Author: یار محمد

  • تفتیشی ادارے انار کلی بازار میں دھماکہ خیز مواد رکھنے والے دہشت گرد تک نہ پہنچ سکے

    تفتیشی ادارے انار کلی بازار میں دھماکہ خیز مواد رکھنے والے دہشت گرد تک نہ پہنچ سکے

    لاہور : تفتیشی ادارے انار کلی بازار میں دھماکہ خیز مواد رکھنے والے دہشت گرد تک نہ پہنچ سکے تاہم حملہ آور کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انار کلی بازار میں ہونے والے بم دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت نہ ہوسکی اور تفتیشی ادارے دھماکہ خیز مواد رکھنے والے دہشت گرد تک نہ پہنچ سکے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی خرابی دہشت گرد کی عدم گرفتاری میں بڑی وجہ قرار دی گئی ہے ، دھماکے کے بعد سے تاحال قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نجی کیمروں سے مدد ملی۔

    انار کلی دھماکہ میں حملہ اور کی ایک اور سی سی ٹی وی سامنے آگئی ہیں، جس میں حملہ اور کو دھماکے سے قبل پینتیس منٹ تک انار کلی اور نیلا گنبد تک پیدل سفر کرتا رہا۔

    فوٹیج کے مطابق حملہ اوور ایک بجکر چار منٹ پر انار کلی بازار میں داخل ہوا، اس نے سر پر ٹوپی اور منہ پر ماسک پہن رکھا تھا جبکہ پر پل رنگ کا ٹریک سوٹ اور کمر پر دھماکہ خیز مواد سے بھرا بیگ لٹکایا ہوا تھا۔

    حملہ اور دھماکہ خیز مواد رکھنے کے بعد رکشہ میں سوار ہوکر سبزی منڈی اترا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سبزی منڈی کے قریب اٹھ ٹرکوں کو پوائنٹ آوٹ کیا تھا، تمام ٹرک کوئٹہ روانہ ہوئے تھے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوئٹہ تک ان ٹرکوں کا پیچھا کیا۔

    ذرائع کے مطابق حملہ اوور کسی ٹرک پر سوار نہیں ہوا تھا، حملہ آور کی تلاش میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سبزی منڈی میں سرچ آپریشن بھی کیا تھا ، تاحال حملہ آور اور اس کے نیٹ ورک کا پتہ نہ چلایا جاسکا۔

  • انارکلی دھماکا :جائے وقوع پر بم ڈیوائس رکھنے والے دہشت گرد کی تصویر سامنے آگئی

    انارکلی دھماکا :جائے وقوع پر بم ڈیوائس رکھنے والے دہشت گرد کی تصویر سامنے آگئی

    لاہور : انارکلی دھماکے کیلئے جائے وقوعہ پر بم ڈیوائس رکھنے والے دہشت گرد کی تصویر سامنے آگئی، ڈیوائس رکھنے والا شخص اکیلا آیا اور طارق انٹر پرائز کے سامنے بیگ رکھ کر رکشہ میں بیٹھ کر چلا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انارکلی دھماکے کی تفتیش میں پیش رفت سامنے آئی ، تفتیشی ٹیم نے جائے وقوع پہ ڈیوائس رکھنے والے دہشت گرد کی تصویر حاصل کرلی۔

    تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ جائے وقوع تک ڈیوائس رکھنے والا شخص اکیلا آیا ، نامعلوم ملزم نے پینٹ شرٹ اور جیکٹ پہن رکھی تھی، دہشت گرد نےطارق انٹر پرائز کے سامنے بیگ رکھا اور ڈیوائس رکھنے کے بعد ملزم رکشہ پر بیٹھ کر لاری اڈے گیا۔

    ملزم کی شناخت کی کوششیں جاری ہے تاحال گرفتاری نہ ہوسکی ، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کانیٹ ورک بریک کرنے پرتفتیش جاری ہے تاہم جائے وقوع کےقریب سے زیرحراست مزدور بھی رہا کردیے گئے ہیں۔

