‘ زکام‘ کمزوری دماغ اور ہچکی دور ہوجاتی ہے۔
    لولگنے کی صورت میں کچے آم کو آگ میں بھون کر گڑ کے شربت میں اس کا رس ملا کر پلانے سے فوری آرام ہوجاتا ہے۔

    آم کا بور اور پتے خشک کرکے باریک پیس لیں۔ چند روز کے استعمال سے بال سیاہ ہوجائیں گے۔ مقدار ایک چمچہ چائے والا سفوف صبح و شام ہمراہ پانی سے۔

    جسم کی خشکی‘ بے رونقی‘ زردی اور کمزوری کو دور کرنے کیلئے روزانہ ایک آم کھانا اور بعدازاں ایک گلاس کچی لسی استعمال کرنا بے حد مفید ہے۔

    مثانے کی پتھری دور کرنے کیلئے صبح نہار منہ کچے آم دو تین تولے روزانہ کھلانے سے فائدہ ہوتا ہے۔

    آم کی گٹھلیاں دو عدد اور تین دانہ سیاہ مرچ کو رگڑ کر سانپ کاٹے والے کو پلانے سے مارگزیدہ کو سردی محسوس ہوگی اور زہر دور ہوجائے گا۔ آم کا تازہ رس پانچ تولہ‘ میٹھا دہی ایک پاؤ اور ادرک کا رس چائے والا ایک چمچہ تمام کو ملا کر پینے سے زرد چہرہ‘ کمزور اور مشکل سے سانس نکلنا کی بیماریوں کیلئے بے حد مفید ہے۔

  • سندھ پولیس کے پاس اسلحے کی کمی ہے، قائم علی شاہ

    سندھ پولیس کے پاس اسلحے کی کمی ہے، قائم علی شاہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ پولیس کے پاس اسلحے کی کمی ہے جس کے سبب دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہونے میں مشکلات درپیش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ دہشت گرد جدید اسلحے سے لیں ہیں جب کہ سندھ پولیس کے پاس جدید اسلحے کی قلت ہے جس کے سبب دہشت گردی کا سدِ باب مشکل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے آرمی چیف راحیل شریف سے جدید اسلحے کی فراہمی کی درخواست کی تھی جو کہ منظور کرلی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ طالبان سمیت تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کاروائی جاری ہے اور سندھ بھر سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا۔

    وزیرِ اعلیٰ کے مطابق سندھ پولیس جلد ہی اپنی مشکلات پرقابو پالے گی اور کراچی میں جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

  • خودکش حملے کرنے اورکرانے والے جہنمی ہیں، مفتیانِ اہلسنت

    خودکش حملے کرنے اورکرانے والے جہنمی ہیں، مفتیانِ اہلسنت

    لاہور: تنظیم اتحادِامت کے زیراہتمام شیوخ الحدیث کانفرنس نے اپنے فتوے میں طالبان اور داعش کو عصر حاضر کے خوارج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش حملے کرنے اور کروانے والے جہنمی ہیں۔

    پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں تنظیم اتحاد امت کے زیراہتمام شیوخ الحدیث کانفرنس مفتی محمد خان قادری کی صدارت میں ہوئی۔ جس میں اہلسنت مفتیان کی جانب سے فتوٰی جاری کیا گیا کہ طالبان، القاعدہ، داعش، بوکو حرام اور الشباب جیسی تنظیموں کا فلسفہ جہاد جہالت پر مبنی ہے، خودکش حملے کرنے اور کروانے والے جہنمی ہیں۔

    فتوٰی میں کہا گیا ہے کہ اسلام فرقے کی بنیاد پر قتل کی اجازت دیتا ہے نہ سکیورٹی فورسز کے خلاف لڑنے والے شہید قرار دیئے جا سکتے ہیں۔

    مفتیانِ اہلسنت نے کہا کہ طالبان اور داعش عصر حاضر کے خوارج ہیں، پولیو مہم شریعت کے متصادم نہیں ہے۔

    فتوٰی میں کہا گیا کہ غیر مسلم اقلیتوں کی عبادتگاہوں پر حملے بدترین گناہ اور مجرمانہ فعل ہے، شریعت کے نفاذ کیلئے بندوق اٹھانا بھی درست نہیں۔

