Author: یار محمد

  • لاہور: خاتون سے دست درازی، منع کرنے پر ملزم کی سنگین نتائج کی دھمکی

    لاہور: خاتون سے دست درازی، منع کرنے پر ملزم کی سنگین نتائج کی دھمکی

    لاہور : صوبائی دارالحکومت میں اوباش شخص کی راہگیر خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، خاتون نے بدتمیزی سے منع کیا تو ملزم نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردیں۔

    پنجاب میں خواتین کو ہراساں کرنے کا معاملہ تھم نہ سکا، صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں وقاص نامی شخص نے محلے کی خاتون سے دست درازی کی کوشش کی جب راہگیر نے منع کیا اوباش شخص گالیاں دینے لگا۔

    واقعے کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ خاتون گلی سے گزر رہی تھی کہ اوباش شخص نے خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی کی، جس پر خاتون نے غصّے کا اظہار کیا تو وقاص نامی ملزم دھمکیاں دینے لگا اور اس دوران خاتون کا مذاق اڑاتا رہا۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متاثرہ خاتون سے بدتمیزی کرتا دیکھ ایک راہگیر نے وقاص نامی ملزم کو منع کیا تو وہ گالیاں دینے لگا۔

    ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ خاتون وقاص کی بدتمیزی پر شدید غصّے میں ہے اور وقاص کی جانب اینٹ بھی کھینچ کر مارتی ہے تاہم وقاص بچ کر نکل گیا۔

    متاثرہ خاتون نے واقعے کی کا مقدمہ باغبانپورہ تھانے میں درج کروا دیا، ایف آئی آر کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’خاتون نے غصّہ کیا تو اوباش شخص نے خاتون کو کہیں کا نہیں چھوڑنے کی دھمکیاں دیں‘۔

    متاثرہ خاتون کے مطابق وقاص اس سے قبل بھی کئی مرتبہ بدتمیزی کرچکا ہے۔

  • لاہور میں مکان کی چھت گر گئی، 3 بچیاں‌ جاں‌ بحق

    لاہور میں مکان کی چھت گر گئی، 3 بچیاں‌ جاں‌ بحق

    لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے باٹا پور میں بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 3 کمسن بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچیوں میں 6 سالہ سیرت، 2 سالہ اریحا اور 2 سالہ ابیحہ شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق چھت گرنے سے 55 سالہ صفیہ بی بی شدید زخمی ہوگئیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچیوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے ایک زخمی شخص کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جس کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مکان بوسیدہ تھا جس کی بنیادیں بارش کی وجہ سے کچی پڑ گئی تھیں، مکان کے اندر ایک ہی خاندان کے 5 افراد رہائش پذیر تھے۔

    واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں لاہور میں شدید بارش کے باعث شادباغ وسن پورہ میں دو منزلہ مکان کی چھت گر گئی تھی جس کے ملبے تلے دب کر دو بچوں اور دو خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • کنٹونمنٹ‌ انتخابات، لاہور میں‌ فائرنگ، لیگی امیدوار کے تین بیٹے زخمی

    کنٹونمنٹ‌ انتخابات، لاہور میں‌ فائرنگ، لیگی امیدوار کے تین بیٹے زخمی

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں لیگی رہنما کے تین بیٹے زخمی ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں واقع والٹن وارڈ نمبر 7 میں کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے دو امیدواروں کے درمیان بینر کے معاملے پر جھگڑا ہوا، جو مسلح تصادم میں تبدیل ہوگیا۔

    آزاد امیدوار چوہدری ارشد اور اُن کے حامیوں نے مسلم لیگ ن کے امیدوار نعیم بٹ کے الیکشن آفس کے باہر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اُن کے تین بیٹے زخمی ہوئے۔

    فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی اور وہاں موجود لوگوں نے زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، اس کا کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید زاویوں سے بھی تحقیقات شروع کردیں ہیں۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کےضابطہ اخلاق پرمن وعن عمل درآمد کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرقانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

  • گھر میں بلیاں پالنے پر خاتون اور بلیوں پر تیزاب سے حملہ

    گھر میں بلیاں پالنے پر خاتون اور بلیوں پر تیزاب سے حملہ

    لاہور کی رہائشی خاتون پر گھر میں بلیاں پالنے پر تیزاب پھینک دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے تھانہ قلعہ گجر سنگھ کی حدود میں رہائش پذیر خاتون نے گھر میں بلیاں پالی ہوئی تھیں، خاتون عائشہ کو چچی اور کزن نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

