Author: ویب ڈیسک

  • افغانستان کےدشمن پاکستان کےدشمن ہیں، جنرل راحیل شریف

    افغانستان کےدشمن پاکستان کےدشمن ہیں، جنرل راحیل شریف

    کابل : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ افغانستان کےدشمن پاکستان کےدشمن ہیں۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ افغانستان کے دورے کے موقع پر کہی۔

    آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف نےا یف ڈبلیو او کو طور خم جلال آباد کیرج وے منصوبے پرایک ہفتے کے اندر کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔

    آرمی چیف نےا یف ڈبلیو او سے کہا ہےکہ منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔منصوبہ کئی برس سے تعطل کا شکارہے۔واضح رہے کہ پاک فوج کے سپہ سالار وزیر اعظم کے ہمراہ کابل کے دورے پر ہیں۔

  • پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حسن نواز نااہل قرار

    پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حسن نواز نااہل قرار

    ملتان: الیکشن ٹربیونل نے ساہیوال سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو نااہل قرار دے دیا۔

    رائے حسن نواز این اے 162 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے، جنہیں الیکشن ٹربیونل نے اثاثہ جات چھپانے پر نا اہل قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے۔

    آزاد امیدوار حاجی محمد ایوب نے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائرکی تھی کہ رکن قومی اسمبلی رائے حسن نواز نے اپنے درست اثاثے ظاہرنہیں کیے ہیں، جس پر انکے کیخلاف کارروائی کی جائے۔

  • سانحہ نلتر، ہلاک ہونے والے فلپائن کے سفیر کی میت منیلا روانہ

    سانحہ نلتر، ہلاک ہونے والے فلپائن کے سفیر کی میت منیلا روانہ

    اسلام آباد: سانحہ نلتر میں ہلاک ہونے والے فلپائن کے سفیر کی میت ان کے وطن روانہ کر دی گئی۔

    سانحہ نلتر میں ہلاک ہونے والے فلپائن کے سفیر کی میت پورے اعزاز کے ساتھ منیلا روانہ کر دی گئی، وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر فلپائنی سفیر کی میت کے ہمراہ منیلا گئے ہیں۔

    مرحوم فلپائنی سفیر کی میت سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے روانہ کیا گیا۔

    انڈونیشیا اور ملائشیا کے سفیروں کی بیگمات کی میتیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد انکے وطن روانہ کی جائینگی۔

    دوسری جانب سانحے میں زخمی ہونیوالے انڈونیشیا کے سفیر برہان محمد کو گذشتہ روزعلاج کیلئے سنگاپور روانہ کیا گیا تاہم انکی حالت خراب ہونے پر طیارہ بھارت میں اتار لیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ یاد رہے کہ غیر ملکی سیفروں کو گلگت کی وادی نلتر لے کر جانے والا ایک ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں ناروے اور فلپائن کے سفیروں، دو پائلٹس ، چیف انجینئر سمیت سات افرادجاں بحق ہوئے تھے۔

  • محبت کرنا موت کا سبب بن گیا

    محبت کرنا موت کا سبب بن گیا

    لاہور: محبت کرنا جرم بن گیا لڑکی کے گھروالوں نے ایک دوسرے کو پسند کرنے والے جوڑے کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورمیں حسن اور اقرا نامی محبت کرنے والوں کو لڑکی کے گھروالوں نے خاندانی روایات سے بغاوت کرنے کے جرم میں موت کے گھاٹ اتاردیا۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ دونوں کو قتل کیا گیاہے اور اس کاروائی میں لڑکی کے اہلِ خانہ ملوث ہیں۔

    پولیس کے مطابق حسن کا تعلق پنجاب کے علاقے پتوکی سے اوراقرا کا تعلق شاہ پورکانجراں سے ہے۔ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے اور شادی کرنے کے لئے گھر والوں سے بغاوت کرکے لاہورآئے تھے۔

    پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل معمول کی بات ہے اور ہر سال کئی افراد اس کا شکار بن جاتے ہیں مئی 2014 میں فرزانہ پروین نامی حاملہ خاتون کو اس کے اہل خانہ نے اینٹوں سے وار کر کرکے ہلاک کردیا تھا۔

    ایک محتاط اندازے کے مطابق ہرسال کم از کم 500 خواتین صرف پنجاب میں اس مکروہ جرم کا شکار بنتی ہیں۔

  • صولت مرزا کی میت کراچی پہنچا دی گئی

    صولت مرزا کی میت کراچی پہنچا دی گئی

    کراچی : صولت مرزا کی میت کوئٹہ سے کراچی پہنچا دی گئی، صولت مرزا کو آج صبح مچھ جیل میں پھانسی دے دی گئی۔

