Author: ویب ڈیسک

  • کراچی: پرانا گولیمارمیں رینجرزکا ایکشن، 4 دہشت گرد ہلاک

    کراچی: پرانا گولیمارمیں رینجرزکا ایکشن، 4 دہشت گرد ہلاک

    کراچی: شہر قائد کے علاقے پرانہ گولیمار میں رینجرز کا جرائم پیشہ افراد اور ملک دشمن عناصر کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن آپریشن کے دوران چار دہشتگرد مارے گئے جبکہ چھ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے پرانہ گولیما رکے علاقے میں خفیہ اطلاع پر ٹارگیٹڈ آپریشن کیا آپریشن کے دوران ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشتگرد مارے گئے جبکہ چھ کو گرفتار کرلیا گیا، مارے جانے والے دہشتگردوں کی شناخت بابل بلوچ،چھوٹا ساجد،رفیق اور خالد مانڈی کے ناموں سے کی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق مارے جانے والے اور گرفتار دہشتگرد وں کا تعلق لیاری گینگ وار اور بی ایل اے سے ہے ملزمان ملک دشمن عناصر کی معاونت سمیت ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی بھی وارداتوں میں ملوث ہیں آپریشن کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

  • اٹلی دہشتگردی: گرفتار8پاکستانیوں کاسراغ مل گیا

    اٹلی دہشتگردی: گرفتار8پاکستانیوں کاسراغ مل گیا

    اسلام آباد: دہشتگردی کےالزام میں گرفتارآٹھ پاکستانیوں کاتعلق صوابی سےہے، مقامی ایم پی اے عبدالکریم کاکہناہےیہ لوگ بے قصور ہیں شک کی بنیاد پرگرفتار کیاگیا۔

     اٹلی میں دہشتگردی کےالزام میں گرفتارپاکستانیوں کا کیس نیا رخ اختیارکرگیا، آر وائی نیوز نےکھوج لگایااورگرفتارافراد کی پاکستان میں رہائش گاہ کاسراغ لگالیا۔

    آٹھ گرفتارافراد کا تعلق خیبرپختونخواہ کے ضلع صوابی سے ہے، صوابی سےرکن صوبائی اسمبلی عبدالکریم کا کہناہےکہ اٹلی میں گرفتارافراد بےگناہ ہیں وفاقی حکومت انھیں رہاکرائے، گرفتار امتیازکےبھانجے کا نام اسامہ ہےاسےصرف اس بنا پر پکڑا گیا کہ وہ ٹیلی فون پراسکی طبعیت پوچھتا تھا۔

    ذرائع کاکہناہےکہ صوبائی حکومت نےصورتحال کاجائزہ لینےکیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دےدی ہے۔

      حال ہی میں اطالوی پولیس نے اٹھارہ پاکستانیوں کی گرفتاری ظاہرکرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ افراد اکتوبردوہزارنوکے پشاورمینا بازار دھماکےمیں ملوث ہیں، پولیس نے گرفتار پاکستانیوں پر ویٹی کن سٹی پرحملےکی منصوبہ بندی کابھی الزام لگایا ہے۔

  • بھارت:حجاب پہننے پر طالبہ کو کلاس لینے سے روک دیا

    بھارت:حجاب پہننے پر طالبہ کو کلاس لینے سے روک دیا

    لکھنو: بھارت کے شہر لکھنوکے اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ کو حجاب پہننے کی وجہ سے کلاس لینے سے روک دیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنوکے سینٹ جوزف انٹرکالج میں نویں جماعت کی طالبہ فرحین فاطمہ کومحض اس لئے کلاس میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی گئی کہ انہوں نے اسکول یونیفارم کے ساتھ حجاب پہنا ہوا تھا۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اگرکوئی مذہبی لباس پہننا چاہتا ہے تواسے مدرسے یا اسی طرح کے کسی اورادارے میں داخلہ لینا چاہئیے۔

    فرحین کے والدین کا کہنا ہے کہ اسکول میں داخلے کی کارروائیوں اوردستاویزات کے لئے فرحین کی حجاب میں تصاویر دی گئی تھیں اور اسکول نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔

  • جنوبی افریقہ نے پاکستانی سیمنٹ پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی لگادی

    جنوبی افریقہ نے پاکستانی سیمنٹ پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی لگادی

    اسلام آباد: جنوبی افریقہ کی جانب سے سیمنٹ پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی لگا دی گئی،ڈیوٹی کی شرح چودہ سے ستتر فیصد تک ہے۔

    پاکستان سےسیمنٹ کی برآمدات میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے، جنوبی افریقہ نے تین ماہ کی چھان بین کے بعد پاکستانی سیمنٹ برآمدات پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کردی ہے، سب سے زیادہ ڈیوٹی بیسٹ وے سیمنٹ پر عائد کی گئی ہے۔

     دوسری جانب سب سے کم ڈیوٹی عائد کئے جانے پر ڈی جی کے سی ،کے مارکیٹ شیئر میں اضافہ متوقع ہے، جنوبی افریقہ پاکستانی سیمینٹ کے سب سے بڑی مارکیٹ ہے، مجموعی سیمنٹ برآمدات کا بیس فیصد جنوبی افریقہ بر آمد کیا جاتا ہے۔

  • زمبابوے کرکٹ ٹیم کے لئے سخت سیکورٹی پلان تیار

    زمبابوے کرکٹ ٹیم کے لئے سخت سیکورٹی پلان تیار

    لاہور: زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے پنجاب حکومت نے سیکورٹی پلان مرتب کرلیا گیا۔

     ڈی آئی جی لاہور حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ مہمان ٹیم کو وی وی آئی پی سیکورٹی دی جائے گی، زمبابوے کرکٹ ٹیم کو لاہور پہنچنے کے بعد ٹیم کو فل پروف سیکورٹی میں ائرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا جائے گا۔

     ہوٹل میں بھی بھاری تعداد میں پولیس تعینات ہوگی،ہوٹل سے ٹیم کو سیکورٹی حصار میں اسٹیڈیم لے جایا جائے گا۔

     اسٹیڈیم کے اندار اور باہر پولس کا سخت پہرا ہوگا، زمبابوے کی ٹیم پیر اور منگل کی درمیان شب پاکستان پہنچے گی۔

  • مصرکے سابق صدر محمد مرسی کو سزائے موت سنا دی

    مصرکے سابق صدر محمد مرسی کو سزائے موت سنا دی

    مصر:  عدالت نے سابق صدرمحمد مرسی کوسرکاری رازافشا کرنے اوردوہزارگیارہ میں جیل میں قتل عام کے الزام میں سزائے موت سنادی۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق صدر کے ساتھ ایک سوپانچ دیگرافراد کو بھی سزائے موت سنائی گئی، اخوان المسلمون کے رہنما اورسابق صدرمحمد مرسی اوران کے ساتھیوں پرجیل میں قتل عام اورخفیہ سرکاری رازافشا کرنے کے الزامات تھے۔

    عدالت کا فیصلہ مصرکے مفتی اعظم کو بھیجا جائے گا جبکہ حتمی فیصلہ دوجون کوسنایا جائے گا۔

    امریکا نے سزاؤں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ ترکی کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے مصر میں جمہوریت خطرے میں پڑجائے گی۔

    واضح رہے کہ محمد مرسی کو دوہزا تیرہ میں فوجی قیادت نے اقتدار سے معزول کردیا تھا اور اخوان المسلمون پرپابندی عائد کردی تھی۔

  • مسلمانِ عالم آج شب معراج مذہبی عقیدت و احترام سے منائیں گے

    مسلمانِ عالم آج شب معراج مذہبی عقیدت و احترام سے منائیں گے

    آج ملک بھرمیں شبِ معراج انتہائی عقیدت واحترام سے منائی جائے گی، مساجد میں ملک وقوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

    دنیا بھر میں مسلمان شب معراج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

     مسلمان آج شبِ معراج مذہبی عقیدت و احترام سے منائیں گے، معراج کی شب کو دین اسلام میں ایک نمایاں اور منفرد مقام حاصل ہے، جب اللہ رب العزت نے نبی کریم کو اپنے پاس بلا کر اپنا دیدار کرایا ۔

