Author: یار محمد

  • لاہور میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    لاہور میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    لاہور اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1 اور گہرائی 65 کلو میٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز مقبوضہ کشمیر کشمیر تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما سینٹر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی کے اطراف میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ ہوئے۔جس کی شدت ریکٹراسکیل پر3.1 ریکارڈ ہوئی تھی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔ زلزلے کا مرکز کراچی کے جنوب مغرب میں 195کلومیٹر کی دوری پر تھا۔

    یاد رہے کہ 30 دسمبر کے روز شانگلہ، بٹگرام اورگردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    زلزلے کا مرکز دیر کے مشرق میں 25 کلومیٹر تھا،  زلزے کی زیرزمین گہرائی 30 کلومیٹر تھی۔

  • وکلا نے قانون کی دھجیاں‌ بکھیر دی، شدید ہوائی فائرنگ

    وکلا نے قانون کی دھجیاں‌ بکھیر دی، شدید ہوائی فائرنگ

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں وکلا نے قانون کو پیروں تلے روند ڈالا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہوربار ایسوسی ایشن کے انتخابات ہوئے جس کے نتائج آنے پرکالے کوٹ والوں نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔

    کالے کوٹ زیب تن کیے وکلا نے ایوانِ عدل کے سامنے جدید اسلحے سے شدید ہوائی فائرنگ کی جس سے پورا علاوہ گولیوں کی تڑ تڑاہٹ سے گونج اٹھا جبکہ جشن منانے والوں نے کرونا ایس او پیز کا خیال بھی نہیں رکھا۔

    واضح رہے کہ جدید اسلحے سے ہوائی فائرنگ کرنا جرم تصور کیا جاتا ہے، جس پر مقدمہ بھی درج ہوتا ہے اور ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جاتی ہے، مگر یہ کوئی پہلی بار نہیں بلکہ اس سے قبل بھی وکلا مختلف اوقات میں قوانین کی خلاف ورزی کرچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: تین سو وکلا نے ڈیڑھ لاکھ کی برادری کو بدنام کردیا، اعتزاز احسن

    یاد رہے کہ 2019 میں وکلا نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی دھاوا بولا تھا، جس کے دوران انہوں نے ہنگامہ آرائی اور اسپتال کے اندر توڑ پھوڑ کی تھی۔ وکلا کے ہنگامی کی وجہ سے تین مریضوں کو بروقت طبی امداد نہیں مل سکی تھی جس کے باعث وہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

     

     

  • آن لائن ٹیکسی چلانے والے دو سالہ بچی کے باپ کا قتل

    آن لائن ٹیکسی چلانے والے دو سالہ بچی کے باپ کا قتل

    لاہور: نامعلوم افراد نے لاہور میں نوجوان آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں آن لائن ٹیکسی چلانے والے 26 سالہ علی کو نامعلوم افراد نے جان سے مار دیا، علی دو سالہ بچی کا باپ تھا۔

    رپورٹ کے مطابق علی کی تین سال قبل شادی ہوئی تھی، اس کی دو سال کی بچی بھی ہے، بھوگیوال کا رہائشی علی آن لائن ٹیکسی چلانے کے لیے گھر سے نکلا تھا، لیکن واپس نہ آیا۔

    مقتول کے پریشان حال والد نے تھانہ شالیمار میں اغوا کا پرچا درج کرایا تھا، لیکن آج لاہور کے علاقے ساندہ سے اس کی لاش مل گئی، مقتول کے غم سے نڈھال سسر کا کہنا ہے کہ علی کی تین سال قبل میری بیٹی سے شادی ہوئی، ملزموں نے ہماری زندگی کا آسرا چھین لیا۔

    پولیس کے مطابق لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، قتل کے حوالے سے تفتیش جاری ہے، حکام کا کہنا تھا کہ جلد ملزم کو گرفتار کر لیں گے-

    شیخ رشید کا وعدہ پورا نہیں ہوا، اسامہ ستی کے والد نے نا امیدی کا اظہار کر دیا

    واضح رہے کہ آن لائن ٹیکسی سروس چلانے والے ایک اور نوجوان ڈرائیور کی اسلام آباد میں پولیس اہل کاروں کے ہاتھوں افسوس ناک قتل کا معاملہ بھی ان دنوں شہ سرخیوں میں ہے۔

