Author: ویب ڈیسک

  • ملتان کی ناکام جلسی نے عمران خان کو بد حواس کردیا، پرویزرشید

    ملتان کی ناکام جلسی نے عمران خان کو بد حواس کردیا، پرویزرشید

    اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے کراچی جانے کے بجائے ملتان میں ناچ گانا کیا۔

    سینیٹر پرویز رشید نے ملتان میں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی تقریر کے جواب میں کہا ہے کہ ملتان کی ناکام جلسی نے عمران خان کو بد حواس کردیا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جیسے جیسےملک ترقی کر رہا ہے عمران خان صاحب کی تکلیف بڑھتی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرو بس منصوبے نے عمران خان کو تکلیف میں مبتلا کردیا ہے اور خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی بھی عمران خان کا منہ چڑا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب اس حقیقت کو تسلیم کر لیں کہ لوگ اب تحریک انصاف کے جلسوں کا رخ نہیں کرتے۔

  • مختلف علاقوں سے 95 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    مختلف علاقوں سے 95 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی : پولیس اور رینجرزنے کراچی کے مختلف علاقوں سے 95 ملزمان گرفتار کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے کارروائیاں کر کے 95ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے شیریں جناح کالونی میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے مطلوب ملزمان سمیت سترہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    دوسری جانب رینجرز نے گلشن اقبال ، اور نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی، خمیسو گوٹھ ، لانڈھی سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 78 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیم کے کارندے ، بھتہ خور، ٹارگٹ کلر ، اور دیگر جرائم پیشہ افراد شامل ہیں۔ مذکورہ ملزمان کیخلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • سانحہ کراچی: متاثرہ بس کے کلینر نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا

    سانحہ کراچی: متاثرہ بس کے کلینر نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا

    کراچی : صفورہ گوٹھ میں دہشت گردی کانشانہ بننےوالی بس کے کلینرکابیان پولیس نے ریکارڈ کرلیا، عورتیں اوربچےچلاتےرہے کہ ان کونہ مارو لیکن دہشت گردوں کورحم نہ آیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نےصفورہ گوٹھ میں دہشت گردی کانشانہ بننےوالی بس کےکلینرکابیان ریکارڈ کرلیا ہے۔

    کلینرنے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نےبس میں فائرنگ شروع کی تووہ فرش سےچپک کرلیٹ گیا تھا، دہشت گرد مسافروں پرچلائےکہ سب اپنےسرنیچے کرلو۔

    اس کےبعد بد قسمت بس مقتل بن گئی، لوگ رحم کی اپیلیں کرتےرہے لیکن سنگ دل دہشت گردوں نے ان کی ایک نہ سنی ۔

    مردوں کومرتادیکھ کرعورتیں اوربچےچلانےلگے کہ ان کو نہ مارو۔ لیکن اس بات کا دہشت گردوں پرکوئی اثرنہ ہوا۔

    اسماعیلی برادری کی بس میں تمام کارروائی پانچ سےسات منٹ میں مکمل ہوئی اوردہشت گرد باآسانی فرار ہونےمیں کامیاب ہوگئے۔

  • شمالی وزیر ستان، فضائی کارروائی میں 15 شدت پسند ہلاک

    شمالی وزیر ستان، فضائی کارروائی میں 15 شدت پسند ہلاک

    دتہ خیل : پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے دوران  فضائی کارروائی کرتے ہوئے دتہ خیل میں پندرہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے ایک کارروائی میں پندرہ شدت پسند موت کے گھاٹ اتار دیئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں پاک فوج نے جیٹ طیاروں سے بمباری کرکے غیر ملکی سمیت پندرہ دہشت گرد موت کے گھاٹ اتاردیئے ۔

    بمباری سے شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔

  • بھارت اور چین کے درمیان 10 ارب ڈالر کے معاہدے

    بھارت اور چین کے درمیان 10 ارب ڈالر کے معاہدے

    بیجنگ : بھارت اور چین کے درمیان دس ارب ڈالر کے چوبیس معاہدے طے پا گئے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے تین روزہ دورے  کے دوسرے روز بھارت اور چین کے درمیان اہم نوعیت کے چوبیس معاہدوں پر دستخط ہوئے۔جن کی مالیت دس ارب ڈالر ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے چین کے دورے کے دوسرے روز چینی وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے ممالک کے درمیان اقتصادی اور معاشی شعبوں سمیت دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بات چیت کی۔

    چینی ہم منصب سے ملاقات کے دوران بھارتی وزیراعظم نے چین کے ساتھ اقتصادی اور معاشی تعاون سمیت دس بلین ڈالر مالیت کے چوبیس مختلف معاہدوں پر دستخط کئے معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھارتی وزیر اعظم اور چین کے ہم منصب لی کیچیانگ بھی موجود تھے۔

    مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے سربراہان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں سرحدی امور، ویزا پالیسی اور سٹریٹجک تعلقات سمیت مختلف معاملات کو اتفاق رائے سے حل کر لیا گیا ہے۔

    صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت چین کے ساتھ معاشی تعلاقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

    چینی وزیراعظم لی کیانگ نے کہا کہ بھارت اور چین ایشیا کے لئے انجن کا کردار ادا کرے گے۔ چین کے صدر شی جی پنگ نے کہا کہ چین اور بھارت کو باہمی تعاون اور اختلافات پر قابو پا کر اعتماد مضبوط کرنا ہو گا۔

    دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں میں تجارت کا فروغ ،ریلوے کے نظام میں بہتری ،کان کنی اور معدنیات، سیاحت، بحری علوم میں تعاون سیمت دیگر معاہدے شامل تھے۔

  • این اے 122 میں ن لیگ کی وکٹ گرنے والی ہے، عمران خان

    این اے 122 میں ن لیگ کی وکٹ گرنے والی ہے، عمران خان

    ملتان : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ این اے ایک سوبائیس میں ن لیگ کی مڈل اسٹمپ اڑنے والی ہے۔ میرا دل کہہ رہاہے کہ دو ہزار پندرہ تبدیلی کا سال ہے۔

    ان خیالات اظہار انہوں نے ملتان کے اسپورٹس گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جلسہ گاہ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی،عمران خان نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ قوم غریب اور حکمران ٹولہ امیر ہو رہا ہے۔

    انیس سو ستر سے آج تک یہ جماعتیں اپنی اپنی باریاں لے رہے ہیں، اور اب انہوں نے اپنے بچوں کو تیار کر لیا ہے، ملتان کے شہری حکومت کو بتا دیں کہ اس نے عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے نہیں کئے۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ موٹر ویز، انڈر پاسز، فلائی اوورز اور سڑکیں بنانے سے قومیں ترقی نہیں کر سکتیں۔ کیا پاکستان میں میڑو بسوں کی ضرورت تھی یا تعلیم اور صحت کی سہولیات کی؟۔ قوم اس وقت ترقی کرتی جب عوام اور تعلیم پر پیسہ خرچ کیا جائے۔

    پاکستان کے ڈھائی کروڑ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں لیکن حکمران کبھی ایسا نہیں کریں گے کیونکہ میٹرو بس، انڈر پاسز اور سڑکیں بنانے سے ہی انھیں کمیشن ملتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں کوئی میرٹ سسٹم نہیں ہے۔ کراچی میں پولیس کو سیاسی کر دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس بھی صرف شریفوں کی فورس بن چکی ہے۔

    دوسری جانب خیبر پختونخوا کی پولیس ہماری پالیسیوں کی وجہ سے مثالی بن گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں پچھلے ایک سال میں 60 فیصد جرائم پر قابو پایا جا چکا ہے۔

    وہاں عام عوام کو انصاف کی فراہمی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک عوام اپنے حقوق کیلئے کھڑے نہیں ہونگے تب تک ان کو اپنے جائز حقوق نہیں ملیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں عوام کی قدر ہو، انہوں نے کہا کہ یہ دو نظریات اور دو سوچوں کا مقابلہ ہے۔  انہوں نے سوال کیا کہ کیا حکمرانوں کے وعدوں کے باوجود ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہو سکا ہے؟

    عوام آج بھی کرپشن اور لوڈشیڈنگ کے عذاب کا سامنا کر رہے ہیں۔ ملتان کے شہری ضمنی انتخابات میں اپنے ووٹ سے ثابت کریں کہ وہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میں صرف ایک ضمنی الیکشن کیلئے جلسہ کرنے نہیں آیا بلکہ ملتان کے عوام کو جگانے آیا ہوں۔

  • دہشت گردی کےخلاف آئی ایس آئی کا کردارقابل فخرہے، جنرل راحیل شریف

    دہشت گردی کےخلاف آئی ایس آئی کا کردارقابل فخرہے، جنرل راحیل شریف

    راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کےخاتمے کیلئےآئی ایس آئی کاکردارقابل فخرہے،پاکستانی خفیہ ادارےباہمی تعاون کو اور موثر بنائیں۔

    ان خیالات کا اظہار پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پرکیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی نے آرمی چیف کو داخلی وخارجی سیکیورٹی کی صورتحال پربریفنگ دی ،ڈی جی آئی ایس آئی نے آرمی چیف کو دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

