Author: زعیم باصر

  • دوران جنگ روس میں کس چیز کی پیداوار بڑھ گئی، جان کر حیران رہ جائیں گے

    دوران جنگ روس میں کس چیز کی پیداوار بڑھ گئی، جان کر حیران رہ جائیں گے

    موجودہ صورتحال کے لحاظ سے بات تو حیرت انگیز لیکن سچ ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ جاری ہے مگر اس سرد ملک میں گولہ بارود کے بجائے آئسکریم کی پیداوار میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    روسی ادارے سینٹر فار ریسرچ ان پرسپیکٹیو ٹیکنالوجیز (سی آر پی ٹی) کی جانب سے ٹریک کردہ اعداد و شمار کہتے ہیں کہ آئس کریم کی پیداوار اس سال جنوری سے مئی کے دوران 214,700 ٹن تک جا پہنچی ہے۔ اس برس جنوری 2023 میں 12,700 ٹن آئس کریم کی خریدی کی گئی، جبکہ مئی کے دروان روسی 32,300 ٹن آئسکریم کھا گئے۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو 2023 کے پہلے پانچ مہینوں میں آئس کریم کی پیداوار میں 26 فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔

    سی آر پی ٹی کے مطابق موسم گرما کی شروعات کے باعث آئس کریم کی طلب میں دوگنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی نمو 154 فیصد بتائی جاتی ہے۔ 2022 کے دوران روس میں آئس کریم کی کھپت 411,000 ٹن تھی۔
    تجزیہ کاروں کے مطابق ماسکو ریجن میں کافی زیاہ آئس کریم کھائی جاتی ہے جہاں اس سال کے پہلے پانچ مہینوں میں روسیوں نے 1.1 ٹن آئسکریم کھائی.

  • گورنر سندھ نے بدین کے طوفان متاثرین کے لیے تیار کھانا روانہ کردیا

    گورنر سندھ نے بدین کے طوفان متاثرین کے لیے تیار کھانا روانہ کردیا

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے بدین کے طوفان متاثرین کے لئے تیار کھانا روانہ کیا گیا ہے تاکہ طوفان کے باعث بے گھر ہونے والے ان لوگوں کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری نے متاثرین کی پریشانیوں کا ادراک کرتے ہوئے بدین کے طوفان متاثرین کے لئے تیار کھانا روانہ کیا ہے تاکہ ان کی مشکلات میں کچھ کمی واقع ہوسکے۔

    یہ کھانا ضلع کے مختلف علاقوں میں موجود 20 ہزار کے قریب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔ سجاول، جاتی اور شاہ بندر کے طوفان متاثرین کے لئے یہ کھانا روانہ کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ متاثرین کی مدد ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
    ذرائع ابلاغ پر آنے والی خبروں کے مطابق پاکستان کی ساحلی پٹی پر رہنے والے ہزاروں لوگوں کو نقل مکانی کا عذاب سہنا پڑا ہے۔ متاثرین اس وقت بھی مختلف کیمپوں میں موجود ہیں جہاں ان کی حالت خراب ہے اور انھیں سہولیات کی کمی کا سامنا ہے۔

  • کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی موجودہ صورتحال پر وفاقی وزیر توانائی نے کیا کہا؟

    کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی موجودہ صورتحال پر وفاقی وزیر توانائی نے کیا کہا؟

    کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ کراچی کے 70 فیصد صارفین کے لیے کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر توانائی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ شہر قائد کے 70 فیصد صارفین کے لیے کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔ جں علاقوں میں بلوں کی ادائیگی کم ہے وہاں معمول کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

    وزیر توانائی نے کہا کہ سمندری طوفان کے باعث جہاز رانی کے حوالے سے بھی وارننگ موجود تھی جس سے ایل این جی کی سپلائی متاثر ہوئی۔ انھوں نے انکشاف کیا کہ بیپر جوائے کی وجہ سے دی جانے والی وارننگ کے باعث کے الیکٹرک کی ایل این جی سپلائی معطل ہوئی تھی۔

    کراچی میں صنعتوں کو بجلی کی ترسیل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ شہر میں صنعتوں کے لیے کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے جبکہ سمندری طوفان کی وجہ سے بجلی کی ترسیل پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔

    ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں انھوں نے بتایا کہ طوفان کی آمد کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے سلسلے میں تمام انتظامات کیے گئے تھے۔ ساحلی علاقوں میں ممکنہ طوفان سے بجلی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ وزیر اعظم نے موجودہ صورتحال میں بجلی کی ترسیل سے متعلق خصوص ہدایات دی تھیں۔ ملک میں اس وقت بجلی کی پیداوار طلب سے زیادہ ہے۔

  • ’نواز شریف کو عزت سے وطن واپس لایا جائے‘

    ’نواز شریف کو عزت سے وطن واپس لایا جائے‘

    مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی نور الحسن نے اپنی ہی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے قائد نواز شریف کو عزت کے ساتھ وطن واپس لانے کا مطالبہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگی ایم این اے اور لاہور ڈویژن کے صدر نور الحسن ایک تقریب میں اپنی حکومت ہونے کے باوجود میاں نواز شریف کو پاکستان نہ لانے پر حکومت پر برس پڑے۔

