Author: ویب ڈیسک

  • کوئٹہ: اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی عبدالواسع بم حملے میں بال بال بچ گئے

    کوئٹہ: اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی عبدالواسع بم حملے میں بال بال بچ گئے

    کوئٹہ : اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی عبدالواسع بم حملے میں بال بال بچ گئے۔

    لیویز زرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے خانوزئی کے قریب بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ مولانا عبدالواسع محفوظ رہے اس موقع پر سابق صوبائی وزیر صحت عین اللہ شمس بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    عبدالواسع کا اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  کہنا تھا کہ دھماکاریموٹ کنٹرول سے کیا گیا، میں اورمیرےساتھی حملے میں محفوظ رہے، ملک کے حالات سب کے سامنے ہیں، حملےسےمتعلق کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی،

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مولانا عبدالواسع پر حملے کی رپورٹ طلب کرلی  جبکہ جے یو آئی ف کا واقعے کیخلاف آج احتجاج کا اعلان کیا ہے۔   

  • سانحہ کراچی اور داعش کے پمفلٹ کہاں چھپے؟ سراغ مل گیا

    سانحہ کراچی اور داعش کے پمفلٹ کہاں چھپے؟ سراغ مل گیا

    کراچی : اسماعیلی برادری پر حملے کے دوران پھینکے گئے پمفلٹ کہاں چھپے تھے؟ سیکیورٹی اداروں نے سراغ لگالیا ہے، کراچی کے پاکستان چوک میں پرنٹنگ پریس کے چار افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    اسماعیلی برادری سینتالیس افراد کو موت کے گھاٹ اتار کر داعش کے پمفلٹ کہاں چھپے؟ سیکیورٹی اداروں نے سراغ لگالیا ہے، کراچی کے علاقے  پاکستان چوک میں پرنٹنگ پریس کا پتہ چل گیا۔

    سانحہ کراچی کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پرنٹنگ پریس پر چھاپہ مار کر چار افرادکوگرفتارکر لیا۔

    ذرائع کےمطابق اسماعیلی برادری کی بس پر سفاکانہ حملےکےدوران پھینکے گئے داعش کے پمفلٹ اس پرنٹنگ پریس میں چھاپے گئے تھے، گرفتار افرادکو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں امریکی خاتون کالج پرنسپل پر حملے میں پھینکا جانیوالا پمفلٹ بھی اسی پرنٹنگ پریس میں چھاپا گیا تھا۔

    قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ذرائع کے مطابق کالج پرنسپل ڈیبرہ لوبو اور اسماعیلی برادری کے قتل عام پھینکے گئے پمفلٹ ایک ہی پرنٹنگ پریس میں چھاپے گئے۔

  • توانائی بحران بدستور سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، اسٹیٹ بینک

    توانائی بحران بدستور سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، اسٹیٹ بینک

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے ملکی معیشت کو لاحق کمزوریاں تاحال برقرار قرار دے دیں ہیں، مرکزی بینک کے مطابق توانائی بحران بدستور سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

    اسٹیٹ بینک کی دوسری سہ ماہی رپورٹ کے مطابق تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باعث ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آرہی ہے، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جی ڈی پی کی کم شرح ابھی تک ملک کی مجموعی معاشی کارکردگی پر اثر انداز ہورہی ہے ۔

    مرکزی بینک نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ حکومت کواسٹیٹ بینک سے قرض گیری میں کمی کرتے ہوئے اس کو حد میں لانا ہوگا۔

    رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ٹیکس وصولیوں میں تیرہ اعشاریہ چھ فیصد اضافہ ہو سکا۔ مہنگائی کی شرح گزشتہ دس سال کی کم ترین سطح پر ہے ۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال مہنگائی کی شرح چار سے پانچ فیصد تک رہے گی۔

  • کراچی: پولیس مقابلے، 3مبینہ ملزمان ہلاک ، 40 گرفتار

    کراچی: پولیس مقابلے، 3مبینہ ملزمان ہلاک ، 40 گرفتار

    کراچی: ڈاکوؤں نے باپ اور بیٹے کو ابدی نیند سلادیا جبکہ مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران چالیس افراد کو حراست میں لے لیا۔

    مجرموں کی وارداتیں، رینجرزاورپولیس کی ڈاکووؤں اور مجرموں کی سرکوبی کی سرتوڑکوششیں جاری ہیں، کورنگی میں ڈاکوؤں نے باپ اور بیٹے کو موت کی نیند سلادیا، پولیس کے مطابق ڈاکو جیسے ہی گھر میں داخل ہوئے مکینوں نے مزاحمت کردی۔

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے گھر کے سات افراد زخمی ہوئے، جن میں باپ اور بیٹا اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