    اہلسنت مفتیان نے کشمیر ، فلسطین، افغانستان اور عراق میں جاری آزادی کی تحریکوں کی تائید اور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے دائرے میں رہ کر پرامن جدوجہد کی جائے۔

  • ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی میں چارنئے ارکان شامل

    ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی میں چارنئے ارکان شامل

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا لندن اور کراچی میں مشترکہ ہوا جس میں چارنئے ارکان کو کمیٹی میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئرڈپٹی کنوینرندیم نصرت کی زیرصدارت رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کاایک اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے مختلف شعبہ جات میں جاری تنظیم نو کے معاملے پر غوروخوص کیاگیا۔

    اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے تحت چارارکان کورابطہ کمیٹی میں شامل کرلیاگیا جن ذمہ داروں کورابطہ کمیٹی میں شامل کرنے کافیصلہ کیاگیا ان میں سینیٹرنسرین جلیل، وسیم اختر،توصیف خانزادہ اور شبیراحمدقائم خانی شامل ہیں۔

    ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی میں مذکورہ چارارکان کی شمولیت کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔

  • پاک ایران مشترکہ فلمسازی کیلئےتقریب کا انعقاد

    پاک ایران مشترکہ فلمسازی کیلئےتقریب کا انعقاد

    کراچی: پاک ایران مشترکہ فلمسازی کے حوالے سے خانہ فرہنگ ایران میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لالی دوڈ کی نمائندگی ہدایتکارسید نور نے کی۔

    مختلف اقوام کے درمیان ثقافتی روابط کی تاریخ بہت ہی قدیم ہے۔ دانشور، اہل ثقافت، فنکار، محققین اوردنیا کی مختلف اقوام ان روابط میں پل کا کام کرتے ہیں اور اب لالی وڈ بھی ایران فلم انڈسٹری کے ساتھ مل کرکچھ ایسا ہی کرنے جارہی ہے۔

    پاک ایران فلم کے حوالے سے لاہورمیں ہونیوالی تقریب میں ڈی جی خانہ فرہنگ ایران اکبر برخرداری جبکہ پاکستان فلم انڈسٹری کی طرف سے شومین ہدایتکار سید نور نے شرکت کی اور فلم کے میدان میں ایرانی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنےکافیصلہ کیا

    اس موقع پرجلد پاکستان میں ایران فلم فیسٹول کے انعقاد کا اعلان بھی کیا گیا جس کی میزبانی پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کرے گی۔

  • کارگل ایک عظیم فتح تھی جسے شکست میں تبدیل کردیا، پرویزمشرف

    کارگل ایک عظیم فتح تھی جسے شکست میں تبدیل کردیا، پرویزمشرف

    کراچی: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ کارگل کا معرکہ ایک عظیم فوجی فتح تھی جسے سیاسی شکست میں تبدیل کردیا گیا۔

    آل پاکستان مسلم لیگ کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی صورتحال آج ویسی ہی ہے جیسا میں بحیثیت صدر اپنے آخری خطاب میں کہا تھا لیکن میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ حالات اس قدر خراب ہوجائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ ملک کو کبھی قابل اور مخلص سیاسی قیادت نہیں ملی ، آج ملک میں جو کچھ ہورہا ہے قوم کے سامنے ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ معیشت کا برا حال ہے بجلی اور گیس تو دور آج پانی بھی میسرنہیں ہے۔

    معرکہ کارگل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارگل میں ہم نے پانچ اہم اسٹریٹجک جگہوں پربھارتی علاقوں میں کافی اندر تک قبضہ کرلیا تھا جن میں سے صرف ایک علاقے میں وہ 50 فیصد علاقہ واپس لے پائے تھے باقی چار کی انہیں خبر بھی نہیں تھی۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ساتھ دیتی تو کارگل کی جنگ دنیا کی تاریخ ایک بڑی فوجی فتح تھی جسے سیاسی میدان میں شکست میں تبدیل کردیا گیا۔

    انہوں نے تقریر کے دوران نوجوانوں کے جذبات کو مہمیز کرنے کے لئے شعر پڑھا

    بھنور سے لڑو ، تند لہروں سے الجھو
    کہاں تک چلو گے کنارے کنارے

    سابق صدر نے کراچی میں اسماعیلی کمیونٹی پر ہونے والے حملے شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو کہ تمام تر وسائل سے مالامال جوہری قوت ہے افسوس ناک امر یہ ہے کہ ہماری انڈسٹریاں بند ہورہی ہیں اور ہم زوال کی طرف جارہے ہیں۔

