Author: یار محمد

  • رائیونڈ روڈ پر غیر ملکی شہری سے ڈکیتی، ڈرائیور شہباز شریف واردات میں ملوث نکلا

    رائیونڈ روڈ پر غیر ملکی شہری سے ڈکیتی، ڈرائیور شہباز شریف واردات میں ملوث نکلا

    لاہور: رائیونڈ روڈ پر گزشتہ روز ایک غیر ملکی شہری سے ڈکیتی کے واقعے میں ان کا ڈرائیور شہباز شریف ملوث نکلا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور میں پاجیاں روڈ کے قریب گزشتہ روز ایک غیر ملکی شہری کی گاڑی پر فائرنگ کر کے انھیں لوٹنے میں انھی کا ڈرائیور شہباز شریف ملوث نکلا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شہری کا ڈرائیور شہباز شریف واردات میں ملوث تھا، ڈاکوؤں نے ڈرائیور کے ساتھ مل کر واردات کی منصوبہ بندی کی تھی، جب کہ غیر ملکی شہری سے واردات کرنے والے 3 ڈاکوؤں کا باقاعدہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔

    خیال رہے کہ پاجیاں روڈ کے قریب نامعلوم افراد نے غیر ملکی شہری کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی تاہم غیر ملکی اور ان کا ڈرائیور اس میں محفوظ رہے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ ڈرائیور کی مزاحمت پر فائرنگ کی گئی تھی، اس واردات میں ڈاکوؤں نے 7 لاکھ کیش، اور ایک کروڑ 40 لاکھ مالیت کے چیک چھینے تھے۔

    گزشتہ روز اس واردات کی ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی تھی، مقدمہ غیر ملکی شہری کی مدعیت میں تھانہ رائے ونڈ سٹی میں درج کیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق واردات کرنے والے ڈاکوؤں کی تعداد 5 تھی، اور وہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔

    ڈاکوؤں کی بدقسمتی کہ واردات کے بعد بھاگنے کے دوران ایک موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آ گیا، موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس میں ایک ڈاکو ہلاک جب کہ 2 زخمی ہو گئے، پولیس نے انھیں حراست میں لے کر لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی تھی، جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق حادثے میں ہلاک اور زخمی ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے، جب کہ واردات میں ملوث دیگر 2 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    اس واردات کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی تھی، جس میں دیکھا گیا کہ ڈاکو بیگ چھین کر ساتھیوں کے ساتھ فرار ہو رہے ہیں، اس سے قبل سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان ٹریس کرنے کا حکم جاری کر دیا تھا۔

    اب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اسی فیکٹری کے ملازم ہیں جہاں غیر ملکی شہری کام کرتا تھا، ملزمان نے چند ماہ قبل فیکٹری سے کام چھوڑ دیا تھا، واردات کے وقت ڈرائیور نے پاجیاں چوک پر خود ہی گاڑی روک دی تھی، جب کہ ملزمان نے چوری کی موٹر سائیکل پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر واردات کی جسے گرین ٹاؤن سے چوری کیا گیا تھا۔

    پولیس بیان کے مطابق تینوں ملزمان رائیونڈ کے علاقے جلال پورہ میں مقیم تھے، ملزمان کے خلاف رائیونڈ، سندر، مانگا منڈی میں مقدمات درج ہیں، جب کہ ڈرائیور شہباز شریف، حسنین اور شہزاد پولیس حراست میں ہیں۔

  • لاہور: دن دیہاڑے نامعلوم افراد کے ہاتھوں میاں بیوی کا قتل

    لاہور: دن دیہاڑے نامعلوم افراد کے ہاتھوں میاں بیوی کا قتل

    لاہور: لاہور میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں میاں بیوی کو قتل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق تھانہ سبزہ زار کی حدود میں میاں بیوی کو قتل کردیا گیا ہے، دونوں کو تیز دھار آلے سے گھر میں گھس کر قتل کیا گیا، مقتولین کی شناخت سید انیس الدین اور ناصرہ بی بی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کو رسیوں سے باندھنےکےبعدقتل کیاگیا، لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائیداد کے تنازعہ اور ڈکیتی مزاحمت سیمت دیگر پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب آئی جی پنجاب نے سبزہ زار میں میاں بیوی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔

  • ایف آئی اے آفس پر دھاوا، ن لیگی رہنما اور کارکنان بڑی مشکل میں‌ پھنس گئے

    ایف آئی اے آفس پر دھاوا، ن لیگی رہنما اور کارکنان بڑی مشکل میں‌ پھنس گئے

    لاہور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو درخواست دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو بیرونِ ملک روانگی کے عین وقت پرواز سے آف لوڈ کرنے پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے ایف آئی اے کے لاہور آفس پر دھاوا بولا۔

    فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے لیگی رہنماؤں کے خلاف پولیس کو تحریری دراخوست دائر کی، جس میں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، میاں مرغوب، غزالی بٹ سمیت 12 نامعلوم افراد کے نام درج ہیں۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کی جانب سے سی سی پی او لاہور کو دی جانے والی درخواست کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ’لیگی رہنماؤں نے ایف آئی اے لاہور کے آفس پردھاوا بولا، انہوں نےکوونا ایس اوپی زکی بھی خلاف ورزی کی‘۔

    درخواست میں پولیس سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ لیگی رہنماؤں سمیت کارکنوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائے۔

    مزید پڑھیں: شہباز شریف قطر نہ جا سکے، ایئر لائن نے آف لوڈ کر دیا

    یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے کی روشنی میں مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف قطر روانہ ہورہے تھے کہ انہیں عین پرواز کے وقت امیگریشن حکام نے روک لیا تھا۔

    شہباز شریف کو امیگریشن حکام کی اجازت نہ ملنے پر ایئر لائن نے آف لوڈ کر دیا، انھیں آج نجی ایئر لائن کی پرواز سے قطر روانہ ہونا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو پی این آئی لسٹ میں نام ہونے کی وجہ سے روکا گیا۔ شہباز شریف کو ایئر لائن حکام نے بورڈنگ پاس جاری کر دیا تھا، تاہم ایف آئی اے حکام نے شہباز شریف کو امیگریشن کاؤنٹر پر روکا، جس پر انھیں آف لوڈ کیا گیا تاہم شہباز شریف نے طیارے کی اڑان بھرنے تک ایئر پورٹ پر رکنے کا فیصلہ کیا۔

    امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ سسٹم اپ ڈیٹ ہونے تک شہباز شریف ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔ دوسری طرف عدالتی فیصلے میں شہباز شریف کو صرف ایک بار بیرونِ ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی، عدالتی فیصلے میں شہباز شریف کی غیر ملکی فلائٹ کا نمبر بھی درج تھا، اس ضمن میں ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں کو ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں۔
  • بشریٰ انصاری کی بہن اداکارہ سنبل شاہد انتقال کرگئيں

    بشریٰ انصاری کی بہن اداکارہ سنبل شاہد انتقال کرگئيں

    لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سنبل شاہد کوروناوائرس کے باعث دار فانی سے کوچ کرگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سنبل شاہد کورونا وبا کا شکار تھیں اور ان کا علاج لاہور کے سی ايم ايچ ميں ہورہا تھا لیکن بدقسمتی سے وہ صحت یاب نہ ہوسکیں اور انتقال کرگئیں۔

    اداکارہ کو 22 اپريل کو وينٹ ليٹر پر منتقل کیا گيا تھا۔ سنبل شاہد اداکارہ بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن تھیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بشریٰ انصاری کی جانب سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مداحوں کو اطلاع دی گئی تھی کہ ان کی بہن سنبل شاہد کورونا میں مبتلا ہیں۔

    سنبل شاہد کو بگڑتی صحت کے باعث وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا جس کے بعد اداکارہ اسما عباس نے بھی مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی بہن سنبل شاہد کی صحت کے لیے دعا کریں کیونکہ ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • این اے75ڈسکہ ضمنی انتخاب : ن لیگ کے ایم پی اے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری

    این اے75ڈسکہ ضمنی انتخاب : ن لیگ کے ایم پی اے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری

    ڈسکہ : الیکشن کمیشن نے این اے75ڈسکہ ضمنی انتخاب کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق این اےپچھترڈسکہ میں ضمنی انتخاب میں پولنگ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ذیشان رفیق کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

    نوٹس میں الیکشن کمیشن نے لیگی ایم پی اے ذیشان رفیق کو 24 گھنٹے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    لیگی ایم پی اے ذیشان رفیق نےضمنی الیکشن کےدوران حلقے کا دورہ کیا ، ضابطہ اخلاق کے تحت ضمنی الیکشن کے دوران نمائندہ حلقے کا دورہ نہیں کرسکتا۔

    ذیشان رفیق کےحلقےمیں پہنچنے پر پی ٹی آئی کارکنان نےانہیں روکا اور کہا آپ رکن اسمبلی ہیں، حلقے میں نہیں جاسکتے جبکہ موقع پر موجود پولیس نے ذیشان رفیق کو حلقے سے جانے کی ہدایت کی۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن نے این اے پچھترکی حدود میں ارکان اسمبلی کےداخلےپرپابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولنگ کےدوران حلقے میں کوئی ایم این اے اور ایم پی اے نہیں جائے گا۔

  • لاہور کے چڑیا گھر میں‌ کرونا پھیلنے لگا!

    لاہور کے چڑیا گھر میں‌ کرونا پھیلنے لگا!

    صوبہ پنجاب کے دارالحکومت  لاہور کے چڑیا گھر میں کام کرنے والے دو ملازمین کو کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور چڑیا گھر کے دو ملازمین کو  کو کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی اُس کے باوجود چڑیا گھر کو عوام کے لیے بند نہیں کیا گیا۔

    چڑیا گھرکے جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے ملازم اور خاتون انٹرن کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔  انتظامیہ نے ملازمین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بھی چڑیا گھر کو  عوام کے لیے بند نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے کرونا کیسز میں  اضافے کے پیش نظر صوبے کے تمام سیاحتی مقامات کو بند کرنے کا اعلان کیا مگر چڑیا گھر تاحال کھلا ہوا ہے جہاں روزانہ شہری بڑی تعداد میں پہنچتے ہیں۔

    چڑیا گھر آنے والے شہریوں کی کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باوجود انتظامیہ نے کوئی اقدامات نہیں کیے اور نہ ہی کسی کو پابند کیا ہے۔

    واضح رہے کہ  پاکستان میں کرونا کی تیسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، ملک کے دو بڑے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جن میں لاہور بھی شامل ہے۔ صوبائی حکومت نے کرونا کی روک تھام کے حوالے سے مختلف اقدامات کیے۔ ایس او پیز پر عمل اور فیس ماسک استعمال نہ کرنے شہریوں کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئیں ہیں۔

  • شادی میں بچوں کے گینگ کی فلمی کارروائی، لاکھوں کا سونا چوری کر لیا

    شادی میں بچوں کے گینگ کی فلمی کارروائی، لاکھوں کا سونا چوری کر لیا

    لاہور: لاہور میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں بچوں کے گینگ نے فلمی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا سونا چوری کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سبزہ زار میں شادی کی ایک تقریب میں بچو‍ں کے ایک گینگ نے مہمانوں کو لوٹ لیا، چور بچوں نے مہمانوں کو نہ صرف نقد رقم بلکہ زیورات سے بھی محروم کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب میں منظم بچوں کا گینگ تیار ہو کر داخل ہوا تھا، گینگ نے نہایت شاطرانہ انداز میں مہمانوں کو نشانہ بنایا اور مجموعی طور پر 21 تولہ سونا اور ایک لاکھ نقدی چوری کر کے فرار ہو گئے۔

    شادی میں شریک متاثرین نے پولیس کو درخواست دی ہے کہ انھیں تقریب میں لوٹا گیا۔

  • کرونا کی تیسری لہر: کمرشل سرگرمیوں سے متعلق اہم اعلان

    کرونا کی تیسری لہر: کمرشل سرگرمیوں سے متعلق اہم اعلان

    لاہور: کرونا وائرس کا مسلسل بڑھتا خطرہ، پنجاب حکومت نے عوام کے تحفظ کے لیے بڑے فیصلے کرلئے ہیں۔