    گذشتہ روز انارکلی دھماکے میں ملوث دہشت گرد کو لاری اڈاتک لیجانے والے رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا تھا ، تاہم رکشہ ڈرائیور کا دھماکےمیں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

    تفتیشی ذرائع نے بتایا دھماکےمیں ملوث شخص ڈیوائس رکھنے کے بعد رکشے پربیٹھا، رکشہ ڈرائیور نے دہشت گرد کو لاری اڈا کے قریب اتارا، لاری اڈا اترنے کے بعد دہشت گرد کیمروں کی رینج میں نہیں آیا، دہشت گرد کی لاری اڈاتک موومنٹ کیمروں سے ٹریک کی گئی۔

  • پولیس اہلکار کے گھر شادی کی تقریب میں صف ماتم بچھ گئی

    پولیس اہلکار کے گھر شادی کی تقریب میں صف ماتم بچھ گئی

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شادی کی تقریب میں صف ماتم بچھ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے نصیر آباد میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والے بھائیوں کی شناخت ماجد اور صفدر کے ناموں سے ہوئی۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ماجد پولیس میں بطور کانسٹیبل اے وی ایل سی میں فرائض انجام دے رہا تھا، ترجمان آپریشنز ونگ کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز کی اسپتال آمد ہوئی اور لواحقین سے ملاقات کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق بھائی دلہن کے عزیز تھے اور فائرنگ کرنے والے دلہا کے رشتے دار ہیں، ملزم کو اہلخانہ نے فائرنگ کرنے سے منع کیا تھا، بعدازاں ملزم عاصم نے کنوپی کے اندر بھی فائرنگ کی۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم دوران ہوائی فائرنگ اسلحہ پر قابو نہ رکھ سکا اور گولیاں سیدھے دونوں بھائیوں کو جالگیں۔

    آئی جی پنجاب نے سی سی پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور فائرنگ کرنے والوں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

  • لاہور: نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ ، میاں بیوی جاں بحق

    لاہور: نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ ، میاں بیوی جاں بحق

    لاہور : کاہنہ کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کار سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کاہنہ میں فائرنگ کے و اقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں کاہنہ کے علاقے میں نامعلوم افراد کی جانب سے کار پر فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں کار سوار میاں بیوی جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا۔

    پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہے اور شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، پولیس نے بتایا مقتولین کی شناخت سلامت علی اور زبیدہ سلامت کے نام سے جبکہ زخمی بیٹےکی شناخت امجد سلامت کے نام سے ہوئی۔

    سی سی پی او لاہور فیاض احمد نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    آئی جی پنجاب نے کاہنہ میں فائرنگ سے میاں بیوی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی اولاہورسے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی تلاش کے لیے لاہورا ور قصورپولیس پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی کاہنہ میں فائرنگ کے و اقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر مزید کارروائی کی جائے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔

  • ن لیگی رہنما پر قاتلانہ حملے کے واقعے میں اہم پیشرفت

    ن لیگی رہنما پر قاتلانہ حملے کے واقعے میں اہم پیشرفت

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کے واقعے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین پر قاتلانہ حملے میں استعمال ہونے والے اسلحہ سے متعلق پتا لگالیا۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ نیلا گمبدا اسلحہ مارکیٹ سے خریدا گیا، پولیس نے مارکیٹ سے تین اسلحہ ڈیلرز کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق تینوں ڈیلرزسے اسلحہ کی خریدوفروخت کا ریکارڈ بھی قبضہ میں لے لیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ تینوں گرفتار ڈیلرز کے ڈی وی آر بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں، اسلحہ کس نے خریدا اور کس بنیاد پر خریدا اس کی تفتیش جاری ہے۔

    بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ، حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شام کو بلال یاسین پر بلال گنج کے علاقے میں نقاب پوش افراد نے فائرنگ ‏کی تھی، ایک گولی ان کے پیٹ اور دوسری پاؤں پر لگی تھی، پیٹ کی گولی آج صبح آپریشن کے ذریعے نکال لی گئی۔

