Author: ویب ڈیسک

  • کوہلی اور روہت کے ون ڈے میں مستقبل پر سابق کرکٹر نے خاموشی توڑ دی

    کوہلی اور روہت کے ون ڈے میں مستقبل پر سابق کرکٹر نے خاموشی توڑ دی

    سابق بھارتی بیٹر چیتشور پجارا نے ویرات کوہلی اور روہت شرما کے ون ڈے کرکٹ میں مستقبل پر خاموشی توڑ دی۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر چتشور پجارا نے کہا کہ ویرات اور روہت کے پاس بیرونی مشورے کے بغیر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا تجربہ اور قد موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے انہیں کوئی مشورہ دینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ وائٹ بال کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ہیں یہاں تک کہ اگر وہ کسی ایک فارمیٹ پر توجہ مرکوز کررہے ہیں تو وہ جانتے ہیں کہ ان سے کیا توقع کی جاتی ہے۔

    پجارا نے کہا کہ کوہلی اور روہت اپنی شرائط پر کھیل سے الگ ہوجائیں گے جب انہیں لگتا ہے کہ وہ اب پر تعاون نہیں کرسکتے ہیں۔

    سابق کرکٹر نے کہا کہ ویرات اور روہت کے ریکارڈ کو دیکھیں، وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ ان کے لیے کرکٹ چھوڑنے کا صحیح وقت کب ہے۔ وہ مطلوبہ عزم کی سطح کو سمجھتے ہیں، اور اگر وہ فٹ ہیں تو وہ طویل عرصے تک کھیلنا جاری رکھ سکتے ہیں۔

    یہ پڑھیں: ’ویرات کوہلی کا ون ڈے کیریئر ختم ہوگیا‘

    واضح رہے کہ 2024 ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ویرات کوہلی اور روہت شرما نے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور مئی 2025 کے شروع میں دونوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔

    اگرچہ رپورٹس بتاتی ہیں کہ کوہلی اور روہت 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ تک جاری رکھنے کے خواہاں ہیں، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وہ انتظامیہ کے طویل مدتی منصوبوں میں جگہ رکھتے ہیں یا نہیں۔

    دونوں آخری مرتبہ مارچ 2025 میں ہندوستان کی چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے دوران ون ڈے میں شامل ہوئے تھے، جہاں ان کی قیادت اور تجربے نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ دونوں کھلاڑی کیریئر میں آخری بار آسٹریلیا کے خلاف اکتوبر 2025 میں شیڈول ون ڈے سیریز میں دکھائی دیں گے۔

  • یواےای: اس حرکت پر 10 ہزار درہم تک جرمانہ ہوگا

    یواےای: اس حرکت پر 10 ہزار درہم تک جرمانہ ہوگا

    متحدہ عرب امارات میں جے واک (مخصوص جگہ کے بغیر) سڑک پار کرنے پر 10,000 درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    جنوری 2024 میں، دبئی میں تقریباً 44,000 افراد جے واک کرتے ہوئے پکڑے گئے اور بھاگنے کے واقعات میں آٹھ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    اگرچہ مخصوص جگہوں سے باہر سڑکیں عبور کرنا تیز اور آسان معلوم ہو سکتا ہے لیکن اس کے نتیجے میں شدید، اور بعض اوقات جان لیوا، حادثات ہو سکتے ہیں۔

    اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے، متحدہ عرب امارات نے ایک نیا ٹریفک قانون متعارف کرایا ہے جو 29 مارچ سے نافذ العمل ہے، جس کا مقصد جے واکنگ کو روکنے کے لیے سخت ضوابط ہیں۔

    تازہ ترین قانون کے تحت لوگوں پر زیادہ جرمانے، ممکنہ جیل کی سزائیں ہو سکتی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/dh1000-fine-in-uae/

    موجودہ قانون کے تحت، پیدل چلنے والوں کو جو غیر متعین جگہوں سے سڑکیں عبور کرتے ہیں 400 درہم جرمانہ کیا جاتا ہے تاہم، ٹریفک کے ضوابط پر 2024 کے نئے نافذ کردہ وفاقی حکم نامے قانون نمبر 14 نے مزید سخت سزائیں متعارف کرائی ہیں، خاص طور پر ایسے معاملات میں جہاں جے واکنگ کے نتیجے میں ٹریفک حادثہ ہوتا ہے۔

    جے واکنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کو کم کرنے کی کوشش میں، حکومت نے جرمانے میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے:

