Author: زعیم باصر

  • کیا پتا تھا ڈرامے کا آڈیشن دینے جائوں گی اور یہ ہوجائیگا، سارہ عمیر

    کیا پتا تھا ڈرامے کا آڈیشن دینے جائوں گی اور یہ ہوجائیگا، سارہ عمیر

    پاکستانی خوبرو اداکارہ سارہ عمیر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گئی تو ڈراموں کے آڈیشن کے لیے تھیں مگر پہلی نظر میں ہی انھیں پروڈیوسر بھا گئے اور بعد میں انہی سے شادی بھی ہو گئی.

    پاکستانی اداکارہ سارہ عمیر یوں تو اسکرین پر کم نظر آتی ہیں مگر وہ اپنی اداکاری اور خوبصورتی کی وجہ سے ٹی وی ڈارموں کے ناظرین میں ایک خاص مقام رکھتی ہیں۔

    سارہ کے معروف ڈراموں میں ’مائی نی، تھوڑا سا آسمان اور روگ‘ سمیت دیگر شامل ہیں، اس کے علاوہ وہ نجی پروڈکشن ہائوسز کے ڈراموں بھی بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، تاہم حالیہ چند سالوں کے دوران وہ ڈراموں سے دور ہیں۔

    اداکارہ نے انتہائی کم عمری سے اداکاری کا آغاز کیا تھا جبکہ وہ پاکستان ٹیلی وژن میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرچکی ہیں، کئی سالوں تک اسکرین سے غائب رہنے کے بعد کچھ دنوں پہلے انھوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کی۔

    اداکارہ کے مطابق انھوں نے شوہر کی محبت میں گھرداری سیکھی، اس مصروفیت کے بعد شوبز میں آنے کا سوچا تو امید سے ہو گئیں، انھوں نے اپنی ٹین ایج سے 29 سال کی عمر تک مسلسل کام کیا ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ اب ان کے دو بچے ہیں اور حال ہی میں انھوں نے ایک ڈرامے کی شوٹ مکمل کی ہے جو جلد ہی نشر بھی کیا جائےگا، شوہر نے انھیں کبھی اداکاری کرنے سے نہیں روکا۔

  • شاپنگ پلازوں میں پارکنگ لازمی قرار دینے کے لیے دائر درخواست پر سماعت

    شاپنگ پلازوں میں پارکنگ لازمی قرار دینے کے لیے دائر درخواست پر سماعت

    پشاور: شاپنگ پلازوں میں پارکنگ لازمی قرار دینے کے سلسلے میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے کہا کہ مالکان پارکنگ کی جگہ چھوڑ کر نقشہ پاس کرواتے ہیں، پھر وہاں بھی دکان بنا لیتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور میں شاپنگ پلازوں میں پارکنگ لازمی قرار دینے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں کہا گیا کہ پلازوں میں پارکنگ اور ریمپ کو لازمی قرار دینے کے باوجود اب بھی پلازہ مالکان اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے اس درخواست کی سماعت کی جبکہ عدالت نے پی ڈی اے اور ٹی ایم اے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو پلازہ اس کی خلاف ورزی کررہے ہیں ان کی رپورٹ پیش کریں۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پلازوں میں پارکنگ اور ریمپ کو لازمی قرار دیا گیا ہے، اب بھی پلازہ مالکان اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیے کہ مالکان پارکنگ کی جگہ چھوڑ کر نقشہ پاس کرواتے ہیں، پھر پارکنگ کی جگہ پر بھی دکان بنا لیتے ہیں۔

    جسٹس اعجاز انور کا کہنا تھا کہ محکمے قانون پر عمل نہیں کرتے ہیں اس وجہ سے لوگ عدالتوں میں آتے ہیں، جو پلازہ قانون پر عمل نہیں کرتے اور خلاف وزری کررہے ہیں ان کی تفصیل فراہم کریں، عدالت نے خلاف ورزی کے مرتکب پلازہ مالکان سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت کو ملتوی کردیا ہے۔

  • ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمتوں میں ایک بار پھر ‘‘ہوشربا اضافے’’ کی تیاری کرلی

    ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمتوں میں ایک بار پھر ‘‘ہوشربا اضافے’’ کی تیاری کرلی

