Author: ویب ڈیسک

  • کم جونگ اُن بذریعہ ٹرین چین روانہ ہوگئے

    کم جونگ اُن بذریعہ ٹرین چین روانہ ہوگئے

    شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن ٹرین کے ذریعے چین کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن چین میں اس وکٹری پریڈ میں شریک ہوں گے جو دوسری جنگِ عظیم کے خاتمے پر جاپان کے سرنڈر کی یاد میں، 80 سال مکمل ہونے پر خصوصی طور پر منعقد کی جا رہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کے علاوہ 25 دوسرے سربراہان مملکت بھی اس پریڈ میں شرکت کے لئے پہنچ رہے ہیں۔

    ایسا پہلی بار ہوگا کہ چینی صدر شی جن پینگ، شمالی کورین سربراہ کم جونگ ان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کسی ایک مقام پر ایک ساتھ موجود ہونگے۔

    واضح رہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ ستمبر 2023ء کے دورہ روس کے لیے بھی خصوصی ٹرین کا استعمال کرچکے ہیں، یہ ٹرین بکتربند خصوصیات کی حامل ہے۔

    دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو تیز تر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے اہم اعلان

    کم جونگ نے کہا ہے کہ اُن کے ملک کو ایٹمی طاقت میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کو ”جنگ بھڑکانے کے ارادے کا واضح اظہار“ قرار دیا۔ جنوبی کوریا اور اس کا اتحادی امریکا رواں ہفتے مشترکہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں، ان مشقوں میں شمالی کوریا کی جوہری دھمکیوں کے پیش نظر ایک بہتر دفاعی ردعمل کی مشقیں بھی شامل ہیں۔

  • معرکہ حق :  آئی ایس پی آر کا  یوم دفاع و شہدا کا نیا پرومو جاری

    معرکہ حق : آئی ایس پی آر کا یوم دفاع و شہدا کا نیا پرومو جاری

    راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے یوم دفاع وشہدا کا نیا پرومو جاری کردیا، جس میں افواج پاکستان کی جرات و شجاعت کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیا پرومو جاری کر دیا۔

    "معرکہ حق” کے عنوان سے جاری اس پرومو میں مسلح افواج پاکستان کی جرات، شجاعت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بری، فضائی اور بحری افواج کی لازوال قربانیاں قوم کے حوصلے اور ایمان کی روشن علامت ہیں۔ پرومو میں شہدا کے خون کو وطن کی سرحدوں کی حفاظت کی اصل ضمانت قرار دیا گیا ہے۔

    ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پرومو وطن کے دفاع کی انمول داستان اجاگر کرتا ہے اور یہ اس بات کا عہد ہے کہ یوم دفاع کے موقع پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کی طرح ناکام بنایا جائے گا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ہر دور میں دشمن کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنی رہیں، جبکہ افواج کی بہادری اور قربانیوں نے تاریخ میں روشن باب رقم کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دفاع وطن ہی بقائے وطن کی ضمانت ہے اور پوری قوم اپنے شہدا اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے۔

  • چینی صدر شی جن پنگ کا پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعلان

    چینی صدر شی جن پنگ کا پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعلان

    بیجنگ : چین کے صدر شی جن پنگ نے اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعلان کردیا اور کہا پاکستان کےاہم ترین اقتصادی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی کے تمام شعبوں میں مدد جاری رکھے گا۔

    وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران چینی صدر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور اب توجہ پاکستان کے اہم اقتصادی شعبوں پر مرکوز کی جا رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

    ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور بے مثال ہیں اور ان تعلقات کی عکاسی باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے سے ہونی چاہیے۔

    اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم کی چینی صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف

    وزیراعظم شہباز شریف نے سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پانچ نئے کوریڈورز پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

    انہوں نے صدر شی جن پنگ کی وژنری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان چین کی ترقی پر فخر کرتا ہے اور ہر سطح پر بیجنگ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

    وزیراعظم نے صدر شی کو اگلے سال پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جب دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔

  • اسرائیل کا حماس کے 2 سینئر کمانڈرز کو شہید کرنے کا دعویٰ

    اسرائیل کا حماس کے 2 سینئر کمانڈرز کو شہید کرنے کا دعویٰ

    غزہ (2 ستمبر 2025): اسرائیل نے غزہ میں حالیہ حملے کے دوران مزاحمتی تنظیم حماس کے دو سینئر کمانڈرز کو شہید کرنے کا دعویٰ کر دیا۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جاری کیے گئے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اس نے شمالی اور وسطی غزہ میں حماس کے خلاف کارروائیوں میں کمانڈر اور ڈپٹی کمانڈر کو شہید کیا۔

    اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کی 99ویں ڈویژن اور شن بیٹ کی مشترکہ کارروائی میں احمد ابو ضیف کو شہید کر دیا گیا جو ان کے مطابق 2024 سے زیتون بٹالین کے ڈپٹی کمانڈر کے طور پر کام کر رہے تھے۔

    بیان میں کہا گیا کہ احمد ابو ضیف نے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف درجنوں حملوں اور گھات لگانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

    صیہونی فوج نے طالب صدیقی طالب ابو عطیوی کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو کہ حماس کے عسکری ونگ میں نخبہ میں کمانڈر ہیں۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کر رکھا ہے تاہم حماس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

  • ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی دینے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

    ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی دینے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

    اسلام آباد (2 ستمبر 2025): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) دینے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

    اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں نور عالم خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی کس نے دیے؟ دریا کبھی اپنی زمین نہیں چھوڑتا، دریا کے اطراف ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    نور عالم خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بعد اب سندھ میں تباہی آنے والی ہے لیکن وزرا ایوان میں باتوں میں مصروف ہیں کسی کو احساس نہیں، خیبر پختونخوا کی پی ڈی ایم اے 12 لوگوں کو نہیں بچا سکی۔

    یہ بھی پڑھیں: ’زرعی زمینوں کو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں تبدیل کرنے کا سلسلہ تشویشناک ہے‘

    انہوں نے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی کی سنتا کون ہے؟ خیبر پختونخوا میں یہ اپوزیشن والے حکومت میں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے سیکٹرز میں دیکھ لیں کہ گھروں کے آگے کیسے تجاوزات قائم کی گئیں، اصل چور وہ ہیں جنہوں نے این او سی دیے ہیں، مجھے حیرانی ہے کہ وزیر یہاں موجود ہوتے ہیں مگر نوٹس کون لے رہا ہے۔

    نور عالم خان نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا وزیر کہاں ہے، وزیر پارلیمانی امور کہاں نوٹس لے رہا ہے، واٹر اینڈ پاور کا وزیر کہاں ہے؟ وہ یہاں نقشے پیش کرے کہاں کہاں این او سی دیے۔

    رہنما جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی دینے والوں نے اربوں روپے کمائے اور بیرون ملک شہریت لیں، آپ بھارت کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں وہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔

  • پی ٹی آئی اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اسمبلی لگالی

    پی ٹی آئی اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اسمبلی لگالی

    اسلام آباد : پی ٹی آئی اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اسمبلی لگا لی ، چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب تک پارلیمنٹ کا اجلاس جاری رہے گا، اپنی اسمبلی باہر لگائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی نے بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر متوازی اسمبلی لگا لی۔ احتجاجی اراکین نے نااہل ہونے والے ایم این ایز کی تصاویر والے پمفلٹ بھی اٹھا رکھے تھے۔

    بیرسٹر گوہر علی نے احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک قومی اسمبلی کا اجلاس جاری رہے گا، تحریک انصاف اپنی اسمبلی باہر لگائے گی۔

    سابق اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان اب ایوان کے اندر نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے باہر ہی خطاب کریں گے، جہاں جلد ایک قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔

    عامر ڈوگر نے خطاب میں کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ "جعلی فارم 47 کی حکومت” کو تسلیم نہیں کرتے، ہمارے ارکان کو نااہل کیا گیا اور ان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پاکستان تحریک انصاف کا قومی اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ

    انہوں نے علیمہ خانم کے بیٹوں کی 24 ماہ بعد مئی 9 کے کیسز میں گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے پورے خاندان کے ساتھ ہیں جو صوبیتیں برداشت کر رہا ہے، ہم ان تمام کی پر زور مذمت کر رہے ہیں۔

    پی ٹی آئی ارکان کا کہنا ہے کہ جب تک قومی اسمبلی کے اجلاس جاری رہیں گے، ہم پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی اجلاس منعقد کرتے رہیں گے۔