    اگر کوئی شخص کسی نامعلوم مقام سے سڑک کراس کرتا ہے اور ٹریفک حادثے کا سبب بنتا ہے تو اسے قید اور درہم 5,000 سے 10,000 درہم تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    اس طرح کے تیز رفتار علاقوں میں، خلاف ورزی کرنے والوں کو کم از کم تین ماہ کی قید اور کم از کم درہم 10,000 جرمانے یا دونوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • وزیراعظم کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

    وزیراعظم کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

    وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہوئی ہے اس دوران دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر پیوٹن نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا،  روسی صدر نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔

    روسی صدر نے کہا کہ پاکستان کو قدرتی آفات کا سامنا ہے، پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر افسوس ہے۔

    پیوٹن نے شہباز شریف کو ماسکو میں ہوننے والی ایس سی او سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

    یہ پڑھیں: چینی صدر شی جن پنگ کا پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعلان

    انہوں نے کہا کہ روس نومبر میں ایس سی او سمٹ کا انعقاد کررہا ہے، امید کرتا ہوں شہباز شریف سمٹ میں شرکت کے لیے ماسکو آئیں گے۔

    روسی صدر نے کہا کہ دونوں ملک کی تجارت میں معمولی کمی آئی ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان سیکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن ہے یو این میں بھی رابطہ رہتا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہورہے ہیں، ایس سی او سمٹ کی دعوت دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ روس سے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہشمند ہیں، پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کا فروغ چاہتا ہے۔

  • آسان کاروبار بل منظور، کاروباری افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    آسان کاروبار بل منظور، کاروباری افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے آسان کاروبار بل 2025 منظور کرلیا ہے۔

    بل کے متن کے مطابق صوبے میں کاروباری افراد کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت ملے گی، رجسٹریشن، لائسنس اور پرمٹس کے لیے آسان کاروبار پورٹل قائم ہوگا۔

    تمام چھوٹے بڑے کاروبار پورٹل پر رجسٹرڈ ہوں گے، کاروباری افراد کو ڈیجیٹل آئی ڈی جاری کی جائے گی، رجسٹریشن، لائسنس اور پرمٹس ای پیمنٹ کے ذریعے ہوں گے۔

    یہ پڑھیں: آسان کاروبار اسکیم سے بلاسود قرض حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    بل کے مطابق ایز آف ڈوئنگ بزنس ڈائریکٹوریٹ قائم ہوگا، خیبرپختونخوا ریگولیٹری رجسٹری کا قیام بھی ڈائریکٹوریٹ کی ذمہ داری ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ اسٹیرنگ کمیٹی ایز آف ڈوئنگ بزنس کے چیئرمین ہوں گے۔

  • اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں پھر زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں پھر زلزلے کے جھٹکے

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    پاکستان کے شمالی علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ 48 گھنٹوں میں دوسری بار اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے آئے ہیں۔

    مانسہرہ، ابیٹ آباد، سوات، ‎مینگورہ شہر اور گرد و نوح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 4 اور گہرائی 22 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

    یکم ستمبر کی رات کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.0 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی، جس کا مرکز پاک افغان سرحد کے قریب کوہ ہندو کش ریجن تھا، زلزلہ تقریباً 10سیکنڈ تک جاری رہا، شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ رات 12 بج کر 17منٹ پر آیا اور لوگ گھبراہٹ کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات پر آگئے۔

    رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، چکوال سوات، پشاور، ملاکنڈ، مانسہرہ، ہنگو و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اس کے علاوہ سوات، مردان، نوشہرہ، بنوں، بونیر، کوہاٹ، چارسدہ میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    اس کے علاوہ 27 اگست کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیےگئے تھے جس سے لوگ خوفزدہ ہو گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔

    سیلاب سے متاثرہ علاقوں بونیر، صوابی، چترال اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

  • آصف علی کی ریٹائرمنٹ پر سرفراز احمد اور شاداب خان  نے کیا کہا؟

    آصف علی کی ریٹائرمنٹ پر سرفراز احمد اور شاداب خان  نے کیا کہا؟

    پاکستان کے ہارڈ ہٹر بیٹر آصٖف علی کی ریٹائرمنٹ پر سابق کپتان سرفراز احمد اور شاداب خان کا ردعمل بھی آگیا۔

    سابق کپتان سرفراز احمد اور ٹی 20 کے نائب کپتان شاداب خان نے آصف علی کو ریٹائرمنٹ پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور ان کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی زندگی کے اگلے سفر میں کامیابی کی خواہش ظاہر کی۔

