Author: یار محمد

  • اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، عمران خان

    لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم قائداعظم محمدعلی جناح کےتصورپاکستان کی حقیقت پانے میں ناکام رہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے ذریعےعدل وانصاف شہریوں کوقانون کی نگاہ میں برابر بناتا ہے،قانون کی حکمرانی حقیقی آزادی،خودمختاری اور حقوق کےتحفظ کی راہموارکرتا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی سے ریاستی وحکومتی اشرافیہ کے تسلط سےتحفظ ملتاہے، مگر بدقسمتی سے پاکستان میں قانون کی حکمرانی کو قدم جمانےکی اجازت نہیں دی گئی، اشرافیہ کی گرفت نےطاقتورمافیاز کو قانون سےیوں بالاتر بنایا کہ گویا یہ انکا استحقاق تھا،ان تمام رکاوٹوں کے باعث ہم قائداعظم محمدعلی جناح کےتصورپاکستان کی حقیقت پانے میں ناکام رہے۔

    بعد ازاں سینئرصحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں، لگتا ہے اپریل میں الیکشن میں جارہے ہیں، انہوں نے کہا جب دو اسمبلیاں ٹوٹیں گی تو انتخاب تو کرانا پڑے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:’قائداعظم کی سالگرہ پر ہم شرمندہ ہیں، ملک کا بیڑہ غرق کردیا

    اپنی گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اچھا کھلاڑی وہی ہوتا ہے جو ہر بال نہ کھیلے، ہم 11جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ لے لیں گے،مجھے یقین ہے کہ پرویز الہٰی اسمبلیاں توڑے گا۔

  • لاہور: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو اہلکار کے شہید ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج

    لاہور: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو اہلکار کے شہید ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج

    لاہور کےعلاقے شامکے بھٹیاں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اے ایس آئی اور پولیس کانسٹیبل کے شہید ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، ایف آئی آر میں دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے نواحی علاقے شامکے بھٹیاں میں رات گئے نامعلوم ڈاکووں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

    واقعہ کا مقدمہ تھانہ مانگا منڈی میں سب انسپکٹر فیض احمد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا، ایف آئی آر میں دہشتگردی، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کر کی گئیں۔

    لاہور: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق پولیس پارٹی نے ملتان روڈ پر دوران گشت دو نامعلوم ڈاکوؤں کو ٹریفک روک کر گاڑیوں سے لوٹ مار کرتے دیکھا تھے، پولیس نے با آواز بلند ملزمان کو ہتھیار پھینکنے کو کہا تو ملزمان نے سیدھی فائرنگ کردی، فائرنگ سے اے ایس آئی عاصم علی اور کانسٹیبل شاہد ارشد شہید ہوگئے، ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔

    آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا شامکے بھٹیاں لاہور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی، لاہور پولیس نے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دیدی۔

  • لاہور میں خاتون کے اغوا برائے تاوان کا ڈراپ سین ہوگیا

    لاہور میں خاتون کے اغوا برائے تاوان کا ڈراپ سین ہوگیا

    لاہور میں شوہر سے جھگڑے کے بعد اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچانے والی خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے تھانہ اچرا میں بہنوئی کے ساتھ مل کر اپنے اغوا کا ڈرامہ رچانے والی لبنیٰ نامی خاتون پولیس کی گرفت میں آگئی۔

    ذرائع کے مطابق 13 ستمبر کے روز خاتون کے اغوا کا جھوٹا مقدمہ درج کروایا گیا اور رہائی کے بدلے شوہر سے 10 لاکھ روپے تاوان مانگا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق لبنیٰ نے اپنے بہنوئی محسن کے ساتھ مل کر واردات کا منصوبہ بنایا تھا۔

    ملزمہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ’میری شوہر سے لڑائی ہوئی جس کے بعد میں اپنی کزن کے گھر گئی ادھر جاکر میں نے شوہر سے اپنے لیے پیسے مانگے تھے۔‘

    پولیس کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں اب تک اغوا کے 80 فیصد مقدمات خارج کیے جاچکے ہیں۔

  • وفاقی وزیر جاوید لطیف پر دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

    وفاقی وزیر جاوید لطیف پر دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

    مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف پر تھانہ گرین ٹاؤن لاہور میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگی رہنما کے خلاف مقدمہ امام مسجد ارشاد الرحمٰن کی مدعیت میں تھانہ گرین ٹاؤن میں درج کیا گیا ہے جس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف غلط بیانی کرکے اشتعال دلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق وفاقی وزیر جاوید لطیف نے وزیر اطلاعات اور نشریات مریم اورنگزیب ودیگر سے مشورہ کرکے منصوبے کے تحت پریس کانفرنس کی اور پاکستان ٹیلی ویژن کے اعلیٰ حکام نے انہیں اس سلسلے میں مکمل معاونت فراہم کی۔