    سیف سٹی ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ کیمروں کی مدد سے 2 موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی شناخت کی گئی ہے، بلال یاسین نے شبہ ظاہر کیا کہ ایک حملہ آور نے ڈولفن پولیس جیسی وردی پہن رکھی تھی۔

    پولیس نے ایم پی اے بلال یاسین پر حملے کا مقدمہ آج تھانہ داتا دربار میں درج کر لیا ہے۔

  • موبائل کی دکان میں چوری کی بڑی واردات، ویڈیو سامنے آگئی

    موبائل کی دکان میں چوری کی بڑی واردات، ویڈیو سامنے آگئی

    لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں موبائل فون کی دکان میں چوری کی واردات کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں موبائل فون کی دکان میں چوری کی واردت ہوئی، ملزمان کروڑ روپے مالیت کے موبائل فون اور نقدی چرا کر فرار ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان نے دکان سے 80 لاکھ روپے نقدی اور تقریباً ایک کروڑ مالیت کے 46 موبائل فونز چوری کیے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین چور پہلے دکان کے باہر ریکی کرتے رہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چوری دکان کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے، ملزمان کو دکان کا صفایا کرتے اور فرار ہوتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

    پولیس نے متاثرہ دکاندار کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

  • لاہور میں ماں بیٹی پر ٹرانسفارمر گر گیا، خاتون جاں بحق

    لاہور میں ماں بیٹی پر ٹرانسفارمر گر گیا، خاتون جاں بحق

    لاہور کے علاقے اچھرہ بازار میں ماں بیٹی پر ٹرانسفارمر گر گیا جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے اچھرہ بازار میں ٹرانسفارمر گرنے سے ماں جاں بحق جبکہ ان کی بیٹی زخمی ہوگئی، زخمی ہونے والی تین سالہ بچی سروسز اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ماں بیٹی بازار میں خریداری کرنے آئی تھیں کہ اچانک ان پر ٹرانسفارمر آن گرا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ صبا نامی خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

    پولیس اور ریسکیو کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو حکام کی نااہلی کی وجہ سے ٹرانسفارمر گرا، پول پر ٹرانسفارمر نصب ہیں جن کی حالت کافی پرانی ہے اور ان کی مرمت بھی نہیں کی جاتی۔

    پولیس حکام کے مطابق جس وقت ٹرانسفارمر گرا اس وقت بازار میں کافی رش ہوتا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • نامور اداکار سہیل اصغر انتقال کرگئے

    نامور اداکار سہیل اصغر انتقال کرگئے

    لاہور: پاکستان کے نامور اداکار سہیل اصغر انتقال کرگئے، افسوسناک واقعے کی اہلیہ نے تصدیق کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سہیل اصغر کی اہلیہ نے بتایا کہ سہیل اصغر گزشتہ ڈیڑھ سال سے علیل تھے، ڈیڑھ سال قبل ان کی بڑی آنت کا آپریشن ہوا لیکن وہ مکمل صحت یاب نہ ہوسکے۔

    اہلیہ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے سے طبیعت ناسازی کے باعث وہ اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ آج صبح ساڑھے گیارہ بجے انتقال کرگئے۔

    سہیل اصغر کی نماز جنازہ کل بعدنماز عصر بحریہ ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔

    فنی کیریئر پر اک نظر

    سہیل اصغر کی پیدائش لاہور میں ہوئی اور وہیں انہوں نے تعلیم مکمل کی، جس کے بعد وہ ریڈیو پاکستان کا حصہ بنے، 1978 سے 1988 تک سہیل اصغر ریڈیو جوکی کے طور پر کام کرتے رہے جس کے بعد انہوں نے تھیٹر ڈراموں میں اداکاری شروع کی۔

