Author: ویب ڈیسک

  • عاطف اسلم کا نیا گانا انٹرنیٹ پرمقبول

    عاطف اسلم کا نیا گانا انٹرنیٹ پرمقبول

    مشہورپاکستانی سنگر عاطف اسلم کا نیا گانا’زندگی آرہاہوں میں‘ کو ویک اینڈ پراسٹریم پرایک لاکھ مداحوں نے دیکھا۔

    چند روز قبل عاطف اسلم نے اپنا نیا میوزک ویڈیوانٹرنیٹ پرریلیز کیا تھا۔ عوام میں مقبولیت پانے والے اس گانے میں ٹائیگر شیروف بھی ہیں۔

    یہ نیا ویڈیو گانا نئی نسل میں بہت تیزی سے مقبول ہورہا ہے بالخصوص کالج جانے والے ہر جوان کی زبان پر یہی گیت ہے۔

    ویڈیو میں ٹائیگرشیروف کے ہمراہ عاطف اسلم نے بھی رقص کے جوہردکھائے ہیں۔

  • شامی تنازع پر عالمی طاقتوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا، ایران

    شامی تنازع پر عالمی طاقتوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا، ایران

    دمشق: ایران نے کہا ہے کہ شامی تنازع کے حل کیلئے امریکہ اور عالمی طاقتوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔

    دمشق میں میڈیا سے گفتگو میں ایرانی خارجہ پالیسی کے چئیرمین الہ دین بروجری نے کہا کہ شامی بحران کے حل کیلئے عالمی طاقتوں سے کوئی معاہدہ طے نہیں پایا۔

    امریکہ اور عالمی طاقتوں سے ہونے والے حالیہ مذاکرات میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ہدایت پر صرف ایران کے جوہری معاہدے کا ایجنڈا سرفہرست رہا، جس میں معاہدے کی رو سے ایران پر عائد پابندیوں کو فی الفور اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران ہمیشہ شامی حکومت اور ان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا رہے گا۔

  • عراق: امریکہ، اتحادیوں کی بمباری، داعش کے نائب سربراہ ہلاک

    عراق: امریکہ، اتحادیوں کی بمباری، داعش کے نائب سربراہ ہلاک

    عراق: عراقی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اتحادیوں کے جنگی طیاروں کی کارروائی میں دولت اسلامیہ کے نائب سربراہ عبدالرحمن مصطفی ہلاک ہوگئے۔

    عراقی وزارتِ دفاع کے مطابق امریکہ اوراتحادیوں کے جنگی طیاروں نے یہ کارروائی کی، وزارتِ دفاع کے ترجمان بریگیڈئیرجنرل تحسین ابراہیم کے مطابق اس وقت کی جب دولتِ اسلامیہ کے نائب سربراہ عبدالرحمان مصطفیٰ محمد شمالی علاقے تل عفر‎کی ایک مسجد  میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ موجود تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حملے کے نتیجے میں مسجد میں موجود دیگر درجنوں شدت پسند بھی مارے گئے۔

    گذشتہ ہفتے امریکی وزارت خارجہ نےعبدالرحمٰن مصطفی کے متعلق معلومات فراہم کرنے والےکے لیے سترلا کھ ڈالرکےانعام کا اعلان کیا تھا۔

  • پاکستان مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے، اقوام متحدہ

    پاکستان مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے، اقوام متحدہ

    نیویارک: اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان سے درخواست کی ہےکہ حکومت مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کرے۔

    یہ درخواست کراچی کے علاقے صفورہ میں اسماعیلی برادری پرحملے میں 46 افراد کی ہلاکت کے بعد کی گئی، حملے کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نامی گروہ نے قبول کی ہے۔

    بان کی مون نے حملے انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

    انہوں نے حکوممت سے درخواست کی کہ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کی حفاظت کے لئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔

    پاکستان میں گذشتہ کئی سالوں میں مذہبی تشدد پسندی کے رحجان کو تقویت ملی ہے جس کا زیادہ ترنشانہ شیعہ برادری بنتی رہی ہے جو کہ پاکستان کی آبادی کا 20 فیصد حصہ ہے۔

  • امریکی ایوان نمائندگان میں شہریوں کی ٹیلفونک جاسوسی روکنے کا بل منظور

    امریکی ایوان نمائندگان میں شہریوں کی ٹیلفونک جاسوسی روکنے کا بل منظور

    واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان میں شہریوں کی ٹیلیفونک جاسوسی روکنے کا بل منظور کرلیا گیا۔