  • دریا کنارے غیر تعمیر شدہ ہوٹلوں اور کمرشل اراضی کے این او سیز منسوخ کر دیے گئے

    دریا کنارے غیر تعمیر شدہ ہوٹلوں اور کمرشل اراضی کے این او سیز منسوخ کر دیے گئے

    پشاور (02 ستمبر 2025): خیبرپختونخوا میں دریا کنارے غیر تعمیر شدہ ہوٹلوں اور کمرشل اراضی کے این او سیز منسوخ کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ کے پی میں دریا کنارے پر متعلقہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز نے جانچ پڑتال کے بغیر ہوٹلوں اور کمرشل اراضی کی تعمیر کے این او سیز جاری کیے تھے، جنھیں منسوخ کر دیا گیا۔

    ڈی جی لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے تمام چیف پلاننگ کنٹرول افسران کو خط لکھ کر مطلع کیا ہے کہ کمرشل تعمیرات کے لیے جاری تمام این او سیز منسوخ کر دیے گئے ہیں، خط میں لکھا گیا کہ جن عمارتوں پر تعمیراتی کام شروع نہیں ہوا، ان کے این او سیز منسوخ کیے گئے ہیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سوات، ہزارہ میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    بونیر میں طوفانی بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سے بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی

    دریں اثنا، قومی اسمبلی کے اجلاس میں جے یو آئی کے رکن نے سوال اٹھایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی کس نے دیے ہیں، دریا کبھی اپنی زمین نہیں چھوڑتا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ دریا کے اطراف سوسائٹیز کو این او سی دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی پی ڈی ایم اے 12 لوگوں کو نہ بچا سکی۔

    نور عالم خان نے کہا اسلام آباد کے سیکٹرز میں بھی دیکھ لیں کہ گھروں کے آگے کیسے تجاوز ات قائم کی گئی ہیں، اصل چور وہ ہیں جنھوں نے یہ این او سیز دیے ہیں، وزیر موسمیاتی تبدیلی کہاں ہے؟ واٹر اینڈ پاور کا وزیر کہاں ہے؟ وہ یہاں نقشے پیش کرے کہاں کہاں این او سی دیے گئے، این او سی دینے والوں نے اربوں روپے کمائے اور بیرون ملک شہریت لی۔

  • امیر بالاج ٹیپو کے قتل کی منصوبہ بندی کس نے کی؟ جے آئی ٹی  رپورٹ میں اہم انکشاف

    امیر بالاج ٹیپو کے قتل کی منصوبہ بندی کس نے کی؟ جے آئی ٹی رپورٹ میں اہم انکشاف

    لاہور : امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ میں قتل کی منصوبہ بندی سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے گوگی بٹ کو قصور وار قرار دے دیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گوگی بٹ نے امیر بالاج کے قتل کی منصوبہ بندی کی اور اس سلسلے میں مرکزی ملزم طیفی بٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گوگی بٹ ماضی میں بھی ٹیپو خاندان کے قتل کیسز میں نامزد رہا ہے، جبکہ امیر بالاج کے قتل کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

    جے آئی ٹی نے مزید انکشاف کیا ہے کہ کیس کی اگلی پیشی پر گوگی بٹ کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا عدالت میں کی جائے گی۔

    دوسری جانب، قتل کیس میں مرکزی ملزم طیفی بٹ تاحال اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

    یاد رہے امیر بالاج ٹیپو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک تھا، شادی کی تقریب کے دوران وہاں موجود ایک حملہ آور نے فائرنگ کردی جس سے امیر بالاج ٹیپو سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔

    بعد ازاں قتل کیس میں اس کا دوست احسن شاہ ملوث نکلا تھا، پولیس نے احسن سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • پنجاب میں ملازمتوں کے مواقع، تنخواہ 50 ہزار سے 3.5 لاکھ روپے تک

    پنجاب میں ملازمتوں کے مواقع، تنخواہ 50 ہزار سے 3.5 لاکھ روپے تک

    لاہور (2 ستمبر 2025): پنجاب حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن میں نئی ملازمتوں کا اعلان کر دیا، درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 25 ستمبر ہے۔

    وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن میں ملازمتوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے لکھا کہ درخواست جمع کروائیں اور محکمے کا حصہ بنیں۔

    رانا سکندر حیات نے بتایا کہ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 25 ستمبر 2025 ہے۔ انہوں نے درخواست دہندگان کی آسانی کیلیے لنک بھی شیئر کیا۔