    انہوںنے کہا کہ معاشی، سماجی اورسیاسی مسائل کے حل کے لئے قیادت میں جذبہ ہونا چاہیے۔

  • پاک زمبابوے سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا

    پاک زمبابوے سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔

    آئی سی سی کی جانب سے انکار کے بعد پی سی بی نے پاکستان اور زمبابوے کی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا۔

     ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیری میں اظہر خان میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔سیریز میں امپائرنگ کے فرائض علیم ڈار، احسن رضا، احمد شہاب، خالد محمود شوذب رضا اور زمبابوے کے رسل ٹفن انجام دیں گے۔

     پہلےٹی ٹوئنٹی میں احسن رضا اورشوزب رضافیلڈ امپائرہونگے، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں احسن رضا اور احمد شہاب فیلڈ امپائر ہوں گے۔سیریز کے پہلے ون ڈے میں علیم ڈار اور رسل ٹفن امپائرنگ کریں گے۔

  • کراچی میں پانی کی قلت بحران میں تبدیل، شہری پریشان

    کراچی میں پانی کی قلت بحران میں تبدیل، شہری پریشان

    کراچی: حب ڈیم میں پانی کی سطح آخری حد تک پہنچ جانے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حب ڈیم خشک ہوجانے کے سبب کراچی کے شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی شہر کی یومیہ ضرورت 10 کروڑ گیلن یومیہ ہے جبکہ انتطامیہ کی جانب سے صرف پانچ کروڑ گیلن پانی مہیا کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی کو پانی سپلائی کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ حب ڈیم ہے جو کہ کلی طورپربارش کے پانی پر انحصارکرتاہے۔

    سندھ کی صوبائی حکومت کے مطابق معاملے کا نوٹس لے لیا گیا ہے لیکن صورتحال کی بہتری کے لئے کچھ وقت درکار ہے۔

    دوسری جانب اذیت میں مبتلا شہریوں کی حالتِ زارسے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکرمافیا شہریوں کا پانی چوری کرکے
    منہ مانگے داموں میں انہی کو سپلائی کرنے میں مشغول ہے۔

  • ذوالفقارمرزا کی متنازعہ ویڈیو، پولیس اہلکاروں کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج

    ذوالفقارمرزا کی متنازعہ ویڈیو، پولیس اہلکاروں کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج

    کراچی: سابق وزیرِ داخلہ ذوالفقار مرزا کی درخشاں تھانے پہنچ کر عملے کوہراساں کرنے کی ویڈیو فوٹیج اے آروائی نیوز پر نشرہونے کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

     تفصیلات کے مطابق مقدمہ کرائم برانچ کے مدعیت میں درج کرایا گیا ہے مقدمے کا نمبر 285 ہے۔ مقدمے میں پولیس عملے کو ہراساں کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    سابق وزیرداخلہ گزشتہ روز اپنا بیان ریکارڈکرانے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع درخشاں تھانے پہنچے تو ان کا انداز انتہائی جارحانہ تھا۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ ذوالفقارمرزا اپنے محافظوں کو تھانے کے گرد پھیل کرپوزیشن سنبھالنے کا حکم دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ذوالفقارمرزا کے ہمراہ کئی درجن مسلح محافظ تھے جنہیں ذوالفقارمرزا نے ہدایت دی کہ گڑبڑ کی صورت میں سیدھی گولیماردینا۔

    ذوالفقارمرزا کو ایسے جارحانہ احکلامات جاری کرتے ہوئے ویڈیو میں صاف دیکھا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ ذوالفقار مرزا ماضی میں ایسے بیان دے چکے ہیں کہ ’’ان کے پاس درجنوں ایسے افراد موجود ہیں جو کہ ان کے اشارے پر جان دے ببھی سکتے ہیں اور لے بھی سکتے ہیں‘‘۔

    ویڈیو کے ردعمل میں صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا کو عدالت نے نجی گارڈز رکھنے کی اجازت دی ہے لیکن تو مسلح ملیشیا ساتھ لے کر گھوم رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے اور اس پر کاروائی کی جائے گی۔