    متاثرہ خاتون عائشہ جانوروں کے حقوق کی علمبردار ہیں۔

    عائشہ ملک کا کہنا ہے کہ تشدد ہمسائی صائمہ تصور اور اس کے بیٹے بلال ملک نے کیا، مجھ پر تشدد کے ساتھ بلیوں پر بھی گرم پانی پھینکا گیا۔

    متاثرہ خاتون کا ویڈیو پیغام میں کہان تھا کہ مجھے جان سے مارنے اور زیادتی کا نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، چچا تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں پولیس انسپکٹر ہے جو دھمکیاں دے رہے ہیں۔

    متاثرہ خاتون نے متعلقہ تھانے میں درخواست جمع کروادی، خاتون کا کہنا ہے کہ پولیس ملزمان کو سپورٹ کررہی ہے اور میری کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔

    متاثرہ خاتون وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے واقعے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

  • رکشے میں خاتون سے بدسلوکی کرنے والے دو ملزمان گرفتار

    رکشے میں خاتون سے بدسلوکی کرنے والے دو ملزمان گرفتار

    لاہور کے علاقے راوی روڈ میں جشن آزادی کی رات رکشے میں سوار خواتین سے بدسلوکی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے راوی روڈ میں خواتین سے بدسلوکی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری سی آئی اے کے ہاتھوں عمل میں لائی گئی، ا س سے قبل پنجاب حکومت نے واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا ٹاسک سی آئی اے کو سونپا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کو واقعے میں ملوث ہونےکے شبہ میں حراست میں لیاگیا، زیرحراست ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کی لوکیشن ٹریس اورفیس میچنگ کی جارہی ہے۔

    واضح رہے جشن آزادی کے روز رکشے میں موجود خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی ایک اور ویڈیو منظرعام پر آئی تھی ، ‏جس میں اوباش نوجوان رکشے میں سوار خواتین کو ہراساں کرتے رہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اوباش نوجوانوں نے خواتین کو ہراساں کیا اور پیچھا کرتے رہے، اوباش نوجوان موٹر سائیکل ‏سے اتر کر رکشے میں سوار ہوا اور خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی جبکہ رکشے میں سوار خواتین نے خود کو بچانے کے ‏لیے جوتا اتک ٹھایا، خواتین کے ساتھ رکشے میں بچہ بھی سوار تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: عائشہ اکرم کی جان کو خطرہ ، گھر کے باہر پولیس تعینات

    ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے یوم آزادی کے روز ہونے والی جنسی درندگی کے واقعے پر پنجاب حکومت نے سخت ایکشن لے رکھا ہے اور ابھی تک سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چھیاسٹھ سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    ڈی آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا تھا کہ گرفتار تمام ملزمان کی پہلے نادرا سے شناخت کروائی گئی ہے، نادرا سے شناخت کے بعد ملزمان کی باضابطہ گرفتاری ڈالی گئی، جبکہ 100سے زائد افراد کو مشکوک جان کر حراست میں لیا گیا تھا۔

    ڈی آئی جی نے بتایا کہ 40 گرفتارملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے بھیجا جارہا ہے، شناخت پریڈ کا عمل مکمل ہونے پر مزید تفتیش کو آگے بڑھایا جائےگا اور مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کوبھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • خاتون سے دست درازی کے واقعے میں گرفتار بزرگ شہری رہا

    خاتون سے دست درازی کے واقعے میں گرفتار بزرگ شہری رہا

    لاہور: گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے واقعے میں پولیس نے گرفتار کیے گئے 71 سالہ بزرگ وزیر خان کو رہا کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی خبر پر اعلیٰ حکام نے بزرگ شہری کی گرفتاری کا نوٹس لیا جس کے بعد پولیس نے گرفتار کیے گئے 71 سالہ بزرگ شہری وزیر خان کو رہا کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خان کو تھانہ کوتوالی سی آئی اے سے رہا کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے وقوع کے وقت بزرگ کی گھر میں موجودگی کی خبر نشر کی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ بزرگ شہری کا نمبر جیو فیسنگ میں سامنے آیا تھا جس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل مینار پاکستان پر خاتون کے ساتھ پیش آئے بدسلوکی کے واقعے پر پولیس کی بے حسی کی دو سی سی ٹی وی فوٹیجز منظر عام پر آئی تھیں۔