    سہیل اصغر کا شمار پاکستان کے کامیاب اور بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے، اُن کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں لاگ، خدا کی بستی، کاجل گھر، دکھ سکھ ، حویلی، ریزہ ریزہ، پیاس، چاند گرہن اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔

    اِس کے علاوہ 2003 میں مرحوم نے پہلی مرتبہ چھوٹی اسکرین سے بڑی اسکرین پر قدم رکھا اور فلم ’مراد ‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، اُس کے بعد اُنہوں نے فلم ’ماہ نور‘ میں بھی کام کیا۔

  • لاہور: گھریلو ملازمہ کا قتل، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    لاہور: گھریلو ملازمہ کا قتل، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    لاہور کے علاقے ہنجروال میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے ہنجروال میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ کرن شہزادی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں لڑکی کے ساتھ زیادتی ثابت ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد 2 ملزمان فیصل اور اس کے بھتیجے قاسم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم فیصل کی بیوی شاہین بی بی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    پولیس کے مطابق زیادتی کی جانچ کے لیے ڈی این اے کی رپورٹس کا انتظار ہے۔

    واضح رہے کہ جاں بحق گھریلو ملازمہ کے ورثا نے الزام عائد کیا تھا کہ 13 سالہ کرن شہزادی تشدد سے جاں بحق ہوئی، بچی کی گردن اور بازو پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں۔

    ورثا کا کہنا تھا کہ بچی کو قتل کرنے کے بعد لاش آبائی علاقے ڈھولن چک 7 پتوکی بھیجی گئی۔

    ورثا کا کہنا تھا کہ مالکان نے بچی پر خودکشی کا الزام لگایا ہے اور مالکان نے بچی کی والدہ کو ایک لاکھ روپے دے کر خاموش کروانا چاہا۔

    صدر پتوکی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تھانہ ہنجروال پولیس کو بھی آگاہ کر دیا تھا اور بچی کی موت کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی تھیں۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل بھی لاہور میں دو کمسن گھریلو ملازم بہن بھائیوں پر بدترین تشدد کا واقعہ سامنے آیا تھا۔

  • ’بابا کے ساتھ اسکول جاؤں گی‘ شہید اہلکار کی بیٹی کی ضد

    ’بابا کے ساتھ اسکول جاؤں گی‘ شہید اہلکار کی بیٹی کی ضد

    لاہور میں شہید کانسٹیبل عمران کی کمسن بیٹی نے اسکول کے پہلے روز بابا کے ساتھ جانے کی ضد کی تو ایس پی کینٹ لاہور بچی کے گھر پہنچ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں کچھ عرصہ قبل کانسٹیبل عمران شہید ہوئے تھے، شہید کی چار سالہ بیٹی عروہ نور نے اسکول کے پہلے دن بابا کے ساتھ جانے کی ضد کی تو ایس پی کینٹ نے بچی کی خواہش پوری کرتے ہوئے احسن اقدام اٹھایا۔

    ایس پی کینٹ آپریشن عیسیٰ سکھیرا بچی عروہ نور کے گھر پہنچے اور سرکاری پروٹوکول میں بچی کو اسکول چھوڑ کر آئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایس پی کینٹ نے سرکاری پروٹوکول میں بچی کو اسکول پہنچایا اور عروہ نور کو کلاس روم تک لے کر گئے تو اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور بچوں نے عروہ کا بھرپور استقبال کیا۔

    ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ بچی کے اسکول کا پہلا دن تھا، میں خود ان کے والد کی جگہ فیملی کو سپورٹ کرتے ہوئے بچی کو اسکول لے کر آیا ہوں تاکہ عروہ کو والد کی کمی محسوس نہ ہو۔

    شہید کانسٹیبل کی والدہ بھی بیٹے کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں، انہوں نے پوتی کو پیار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔

    کانسٹیبل عمران کی بیوہ دعا گو ہیں کہ ملک کی خدمت کے لیے بچے بھی والد کے نقش قدم پر چلیں گے۔