Author: ویب ڈیسک

  • بانی پی ٹی آئی کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

    بانی پی ٹی آئی کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

    راولپنڈی : میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو درست قرار دے دیا اور کان اور دانتوں کے لئے”سپورٹیومینجمنٹ” تجویز کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو درست قرار دے دیا

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کان اور دانت حساس ہونے پر”سپورٹیومینجمنٹ” تجویز کی جا رہی ہے، جنوری 2024 سے عمران خان کے کان کو اسپیشلسٹ چیک کر رہے ہیں۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ پمز میڈیکل بورڈ نے پہلی بار کان اور دانتوں کے لئے سپورٹیو مینجمنٹ تجویز کی۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اکتوبر 2024 سے اگست 2025 تک پمز میڈیکل بورڈ بانی کا چیک اپ کر رہا ہے، ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل نے جولائی2024 میں جیل کا آخری وزٹ کیا۔

    عمران خان کے جیل میں اب تک 15 سے زائد مختلف ڈاکٹرز چیک اپ کر چکے ہیں، پمزمیڈیکل بورڈ نے گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں میڈیکل چیک اپ کیا تھا۔

    پی ٹی آئی سے متعلق خبریں

  • غزہ میں اسرائیلی ظلم کی انتہاء، 100 سے زائد فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی ظلم کی انتہاء، 100 سے زائد فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی سفاکیت نے تمام حدیں پار کردیں، قابض فوج نے غزہ میں ایک اور حاملہ خاتون سمیت مزید 100 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے شاتی پناہ گزین کیمپ میں گھر پر راکٹ حملہ کیا، جس کے باعث گھر کا ایک حصہ تباہ ہوگیا جس کے باعث ایک حاملہ خاتون بھی شہید ہوگئی۔

    اسرائیلی فوج نے جس گھر کو نشانہ بنایا وہاں کمرے سے کھلونے اور بچوں کے کپڑے ملے جو غالباً خاتون نے اپنے ہونے والے بچے کے لیے تیار کئے تھے۔

    قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک روز میں مزید 100 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، جس کے بعد غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 63 ہزار 557 تک پہنچ گئی، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار 660 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق غزہ میں قحط کی صورت حال ہے، بھوک کی شدت کے باعث مزید 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے باعث اب بھی سڑکوں پر ملبے تلے کئی افراد دبے ہوئے ہیں اور اسرائیلی فوج کی جانب سے ریسکیو اہلکاروں کو ملبہ ہٹانے کی اجازت نہیں مل رہی۔

    دوسری جانب امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطینی پاسپورٹ کے حامل تمام افراد کو ویزا دینے سے انکار کر دیا۔

    امریکا نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے فلسطینی رہنماؤں کی ویزا منسوخی کے بعد اب تقریباً تمام فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کے لیے ویزا پالیسی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

    غزہ متاثرین کی امداد کے لیے امدادی قافلہ اسپین سے روانہ

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے نئی ویزا پالیسی کے تحت سفارت کاروں کو ہدایت کی ہے کہ فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کی ویزا منظوری روک دیں۔

    فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کے ویزا منسوخی کا مقصد یہ ہے کہ فلسطینیوں کو علاج کے لیے امریکا آنے، پڑھنے اور کاروباری سفر سے روکا جا سکے۔

  • بونیر میں طوفانی بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سے بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی

    بونیر میں طوفانی بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سے بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی

    بونیر: خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے تاہم زخمیوں کواسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی۔ گیرو بگڑا میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈگر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ گزشتہ رات ہونے والی طوفانی بارش کے باعث پیربابا میں سیلابی ریلے گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگئے، جبکہ قادر نگر اور ٹانثابٹئی سمیت متعدد علاقوں میں پانی کا تیز بہاؤ جاری ہے، پیربابا بازار اور ملحقہ علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ غازی خانہ اور سلطان وس کے مقام سے گزرنے والے ریلے کے بعد سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، تاہم چغرزی بامے روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدورفت متاثر ہوئی۔