    نور الحسن نے کہا کہ ہماری حکومت اتنی ظالم اور بے ایمان کیوں ہے، یہ نواز شریف کو واپس کیوں نہیں لاتے۔ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو روشن کرنے والے لیڈر کو عزت سے وطن واپس لایا جائے۔

    انہوں نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ دنوں پہلے آزاد کشمیر میں جس طرح الیکشن ہوئے اس سے سبق سیکھنا چاہیے اور نواز شریف کو فوری وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

    واضح رہے کہ نواز شریف کئی سال سے لندن میں مقیم ہیں وہ علاج کے لیے عدالتی اجازت پر 2019 میں لندن گئے تھے۔ ان کی وطن واپسی کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کے متضاد بیانات سامنے آتے رہتے ہیں کبھی کہا جاتا ہے کہ نواز شریف کو جب تک ڈاکٹرز سفر کی اجازت نہیں دیتے وہ پاکستان نہیں آئیں گے اور کچھ رہنما کہتے ہیں کہ الیکشن کا اعلان ہوتے ہیں نواز شریف پاکستان میں ہوں گے۔

  • ’میئر کراچی کے الیکشن کا پورا پروسس ریورس ہو جائے گا‘

    ’میئر کراچی کے الیکشن کا پورا پروسس ریورس ہو جائے گا‘

    کراچی: جماعت اسلامی کے رہنما اسامہ رضی نے کہا ہے کہ عدالت نے ہماری پٹیشن منظور کرلی ہے اور میئر کراچی کے انتخاب کا پورا عمل ریورس ہو جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کے رہنما اسامہ رضی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی جانب سے ان کی پٹیشن کو منظور کر لیا گیا ہے اور گزشتہ روز آرٹس کونسل میں ہونے والے میئر کے الیکشن کا پورا پروسس ریورس ہو جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے جو ممبران وہاں پہنچے میں ان کوسلام پیش کرتا ہوں۔ ریاستی طاقت منتخب نمائندوں کو کچلنے کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔ ہم سیاسی، جمہوری اور قانونی ذرائع استعمال کریں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز میئر کراچی کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب 173 ووٹ لے کر میئر منتخب ہوگئے جب کہ ان کے حریف جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 161 ووٹ ملے۔ انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوا تاہم ووٹنگ کے وقت پی ٹی آئی کے 30 سے زائد ممبران کے ایم سی غائب رہے اور ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا۔

    جماعت اسلامی نے پیپلز پارٹی پر پی ٹی آئی ممبران کے اغوا اور دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا جب کہ میئر کے انتخاب کے بعد آرٹس کونسل کراچی کے باہر کا علاقہ میدان جنگ بن گیا تھا، جہاں جماعت اسلامی اور پی پی کارکن جھگڑ پڑے تھے۔

  • شرجیل میمن کا بڑا چیلنج، 30 ممبران اغوا ہوئے تو عدالت کے دروازے کھلے ہیں

    شرجیل میمن کا بڑا چیلنج، 30 ممبران اغوا ہوئے تو عدالت کے دروازے کھلے ہیں

    کراچی : صوبائی وزیر اطلاعث شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اگر میئر کے الیکشن سے قبل 30 سے زائد ممبران اغوا ہوئے ہیں تو عدالت کے دروازے کھلے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر 30 سے زائد ممبران اغوا ہوئے ہیں تو عدالت کے دروازے کھلے ہیں۔ ان 30 لوگوں کے اہلخانہ میں سے کسی نے تو ایف آئی آر کٹوائی ہو گی۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ان لوگوں سے جا کر پوچھے کہ ہمیں ووٹ کیوں نہیں دیا۔ کل ہال میں موجود پی ٹی آئی کے تمام ممبران نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیا تھا، ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ہمیں کسی کی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں ہے۔
    پی ٹی آئی ممبران نے ان کو ووٹ دینے سے منع کر دیا تھا۔ پی ٹی آئی کے ممبران پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔

    واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب کے میئر کراچی کا الیکشن جیتنے کے بعد شہر کی سیاسی صورتحال کشیدہ ہے۔ پی پی اور جماعت اسلامی مسلسل ایک دوسرے پر طعن و تشنیع کے تیر برساتے ہوئے مختلف الزمات لگا رہے ہیں۔

  • ساحلی علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان

    ساحلی علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان

    کراچی: پاکستان کے ساحلی علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے جب کہ سمندر میں طغیانی بھی آسکتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بیپر جوائے نے گزشتہ دنوں بھارتی گجرات میں لینڈ فال کر لیا ہے تاہم اس کے اثرات بدستور پاکستان کے ساحلی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے این ای او سی میں بین الاقوامی ماڈلز کے ذریعے بپرجوائے کی پیشرفت پرمسلسل نگرانی جاری ہے۔

    این ڈی ایم حکام نے مطلع کیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں تیزآندھی اور طوفانی بارشیں ہونے کے ساتھ ساتھ سمندر میں طغیانی آسکتی ہے، ساحلی پٹی کے عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ 16 اور 17 جون کوماہی گیر اورسیاح کھلےسمندرکی جانب رخ کرنے میں احتیاط برتیں جبکہ این ڈی ایم اے نے وفاق، بلوچستان اور سندھ کے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    این ڈی ایم کے مطابق متعلقہ ادارے ساحلی پٹی والےعلاقوں میں ایمرجنسی مشینری ومیڈیکل عملے کی موجودگی یقینی بنائیں۔ پاکستان نیوی اور سمندری امور کے ادارے ساحلی پٹی کی نگرانی کو مزید فعال کریں جبکہ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں.