    مزید پڑھیں: مینار پاکستان واقعہ: بزرگ شہری کو گرفتار کرنے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 71 سالہ بزرگ وزیر خان کو شاہدرہ میں‌ گھر کے باہر سے اٹھایا گیا، انویسٹی گیشن شاہدرہ پولیس نے بزرگ کو موٹر سائیکل پر بٹھایا۔

    پولیس نے گزشتہ شام 5 بجکر 35 منٹ پر بزرگ شخص کو اٹھایا، دوسری فوٹیج میں 14 اگست کو وزیر خان کی گھر کے باہر موجودگی ثابت ہوگئی۔

    ویڈیو میں 14 اگست کو شام 7 بجکر 10 منٹ پر بزرگ شہری وزیر خان کو گھر کے باہر دیکھا جاسکتا ہے انہیں شاہدرہ سے گرفتار کرکے تھانہ سی آئی اے کوتوالی میں بند کردیا گیا۔

  • مینار پاکستان واقعہ: بزرگ شہری کو گرفتار کرنے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی

    مینار پاکستان واقعہ: بزرگ شہری کو گرفتار کرنے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی

    لاہور: جشن آزادی کے روز مینار پاکستان پر خاتون عائشہ اکرم کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے میں پولیس کی جانب 71 سالہ بزرگ شہری کو گرفتار کرنے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مینار پاکستان پر خاتون کے ساتھ پیش آئے بدسلوکی کے واقعے پر پولیس کی بے حسی کی دو سی سی ٹی وی فوٹیجز منظر عام پر آگئیں۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 71 سالہ بزرگ وزیر خان کو شاہدرہ میں‌ گھر کے باہر سے اٹھایا گیا، انویسٹی گیشن شاہدرہ پولیس نے بزرگ کو موٹر سائیکل پر بٹھایا۔

    گزشتہ شام 5 بجکر 35 منٹ پر بزرگ شخص کو پولیس نے اٹھایا، دوسری فوٹیج میں 14 اگست کو وزیر خان کی گھر کے باہر موجودگی ثابت ہوگئی۔

    ویڈیو میں 14 اگست کو شام 7 بجکر 10 منٹ پر بزرگ شہری وزیر خان کو گھر کے باہر دیکھا جاسکتا ہے انہیں شاہدرہ سے گرفتار کرکے تھانہ سی آئی اے کوتوالی میں بند کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ بزرگ شہری کے بیٹے شیر خان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ والد شام کو روزانہ دکان کے باہر بیٹھتے ہیں پولیس اہلکار انہیں یہاں سے ہی اٹھا کر لے گئے اور ابھی تک لاک اپ کیا ہوا ہے۔

    بزرگ شہری کے بیٹے نے والد کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیمار ہیں، 71 سال کی عمر میں ایسا الزام افسوسناک ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لڑکی پر جو ظلم ہوا اس پر ہم بھی افسوس کرتے ہیں جنہوں نے یہ کیا غلط کیا لیکن عزت دار لوگوں کو تنگ نہ کیا جائے۔

  • خاتون سے دست درازی، پولیس نے بزرگ شہری کو گرفتار کرلیا

    خاتون سے دست درازی، پولیس نے بزرگ شہری کو گرفتار کرلیا

    لاہور: گریٹر اقبال پارک میں خاتون عائشہ اکرم سے دست درازی کے واقعے میں پولیس نے 71 سالہ بزرگ کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گریٹر اقبال پارک میں جشن آزادی کے روز ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے دست درازی کے واقعے میں ملوث گرفتار افراد کی تعداد 66 ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایک ایسے 71 سالہ بزرگ شہری کو بھی گرفتار کرلیا جنہوں نے دو مرتبہ حج کا فریضہ انجام دیا ہے۔

    بزرگ شہری کے بیٹے شیر خان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’والد کو 14 اگست کے دن مینار پاکستان جانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی وہ سارا دن ہمارے ساتھ گھر میں موجود تھے۔

    شیر خان نے کہا کہ ’والد شام کو روزانہ دکان کے باہر بیٹھتے ہیں پولیس اہلکار انہیں یہاں سے ہی اٹھا کر لے گئے اور ابھی تک لاک اپ کیا ہوا ہے۔

    بزرگ شہری کے بیٹے نے والد کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیمار ہیں، 71 سال کی عمر میں ایسا الزام افسوسناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لڑکی پر جو ظلم ہوا اس پر ہم بھی افسوس کرتے ہیں جنہوں نے یہ کیا غلط کیا لیکن عزت دار لوگوں کو تنگ نہ کیا جائے۔