    21 سالہ اسامہ ستی کو 2 جنوری کو اسلام آباد جی ٹین میں اے ٹی ایس اہل کاروں نے فائرنگ کر کے جان سے مار دیا تھا، پولیس نے دعویٰ کیا کہ کار سوار کو روکا گیا تھا لیکن وہ کار بھگا کر لے گیا جس کے بعد گاڑی پر فائرنگ کی گئی لیکن ڈرائیور کو بھی گولیاں لگ گئیں۔ تاہم مقتول کے والد نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو گاڑی سے اتار کر سامنے سے گولیاں ماری گئیں۔

  • پیپر لیک: پنجاب پبلک سروس کمیشن کا ریجنل ہیڈ گرفتار

    پیپر لیک: پنجاب پبلک سروس کمیشن کا ریجنل ہیڈ گرفتار

    لاہور: پنجاب پبلک سروس کمیشن میں پیپر لیک اسکینڈل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پی پی ایس سی کا ریجنل ہیڈ گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن کا ریجنل ہیڈ گرفتار ہو گیا، حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر ریجنل ہیڈ بہاولپور فرقان احمد کو حراست میں لیاگیا۔

    اینٹی کرپشن لاہور کے مطابق فرقان احمد پیپر لیک کرنے میں گروہ کا حصہ تھا، یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اینٹی کرپشن انسپکٹر کے پیپرز میں پوزیشن لینے والے ٹاپرز نے بھی پیپر خریدا۔

    اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان سے ہر پہلو پر تحقیقات کا عمل جاری ہے، اب تک پی پی ایس سی اسکینڈل میں 5 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل پرچے آؤٹ کرنے پر اسٹنگ آپریشن میں 4 ملزم گرفتار ہوئے تھے۔

    دریں اثنا، پنجاب پبلک سروس کمیشن کے پیپر لیک اسکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اینٹی کرپشن نے 10 سال میں موصول تمام شکایات کا ریکارڈ دوبارہ کھول لیا، پی پی ایس سی امتحانی نظام کے خلاف شکایات کی از سر نو اسکروٹنی کی جائے گی، اس سلسلے میں ماضی میں کی گئی انکوائریز کے ریکارڈ اور پرچے خرید کر اہم اسامیوں پر فائز افسروں سے متعلق چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔

    پبلک سروس کمیشن کا پیپر لیک کرنے والے 4 افرادگرفتار

    اینٹی کرپشن حکام نے بتایا تھا کہ پیپر لیک کرنے والا غضنفر نامی شخص ڈیپارٹمنٹ ہی کا ملازم ہے، دوسرا ملزم وقار پبلک سروس کمیشن میں ڈیٹا آپریٹر تھا، ہر پرچا لیک کرنے کے بعد ملزمان مکان تبدیل کر لیا کرتے تھے، چاروں ملزمان کو گرفتاری کے بعد میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا گیا۔

  • ن لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر کے قبضے سے اربوں کی 80 کنال اراضی واگزار

    ن لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر کے قبضے سے اربوں کی 80 کنال اراضی واگزار

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کے خلاف اراضی اسکینڈل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ان کے غیرقانونی قبضے سے اربوں روپے کی 80 کنال اراضی واگزار کرالی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اینٹی کرپشن کا گرینڈ آپریشن حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا، سیف الملوک کھوکھر کے غیرقانونی قبضے سے اربوں کی 80 کنال اراضی واگزار کرالی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واگزار راضی نزول لینڈ قرار دیکر مفاد عامہ کے منصوبوں میں استعمال ہوگی۔

    حکام نے بتایا کہ ڈی سی لاہور کی درخواست پر گزشتہ روز اینٹی کرپشن میں پرچہ درج ہوا تھا۔