    واشنگٹن میں امریکی ایوان نمائندگان نے شہریوں کی ٹیلفونک جاسوسی روکنے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا ہے، بل کی حمایت میں تین سو اڑتیس جبکہ مخالفت میں اٹھاسی ووٹ ڈالے گئے۔

    نئے بل کو یو ایس فریڈم ایکٹ کا نام دیا گیا ہے،این ایس اے امریکی شہریوں کے ٹیلیفون کی جاسوسی کرتی تھی ،جس پرامریکی شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی تھی۔

    خیال رہے کہ امریکی شہری اور این ایف اے کے سابق سیکیورٹی کنٹریکٹرایڈورڈ سنوڈن نے 2013ء میں امریکی حکومت کی جانب سے شہریوں کے فون کالز کو ریکارڈ کرنے کے اس متنازع پروگرام کا انکشاف کیا تھا۔

    جس پر امریکی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امریکی شہریوں کے فون کالز کو ریکارڈ کرنا ان کی شخصی آزادی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قراردیا جارہا تھا۔

  • بچپن کی شادی: رخصتی نہ کرنے پر 16لاکھ روپے جرمانہ، برادری بدر

    بچپن کی شادی: رخصتی نہ کرنے پر 16لاکھ روپے جرمانہ، برادری بدر

    نئی دہلی: بھارت میں 19 سالہ لڑکی کے اہلِ خانہ کو بچپن میں طے شدہ شادی انجام نہ دینے پر16 لاکھ روپے جرمانہ اوربرادری سے خارج کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق راجھستان کے علاقے جودھ پور سے 60 کلومیٹر دور واقع ایک دیہات میں رہائش پذیر سندیتی میگھوال کی شادی محض11 ماہ کی عمرمیں اسی کے گاؤں کے 9 سالہ بچے سے کی گئی تھی۔

    سندیتی کو اس کی شادی کا علم 16 سال کی عمرمیں ہوااوراپنے ماں باپ کی حمایت پاکراس نے اس شادی کو قبول کرنے اور سسرال جاکر رہنے سے انکار کردیا جیسا کہ اس سے مطالبہ کیا جارہا تھا۔

    سندیتی نے ایک سی این این آئی بی این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب میں بالغ ہوئی تو مجھے احساس ہوا کہ میرے ساتھ کتنی بڑی نا انصافی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سسرال جانے کے بجائے پڑھ لکھ کر ٹیچر بننا چاہتی ہیں‘‘۔

    سندیتی کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کے سسرال والوں نے رشتہ ختم کرنے سے انکار کردیا اور معاملہ روہیچن خرد کی مقامی پنچایت میں لے گئے۔

    پنچایت نے سسرال والوں کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے سندیتی اور اس کے اہل خانہ کو برادری سے خارج کرتے ہوئے 16 لاکھ روپے جرمانہ بھی عاید کردیا۔

    دوسری جانب سندیتی کے سسرال والوں اور پنچایت کے ممبران نے اس معاملے پرمیڈیا میں کسی بھی قسم کا اظہار خیال کرنے سے گریز کیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں بچپن کی شادی پر پابندی عائد ہے لیکن یہ وبا ہندوستانی معاشرے کی جڑوں میں پھیلی ہوئی ہے اور 47 فیصد خواتین کی شادی ان کے بالغ ہونے سے پہلے ان کی مرضی کے بغیرکردی جاتی ہے۔

  • اسماعیلی ایک پُرامن اور عالمگیر جماعت ہے، پرنس کریم آغا خان

    اسماعیلی ایک پُرامن اور عالمگیر جماعت ہے، پرنس کریم آغا خان

    پیرس: اسماعیلی مسلمانوں کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان نے کراچی میں بس حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

    اسماعیلی برادری کے رہنماء پرنس آغاخان نے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ ایک پُرامن جماعت کے لوگوں پر حملہ معاشرے میں تشدد کی عکاسی کرتا ہے۔