    واضح رہے کہ ن لیگی رہنما جاوید لطیف اپنی پریس کانفرنسز میں عمران خان کے خلاف جارحانہ انداز بیاں اختیار کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ’نواز شریف واپس آرہے ہیں عمران خان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی‘

    گزشتہ دنوں بھی انہوں نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ نواز شریف واپس آرہے ہیں اب عمران خان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

  • سیکرٹری پنجاب بار کونسل کو قتل کردیا گیا

    سیکرٹری پنجاب بار کونسل کو قتل کردیا گیا

    لاہور: سیکرٹری  پنجاب بار کونسل اشرف راہی کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے میں بادامی باغ میں نامعلوم افراد نے سیکرٹری  پنجاب بار کونسل اشرف راہی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اشرف راہی اپنی گاڑی میں گھر جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر دو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کردی، مقتول کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے علاقہ شکر گڑہ میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے محمد غیاث الدین کے بیٹے زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے ایم پی اے کے بیٹے کو تین گولیاں ماریں۔

  • تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ پر پولیس کی شیلنگ، کارکنان رکاوٹیں توڑ کر آگے بڑھنے لگے

    تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ پر پولیس کی شیلنگ، کارکنان رکاوٹیں توڑ کر آگے بڑھنے لگے

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کو روکنے کے لئے پنجاب پولیس اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی اور پرامن کارکنان پر شیلنگ کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد سابق صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد اور حماد اظہر کے ہمراہ بتی چوک پہنچے اور وہاں لگے کنٹینرہٹادئیے، قافلہ شاہدرہ کی جانب روانہ ہوا تو پولیس نے آزادی چوک ٹمبر مارکیٹ کے قریب ان پر شیلنگ کردی تاہم کارکنان شیلنگ کی پروا کئے بغیر آکے بڑھتے رہے۔

    پولیس کی جانب سے نیازی چوک پر تحریک انصاف کے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی، پولیس اہلکار اوور ہیڈ پل پرکھڑے ہوکر کارکنوں پرشیلنگ کرتے رہے، اسکے علاوہ مینارپاکستان کے قریب بھی پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنان پر شیلنگ کی گئی۔

    پولیس کے بہیمانہ شیلنگ کے باوجود پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، علی چوہدری ،خالد گجر ،شبیر سیال نے راوی پل سےکنٹینرز ہٹا دیئے۔

    سینیٹر اعجاز چوہدری کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا کہ راوی پل سے پی ٹی آئی کا قافلہ چل پڑا ہے۔

    رکاوٹیں ہٹانے کے بعد پی ٹی آئی رہنماحماد اظہر کا قافلہ شاہدرہ ٹول پلازہ عبور کرگیا، شاہدرہ ٹول پلازہ پر انتظامیہ کی بڑی رکاوڑٹیں لگائی تھیں، حماد اظہر نےکارکنوں کے ہمراہ راوی پل بتی چوک پر کنٹینر ہٹا دیا تھا۔

  • اینٹی کرپشن کو سابق وزیراعلی عثمان بزدار کے خلاف ن لیگ کی درخواست موصول

    اینٹی کرپشن کو سابق وزیراعلی عثمان بزدار کے خلاف ن لیگ کی درخواست موصول

    لاہور : سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف مالی بے ضابطگیوں اور اختیار کا ناجائز استعمال کرنے پر اینٹی کرپشن کو درخواست موصول ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کوسابق وزیراعلی عثمان بزدارکےخلاف ن لیگ کی درخواست موصول ہوگئی۔

    اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے اپنے آپ کو مسلم لیگ ن کا کارکن ظاہر کرنے والے شخص کی جانب سے درخواست جمع کروائی گئی، جس نے نام خفیہ رکھنے کا کہا ہے۔

    درخواست گزار نے کہا ہے کہ عثمان بزداردورحکومت میں مالی بےضابطگیوں میں ملوث رہے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

    درخواست میں کہا گیا کہ عثمان بزدار اور قریبی رفقاء نے غیر قانونی تقررو تبادلے بھی کروائے، جن کی مد میں ناجائز طریقے سے مال بنایا گیا، محکمہ اینٹی کرپشن چھان بین کرکے کارروائی کرے۔

    درخواست میں سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے سیکرٹری طاہر خورشید، عمر بزدار، جعفر بزدار، عامر تیمور، مختار احمد، سمیع اللہ، حبیب گل خان، کیپٹن ریٹائرڈ اعجاز جعفر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