    ایف آئی اے نےکھوکھر برادران کو طلب کرلیا

    دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے کھوکھر برادران کو طلب کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے، نوٹس سیف الملوک ،محمد شفیع کھوکھر، افضل محمدکھوکھر کو جاری کئے گئے، ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں کھوکھر برادران کو سات دسمبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ آپ اور آپ کےبھائی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، آپ پر غیر قانونی طریقے سے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا بھی الزام ہے، اس کے علاوہ بینکوں میں بھاری رقوم جمع کرانے اور نکلوانے کی وضاحت دیں۔

  • بدعنوانی میں ملوث ٹاپ ٹین محکموں کی رپورٹ تیار کرلی گئی

    بدعنوانی میں ملوث ٹاپ ٹین محکموں کی رپورٹ تیار کرلی گئی

    لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے بدعنوانی میں ملوث ٹاپ ٹین محکموں کی رپورٹ تیار کرلی، ریونیو کا ادارہ کرپشن کی 12ہزار582شکایات کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے بدعنوانی کی شکایات پر رپورٹ تیار کی جس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ریونیو کرپشن کی 12ہزار582شکایات کے ساتھ پہلے نمبر جبکہ محکمہ پنجاب پولیس10ہزار334 شکایات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے خلاف 4ہزار862 شکایات رپورٹ ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت 2ہزار 106شکایات کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔

    محکمہ آبپاشی 1920 اور اسکولز ایجوکیشن کے خلاف 1885 شکایات موصول ہوئیں۔ پبلک ہیلتھ ڈیولپمنٹ882شکایات کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہا، محکمہ کمیونی کیشن اینڈ ورکس کے افسران کے خلاف 903 شکایات رپورٹ ہوئیں۔

    اسی طرح پنجاب ہائی وے کے خلاف 632 اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف 519 شکایات سامنے آئیں۔ اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ 13 ماہ میں موصول ہونے والی شکایات پر تیار کی گئی ہے۔

  • قیدیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    قیدیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    لاہور: پنجاب بھر کی جیلوں کے قیدیوں کو جیل پہنچنے پر قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، حوالاتیوں کو کرونا ٹیسٹ رپورٹ تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قیدیوں کے قرنطینہ کے حوالے سے جیلوں کو احکامات پر عمل درآمد کرنا لازم قرار دے دیا گیا۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ حوالاتیوں کو کرونا ٹیسٹ رپورٹ تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا، ہر نئے قیدی کو کم ازکم 14روز تک دیگر قیدیوں سے علیحدہ رکھا جائے گا۔

    جیل حکام کے مطابق محکمہ ہیلتھ کو قیدیوں کے کوائف فوری بھیجنے کے احکامات موصول ہوئے۔ محکمہ صحت نے زور دیا ہے کہ کسی بھی قیدی کو بغیر کرونا ٹیسٹ کروائے نہ رکھا جائے۔

    سندھ کی جیلوں میں جعلی قیدیوں کا انکشاف

    اس حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے ساتھ جیل ملازمین کے کرونا ٹیسٹ لازم قرار دیا گیا ہے۔

    قیدیوں کو عدالتوں میں پیشی کے وقت ماسک کا استعمال لازمی کرایا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز کیمپ جیل آنے والے 3نئے حوالاتیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

    واضح رہے کہ کرونا کی دوسری لہر کے دوران مختلف جیلوں میں بھی وائرس پھیلنے لگا ہے۔

  • مسلم لیگ ن کا اہم رہنما گرفتار

    مسلم لیگ ن کا اہم رہنما گرفتار

    لاہور: اینٹی کرپشن پنجاب نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما اور سابق میئرسرگودھا اسلم نوید کو گرفتار کرلیا، ان پر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق میئر اسلم نوید سمیت ٹی ایم اے سرگودھا اور محکمہ ریونیو کے 7افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ دیگر قانونی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اینٹی کرپشن گوہر نفیس کا کہنا ہے کہ اختیارات کے غلط استعمال اور سرکاری خزانے کو نقصان پر کارروائی کی، ملزم اسلم نوید نے غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی۔

    ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے بتایا کہ ملزم نے سرکاری خزانے کو39کروڑ کا نقصان پہنچایا۔