    پرنس آغا خان کا کہنا تھا کہ اسماعیلی ایک پرامن اور عالمگیر جماعت ہے،جو دنیا کے مختلف ممالک بشمول اسلامی ممالک میں دیگر مذہبی و نسلی گروہوں کے ساتھ ہم آہنگی سے رہ رہی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اسماعیلی برادری پر حملے کے محرکات فرقہ وارانہ یا سیاسی ہوسکتے ہے، انہوں نے کہا کہ میری دعائیں حملے میں جاں بحق اور زخمی افراد کے ساتھ ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز اسماعیلی جماعت کے سربراہ پرنس کریم آغا خان نے کراچی بس پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی تھی۔

    آغا خان کا کہنا تھا کہ ’’ اسماعیلی ایک پُرامن برادری کا حصہ ہیں جو کہ دنیا بھرمیں دوسری مذہبی برادریوں اور نسلی گروہوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے تحت رہ رہی ہے لہذا ان پراس طرح کا حملہ سمجھ سے بالاترہے۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے صفورہ چورنگی پر اسماعیلی کمیونٹی کی بس کو روک کر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں 43 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

  • عمران خان آج کراچی پہنچ رہے ہیں

    عمران خان آج کراچی پہنچ رہے ہیں

    کراچی:  پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان آج کراچی پہنچ رہے ہیں،عمران خان اسماعیلی کمیونٹی کے رہنماؤں سے تعزیت کریں گے جبکہ شام کو شہریوں اور سول سوسائٹی کے ممبران سے مزار قائد پر خطاب کریں گے۔

    ترجمان پی ٹی آئی جمال صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے لیڈرعمران خان آج کراچی پہنچیں گے، کراچی آمد کے بعد المنا ک سانحہ میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے تعزیت کے لئے اسما عیلی کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور شام کو مزارِ قائد پر کارکنوں اورسول سائٹی کے ممبران سے خطاب بھی کریں گے۔

    یا د رہے کہ گزشتہ روز صفورا چورنگی پر دہشت گردوں نے اسماعیلی کمیونٹی کی بس کو نشانہ بنایا، جس میں تنتالیس افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

  • فلسطین اورویٹیکن سٹی کے درمیان پہلامعاہدہ

    فلسطین اورویٹیکن سٹی کے درمیان پہلامعاہدہ

    ویٹیکن سٹی: ویٹیکن نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق وہ فلسطین کے ساتھ پہلامعاہدہ کرنے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین اور ویٹیکن کا مشترکہ کمیشن ’’ فلسطین میں کیتھولک چرچ کی سرگرمیوں‘‘ کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کو حتمی شکل دینے جارہے ہیں۔

    تکمیل کے بعد معاہدے کو مذکورہ ذمہ داران کو بھیجا جائے گا جہاں اس پر دستخظ ہونے سے قبل بھرپور بحث ہوگی۔

    عیسائیوں کی مقدس ریاست ویٹیکن نے فلسطین کی آزاد اور خود مختار حیثیت کو فروری 2013 میں قبول کیا۔

  • اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم2015 کی کمپیوٹرائز قرعہ اندازی آج ہوگی

    اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم2015 کی کمپیوٹرائز قرعہ اندازی آج ہوگی

    اسلام آباد : سرکاری حج اسکیم دوہزار پندرہ کے تحت اکہتر ہزار سے زائد عازمین کے انتخاب کے لئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی آج اسلام آباد میں ہوگی۔

    سرکاری حج اسکیم دوہزارپندرہ کے خوش نصیبوں کی قرعہ اندازی آج ہوگی، وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری اسکیم اور نجی آپریٹرز کے ذریعے اس سال کُل ایک لاکھ تینتالیس ہزار تین سو اڑسٹھ افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔

    جس کے لئے سرکاری حج اسکیم کے تحت اکہتر ہزار سے زائد عازمین کے انتخاب کے لئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی آج اسلام آباد میں ہوگی۔

    وفاقی مذہبی امور سردار محمد یوسف ایڈیٹوریم وزارت مذہبی امور میں کمپیوٹر کا بٹن دبا کر دولاکھ سترہزار میں سے اکہترہزار خوش نصیبوں کا فیصلہ کرینگے۔

    کامیاب درخواست گزاروں کے ناموں کی فہرست فوری طور پر وزارت کی ویب سائٹ پر شائع کر دی جائے گی۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق کامیاب درخواست گزاروں کو خط اور موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھی اطلاع دی جائے گی، آج ہی ملک بھر میں بینکوں کوبھی تفصیلات فراہم کردی جائینگی۔