    ڈپٹی کمشنر کاشف قیوم نے بتایا کہ ضلع بھر میں مسلسل بارشوں کے بعد ہائی الرٹ جاری ہے، پیربابا کھوڑ میں پانی کی سطح بلند ہو کر مرکزی بازار کے عقب اور سڑک تک پہنچ گئی ہے جبکہ مساجد اور لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے اعلانات جاری ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں جبکہ سرکاری رہائش گاہوں کو ہنگامی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

  • پنجاب میں کتنے قیدی ایڈز میں مبتلا ہیں؟ حیران کن اعداد و شمار جاری

    پنجاب میں کتنے قیدی ایڈز میں مبتلا ہیں؟ حیران کن اعداد و شمار جاری

    لاہور (2 ستمبر 2025): پنجاب کی جیلوں میں قید قیدیوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کے حیران کن اعداد و شمار سامنے آگئے۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے کی جیلوں میں ایڈز میں مبتلا 673 قیدی موجود ہیں، سب سے زیادہ 143 ایڈز کے مریض سنٹرل جیل راولپنڈی میں موجود ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: قیدیوں کے اہل خانہ کی آسانی کیلیے زبردست سہولت کا آغاز

    ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں ایڈز کے مرض میں مبتلا 83 قیدی موجود ہیں، جیلوں میں قیام کے دوران کسی قیدی کو ایڈز نہیں ہوا، مریضوں کی اکثریت منشیات کے مقدمات میں جیل آئی۔

    انہوں نے بتایا کہ اسکریننگ کی بدولت بہت سے مریضوں کو مرض کا علم ہوا، جیل داخلے کے وقت اسکریننگ سے مرض کی تشخیص ہوئی۔

    ترجمان کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں ایڈز کے تمام 673 مریضوں کا علاج جاری ہے، مریضوں کو الگ مختص کردہ بیرکس میں رکھا جاتا ہے۔

  • مکہ ریجن سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا الرٹ جاری

    مکہ ریجن سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا الرٹ جاری

    سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے ملک کے کئی علاقوں میں آئندہ ہفتے تک مکہ ریجن سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہے گا۔

    رپورٹس کے مطابق طائف، میسان، اضم، العرضیات، اللیث اور القنفذہ میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور سیلاب کا امکان ہے، جازان، عسیر اور الباحہ کے علاقے درمیانے درجے سے شدید بارش سے متاثر ہوں گے۔

    ڈائریکٹوریٹ کے بیان کے مطابق شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔

    سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔

    مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش، زائرین کی دعائیں (ویڈیو)

    اس سے قبل بھی سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت نجران، جازان، عسیر اور الباحہ میں کہیں درمیانے درجے کی اور کہیں تیز رم جھم کا امکان موجود ہے۔

    محکمے کا کہنا تھا کہ تیز بارش کے ساتھ گرج چمک ہوگی جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کا بھی خدشہ ہے۔

  • بھارت سے آنے والا نیا سیلابی ریلہ :  اگلے 24 سے 48 گھنٹے بہت اہم قرار

    بھارت سے آنے والا نیا سیلابی ریلہ : اگلے 24 سے 48 گھنٹے بہت اہم قرار

    لاہور : ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اگلے 24 سے 48 گھنٹے ہمارے لئے بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج شام تک ہیڈ محمد والا پر سیلاب آنے کا خدشہ ہے، اگر ہیڈ محمد والا کو بریچ کرنا پڑا تو 16 موضع جات متاثر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی طرف سے آنیوالے پانی کے ریلے کی اطلاع دی گئی ہے، ستلج میں مزید پانی چھوڑا گیا ہے،پانی کا فلو مسلسل بڑھ رہا ہے اور بارشوں کے باعث ریسکیو کام متاثر ہوا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک ہے جبکہ دریائے چناب میں بڑا سیلابی ریلا جنوبی پنجاب کی طرف بڑھ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہیڈ محمد والا کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور شام تک اس مقام پر سیلاب آنے کا خدشہ ہے، اگر ہیڈ محمد والا کو بریک کرنا پڑا تو 16 موضع جات زیرِ آب آ سکتے ہیں جبکہ 7 سے 10 ہزار کے قریب گھر متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ دریائے ستلج کا پانی پنجند کے مقام پر آ کر جمع ہوگا جہاں یہ باقی دریاؤں کے پانی سے ملے گا، پانی پہلے ہی بہاولنگر اور بہاولپور کے اضلاع میں داخل ہو چکا ہے، انڈیا سے آنے والا تمام پانی اس وقت پاکستان میں داخل ہو رہا ہے۔