    اتظامیہ، ڈیری فارمر ایسوسی ایشن کے مابین دودھ کی قیمتوں کے تعین کے لیے ہونے والا اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا، ڈیری فارمرز نے دودھ کی نئی قیمت 280 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کی درخواست کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انتظامیہ اور ڈیری فارمر ایسوسی ایشن کے درمیان دودھ کی قیمتوں کے تعین کے سلسلے میں ہونے والا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا، کمشنر اپنی مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہ ہوسکے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اورڈیری فارمرایسوسی ایشن کے درمیان قیمتوں پر معاملات طے نہ پا سکے۔ ڈیری فارمرایسوسی ایشن کی جانب سے اجلاس میں انتظامیہ کے سامنے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ دودھ کی پیداواری لاگت 242 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

    ڈیری ایسوسی ایشن نے پیداواری لاگت میں اضافے کی وجہ سے دودھ 280 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کی درخواست کی، انتظامیہ کی جانب سے شاکر عمر گجر نے بتایا کہ کمشنر کراچی کی عدم موجودگی کے باعث اجلاس کو بغیر کسی فیصلے کے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

  • گہرے سمندر میں لاپتا آبدوز میں 5 سیاح موجود، صرف 70 گھنٹے کا آکسیجن باقی

    گہرے سمندر میں لاپتا آبدوز میں 5 سیاح موجود، صرف 70 گھنٹے کا آکسیجن باقی

    بحر اوقیانوس میں گہرے سمندر میں لاپتا ہونے والی آبدوز میں 5 لوگوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ان کے پاس صرف 70 سے 96 گھنٹے کا آکسیجن باقی بچا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اور کینیڈین ریسکیو ٹیموں نے بڑے پیمانے پر لا پتا ہونے والی آبدوز کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے۔ مذکوہ سب میرین پانچ سیاحوں کو لے کر وہ مقام دکھانے لے کر روانہ ہوئی تھا جہاں گہرے سمنر میں ٹائٹینک کا ملبہ موجود ہے۔ تاہم یہ آبدوز بحر اوقیانوس کی گہرائی میں غائب ہوگئی ہے جبکہ اس میں محض 70 سے 96 گھنٹوں کا آکسیجن موجود ہے۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق اتوار کو سمندر میں جانے کے بعد تقریباً ایک گھنٹہ 45 منٹ میں آبدوز اور عملے کے ارکان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا جبکہ روانہ ہوتے ہوئے اس میں چار دن کی آکسیجن سپلائی موجود تھی۔ آبدوز میں ایک پائلٹ، تین سیاح جن میں سے ایک برطانوی ارب پتی اور ایک مشہور فرانسیسی غوطہ خور ہیں جبکہ ایک سمندری ماہر موجود ہے۔

    ٹور فرم اوشن گیٹ کا کہنا ہے کہ جہاز میں سوار پانچ افراد کو بچانے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جارہے ہیں جبکہ اس آٹھ دن کے سمندری سفر کا خرچ ڈھائی لاکھ ڈالر کے قریب تھی۔

    حکام نے کہا کہ آبدوز کے ساتھ رابطہ بحال کرنے کی کوششوں میں متعدد سرکاری ایجنسیوں اور کمپنیوں کے تعاون پر ان کے مشکور ہیں، ہم اپنے عملے کے ارکان کی محفوظ واپسی کے لیے کوشاں ہیں۔

  • نومتخب میئر کا یوسی ناظم کا الیکشن لڑنے کا اعلان، ترقیاتی کاموں کی نوید سنا دی

    نومتخب میئر کا یوسی ناظم کا الیکشن لڑنے کا اعلان، ترقیاتی کاموں کی نوید سنا دی

    نومنتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جلد یوسی ناظم کا الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے، شہر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے کی نوید بھی سنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے نئے میئر مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اگلے 10 روز میں یوسی چیئرمین کا الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے، انھوں نے کہا کہ سلمان عبداللہ مراد اور میں 10 دن میں اعلان کریں گے کہ کس یو سی سے لڑ رہے ہیں، الیکشن کمیشن سے درخواست کریں گے کہ جلد یونین کمیٹی کے انتخابات کرا دیے جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کا مقصد پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی کے لیے روڈ میپ فراہم کرنا ہے، پیپلز پارٹی ایسا سسٹم لائے گی کہ جس پر صاف شفاف طریقےسےعمل پیرا ہونگے، کراچی میں کام ہوگا اور ہوتا ہوا نظر آئے گا، شہر میں بےشمار مسائل اور محدود وسائل ہیں، ہم تنقید کا جواب کام سے دیں گے، اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔

    ہمارے شہر میں کوآرڈینیشن کا فقدان ہے، ہم الیکشن لڑنے کے لیے 6 ماہ کا انتظار نہیں کریں گے، ہمارا شہر بے ہنگم بن گیا ہے، اداروں میں کوآرڈینیشن کے فرائض انجام دینا ہماری ذمہ داری ہوگی، جو لوگ دعویٰ کرتےہیں ہم شہر صحیح کریں گے وہ اپنی تشہیر کرتے رہتے ہیں۔

    مرتضیٰ وباب نے کہا کہ شہر کی تزئین و آرائش پر کام کرتے ہوئے اس کی خوبصورتی کو بھی برقرار رکھنا ہے، جہاں نئے نالے بنانے کی ضرورت ہے، ان کو تعمیر کیا جائے گا، جو اس شہر سے زیادتی کرے گا اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

    نومنتخب میئر نے کہا کہ شہرکوپانی کی کمی کاسامنا ہے، ماضی میں کسی شخص نے پانی سپلائی بڑھانے کا نہیں سوچا، دنیا بھر میں سمندر کے پانی کو میٹھا کر کے استعمال کیا جاتا ہے، کینجھر جھیل سے پانی لانے کے لیے وفاقی حکومت کےفور پر کام کر رہی ہے۔

    کراچی کو یومیہ 100 ملین گیلن پانی ملتا ہے جبکہ حب ڈیم سے جولائن آرہی ہے وہ 1960 کی ہے، فیصلہ کیا ہے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نئی کینال ڈالی جائے، نالوں کی صفائی بھی ہو رہی ہے 4 ماہ تک یہ عمل جاری رہےگا۔

    انھوں نے بتایا کہ آج سے7 روز پہلے وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں پبلک پارٹنرشپ کا اجلاس ہوا، ابراہیم حیدری میں 5 ایم جی ڈی کا ری سائیکلنگ پلانٹ لگانے جا رہے ہیں، پراجیکٹ تیار ہے جلد پروسیسنگ فیزمیں چلے جائیں گے، سندھ حکومت کے اشتراک سے واٹر سپلائی سیوریج امپروومنٹ پروگرام تشکیل دیا گیا ہے، ہم سیوریج کے پرانے نظام کو بدلنے جا رہے ہیں۔

  • ٹنڈولکر کو کس پاکستانی باؤلر کے سامنے وکٹ بچانا مشکل ہو جاتا تھا؟

    ٹنڈولکر کو کس پاکستانی باؤلر کے سامنے وکٹ بچانا مشکل ہو جاتا تھا؟

    سچن ٹنڈولکر کو دنیائے کرکٹ کے چند بڑے بیٹسمینوں میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم ان کے کیریئر میں ایک پاکستانی بائولر ایسا بھی رہا جس کے سامنے سچن کو اپنی وکٹ بچانے کے لالے پڑ جاتے تھے!

    قومی آل رائونڈر عبدالرزاق بھارتی ماسٹر بلے باز کو ہمیشہ سے ایک مشکل بائولر لگے جس کا انھوں نے اعتراف بھی کیا ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں اکثر و بیشتر پاکستانی آل رائونڈر نے سچن ٹنڈولکر کو مشکلات کا شکار کیا اور ان کی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

    سچن کے مطابق اپنے کیریئر میں ان کے لیے عبدالرزاق کی گیندوں کو کھیلنا ہمیشہ سے چیلنجنگ رہا، یہاں تک کہ اپنے کیریئر کی بلندی پر بھی پاکستانی میڈیم پیسر ان کے لیے پریشانی کا باعث رہے۔ اس لیے سچن، عبد الرزاق کو سب سے خطرناک گیندباز مانا کرتے تھے۔ حالانکہ اس دور کے دوسرے بیٹسمینوں کے لیے رزاق اتنے مشکل بائولر ثابت نہیں ہوئے لیکن سچن کی وکٹ کے معاملے میں قسمت ہمیشہ ان پر مہربان رہی۔

    ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ یہ ٹنڈولکر کا بڑا پن ہے کہ انھون نے میرا نام لیا ورنہ تو اس دور میں بڑے بولرز کی ایک طویل فہرست موجود ہے جن میں میک گرا، وسیم اکرم، وقار یونس، کرٹلی ایمبروز، کرٹنی والش جیسے بڑے بڑے نام شامل ہیں۔

  • 1200 میگاواٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ پاک چین دوستی کا ایک اور سنگ میل ہے: وزیر اعظم

    1200 میگاواٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ پاک چین دوستی کا ایک اور سنگ میل ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے 1200 میگا واٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدے کو پاک چین دوستی کے لیے ایک اور سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو بہترین دوست ملکوں کے لیے آج اہم دن ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 1200 میگا واٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ پاک چین دوستی کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، دو بہترین دوست ملکوں کے لیے آج اہم دن ہے، 4.8 ارب ڈالرز کا منصوبہ یہ پیغام ہے کہ چینی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں، مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کے لیے پُرعزم ہے۔

    چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال اور خرم دستگیر بھی موجود تھے، خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تاخیر کا شکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی، چین کے صدر شی جن پنگ کے بے حد مشکور ہیں، چینی حکومت کے ساتھ سمجھوتے کے لیے وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم کا بھی مشکور ہوں۔

    شہباز شریف کے مطابق اس منصوبے کو گزشتہ حکومت نے سرد خانے میں ڈال دیا تھا، اس معاہدے سے پاکستان چین معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا، چین کی طرف سے 4.8 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے، پاکستان کےعوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ چشمہ فائیو منصوبے میں چینی کمپنی نے 30 ارب روپے کی رعایت دی ہے، پاکستان کی موجودہ فوجی قیادت کی جانب سے منصوبے میں گہری دلچسپی لینے پرشکر گزار ہوں، نواز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے ترقی کے وژن کو لے کر ہم آگے بڑھ رہے ہیں، نوازشریف نے 1990 میں پہلی بار چین کے ساتھ جوہری توانائی کا معاہدہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ چین کی نیشنل کارپوریشن اور پاکستان اٹامک انرجی کے درمیان اس معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جبکہ اس منصوبے کی کل لاگت 400 ارب ڈالرز ہے۔

  • قطر میں اس بار عید الاضحی کی نماز کہاں ادا کی جائے گی؟

    قطر میں اس بار عید الاضحی کی نماز کہاں ادا کی جائے گی؟

    قطری حکام نے اس بار ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں عید الاضحی کی نماز کا اہتمام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عید الفطر کی نماز بھی اسی اسٹیڈیم میں ادا کی گئی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطر فاؤنڈیشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس بار 28 جون 2023 کو عید الاضحی کی نماز ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں ادا کی جائے گی۔ حکام کے مطابق وہ عید کی نماز دوبارہ سے ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں ادا کرنے کا اہتمام کریں گے، ماہ اپریل کے اوائل میں اسی مقام پر عید الفطر کی نماز بھی منعقد کی گئی تھی۔

    نماز عید کی ادائیگی کے لیے صبح 5 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے جس کے بعد عید کی تقریبات 9 بجے تک ایجوکیشن سٹی کی مسجد میں جاری رہیں گے۔ قطری فاؤنڈیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں نمازیوں اور حاضرین کو خوش آمدید کہنا چاہتے ہیں اور انھیں پر لطف ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

    فیملیز کو تفریح فراہم کرنے کے لیے تقریب میں مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی جس چہرے کی پینٹنگ، گیمز سمیت کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم تک ٹرام کے ذریعے پہنچا جا سکتا ہے، وہاں ویسٹ پارکنگ، آکسیجن پارک، اور الشقاب پارکنگ میں پارکنگ کے لیے جگہ بھی موجود ہے۔

  • پاکستان دنیا میں پناہ گزینوں کی بڑی آبادی کا میزبان ہے، صدر کا عالمی دن پر پیغام