  • سمندری طوفان بیپر جوائے بھارتی گجرات سے ٹکرا گیا

    سمندری طوفان بیپر جوائے بھارتی گجرات سے ٹکرا گیا

    سمندری طوفان بیپر جوائے بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرا گیا طوفان اپنی پوری شدت کے ساتھ گزشتہ شام 7 بجے ٹکرایا۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان نے بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی پر لینڈ فال مکمل کر لیا ہے۔ بیپر جوائے بھارتی ریاست گجرات کے جاکھائو پورٹ پر شام 7 بجے ٹکرایا تھا اور لینڈ فال کا یہ عمل تقریباً 6 سے 8 گھنٹے میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب مکمل ہوا۔
    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان نے بھارت کے اندر مکمل طور پر لینڈ فال کیا تاہم بیپر جوائے نے پاکستانی ساحل کے کسی بھی حصے پر لینڈ فال نہیں کیا۔

    این ڈی ایم کے مطابق سمندری طوفان کراچی سے 210 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے۔ طوفان جب کہ کیٹی بندر کے جنوب اور جنوب مغرب سے 125 کلومیٹر اور ٹھٹھہ سے 150 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ طوفانی گرد آلود ہوائیں 100 سے 130 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ سمندری طوفان کے باعث لہریں 10 سے 15 فٹ اونچی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق طوفان پہلے کمزور ہو کر سائیکلونک طوفان میں تبدیل ہوگا پھر آج شام تک اس کے ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

    حکام کا بتانا ہے کہ طوفان 24 گھنٹے کے دوران اپنے ارد گرد بارشیں بارشیں برسا کر اپنی شدت کو کم کریگا، کراچی اس حوالے سے 100 فیصد محفوظ ہے، تیز بارش یا آندھی کا کوئی خطرہ نہیں۔ آج دن میں کراچی میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

  • کراچی: آج دن میں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

    کراچی: آج دن میں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات نے نوید سنائی ہے کہ آج دن میں شہر قائد میں بارش کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ آج دن کے وقت شہر میں بادل برس سکتے ہیں، پچھلے دو دنوں کے دوران کراچی کے ساحلی علاقوں ساتھ ساتھ اندرون شہر بھی مختلف علاقوں میں برسات اور طوفانی ہوائوں نے اپنا رنگ دکھایا۔

    محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ سی ویو جانے والے راستوں کو بند کر دیا گیا ہے، ابراہیم حیدری، منوڑہ، کیپ ماؤنٹ اور ہاکس بے پر بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔
    ہاکس بے کے مقام پر سمندری پانی مچھلی چوک تک آگیا جبکہ ابراہیم حیدری میں پانی آبادی میں داخل ہوگیا اور کراچی سے منوڑہ کا زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے۔

  • کس قومی فاسٹ بولر کو ارکین قومی اسمبلی نے ڈیسک بجا کر خوش آمدید کہا؟

    کس قومی فاسٹ بولر کو ارکین قومی اسمبلی نے ڈیسک بجا کر خوش آمدید کہا؟

    اسلام آباد : قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف قومی اسمبلی کے ایوان میں پہنچ گئے جہاں اراکین اسمبلی نے ڈیسک بجا کر انھیں خوش آمدید کہا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رئوف نے قومی اسمبلی کا دورہ کیا جہاں انھوں نے مہمانوں کی گیلری میں وقت گزارا اور ایون کی کارروائی بھی دیکھی۔ حارث رئوف کی ایوان آمد پروہاں موجود ارکین اسمبلی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈیسک بجا کر انھیں خوش آمدید کہا۔
    حارث رئوف نہ صرف اپنی تیز بولنگ کی وجہ سے جانے جاتے ہیں بلکہ ٹی ٹوئنٹی کے ڈیتھ اوورز کے بہترین بولرز میں ان کا شمار کیا جاتا ہے۔ قومی ٹیم کے ساتھ ساتھ وہ لاہور قلندرز کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ حارث رؤف پاکستان کرکٹ ٹیم کے کافی اہم بولر تصور کیے جاتے ہیں جن کا گزشتہ سال دسمبر میں اپنی کلاس فیلو مزنا سے نکاح ہوا تھا۔ لاہور قلندر کے پیسر کی بارات کی 6 جولائی کو بارات کے ساتھ اپنی دلہن کو لینے جائیں گے۔