  • انارکلی دھماکا: سی ٹی ڈی نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

    انارکلی دھماکا: سی ٹی ڈی نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

    لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انار کلی بم دھماکے کے مرکزی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دونوں دہشت گردوں کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گردوں میں ثنا اللہ اور عبدالرازق شامل ہیں، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد ، ڈیٹونیٹر، بیٹریاں اور ریموٹ کنٹرول برآمد ہوئے ہیں، ضبط سامان لاہور میں دو مختلف بم دھماکوں میں استعمال کیا جانا تھا۔

    حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ وہ اپنی مذموم کارروائیوں کے لئے لاہور پہنچ رہے ہیں جس پر کامیاب کارروائی کے دوران ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، دہشت گردوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والےاداروں اور ٹرین کی بوگی کو نشانہ بنایاجاناتھا۔

    سی ٹی ڈی ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان نے اسلام آباد اور ملتان میں بھی دھماکوں کا انکشاف کیا ہے، مزید تفتیش کے لئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں لاہور کے مشہور انارکلی بازار میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ تینتیس زخمی ہوئے تھے، پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت 9سالہ ابصار، 18سالہ یاسر اور 30سالہ رمضان کے نام سے ہوئی۔

    کالعدم جماعت بلوچ نیشنلسٹ آرمی نے لاہور میں ہونے والے دھماکے کی ذمے داری قبول کی تھی۔

  • معروف اداکار مسعود اختر انتقال کرگئے

    معروف اداکار مسعود اختر انتقال کرگئے

    لاہور: پاکستان کے نامور اداکار مسعود اختر کینسرجیسے موذی مرض سے لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گئے۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق مسعود اختر طبیعت ناسازی کے باعث گذشتہ 36 روز سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، کچھ عرصہ قبل انہیں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی تاہم آج وہ دوران علاج اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازہ جنازہ بعد نماز عصر عثمان بلاک گلشن راوی میں ادا کی جائے گی، پانچ ماہ قبل مسعود اختر کے اکلوتے بیٹے بھی انتقال کرگئے تھے، جس کے باعث وہ شدید صدمے سے دوچار تھے۔

    مسعود اختر 5 ستمبر 1940ء کو ساہیوال میں پیدا ہوئے، 60 کی دہائی میں انہوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا اور جلد ہی اسٹیج کے مشہور اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔

    مسعود اختر نے کئی فلموں، ٹی وی ڈراموں اور تھیٹر پروڈکشنز میں اداکاری کرکے ‘فن اداکاری’ میں بہت بڑا حصہ ڈالا، لاہور کے الحمرا آرٹ سینٹر سے ان کی طویل وابستگی تھی اور وہ ہر شام الحمرا کیفے میں باقاعدہ ایک خصوصی نشست رکھتے تھے۔

    ان کے ابتدائی ڈراموں میں سے ایک پیسہ بولتا ہے 1970 کی دہائی میں الحمرا میں پیش کیا گیا تھا اور اس نے انہیں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔

    مسعود اختر نے کئی فلموں میں ولن کی حیثیت سے کام کیا، حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 2005ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔

  • کار سوار ٹریفک وارڈن کو گھسیٹتا ہوا لے گیا، ویڈیو سامنے آگئی

    کار سوار ٹریفک وارڈن کو گھسیٹتا ہوا لے گیا، ویڈیو سامنے آگئی

    لاہور میں کار سوار روکے جانے پر ٹریفک وارڈن کو گھسیٹتے ہوئے لے گیا، واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے میو اسپتال کے قریب نسبت روڈ پر ٹریفک وارڈن نے غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑی کو روکا تو کار ڈرائیور وارڈن کو بونٹ پر گھسیٹتا ہوا لے گیا۔

    کار سوار وارڈن کو بونٹ پر 200 میٹر دور تک  گھسیٹتا رہا اور گرا کر فرار ہوگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کار سوار نے وارڈن کو ٹکر ماری اور گاڑی دوڑا دی، وارڈن کو بونٹ پر بیٹھے ہوئے کار سوار کو گھسیسٹے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ٹریفک حکام کے مطابق وارڈن نے ڈرائیور کو روکتے ہوئے اس سے کاغذات طلب کرتے ہوئے غیرنمونہ نمبر پلیٹس سے متعلق گفتگو کی لیکن کار سوار رکنے کے بجائے گاڑی دوڑاتا رہا۔

    حادثے کے نتیجے میں وارڈن زخمی ہوگیا جسے اہل علاقہ نے طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گاڑی کو تلاش کیا جارہا ہے، ملزم کار سوار کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