    دوسری جانب سپر ہائی وے افغان بستی کے قریب رینجرز سے مقابلے میں تین مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

    نیو کراچی میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران تیرہ ملزمان کو گرفتار کرکےاسلحہ برآمد کرلیا، گلبہار کے علاقے سے پولیس نے ٹی ٹی پی کے چارمشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ ،دستی بم، مسروقہ موٹر سائیکل اور رکشہ برآمد کرلیا۔

    عائشہ منزل، شاہ فیصل کالونی اور الفلاح کے علاقوں سے پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔

  • بوسٹن دھماکوں کے ملزم جوخر سارنائف کو موت کی سزا سنادی گئی

    بوسٹن دھماکوں کے ملزم جوخر سارنائف کو موت کی سزا سنادی گئی

    امریکہ  : امریکی عدالت نے بوسٹن دھماکوں کے ملزم جوخر سارنائف کو موت کی سزا سنادی، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سزا کی مخالفت کر دی ہے۔

    ایک ماہ قبل جوخرسارنائف پر امریکی عدالت میں بوسٹن دھماکوں کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی تھی جبکہ اس وقت ملزم پر تیس کے قریب دیگر الزامات بھی ثابت ہوئے تھے۔

    مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم پر بم دھماکے کے چار روز بعد مقابلے میں ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا جرم بھی ثابت ہوا۔

    جوخرسارنائف کے وکیل نےعدالت میں اعتراف کیا کہ ان کا موکل بم دھماکے میں ملوث ہے لیکن اس نے ایسا اپنے بڑے بھائی کے حکم پرکیا تھا، جو پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوچکا ہے۔

    دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے جوخر سارنائف کو سزائے موت دینے کی مخالفت کر تے ہوئے بوسٹن بم دھماکوں کی مذمت کی،اور کہا کہ سزائے موت کا فیصلہ شدت پسندی کو فروغ دے گا۔

  • سانحہ صفورا میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے کلینر کا بیان ریکارڈ

    سانحہ صفورا میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے کلینر کا بیان ریکارڈ

    کراچی : پولیس نے صفورہ گوٹھ میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے کلینر کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے۔

    جس میں کلینر کا کہنا ہے کہ عورتیں اوربچےچلاتےرہےان کونہ مارو ان کو نہ مارو، لیکن دہشتگردوں کو رحم نہ آیا، کلینر نے بتایا کہ ملزمان نے بس میں فائرنگ شروع کی تو وہ فرش سے چپک کرلیٹ گیا،  دہشتگرد مسافروں پر چلائے کہ سب اپنے سر نیچے کرلو۔

    کلینر نے انکشاف کیا کہ فائرنگ کے بعد بس مقتل بن گئی لوگ رحم کی اپیلیں کرتے رہے لیکن سنگ دل دہشتگردوں نے ایک نہ سنی، مردوں کو مرتا دیکھ کرعورتیں اور بچے چلانے لگے، ان کو نہ مارو، ان کو نہ مارو لیکن دہشتگردوں پر کوئی اثر نہ ہوا۔

    کلینر نے بتاتا اسماعیلی برادری کی بس میں تمام کارروائی پانچ سے سات منٹ میں مکمل ہوئی اور دہشتگرد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ میں دہشت گردوں نے اسماعیلی بس پر فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں سینتالیس افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • ایس ایس پی اعجاز حیدر کے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

    ایس ایس پی اعجاز حیدر کے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

    کراچی : پہلوان گوٹھ میں ٹارگٹ کلنگ کے شکار شہید ایس ایس پی اعجاز حیدر کے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق سکھر جیل میں تعیناتی کے دوران بھی ایس ایس پی اعجاز حیدر کو خط کے ذریعے دھمکی دی گئی، چھ ماہ قبل انہیں فون پر کالعدم تنظیم نے قیدیوں کو سہولیات فراہم کرنے کا کہا تھا۔

    صوبائی وزیرِجیل خانہ جات منظور وسان کا کہنا تھا کہ اعجاز حیدر کو دو روز پہلے ہی حیدرآباد جیل کا سپرنٹنڈنٹ مقرر کیا تھا۔

    ایس ایس پی اعجاز حیدر کے قتل نے عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کر لی ہے، جس کی وجہ ان کی حیدرآباد جیل میں تعیناتی کے دوران ڈینیئل پرل کیس میں ملوث عمرشیخ کا وہاں قید ہونا تھا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق شیخ عمر کے ساتھ ان کا ساتھی قاری ہاشم بھی قید تھا، جو دوماہ پہلے رہا ہونے کے بعد سے غائب ہے۔ قاری ہاشم کے بھائی نے عدالت میں درخواست بھی دائر کی تھی جس میں اعجاز حیدر کو فریق بنایا گیا تھا۔