    سرفراز نے لکھا کہ اچی کو شاندار بین الاقوامی کیریئر پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ نے فخر اور جذبے کے ساتھ گرین شرٹس کو پہنا ہے۔ امید ہے کہ آپ آصف علی کے سامنے آنے والی تمام چیزوں میں کامیابی حاصل کرتے رہیں۔

    یہ پڑھیں: آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    علاوہ ازیں شاداب نے 33 سالہ کھلاڑی کو صرف ایک ساتھی کے طور پر بیان کیا، انہیں بھائی کہا اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    شاداب نے لکھا کہ ایک بہترین ساتھی اور ایک بھائی کو ریٹائرمنٹ مبارک، آپ کے کیریئر کے اگلے باب کے لیے نیک خواہشات کا ظہار کرتا ہوں۔

    آصف نے یہ اعلان پیر کو ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا جس میں انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرنے کے اپنے وقت کو اپنی زندگی کا "فخر ترین باب” قرار دیا۔

    آصف نے لکھا کہ آج میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔

    انہوں نے لکھا تھا کہ الحمدللہ، پاکستان کی جرسی پہننا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور کرکٹ کے میدان میں اپنے ملک کی خدمت کرنا میرا فخر کا باب ہے۔

    واضح رہے کہ آصف علی نے 58 ٹی ٹوئنٹی اور 21 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دو فارمیٹس میں 959 رنز بنائے جس میں تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

    وہ 2021 میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور 2022 میں فائنل تک پہنچنے والے پاکستانی اسکواڈ کا حصہ تھے۔

    خاص طور پر، اس نے گروپ مرحلے میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف میچ وننگ کارکردگی پیش کرتے ہوئے 2021 میں اہم کردار ادا کیا۔

    انہوں نے آخری بین الاقوامی میچ 2023 کے ایشین گیمز میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔

  • طورخم بارڈر پر مسافر سے 25 افغان پاسپورٹ برآمد

    طورخم بارڈر پر مسافر سے 25 افغان پاسپورٹ برآمد

    ایف آئی اے امیگریشن نے طورخم بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر سبحان اللہ کو 25 افغان پاسپورٹ سمیت گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق پاسپورٹس کولڈ ڈرنکس کے کین میں چھپائے گئے تھے، برآمد ہونے والے پاسپورٹس پر تاجکستان کے ویزے لگے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان شہری کا تعلق جلال آباد سے ہے، ملزم کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

    چند روز قبل ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ایجنٹ نادر اور ساتھی حیدر کو گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ 4 بنگلادیشی شہریوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان غیرقانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، بنگلادیشی شہریوں میں عتیق الرحمان، شمن، خیر الحسن اور رتن علی شامل ہیں۔

    ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا تھا کہ ملزمان غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے، ملزمان ایجنٹوں کی مدد سے ایران جانے کی کوشش کررہے تھے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔

  • نقد 41 ہزار روپے! خواتین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    نقد 41 ہزار روپے! خواتین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ممتا پروگرام میں خواتین کو نقد امداد 30 ہزار سے بڑھا کر 41 ہزارروپے کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں جاری سماجی تحفظ کے پروگرامز پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ورلڈ بینک کے تعاون سے سوشل پروٹیکشن ڈلیوری سسٹم کا آغاز کیا ہے، جو 2023 میں شروع ہوا اور 2027 میں مکمل ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کا نمایاں منصوبہ "ممتا پروگرام” اس وقت 15 اضلاع میں جاری ہے، جس سے اب تک 7 لاکھ 70 ہزار خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خواتین کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے صوبے کے 800 اسپتالوں اور ڈسپینسریز کو اس پروگرام سے منسلک کیا گیا ہے۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ رجسٹرڈ خواتین کو تین سال کے دوران 30 ہزار روپے نقد امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ یہ امداد بڑھا کر 41 ہزار روپے کر دی جائے تاکہ خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔

    مزید برآں، وزیراعلیٰ نے مزید 7 اضلاع کو "ممتا پروگرام” میں شامل کرنے کی منظوری بھی دے دی،

     پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

  • چین میں ویزا فری انٹری سے متعلق اہم خبر

    چین میں ویزا فری انٹری سے متعلق اہم خبر

    چین نے روسی شہریوں کو آزمائشی بنیادوں پر ویزا فری داخلے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ سہولت 15 ستمبر سے عام پاسپورٹ رکھنے والے روسی شہریوں کے لیے مؤثر ہوگی۔

    چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ویزا فری سہولت ایک سال کے لیے دی جا رہی ہے جس کے تحت روسی شہری زیادہ سے زیادہ 30 دن تک چین میں قیام کر سکیں گے۔

    اس سے قبل چین نے سیاحت کو فروغ دینے کیلیے 70 سے زائد ممالک کے شہریوں کیلیے ویزا فری انٹری کا اعلان کیا تھا۔

    چین میں ویزا پالیسی میں نرمی کے بعد دنیا بھر سے سیاح ملک میں سیاحتی مقامات کا رُخ کر رہے ہیں۔

    نئی پالیسی کے مطابق 74 ممالک کے شہری بغیر ویزا چین میں 30 دن تک قیام کر سکتے ہیں۔ دراصل چینی حکومت سیاحت، معیشت اور اپنی طاقت کو فروغ دینے کیلیے ویزا فری انٹری کو مسلسل بڑھا رہی ہے۔

    ملک کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 2024 میں 20 ملین سے زائد غیر ملکی سیاح بغیر ویزا داخل ہوئے۔

    کم جونگ اُن بذریعہ ٹرین چین روانہ ہوگئے

    اگرچہ زیادہ تر سیاحتی مقامات اب بھی غیر ملکیوں سیاحوں سے بھرے ہوئے ہیں لیکن ٹریول کمپنیاں اور ٹور گائیڈ اب موسم گرما کی تعطیلات کیلیے چین آنے والوں کی توقع میں بڑی آمد کیلیے تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ دسمبر 2023 میں چین نے فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، اسپین اور ملائیشیا کے شہریوں کیلیے ویزا فری داخلے کا اعلان کیا تھا، لیکن اس کے بعد سے تقریباً پورا یورپ نئی ویزا پالیسی میں شامل ہو چکا ہے۔

  • آن لائن قرضہ کمپنیوں کی طرف سے 1800 فیصد سود لیے جانے کا انکشاف

    آن لائن قرضہ کمپنیوں کی طرف سے 1800 فیصد سود لیے جانے کا انکشاف

    اسلام آباد : آن لائن قرضہ کمپنیوں کی طرف سے 1800 فیصد سود لیے جانے کا انکشاف سامنے آیا، حکام نے بتایا کہ نان بینکنگ فنانشل کمپنیاں قرضوں کے فراڈ میں ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی کے حکام نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں انکشاف کیا ہے کہ آن لائن قرض دینے والی کمپنیاں شہریوں سے 1800 فیصد تک سود وصول کر رہی تھیں۔

    نقد امداد 30 ہزار سے بڑھا کر 41 ہزارروپے کرنے کی ہدایت

    حکام کا کہنا تھا کہ یہ نان بینکنگ فنانشل کمپنیاں قرضوں کے فراڈ میں ملوث ہیں۔ ان کمپنیوں کو ایس ای سی پی نے 2020 میں لائسنس جاری کیے تھے، تاہم اس وقت ان پر کوئی شرائط عائد نہیں کی گئی تھیں۔

    اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان ایپس کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد شہریوں کی گیلری اور رابطہ نمبروں تک رسائی حاصل کر لی جاتی تھی، جس کے باعث قرض لینے والا شہری پھنس جاتا تھا۔

    حکام نے انکشاف کیا کہ بعض افراد نے کھانا کھانے کے لیے صرف 5 ہزار روپے قرض لیا تو وہ بھی سود کے جال میں پھنس گئے، ایک کمپنی کا قرضہ واپس کرنے کے لیے شہری دوسری کمپنی سے قرضہ لینے پر مجبور تھے۔

    کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایس ای سی پی نے قرض پر سود کی شرح پہلے مقرر نہیں کی تھی، تاہم اب ریگولیشنز میں بہتری لائی گئی ہے۔ اب کمپنیاں صرف 100 فیصد تک سود وصول کر سکتی ہیں۔

    مزید یہ کہ قرض لینے کے لیے شہریوں کو اب تین افراد کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہوگا، جبکہ آن لائن قرض ایپ کمپنیاں صارفین کی گیلری اور نمبرز تک رسائی کی مجاز نہیں ہوں گی۔

    حکام کے مطابق 90 فیصد فراڈ میں ملوث ایپ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے اور بڑی حد تک آن لائن قرضہ فراڈ روکنے میں کامیابی حاصل کر لی گئی ہے۔