    ڈی جی نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی تربیلا ڈیم کے اسپل ویز دوسرے حصے میں کھولے گئے تھے اور آنے والے 24 سے 48 گھنٹے صورتحال کے لحاظ سے نہایت اہم ہیں، پانی کے بہاؤ کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، افواجِ پاکستان اور تمام ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی خطرناک صورتحال میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں 395 ریلیف کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

  • برطانیہ کا افغانستان کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان

    برطانیہ کا افغانستان کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان

    لندن (02 ستمبر 2025): برطانیہ نے افغانستان زلزلہ متاثرین کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    برطانیہ کی حکومت نے پیر کی شام افغانستان میں ہلاکت خیز زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے ایک ملین پاؤنڈ کے ہنگامی پیکج کا اعلان کیا ہے، تاکہ اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کی امدادی کوششوں کو سہارا فراہم کیا جا سکے، اس امداد میں موبائل ہیلتھ ٹیمیں، ایمرجنسی ہیلتھ کِٹس، اور بے گھر لوگوں کے لیے پناہ گاہیں شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کی ٹیمیں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ کنڑ میں موجودہ اسپتالوں اور کلینکس پر زچگی کی صحت کی دیکھ بھال اور نفسیاتی مدد بھی فراہم کریں گی۔

    افغانستان زلزلہ

    اتوار کی شب مشرقی افغانستان میں مہلک زلزلہ آیا، جس نے صوبہ کنڑ اور ننگرہار میں سیکڑوں افراد کی جان لے لی ہے، جب کہ ہزاروں زخمی اور بے گھر ہو گئے ہیں، طالبان حکومت کے مطابق زلزلے میں 800 سے زائد افراد کی زندگیاں تلف ہو گئی ہیں۔ حکومت نے اقوام عالم سے امداد کی اپیل بھی کی ہے۔

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    زلزلے کے بعد بین الاقوامی تنظیموں اور انسانی امدادی اداروں نے فوری امداد کے لیے وسائل متحرک کر دیے ہیں، جن میں خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات، اور عارضی رہائش شامل ہیں۔ دنیا بھر کے رہنماؤں اور ممالک نے متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے، اور متعدد ممالک نے افغانستان کو اس آفت کے بعد سنبھلنے میں مدد دینے کے لیے اضافی انسانی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔

    افغان حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متعدد گاؤں مکمل تباہ ہو گئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے زلزلہ متاثرین سے ہمدردی اور افغان عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے، اور ان کی 20 ٹیمیں مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔

  • بیوی نے 7 سال سے لاپتا شوہر کو کیسے ڈھونڈا؟

    بیوی نے 7 سال سے لاپتا شوہر کو کیسے ڈھونڈا؟

    (2 ستمبر 2025): بھارتی ریاست اتر پردیش میں بیوی نے 7 سال سے لاپتا شوہر کو ڈھونڈ لیا مگر اس کہانی میں ایک ایسا موڑ ہے جس نے ہر کسی کو حیران کر دیا۔

    انڈین میڈیا کے مطابق شیلو نامی خاتون نے جتیندر کمار نامی شخص سے شادی کی لیکن شوہر شادی کے ایک سال بعد پُراسرار طور پر لاپتا ہوگیا تھا۔

    شیلو اور جتیندر کمار کے درمیان شادی کے فوراً بعد تعلقات خراب ہونے لگے تھے کیونکہ سسرال میں خاتون سے اضافی جہیز اور سونے کی چین اور انگوٹھی کا مطالبہ کیا جانے لگا تھا۔