    برطانوی میڈیا نے اس شبہ کا اظہار کیا ہے کہ اعجاز حیدر کے قتل میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہوسکتی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پہلوان گوٹھ کے علاقے میں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے ایس ایس پی اعجاز حیدر کی گاڑی کا راستہ روکا اور فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایس ایس پی اعجازحیدر جائے وقوعہ پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جاملے، فائرنگ کے وقت ان کے ساتھ گاڑی میں تین خواتین بھی موجود تھیں، جن میں سے اکساء نامی خاتون بھی زخمی ہوئی ۔

    ایس ایس پی اعجا زحیدر کے سرمیں دوگولیاں لگیں، جن سے ان کی موت واقع ہوگئی۔

  • موبائل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کی آخری ڈیڈلائن بھی ختم

    موبائل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کی آخری ڈیڈلائن بھی ختم

    اسلام آباد: موبائل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے وزارتِ داخلہ کی جانب سے دی گئی آخری ڈیڈلائن بھی ختم ہوگئی ہے۔

    نیشل ایکشن پلان کے تحت نوے روز کی ڈیڈلائن ختم ہوگئی، آخری مرحلے میں ایک شناختی کارڈ پر جاری ہونیوالی ایک سم اور کارپوریٹ سیکٹر ملازمین کے زیرِ استعمال سموں کی تصدیق ہونا باقی تھی۔

    وزارتِ داخلہ نے موبائل کمپنیوں اور پی ٹی اے کی درخواست پر ان سموں کی تصدیق کیلئے پندہ مئی رات بارہ بجے کی حتمی ڈیڈلائن دی تھی۔

    ٹیلی کام ذرائع کے مطابق اختتامی مرحلے میں ایک کروڑ بیس لاکھ سموں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا گیا اور تصدیق نہ ہونے والی سموں کو بند کر دیا گیا ہے۔

    پی ٹی اے کے اعدادو شمار کے مطابق بائیو میٹرک تصدیق شدہ سموں کی تعداد بارہ اپریل تک دس کروڑ اسی لاکھ تھی جبکہ دو کروڑ بیس لاکھ سمیں تصدیق نہ ہونے پر بلاک کر دی گئی تھیں۔

  • لاہور:کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے مجرم کو پھانسی

    لاہور:کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے مجرم کو پھانسی

    لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں سزائے موت کے قیدی کو پھانسی دے دی گئی۔

    لاہور میں ایک اور مجرم اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا، قتل کے جرم میں موت کی سزا یافتہ قیدی کو پھانسی دے دی گئی۔

    لاہور کے کوٹ لکھپت جیل میں علی الصبح سزائے موت کے منتظر قیدی احمد خان کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ، مجرم احمد نے دو ہزار آٹھ میں ایک شخص کو اغوا ء کرکے قتل کیا تھا۔

    جیل انتظامیہ کے مطابق پھانسی سے قبل مجرم کا طبی معائنہ کرایا گیا جبکہ گزشتہ روز اہلخانہ سے ملاقات بھی کرائی گئی، پھانسی کے بعد میت لواحقین کے حوالے کردی گئی۔

  • زمبابوے کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی تحریری یقین دہانی کرادی

    زمبابوے کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی تحریری یقین دہانی کرادی

    لاہور : زمبابوے کرکٹ ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان کا دورہ کریگی۔ زمبابوے بورڈ نے تحریری طور پر پی سی بی کو آگاہ کردیا۔

    پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوا چاہتی ہے، زمبابوے کے دورے پر ہونیوالی بے یقینی ختم ہوئی اور پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان نے اعلان کیا ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے ہاں کردی ہے۔

    منگل سے شروع ہونے والا دورہ یکم جون کو ختم ہوگا۔ جس میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے کھیلے جائیں گے، اس دورے میں سیکورٹی کے سخت انتطامات کئے جائیں گے۔

    زمبابوے کا دورہ پی سی بی کیلئے ایک بڑی آزمائش ہوگی۔ دو ہزار نو میں دہشت گردی کے ایک واقعے نے پاکستان میں چھ سال کرکٹ منقطع کردی تھی۔

    اب دہشت گردی سے پاک کم از تین چار دورے غیر ملکی ٹیموں کا اعتماد بحال کرسکیں گے۔ کرکٹ کی واپسی کے جشن کے ساتھ پوری قوم دعا گو بھی ہوگی کہ کوئی اور سانحہ نہ ہو، ہمارے کرکٹ کے میدان آباد ہی رہیں۔