    شب معراج رحمتوں اور نعمتوں کی رات ہے، جس روز حضور نبی کریم آسمانوں سے بھجوائی گئی خصوصی سواری البراق پر سوار ہو کر خالق کائنات سے ملاقات کے لئے تشریف لے گئے تھے اور امت کے لئے 5 فرض نمازوں اور رمضان المبارک کے روزوں کا تحفہ لے کر آئے۔

    یہ واقعہ ہجرت سے پانچ سال قبل پیش آ یا، آج کی رات رب کائنات نے سرکار دوجہاں کو سات آسمانوں کی سیر کرائی، واقعہ معراج کے شکرانے کے طور پر عالم اسلام آج کی رات خصوصٰ عبادات کا اہتمام کرتے ہیں۔

    گھروں میں خصوصی عبادات اور مساجد  میں چراغاں، زکر واذکار کی خصوصی محافل منعقد ہوتی ہیں، علماء کرام اس رات کی فضیلت و اہمیت واضح کرنے کے لئے خصوصی بیان کرتے ہیں۔

  • فیصل موٹا کی جان کو خطرہ ہے، محکمہ داخلہ سندھ

    فیصل موٹا کی جان کو خطرہ ہے، محکمہ داخلہ سندھ

    کراچی : نائن زیرو سے گرفتار فیصل موٹا کی جان کو خطرہ لاحق ہے، محکمہ داخلہ سندھ نے انسدادِ دہشتگردی عدالت سے مقدمات جیل میں چلانے کی درخواست کردی۔

    نائن زیرو سے گرفتار فیصل موٹا کو صحافی کو قتل کرنے کے الزام میں سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے انسدادِ دہشگردی عدالت کو خط تحریر کیا ہے ، جس میں عدالت سے درخواست کی گئی کہ فیصل موٹا سزا یافتہ مجرم ہے، جسے عدالت میں پیش کرنا سیکیورٹی رسک ہے۔

    فیصل موٹا کے مقدمات کی سماعت جیل میں ہی کی جائے۔

  • چارسدہ : بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 15کلووزنی بارود ناکارہ بنا دیا

    چارسدہ : بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 15کلووزنی بارود ناکارہ بنا دیا

    چارسدہ: بم ڈسپوزل اسکواڈنے پندرہ کلووزنی بارود ناکارہ بنا دیا گیا۔

    چارسدہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ یونٹ نے دریائے سوات کے کنارے بم کی اطلاع پرفوری کارروائی کی، جس میں دریا کے کنارے رکھا گیا پندرہ کلووزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ناکارہ بنائے گئے مواد میں ایک خودکش جیکٹ بھی شامل ہے، جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ بارودی مواد پھٹنے سے بڑے پیمانے پرتباہی کا خدشہ تھا۔

  • ایان علی کیخلاف تحقیقات کی نئی درخواست منظور

    ایان علی کیخلاف تحقیقات کی نئی درخواست منظور

    راولپنڈی: راولپنڈی بینکنگ کورٹ نے ایان علی کےخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی درخواست منظور کرتے ہوئے پچیس مئی کو طلب کرلیا ۔

    ایان علی کیس نئے موڑ میں داخل ہوگیا،  کسٹم انٹیلی جنس نے ماڈل حسینہ کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کیلئےعدالت سےاجازت مانگ لی۔

    کسٹم انٹیلی جنس نے ایان علی کےخلاف راولپنڈی کے بینکنگ کورٹ میں درخواست دائر کی کہ ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں عدالتی ریمانڈ پر ہے۔

    کسٹمز حکام نے بینکنگ کورٹ کے ڈیوٹی جج صابر سلطان کو درخواست دی کہ یہ صرف کرنسی اسمگلنگ کا کیس نہیں بلکہ منی لانڈرنگ کا مقدمہ ہے اور اس میں منظم گروہ ملوث ہے اس لئے تحقیقات کی اجازت دی جائے۔

    عدالت نےکسٹم حکام کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایان علی کو پچیس مئی کوطلب کرلیا ہے۔