Author: ویب ڈیسک

  • حکمران اداروں کو چلنے نہیں دیتے، عمران خان

    حکمران اداروں کو چلنے نہیں دیتے، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کا اصلی حسن آزاد ادارے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ پیرکے روز جوڈیشل کمیشن میں پیشی بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات سے پتہ چل جائے گا کہ الیکشن کمیشن اورنادرا کتنے آزاد ہیں۔

    ان کا کہنا تھاکہ ہمارے ہاں سیاست دان بادشاہوں کا سا مزاج رکھتے ہیں اداروں کو قانون کے مطابق چلنے نہیں دیتے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ نادرا کا ڈیتا بیس سنبھالنے والوں کے ہاتھ میں سب کچھ تھا سربراہ کے ہاتھوں میں کچھ بھی نہیں تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات سے دھاندلی کے اصل ذمہ دارسامنے آئیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں تحریک انصاف کےسربراہ کا کہنا تھا کہ سعد رفیق کو محض ایک ماہ کا اسٹے ملا ہے مسلم لیگ ن اس کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کرے۔

  • وزیراعظم اورآرمی چیف کل افغانستان روانہ ہورہے ہیں

    وزیراعظم اورآرمی چیف کل افغانستان روانہ ہورہے ہیں

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف اورآرمی چیف راحیل شریف کل ایک روزہ دورے پر اسلام آباد روانہ ہورہے ہیں۔

    ترجمان وزیر ہاؤس کے مطابق وزیراعظم افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پرافغانستان کا دورہ کررہے ہیں اور اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

    ترجمان کے مطابق افغانستان کے دسورے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد کیا گیا جس میں پاک افغان دو طرفہ امورپر مشاورت کی گئی۔

    اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اورافغانستان کے کردارپربھی تبادلہٗ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں آرمی چیف اورڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختربھی موجود تھے۔

    اجلاس میں طے پایا کہ افغانستان کے دورے میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے اموراوردہشت گردی کے موضوع پر واضح پالیسی اختیار کی جائے گی۔

  • جارج گیلووے کا نازشاہ کی کامیابی چیلنج کرنےکا فیصلہ

    جارج گیلووے کا نازشاہ کی کامیابی چیلنج کرنےکا فیصلہ

    لندن : برطانیہ میں ہوئے پارلیمانی انتخابات میں پاکستانی نژاد نازشاہ کے ہاتھوں شکست کھانے والے جارج گیلووے نے نازشاہ کی کامیابی کوعدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق لیبرپارٹی کی نازشاہ نے بریڈفورڈ ویسٹ میں رسپیکٹ پارٹی کے جارج گیلووے کو گیارہ ہزار چار سو بیس ووٹوں سے شکست دی تھی۔

    جارج گیلووے نے انتخابی نتیجے کو کالعدم اور نازشاہ کونااہل قراردینے کے لئے قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    جارج گیلووے نےانتخابات میں پوسٹل بیلٹنگ کے ذریعے بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس بارے میں شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔

    یاد رہے کہ برطانوی شہر بریڈفرڈ سے دو پاکستانی نژاد امیدوار عمران حسین اور ناز شاہ لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں۔

    بریڈ فورڈ ویسٹ سے ناز شاہ نے رسپیکٹ پارٹی کے مشہور سیاست دان جارج گیلووے کو شکست دی تھی۔

  • سانحہ نلتر، ایم آئی17ہیلی کاپٹر کا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ مل گیا

    سانحہ نلتر، ایم آئی17ہیلی کاپٹر کا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ مل گیا

    اسلام آباد: سانحہ نلتر کے بدقسمت ایم آئی سیونٹین ہیلی کاپٹر کا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ مل گیا ہے، جس کے بعد تحقیقاتی کمیشن نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔

    سانحہ نلتر میں تباہ ہونیوالے ہیلی کاپٹر کا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ مل گیا، جس کے بعد آرمی چیف کے حکم پر بننے والے تحقیقاتی کمیشن نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر میں مسافر بردار طیاروں کی طرح بلیک باکس کی جگہ فلائٹ ڈیٹاریکارڈ تھا، جس میں پینتیس منٹ سے زائدریکارڈ محفوظ نہیں کیاجاسکتا۔

    ایم آئی سیونٹین ہیلی کاپٹر امریکا سمیت ساٹھ سے زائد ممالک میں محفوظ ترین ہونے پراستعمال کیاجاتا ہے۔

    دوسری جانب سانحے میں زخمی ہونیوالے انڈونیشیا کے سفیر برہان محمد اپنے وطن روانہ ہوگئے، وفاقی وزیر سرحدی امور عبدالقادر بلوچ نے ایئر پورٹ پر سفیر کو روانہ کیا۔