    پاکستان دنیا میں پناہ گزینوں کی بڑی آبادی کا میزبان ہے، صدر کا عالمی دن پر پیغام

    صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے 20 جون کو پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں پناہ گزینوں کی ایک بڑی آبادی کا میزبان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر عارف علوی نے کہا کہ یہ دن لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان کے گزشتہ 40 سالہ نمایاں کردار کی یاد دلاتا ہے، محدود وسائل کے باوجود بےگھر افراد کو پناہ دینا بھائی چارے اور ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان نے چیلنجز اور کم وسائل کے باوجود کھلے دل سے پناہ گزینوں کی مدد کی، افغان مہاجرین کی میزبانی کا بوجھ بانٹنے کے لیے ابتدائی طور پر عالمی برادری کی جانب سے مالی مدد ملی، امداد میں کمی آنے کے باوجود مہاجرین کی فلاح و بہبود، رضاکارانہ واپسی کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ 40 سال گزرنے کے باوجود مہاجرین اور مقامی افراد کے مابین کوئی ناخوش گوار واقعہ نہیں ہوا، پاکستان نے اپنی جانب سے پناہ گزینوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی، پاکستان نے پناہ گزینوں کے لیے باوقار زندگی کی تعمیرنو حوالے سے اقدامات کی۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین سمیت فلاحی اداروں کے ساتھ کام کرتا رہا ہے، پاکستانی سرحدوں کے اندر مقیم پناہ گزینوں کو امداد اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان نے افغان مہاجرین کو علم و ہنر سے آراستہ کرنے کے لیے جامع تعلیمی پروگرام متعارف کرائے۔

    پاکستان نے یقینی بنایا کہ پناہ گزین بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو، رحمدلی، ہمدردی اور شمولیت کی اقدار ہماری پہچان ہیں، مدد فراہم کرنے پر عالمی تنظیموں اور تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

  • وزارتِ اطلاعات ریڈیو ملازمین کو 3 ماہ کے اندر پنشنری مراعات ادا کروائے، صدر

    وزارتِ اطلاعات ریڈیو ملازمین کو 3 ماہ کے اندر پنشنری مراعات ادا کروائے، صدر

    اسلام آباد: صدر مملکت نے کہا ہے کہ وزارتِ اطلاعات ریڈیو پاکستان کے 38 ملازمین کو 3 ماہ کے اندر پنشنری مراعات ادا کروائے، عدم ادئیگی کے باعث ریٹائرڈ ملازمین کے خاندان مشکلات کا شکار ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان جیسے ادارے کو مالی وسائل کی شدید کمی کا سامنا باعث تشویش ہے، وزارتِ اطلاعات ریڈیو پاکستان کے 38 ملازمین کو 3 ماہ کے اندر پنشنری مراعات ادا کروائے، عدم ادئیگی کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین اور ان کا خاندان مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

    عارف علوی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو فنڈز کی فراہمی کا معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھایا جانا چاہیے، سیکریٹری وزارت اطلاعات 3 ماہ میں ادائیگی کے لیے مجاز اتھارٹی سے منظوری لیں، سیکریٹری وزارتِ اطلاعات وفاقی محتسب کو تعمیل کی رپورٹ جمع کرائیں۔

    واضح رہے کہ سید پرویز حسین شاہ و دیگر 37 شکایت کنندگان نے محتسب کو اس سلسلے میں شکایت کی تھی، شکایت کنندگان کا کہنا تھا کہ مختلف تاریخوں میں ریٹائر ہوئے ، پنشن پیمنٹ آرڈرز تو جاری ہوئے مگر ادائیگی نہیں کی گئی۔

    وفاقی محتسب نے ریڈیو پاکستان کو ریٹائرڈ ملازمین کو رقوم کی ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ سابقہ ملازمین بڑھاپے میں اپنے حقوق کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ بڑھاپے میں ایک ایک پیسہ ریٹائرڈ ملازم کی بنیادی ضرورت ہوتی ہے.

    ذرائع کے مطابق ریڈیو پاکستان نے محتسب کے حکم کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی تھی، صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف ریڈیو پاکستان کی اپیل نمٹا دی، انھوں نے کہا کہ تسلیم شدہ قانون ہے کہ ریٹائرمنٹ مراعات ریاست کی جانب سے انعام نہیں بلکہ ملازم کو تسلی بخش خدمات کی وجہ سے حاصل ہونے والا حق ہے۔