    صولت مرزا کے تین بھانجے میت کے ہمراہ ہیں آخری ملاقات کے لئے آنے والے دیگر عزیز و اقارب صبح ہی کراچی کے لئے روانہ ہوگئے تھے، صولت مرزا کی میت سوا دو بجے کوئٹہ ائیر پورٹ سے کراچی روانہ  کی گئی تھی، صولت مرزا کی نمازِ جنازہ بعد مغرب کراچی میں ادا کی جائے گی۔

    صولت مرزا کے بھائی کا کہنا ہے کہ تدفین نارتھ کراچی کے قبرستان محمد شاہ میں کی جائے گی۔

    صولت مرزا کو سزا ملنے کے سولہ سال بعد بلوچستان کی مچھ جیل میں پھانسی دی گئی، پھانسی کے بعد جیل انتظامیہ نے قانونی کارروائی مکمل کی اور میت ورثا کےحوالے کردی۔

    جیل حکام کے مطابق پھانسی سے قبل صولت مرزا کا طبی معائنہ کرایاگیا جبکہ اہلخانہ سے پانچ گھنٹے تک طویل ملاقات کراوئی گئیں ۔ لواحقین ایمبولینس کے ذریعے میت کو لے کوئٹہ پہنچے، جہاں صولت مرزا کی لاش ایدھی سرد خانے منتقل کی گئی۔

  • بی جے پی کے رہنما آر کے سنگھ نے پاک بھارت سیریز کی مخالفت کردی

    بی جے پی کے رہنما آر کے سنگھ نے پاک بھارت سیریز کی مخالفت کردی

    نئی دہلی: حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی کے رہنما آر کے سنگھ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مجوزہ سیریز کی مخالفت کردی۔

    بھارتی جنتا پارٹی نے رنگ میں بھنگ ڈالنا شروع کردیئے، بھارتی تعصب کھیل میں بھی سامنے آگیا، بی جے پی کو پاک بھارت کرکٹ کی بحالی ایک آنکھ نہیں بھارہی۔

    بی جے پی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ آر کے سنگھ نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی کی مخالفت کردی ہیں، انکا کہنا ہے کہ   بھارتی میں ہونے والی دہشت گردی میں پاکستان کا ہاتھ ہے۔ جس نے ہم پر حملہ کیا، اس ملک سے کرکٹ کیسے کھیلی جاسکتی ہے۔

    آر کے سنگھ نے حکومت سے مجوزہ کرکٹ سیریز کی بحالی کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان آئندہ آٹھ سالوں میں چھ سیریز کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوچکے ہیں، جس کے مطابق دونوں ممالک کو رواں سال کے آخر میں ایک دوسرے کے مدمقابل آنا ہے۔

  • آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ کی سالانہ اپ ڈیٹ جاری

    آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ کی سالانہ اپ ڈیٹ جاری

    دبئی: آئی سی سی نے ٹیسٹ رینکنگ کی سالانہ اپ ڈیٹ جاری کردی، پاکستان کو تیسری سے چھٹی پوزیشن پر گرا دیا گیا۔

    آئی سی سی کو پاکستان کی ون ڈے رینکنگ میں سات سے نو پر تنزلی ابھی ہضم نہیں ہوئی تھی کہ آئی سی سی نے ٹیسٹ رینکنگ کا بم گرا دیا، پاکستان بنگلہ دیش کو ہرانے کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آنے کی مٹھائی کھانے کو ہی تھا کہ آئی سی سی کی سالانہ اپ ڈیٹ میں اسے چھٹے نمبر پر گرا دیا گیا۔

    آئی سی سی کے لئے رینکنگ مرتب دینے والے ڈیوڈ کینڈیکس جانیں، لگتا ہے کینڈیکس کو پاکستان سے خاصی محبت ہے، بھارت اپنی آخری چار سیریز ہارنے کے باوجود سات سے چار نمبر پر آگیا۔

    نیوزی لینڈ اپنی سے نیچے نمبروں والی ویسٹ انڈیز سے دو اور بھارت اور سری لنکا سے ایک ایک سیریز جیت کر تیسری پوزیشن پر پہنچ گیا۔

    ٹیسٹ رینکنگ اپ ڈیٹ میں صرف ایک چیز حوصلہ افزا ہے کہ تین سے سات پوزیشنوں کی ٹیموں کے درمیان پواینٹس کا فرق صرف تین ہے، لہذا پاکستان سری لنکا کو ہرا کر واپس تین پر آسکتا ہے۔

  • ممتازماہرِتعلیم قتل کی دھمکیوں کے سبب ملک چھوڑگئیں

    ممتازماہرِتعلیم قتل کی دھمکیوں کے سبب ملک چھوڑگئیں

    کراچی: معروف ماہرِ تعلیم برنیڈٹ ایل ڈین نے متعدد بار ملنے والی قتل کی دھمکیوں کے سبب پاکستان چھوڑدیا۔