    خیال رہے کہ اینٹی کرپشن کا محکمہ پنجاب بھر میں متحرک ہوچکا ہے، رواں سال کے آغاز سے ہی درجنوں کارروائی کی جاچکی ہیں۔ کرپشن میں ملوث کئی سرکاری افسران بھی قانون کے شکنجے میں آئے۔

    ڈی جی اینٹی کرپشن نے عزم ظاہر کیا ہے کہ غیرقانونی زمینوں کی خریدوفروخت اور قبضہ مافیہ سے زمینیں واگزار کرتے رہیں گے اور کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

  • لاہور، اورنج لائن ٹرین کا سفر کرنے والے منچلے آپس میں لڑ پڑے

    لاہور، اورنج لائن ٹرین کا سفر کرنے والے منچلے آپس میں لڑ پڑے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں اورنج لائن ٹرین میں سفر کرنے والے منچلے آپس میں لڑ پڑے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں اورنج لائن ٹرین میں رش زیادہ ہونے پر دھکم پیل کے دوران منچلے آپس میں لڑپڑے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

    منچلوں نے ٹرین کے اندر ہی ایک دوسرے پر گھونسوں اور لاتوں کی برسات کردی، دونوں گروپ سمن آباد اسٹیشن سے ٹرین پر سوار ہوئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اورنج لائن ٹرین میں جھگڑے کی کوئی تحریری درخواست نہیں ملی، درخواست ملنے پر جھگڑا کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

    انچارج اونج لائن ٹرین کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اورنج لائن میٹرو ٹرین افتتاح کیا تھا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میٹرو پروجیکٹ سی پیک کا ایک حصہ ہے، جو دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین دہائیوں پرانی دوستی کا نتیجہ ہے۔

    یاد رہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین 26 اسٹیشن پر 27.12 کلو میٹر کے فاصلے پر پٹڑیوں پر مشمتل ہے، بجلی سے چلنے والا یہ پبلک ٹرانسپورٹ کا پہلا منصوبہ ہے جس کے ذریعے تقریباً روزانہ ڈھائی لاکھ مسافر سفر کریں گے۔

    اورنج لائن ٹرین کا ایک طرف کا کرایہ 40 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

  • جہانگیر ترین 7 ماہ بعد برطانیہ سے وطن واپس پہنچ گئے

    جہانگیر ترین 7 ماہ بعد برطانیہ سے وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین 7 ماہ بعد برطانیہ سے وطن واپس پہنچ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے والے جہانگیر تر ین آج غیر ملکی پرواز کے ذریعے براستہ دبئی علامہ اقبال ایئر پورٹ پہنچے۔

    جہانگیر ترین 7 ماہ ہیمپشائر کنٹری ہوم میں مقیم رہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے باہر گئے تھے، اور 7 سال سے ہر سال علاج کے لیے باہر جاتے رہتے ہیں۔

    اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن کا کام ہے الزام لگانا، جواب دینا ضروری نہیں، اللہ کا شکر ہے کہ میرا تمام کاروبار شفاف ہے۔

    ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کو دوبارہ طلب کرلیا

    واضح رہے کہ جہانگیر ترین پاکستان میں شوگر کمیشن کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد سے بیرون ملک مقیم تھے، ذرایع کے مطابق جہانگیر ترین نے برطانیہ میں قیام کے دوران کوئی سیاسی ملاقات نہیں کی تھی۔

    چینی اسکینڈل میں نام آنے کے بعد جہانگیر ترین بیرون ملک چلے گئے تھے، معلوم ہوا تھا کہ وہ لندن سے کچھ فاصلے پر نیوبری میں اپنے ہائیڈ ہاؤس نامی فارم ہاؤس رہائش پذیر ہیں۔

    ستمبر میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے شوگر اسکینڈل کیس میں جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کو دوبارہ طلب کیا تھا، منی لانڈرنگ کے حوالے سے ایف آئی اے نے 100 سے زائد سوالات تیار کیے تھے جن کے جوابات ترین فیملی کو دینے تھے۔

    علی خان ترین کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہو سکتا، میں اس وقت لندن میں ہوں اور والد کی دیکھ بھال کر رہا ہوں کیوں کہ میرے والد جہانگیر ترین کا لندن میں علاج جاری ہے۔