    مطالبہ پورا نہ ہونے پر بالآخر شیلو میکے چلی گئی کیونکہ اسے زبردستی گھر سے نکالا گیا تھا۔ شیلو کے اہل خانہ نے پولیس میں مقدمہ درج کروایا تھا۔

    کیس کی تحقیقات کے دوران خاتون کا شوہر جتیندر کمار اچانک لاپتا ہوگیا۔ 2018 میں اس کے لاپتا ہونے کی شکایر پولیس میں درج کروائی گئی لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا۔

    حال ہی میں جتیندر کمار کی بیوی انسٹاگرام استعمال کر رہی تھیں جب انہوں نے ایک ریل میں شوہر کو نامعلوم خاتون کے ساتھ دیکھا۔

    بیوی نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ جتیندر کمار جان بوجھ کر غائب ہوا تھا اور اس نے دوسری شادی کر رکھی ہے۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شیلو کے شوہر کو گرفتار کر لیا جو اس وقت حراست میں ہے، پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

  • ٹریفک خلاف ورزیوں پر 7 ہزار 304 موٹر سائیکلیں ضبط کرلی گئی

    ٹریفک خلاف ورزیوں پر 7 ہزار 304 موٹر سائیکلیں ضبط کرلی گئی

    سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک کی جانب سے متعدد خلاف ورزیوں پر مختلف شہروں سے 7 ہزار 304 موٹر سائیکلیں ضبط کرلی گئی ہیں

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 24 اگست 2025 سے 30 اگست 2025 تک مختلف شہروں سے ہزاروں موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا گیا۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ موٹر سائیکلیں ریاض ریجن میں ضبط ہوئی ہیں جن کی تعداد 3791 ہے۔

    جدہ ہے سے 2118 موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں جبکہ مشرقی ریجن سے 602 موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں۔

    محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل ضبط ہوگی اور یہ کسی بھی حال میں ناقابل واپسی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت بلدیات اور ہاؤسنگ نے کھانے کے شعبے میں صحت اور حفاظت کے معیار کو سخت کرنے کے مقصد کے تحت نئے جرمانوں کا اعلان کیا ہے، جس میں فوڈ آؤٹ لیٹس میں سگریٹ نوشی پر 5,000 ریال کا جرمانہ بھی شامل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق غیر صحت بخش طریقوں، دھوکہ دہی پر مبنی فروخت، اور فوڈ سیفٹی کے قوانین کی عدم تعمیل پر سخت اقدامات حفظان صحت اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے ہیں۔

    سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سے منشیات فروش غیر ملکی و شہری گرفتار

    کھانے کی تیاری کے جگہوں میں کارکنوں کو چہرے کے ماسک نہ پہننے پر 1,000 SR اور سر نہ ڈھانپنے پر 1,000 SR جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، غیر مجاز علاقوں میں سگریٹ نوشی پر 5000 ریال کا سب سے زیادہ جرمانہ ہوگا۔

  • محمد وسیم نے روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ چکنا چور کردیا

    محمد وسیم نے روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ چکنا چور کردیا

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے بھارتی بلے باز روہت شرما کا بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ کے دوران روہت شرما کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

    یو اے ای کے کپتان نے 54 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 110 چھکے لگاکر روہت شرما کا ریکارڈ توڑا، روہت نے بحیثیت کپتان 62 اننگز میں 105 چھکے مارے تھے۔

    واضح رہے کہ بطور بلے باز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اب بھی روہت کے پاس ہے جنہوں نے 159 میچز میں 205 چھکے لگائے ہیں۔

    یو اے ای کے کپتان محمد وسیم اس فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، انہوں نے 80 میچز میں 176 چھکے لگائے ہیں۔

    مچل اسٹارک کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    گزشتہ روز شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں محمد وسیم نے افغانستان کے 189 رنز کے ہدف کے جواب میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر 67 رنز بنائے تھے، جس میں 6 بلند و بالا چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

    یو اے ای کی ٹیم محمد وسیم کی شاندار بیٹنگ کے باوجود 189 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز اسکور کرسکی۔