    ڈاکٹرڈین سینٹ جوزف کالف فار ویمن اور کنیارڈ کالج لاہور میں پرنسپل کے فرائض انجام دیتی رہیں ہیں اورقتل کی متواتر دھمکیوں کے سبب انہیں پاکستان چھوڑنا پڑا۔ وہ حکومت کی ایڈوائزری کمیٹی برائے نصاب اور ٹیکسٹ بک اصلاحات کی ممبر بھی تھیں اور درسی کتب لکھا کرتی تھیں جن کی بناء پردھمکیاں دینے والے افراد کی جانب سے انہیں ’سیکیولر‘ اور اسلام مخالف خیالات کا پرچار کرنے کا ملزم ٹھہرایا گیا تھا۔

    ڈاکٹر ڈین کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت ان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلارہی تھی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح انہیں اوران کے ساتھیوں کودھمکیاں دی جارہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور پنجاب سے تعلق رکھنے والےمذہبی رہنماء سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے دفتر کے چکرلگائے اوران کے خلاف اپنے خیالات کا اظہارکیا کرتے تھے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے کوئی کتاب نہیں لکھی بلکہ ان کے ہمراہ مسلمان مصنف بھی تھے اورتمام کتابیں لکھی جانے کے بعد ایک سخت جانچ پڑتال کے عمل سے گزر کر پبلشنگ کے لئے جاتی تھیں۔

    ڈاکٹرڈین نے یہ تمام تفصیلات اپنے قریبی دوستوں کو ایک ای میل کے ذریعے دیں اور ان سے معذرت بھی کی کہ وہ اتنی جلدی میں روانہ ہوئیں کہ ان سے مل بھی نہیں پائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ انہوں نے اپنے احباب، اہلِ خانہ پولیس سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔

  • اسحاق ڈار کے آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب

    اسحاق ڈار کے آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب

    دبئی : آئی ایم ایف سے مذاکرات تو کامیاب ہوگئے لیکن دو ماہ بعد بجلی گیس مہنگی ہوگی، صلے میں آئی ایم ایف نواز حکومت کو جون میں پچاس کروڑ ڈالر کا قرضہ دیگا۔

    بالاآخر وزیرِخزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف حکام کو پاکستان لے ہی آئے، پہلے دبئی میں مذاکرات ہوئے  اور پھر اختتامی پریس کانفرنس  اسلام آباد میں ہوئی۔

    آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کا ساتواں جائزہ مکمل کرلیا، اسحاق ڈار خوش ہیں کیونکہ وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کامیاب رہے لیکن اس کامیابی کی بھاری قیمت عوام کو چکانا پڑے گی۔

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار اعتراف کرتے ہیں کہ آئندہ مالی سال سے بجلی پر دی جانے والی سبسڈی بتدریج کم کی جائے گی

    دوسری جانب آئی ایم ایف پاکستان مشن کے سربراہ نے نیوز کانفرنس میں بغیر کسی لگی لپٹی کے کہہ دیا پاکستان میں آئندہ مالی سال سےمہنگائی بڑھنے کا خطرہ ہے، اگر پاکستان کو ترقی کرناہے تو اُسے توانائی بحران حل کرنا ہوگا، پاکستان ہر قسم کی آمدنی پر ٹیکس لگا کرٹیکس کا دائرہ وسیع کرے۔

    ہر دفعہ کی طرح اس بار بھی آئی ایم ایف نے پاکستان کو اپنے اثاثے تیزی سے فروخت کرکے نجکاری پروگرام کو شرائط کے مطابق آگے بڑھانے کا مشورے نما حکم بھی دے ڈالا۔

    وزیرِخزانہ کا دعوی تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں کوئی چھوٹ نہیں مانگی، آئی ایم ایف پارٹنر ہے ماسٹرنہیں، پوری توقع ہے کہ جون میں آئی ایم ایف پاکستان کیلئے 50 کروڑ 60 لاکھ ڈالرکی ساتویں قسط جاری کردیگا۔

  • کوئٹہ: سمندر خان روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 1جاں بحق 4 زخمی

    کوئٹہ: سمندر خان روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 1جاں بحق 4 زخمی

    کوئٹہ: سمندر خان روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔

    کوئٹہ کے وسطی علاقے سمندرخان روڈ پر نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے ایک جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرزخمیوں کو سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    واقعے کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔

    اس موقع پر مشتعل افراد نے باچا خان چوک ، پرنس روڈ، لیاقت بازار کی دکانیں بند کروا کر ٹائر نذر آتش کئے، شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے باعث کشیدگی برقرار ہے ۔

    پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سواروں نے کیرج پر اندھا دھند فائرنگ کی،  ملزمان کی تلاش جاری ہے، شہر میں کشیدہ حالات پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