    کرونا کی متوقع تیسری لہر کے منڈلاتے خطرات کے پیش نظ حکومت پنجاب نے لاہور،راولپنڈی،سرگودھا،فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں 29مارچ تک اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا ہے۔

    اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت ہفتہ اور اتوار کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی، تفریحی مقامات اور پارکس شام چھ بجے بند کرادیئے جائیں گے، سرکاری ونجی دفاترکو 50فیصد اسٹاف بلانے کی اجازت ہوگی۔ ان ڈور، آؤٹ ڈور میرج ہالز، کمیونٹی سینٹرز اور مارکیز کو پندرہ مارچ کو بند کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کورونا کی نئی لہر، دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف بلانے کا نوٹیفکیشن جاری

    اب ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام کمرشل سرگرمیوں پر رات10بجے کے بعد پابندی عائد کردی ہے، جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی ہدایت پر کیا گیا،پابندی کا اطلاع 15اپریل تک ہوگا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہر کے تمام تھیٹرز رات 10 بجے تک بند کردیئےجائیں، خلاف ورزی کرنیوالےتھیٹر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔

  • پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف گھیرا مزید تنگ

    پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف گھیرا مزید تنگ

    لاہور: پنجاب میں سرکاری زمینوں پر قابض قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، مزید کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری زمینیں قبضہ مافیا سے واگزار کرالی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن کی سربراہی میں محکمہ مال اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران گوجرہ اور رحیم یار خان سے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی۔

    گوجرہ کے علاقے چک نمبر 340 اور 419 سے تین کروڑ اٹھارہ لاکھ روپے مالیت کی 200 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق با اثر قابضین عرصہ دراز سے صوبائی حکومت کی زمین پر قابض تھے۔

    دوسری کارروائی میں رحیم یار خان سے 682 کنال اراضی واگزار کرالی گئی، واگزار کرائے گئے زرعی رقبہ کی قیمت دس ملین روپے سے زائد ہے، واگزار شدہ زرعی رقبہ محکمہ مال کے سپرد کردیا گیا ہے۔

    اس موقع پر کروڑوں روپے مالیت گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ محکمہ مال کو قابضین سے تاوان کی وصولی کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، سرکاری املاک کی حفاظت متعلقہ محکموں کی اولین ذمہ داری ہے، پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

  • وائٹ ٹائیگر کے مرنے والے بچوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی

    وائٹ ٹائیگر کے مرنے والے بچوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی

    لاہور: چڑیاگھر میں وائٹ ٹائیگر کے 2 بچوں کی اچانک ہلاکت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا جس کی رپورٹ آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور چڑیا گھر میں ہلاک ہونے والے سفید ٹائیگر کے دونوں بچوں میں کرونا کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹائیگر کے بچوں کی آنتوں میں سوزش تھی۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ٹائیگر کے بچوں کے پھیپھڑوں میں انفیکشن سے بایاں پھیپھڑا سکڑ چکا تھا، جب کہ دائیں پھیپھڑے میں پانی بھر چکا تھا، وائٹ ٹائیگرز کے دل میں ہیمبرج کے باعث خون کے دھبے بھی پائے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شیر کے بچوں کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا تھا، واضح رہے کہ چڑیا گھر کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ زو کے 6 ملازمین میں بھی کرونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔

    یاد رہے کہ جمعرات کو لاہور چڑیا گھر میں نایاب سفید ٹائیگر کے دو بچے تین ماہ کی عمر میں وائرل انفیکشن کی وجہ سے مر گئے تھے، چڑیا گھر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ دونوں بچوں کی ماں ان کی ٹھیک طریقے سے دیکھ بھال نہیں کر رہی تھی جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوئے۔

    سفید ٹائیگر کے ہاں تین ماہ قبل 4 بچے پیدا ہوئے تھے، ایک بچہ کمزوری کے باعث پیدائش کے وقت ہی مر گیا تھا، ایک بچہ پیدائش کے ایک ماہ بعد ہلاک ہوا جب کہ دو جمعرات کو ہلاک ہوگئے۔