    یاد رہے کہ جشن آزادی کے روز مینار پاکستان میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے ساتھ بدسلوکی کی ویڈیو وائرل ہوئی پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جبکہ واقعے میں ملوث 66 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

  • لاہور: وکیل خدیجہ صدیقی کے گھر پر فائرنگ، گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے

    لاہور: وکیل خدیجہ صدیقی کے گھر پر فائرنگ، گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے

    لاہور میں وکیل خدیجہ صدیقی کے گھر پر نامعلوم شخص فائرنگ کرکے فرار ہوگیا، فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں نامعلوم شخص نے وکیل خدیجہ صدیقی کے گھر پر فائرنگ کی جس سے ان کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، واضح رہے کہ خدیجہ صدیقی کو چھریوں کے وار سے زخمی کرنے والا ملزم چند روز پہلے رہا ہوا ہے۔

    خدیجہ صدیقی نے تھانہ گلبرگ میں درخواست جمع کروادی، درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ میں گھر پر موجود تھی کہ فائرنگ کی آواز آئی باہر جاکر دیکھا تو گاڑی کے بونٹ پر ایک گولی لگی تھی، گاڑی پر کسی نامعلوم شخص نے فائرنگ کی ہے۔

    درخواست میں خواجہ صدیقی کا کہنا تھا کہ 3 مئی 2016 میں بھی مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا، میری جان کو خطرہ ہے قانونی کارروائی کی جائے، فیاض چوہان نے کہا تھا کہ جب بھی کوئی تھریٹ ہوگا مقدمہ درج کرواؤں گا۔

    خدیجہ صدیقی کے والد احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ گھر سے باہر تھا واپس آیا تو بیٹی پریشان تھی، بیٹی نے کہا کہ گھر پر کوئی فائرنگ کرکے گیا ہے۔

    دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میری خدجہ صدیقی سے تفصیلی بات ہوئی ہے، انہیں ملزمان کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے، واقعے کی مکمل انکوائری کی جائے گی، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    یاد رہے کہ مئی 2016 میں قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی پر شاہ حسین نے چھری کے 23 وار کیے تھے، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں البتہ خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہیں اور انصاف کے لیے انہوں نے جنگ بھی لڑی۔

  • اورنج ٹرین کا سفر کرنے والی چار بچیاں مبینہ طور پر اغوا

    اورنج ٹرین کا سفر کرنے والی چار بچیاں مبینہ طور پر اغوا

    لاہور: صوبائی دارالحکومت میں چار بچیوں کے مبینہ اغوا کی خبر نے سنسنی پھیلادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ ہنجروال کی حدود سےچاربچیاں مبینہ طور پر اغوا ہوگئیں ہیں، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے۔

    ابتدائی معلومات کے مطابق دس سالہ انعم اور گیارہ سالہ کنیزہ ہمسائے کی دو بچیوں کے ساتھ اورنج ٹرین کا سفر کرنے گھر سے نکلیں تھیں، کئی گھنٹے گزرنے کے بعد گھر نہ پہنچی تو گھر والوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور فوری طور پر مقامی پولیس اسٹیشن کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا۔

    پولیس نے انعم اور کنیزہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے بچیوں کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے، پولیس حکام کا خدشہ ہے کہ بچیوں کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچیوں کو اورنج لائن ٹرین اسٹیشن پردیکھا گیا تھا بچیوں کے پاس موجود موبائل فون بھی بند ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: جہلم: مبینہ اغوا کا ڈراپ سین، طالبہ گھر پہنچ گئی

    دوسری جانب آئی جی پنجاب نے اے آر وائی نیوز کی خبرپر معاملےکا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہورسے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، آئی جی پنجاب نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ بچیوں کو بحفاظت بازیاب کرا کر والدین کےحوالے کیا جائے جبکہ ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں آئے روز بچیوں کے اغوا کی کیسز رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، رواں سال جون میں بھی لاہور کے مختلف علاقوں سے دو بچیوں اور ایک بچے کو اغوا کیا گیا تھا، اغوا ہونے والوں میں نو سالہ طاہرہ اور تیرہ سالہ فضا شامل تھی۔

    اس سے قبل جہلم سے دن دیہاڑے اسکول طالبہ کو اغوا کیا گیا تھا۔