    یاد رہے کہ غیر ملکی سیفروں کو گلگت کی وادی نلتر لے کر جانے والا ایک ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں ناروے اور فلپائن کے سفیروں، دو پائلٹس ، چیف انجینئر سمیت سات افرادجاں بحق ہوئے تھے

  • دبئی: پاکستان آئی ایم ایف مذاکرات آج ، 55 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان

    دبئی: پاکستان آئی ایم ایف مذاکرات آج ، 55 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان

    دبئی : پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا حتمی دور آج دبئی میں ہوگا، مذاکرات کامیابی کی صورت میں آئی ایم ایف سے پچپن کروڑ ڈالر کی قسط ملنے کا امکان ہے۔

    پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام کے تحت ساتویں جائزے پر مذاکرات کا حتمی دور آج دبئی میں ہوگا،  ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کی سربراہی وزیرِخزانہ اسحاق ڈار کریں گے،  اس سلسلے میں پالیسی مذاکرات ایک ہفتے دبئی میں جاری رہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بجلی وگیس کی قیمتوں میں اضافہ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان سے توانائی کے شعبے میں دی جانیوالی سبسڈی کم کرنے کیلئے کہا تھا۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے آئندہ قسط جاری کرنے کیلئے مزید افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی شرط رکھی ہے، اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے بجٹ خسارہ کم کرنے شرط پر چھوٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

    گزشتہ تمام جائزوں میں آئی ایم ایف حکام نے پاکستان کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ: شفقت حسین پھانسی کا حکم برقرار

    اسلام آباد ہائیکورٹ: شفقت حسین پھانسی کا حکم برقرار

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شفقت حسین کی عمر کے تعین کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے پھانسی کا حکم برقرار رکھا ہے۔

    شفقت حسین کی عمر کے تعین کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل کرنے کی درخواست مسترد ہوگئی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں جج اطہر من اللہ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے شفقت حسین کی موت کی سزا کا حکم برقرار رکھا،عدالتی حکم نامے سے جیل حکام کو باقاعدہ آگاہ کرنے کے بعد مجرم کے نئے ڈیتھ وارنٹ جاری ہوں گے۔

    گزشتہ سماعت میں عدالت نے ریمارکس دیئے تھے یہ ایک کیس نہیں بلکہ پبلک پالیسی کا معاملہ ہے، سپریم کورٹ سے سزایافتہ ہر شخص کو آرٹیکل پینتالیس کے تحت ریلیف دیا جا سکتا ہے۔

  • پاکستان اور بھارت رواں سال دسمبر میں مدِمقابل ہوں گے

    پاکستان اور بھارت رواں سال دسمبر میں مدِمقابل ہوں گے

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے رواں سال کے آخر میں پاکستان سے سیریز کھیلنے پر مشروط آمادگی کا اظہار کردیا۔

    دنیائے کرکٹ کے دو بڑے حریف پاکستان اور بھارت رواں سال دسمبر میں یو اے ای میں مدمقابل ہوں گے۔ دونوں بورڈز کے درمیان سیریز کے لئے اتفاق ہوگیا۔۔ سیریز تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل ہوگی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریار خان نے کولکتہ میں بی سی سی آئی کے سربراہ جگموہن ڈالمیا سے ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ شہریار خان بی سی سی آئی کے سربراہ جگموہن ڈالمیا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کی بحالی پر کام کررہے ہیں دسمبر میں سیریز کا شدت سے انتظار ہے۔

    پاک بھارت سیریز ہونے کا امکان روشن ہوگئے ہیں، شہریار خان کا دورہ بھارت کارآمد رہا، بھارتی کرکٹ بورڈ سربراہ نے دورے کو بھارتی حکومت کی کلیئرنس سے مشروط کردیا ہے۔

    بھارتی بورڈ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اپنی ہوم سیریز بھارت میں کھیلنے پر بھی تیار ہے، بھارتی حکومت کی کلیئرنس ملنے پر یہ سیریز پندرہ دسمبر سے پندرہ جنوری تک کھیلی جاسکتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں کھیلے جانے کی صورت میں آمدنی میں حصہ اور نشریاتی حقوق پر بات چیت ہوسکتی ہے،اگر سیریز بھارت میں ہوئی تو کلکتہ میں پہلا ٹیسٹ اور موہالی میں دوسرا ٹیسٹ ہوگا۔

    تین ون ڈے نئی دہلی، بنگلور اور کلکتہ میں کھیلے جائیں گے، سیریز میں دو ٹی ٹونٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