    درخواست دہندگان کی عمریں 40 سے 65 سال کے درمیان ہونی چاہئیں جبکہ ماہانہ تنخواہ 50 ہزار سے ساڑھے تین لاکھ روپے کے درمیان ہے۔

    درخواست دینے کا طریقہ

    • دلچسپی رکھنے والے امیدوار 25 ستمبر 2025 تک آن لائن درخواست فارم جمع کرائیں
    • آن لائن درخواست فارم کی صحیح دستخط شدہ ہارڈ کاپی سی وی، قومی شناختی کارڈ کی کاپی، تعلیمی و پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹس کی کاپی اور حالیہ رنگین تصاویر کے ساتھ 26 ستمبر 2025 شام 5 بجے تک رجسٹرڈ کورئیر یا پوسٹ کے ذریعے دیے گئے پتے پر جمع کروائیں
    • درست بینک ڈرافٹ یا پے آرڈر یا ڈپازٹ سلپ موصول ہونے کے بعد ہی درخواست پر غور کیا جائے گا
    • ڈائرکٹر جنرل اور ڈائریکٹر کے عہدے کیلیے 2000 روپے، ڈپٹی ڈائریکٹر کیلیے 1500 روپے، پرسنل اسٹاف آفیسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، اکاؤنٹنٹ، نیٹ ورک اسسٹنٹ اور ریسرچ اسسٹنٹ کی پوسٹ کیلیے 1000 روپے ہیں
    • بینک آف پنجاب اکاؤنٹ نمبر 6580045615700054 برانچ کوڈ 0320
    • درخواست دہندگان کو ہر پوسٹ کیلیے علیحدہ علیحدہ درخواست دینی ہوگی جس میں پوسٹ کا نام لفافے پر واضح طور پر درج ہے
    • پہلے سے سروس میں موجود افراد کو چاہیے کہ وہ اپنی درخواستیں مناسب چینل (یعنی ڈپارٹمنٹ این او سی) کے ذریعے جمع کرائیں
    • امیدواروں کا پنجاب ڈومیسائل ہونا ضروری ہے
    • صرف مختصر فہرست والے امیدواروں کو ٹیسٹ یا انٹرویو کیلیے بلایا جائے گا
  • سوڈان میں لینڈ سلائیڈنگ سے بڑی تباہی، 1000 سے زائد جان سے گئے

    سوڈان میں لینڈ سلائیڈنگ سے بڑی تباہی، 1000 سے زائد جان سے گئے

    افریقی ملک سوڈان میں لینڈ سلائڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، سوڈان لبریشن موومنٹ نے اطلاع دی ہے کہ لینڈ سلائڈنگ سے کم سے کم 1000 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مغربی سوڈان کے ماررا پہاڑی علاقے میں پورا گاؤں تباہ ہوگیا، یہ گاؤں دارفور کے علاقے میں آتا ہے، صرف ایک بچہ معجزاتی طور پر زندہ بچ سکا۔

    رپورٹس کے مطابق عبدالواحد محمد نور کی قیادت والے گروپ نے اپنے ایک بیان میں اطلاع دیتے وہئے کہا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائڈ کا واقعہ پیش آیا، جس نے ایک پورے گاؤں کو صفحہ ہستی سے ملیا میٹ کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارفور کے علاقے پر تحریک کار گروپ کا کنٹرول ہے، اس گروپ نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی امدادی ایجنسیوں سے امداد کی اپیل کی ہے، ہزاروں مرنے والوں میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    ایس ایل ایم کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ بہت سے افراد کی لاشیں ملبے میں دبی ہیں اور انہیں نکالنے کے لیے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ایجنسیوں کی مدد درکار ہے۔

    واضح رہے کہ سوڈان میں پہلے سے ہی جنگ کا ماحول ہے، عوام جنگ سے پیدا حالات سے نپٹنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اس قدرتی آفت نے انہیں اپنی زد میں لے لیا ہے۔

    غزہ میں اسرائیلی ظلم کی انتہاء، 100 سے زائد فلسطینی شہید

    رپورٹس کے مطابق متاثرہ افراد فاقہ کشی کا شکار ہورہے ہیں، سوڈانی آرمی اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان خانہ جنگی کی صورتحال ہے، جنگ سے دارفور علاقہ پہلے سے ہی متاثر ہے۔