    جنرل راحیل شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مادروطن کےدفاع کیلئےافواج پاکستان نےگراں قدرقربانیإں دی ہیں، دہشت گردی کےخاتمے کیلئےآئی ایس آئی کاکردارقابل فخرہے۔

    انہوں نے پاکستانی خفیہ اداروں کے درمیاں باہمی تعاون کو اور موثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

  • سندھ اسمبلی کا اجلاس: سانحہ کراچی پر مشترکہ مذمتی قرارداد منظور

    سندھ اسمبلی کا اجلاس: سانحہ کراچی پر مشترکہ مذمتی قرارداد منظور

    کراچی : سندھ اسمبلی میں سانحہ کراچی پر مشترکہ مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی ۔اپوزیشن نے وزیر اعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ بھی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی کی زیرصدارت اجلاس میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں نے اپنی مذمتی قراردادیں ایوان میں پڑھیں۔

    ایوان میں تمام قراردادوں کو یکجا کرکے مشترکہ قرار داد لانے پر اتفاق کیا گیا جس کے بعد قرارداد ایوان میں پیش کی گئی،قرارداد میں اسماعیلی برادری کے چھیالیس افراد کے بہیمانہ قتل پرافسوس اوردکھ کا اظہارکرتے ہوئے اسماعیلی برادری اورپرنس کریم آغاخان سے تعزیت کی گئی۔

    قراداد میں سانحہ کراچی کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیاہے، سندھ اسمبلی میں سانحہ کراچی سے متعلق سوالات اٹھائے گئے توجواب کیلئے ایوان نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو غیر حاضر پایا۔

    فنکشنل لیگ کے شہریار مہر کا کہنا تھا کہ کراچی میں بربریت پر حکومت سندھ کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ نصرت سحر عباسی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ نہیں کرتے وہ صرف اخلاقیات کا مظاہرہ کریں۔

      اپوزیشن کی تنقید پر حکومتی بنچوں سے غیر حاضر وزیر اعلیٰ کا خوب دفاع کیا گیا، اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سندھ کے عوام جاننا چاہتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ آخر ہیں کہاں؟

    اجلاس میں سانحہ کراچی پر مشترکہ مذمتی قرارداد پیش کی گئی ۔ ایوان میں اسماعیلی برادری کے چھیالیس افراد کے بہیمانہ قتل پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔

  • کراچی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پرچھوڑدیا گیا، رابطہ کمیٹی

    کراچی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پرچھوڑدیا گیا، رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے سابق ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل اور ان کی اہلیہ کو زخمی کئے جانے کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو تواتر کے ساتھ نشانہ بنایاجارہا ہے جو باعث تشویش ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار ہی دہشت گردوں کے نشانے پر ہوں گے تو عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھے گا جس کے باعث شہر کی معاشی اور اقتصادی ترقی کی رفتار سست ہوگی ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں جس پیمانے پر قتل و غارتگری اور دہشت گردی جاری ہے اس تناظر میں اگر دیکھاجائے تو حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی زیرو ہے اور وہ ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر سب ٹھیک ہے کے دعوے کرکے اپنے آپکو بری الذمہ تصور کررہے ہیں ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ دنوں صفورا گوٹھ میں اسماعیلی برادری کی بس کو دہشت گردوں نے جس بربریت اور سفاکیت سے نشانہ بنایا اس کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل کی واردات سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کراچی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے اعجاز حیدر کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے اور مقتول کی بیوہ کو جلد از جلد صحت یابی عطا فرمائے ۔

    رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سابق ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل اور ان کی اہلیہ کو زخمی کرنے کے واقعہ میں ملوث درندہ صفت دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور شہر کراچی میں دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹھوس اور عملی کارروائی عمل میں لاکر عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔

  • اسلام آباد: ویکسین ضائع کرنے کا اسکینڈل ،4  افراد گرفتار

    اسلام آباد: ویکسین ضائع کرنے کا اسکینڈل ،4 افراد گرفتار

    اسلام آباد:  ویکسین ضائع کر نے کےاسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ایف آئی اے نے ای پی آئی کے چارافسران کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ایف آئی اے نے اسلام آباد میں ویکسین ضا ئع کرنے کے اسکینڈل ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا ہے، ملیریا سمیت دیگر بیماریوں کی کروڑوں روپے کی ویکسین افسران کی نااہلی کے باعث ضائع ہوئی تھی۔

    اسکینڈل میں ملوث نو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدے کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ای پی آئی کےچار افسران کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افسران میں سب انجینئر الطاف حسین ،ٹیکنیکل آفیسر غلام تقی ،اسٹور اسسٹنٹ عاطف محمود اور اسٹور کیپر رضوان بشیر شامل ہیں جبکہ دیگرمفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    ویکسین ضا ئع ہو نے سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