  • این اے 125: سپریم کورٹ نے ٹریبونل کا فیصلہ معطل کردیا

    این اے 125: سپریم کورٹ نے ٹریبونل کا فیصلہ معطل کردیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این اے 125 اورپی پی 155 میں الیکشن ٹربیونل کی جانب سے ری پولنگ کا فیصلہ معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کے روز جسٹس انورظہیر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی ۔

    الیکشن ٹربیونل نے تحریکِ انصاف کے حامد خان کی درخواست پر تحقیقات کرتے ہوئے این اے 125 اور پی پی  155میں ری پولنگ کرانے کا فیصلہ دیا تھا۔


    الیکشن ٹربیونل نے خواجہ سعد رفیق کونااہل قراردےدیا


    فیصلے کے نتیجے میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے خواجہ سعد رفیق اپنی قومی اسمبلی کی نشست سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

    سپریم کورٹ نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹربیونل سے انتخابات کا تمام ترریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

    اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں الیکشن کے میدان میں جانا چاہتا ہوں لیکن مسلم لیگ ن کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے دھاندلی کے مجرم کا تعین ہونا چاہئے، ٹربیونل کے فیصلے میں کسی کو باقاعدہ قصوروار نہیں ٹھہرایا گیا ہے۔

    سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے خواجہ سعد رفیق کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال ہوگئی ہے۔

  • الطاف حسین کا آخری سانس تک پارٹی کی قیادت کا اعلان

    الطاف حسین کا آخری سانس تک پارٹی کی قیادت کا اعلان

    کراچی: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نےکہا ہے کہ کارکنان کراچی میں پانی کے بحران پر احتجاج کرنے کے لئے تیاررہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیمرا کے ذریعے ان کے خطابات پرپابندی لگواکرانہیں عوام سے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہےتاہم وہ پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

    تفصیلت کے مطباق اتوار کی شب کراچی اور حیدرآباد میں کارکنان سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کے قائد کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیوایم کےلئے ذرائع ابلاغ کا راستہ بند کیا گیا تو عوام سے رابطے کےلئے متبادل راستہ اختیار کریں گےاورپر امن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

    الطاف حسین نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ایم کیو ایم میں ہزار گروپ بنا دیئے جائیں یا رابطہ کمیٹی کے ارکان ذمہ داری سے کام کریں نہ کریں اور چاہے ان کی تقریر پر پابندی ہی کیوں نہ لگادی جائے وہ قیادت سے دستبرداری کی بات اپنے منہ پر نہیں لائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکہ اوربھارت جب بھی پاکستان کے خلاف سازش کریں گے تو ایم کیو ایم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

    الطاف حسین کا کہنا ہے کہ منفی پروپیگنڈا کرکے ایم کیو ایم کو بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔

    ایم کیو ایم کے قائد نے آخری سانس تک پارٹی کی قیادت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہرکیاہے۔

    انہوں نے اپنی جماعت کے ممبران پارلیمنٹ سے کہا کہ اپنے اپنے حلقوں میں عوام کی خدمت کریں اور جو اس کام میں ناکام ہوگا اسے آئندہ ایم کیوایم کا ٹکٹ نہیں ملے گا۔

  • صولت مرزا کو کل مچھ جیل میں پھانسی دی جائے گی

    صولت مرزا کو کل مچھ جیل میں پھانسی دی جائے گی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نےصولت مرزاکی پھانسی پرعملدرآمد کرانے کافیصلہ کرلیا، صولت مرزا کو کل مچھ جیل میں پھانسی دی جائے گی، کوئٹہ سے جلاد مچھ جیل پہنچ گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق صولت مرزا کے تہلکہ خیز میڈیا بیان کے بعد جے آئی ٹی نے جیل میں صولت مرزا سے پوچھ گچھ کی، جس کی رپورٹ وزارات داخلہ کو موصول ہوچکی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صولت مرزا سے مزید پوچھ گچھ ، تحقیقات یا تفتیش کی ضرورت نہیں ہے، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ صولت مرزا کو مچھ جیل میں پھانسی دے دی جائے، صولت مرزا کو کل صبح ساڑھے پانچ بجے پھانسی دی جائے گی۔

    مچھ جیل میں صولت مرزا کو پھانسی دینے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں، کوئٹہ سے جلاد بھی مچھ جیل پہنچ گیا ہے، صولت مرزا کی پھانسی دو بار پہلے ہی مؤخر ہوچکی ہے اور گزشتہ ہفتے اس کے تیسری بار ڈیتھ وارنٹ جاری کیے گئے۔

    اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے سزائے موت کے منتظرصولت مرزا کی بلیک وارنٹ مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

    واضح رہے کہ صولت مرزا کو کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہد حامد کے قتل کئے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