Author: زعیم باصر

  • میئر الیکشن کے نتائج: جماعت اسلامی کا کل ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

    میئر الیکشن کے نتائج: جماعت اسلامی کا کل ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

    کراچی : میئرکراچی کے لیے آرٹس کونس میں منعقد ہونے والے الیکشن کے نتائج پرکل ملک بھر میں جماعت اسلامی کی جانب سے یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    سراج الحق نے یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر آئین اور جمہوریت پسند سے اس یوم سیاہ میں شرکت کے لیے اپیل کرتا ہوں۔ میئر کا الیکشن جیتنے کے لیے منتخب نمائندوں کو اغوا کیا گیا، ووٹوں کی خریداری کی گئی اور دھونس و دھاندلی کی گئی۔

    امیر جماعت اسلامی کا اپنی ٹوئیٹ میں کہنا تھا کہ میئر کراچی کا الیکشن آئین و جمہوریت پرسوالیہ نشان ہے۔ جمہوریت کومسلسل مذاق بنایا جائیگا تو لوگوں کا رہا سہا اعتماد بھی ختم ہو جائیگا۔ الیکشن کمیشن اورسندھ حکومت کی ملی بھگت بھی واضح ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ بلدیاتی، میئر الیکشن میں الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے طفیلی ادارے کا کردار ادا کیا۔ شفاف قومی انتخابات کے حوالے سے اب الیکشن کمیشن نے اپنی وقعت کھو دی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوگئے ہیں، انہوں نے 173 ووٹ حاصل کیے جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 160 ووٹ مل سکے۔ الیکشن کے نتائج آنے کے بعد دونوں پارٹیوں کے کارکنان کے درمیان پتھرائو اور جھگڑا بھی ہوا تھا جس سے کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔

  • آرٹس کونسل میدان جنگ بن گیا، جماعت اسلامی اور پی پی کے کارکن آمنے سامنے

    آرٹس کونسل میدان جنگ بن گیا، جماعت اسلامی اور پی پی کے کارکن آمنے سامنے

    کراچی: آرٹس کونسل میدان جنگ بن گیا، عمارت کے باہر جماعت اسلامی اور پی پی کارکن آمنے سامنے آ گئے، پتھراؤ سے کئی لوگ زخمی بھی ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب کے میئر کراچی منتخب ہونے کے بعد آرٹس کونسل کے باہر موجود جماعت اسلامی اور پی پی کارکن ایک دوسرے کے مدمقابل آگئے۔ دونوں اطراف سے پتھراؤ کے باعث کئی لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔

    پہلے تو آرٹس کونسل کے باہر سڑک پرمظاہرین نے احتجاج کرنا شروع کیا جس کے بعد کشیدگی بڑھنے پر پتھرائو کا بھی آغاز ہوگیا۔ پتھراؤ سے کئی افراد کے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔

    پولیس اور رینجرز نے ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کو حراست میں لینا شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے ایک کارکن کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا ہے جبکہ رینجرز کی بھاری نفری نے آرٹس کونسل کے چاروں اطراف کی سڑکیں بند کر دی ہیں۔

  • بھارت: انتہا پسندوں نے مسجد میں شراب کی بوتل پھینک دی

    بھارت: انتہا پسندوں نے مسجد میں شراب کی بوتل پھینک دی

    بھارت میں میں مسلم دشمنی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس میں شرپسندوں کی جانب سے مسجد کے اندر شراب کی بوتل پھینکی گئی ہے۔ واقعے کے بعد وہاں کی مسلمان کمیونٹی میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اندور میں واقع مسجد حضرت بلال میں آدھی رات کے بعد کار سوار کچھ شرپسند عناصر مسجد میں شراب کی بوتل اور کچھ ادویات پھینک کر فرار ہوگئے، جن کا مقصد بظاہر انتشار پھیلانا نظر آتا ہے۔ مذکورہ مسجد آگرا ممبئی روڈ چھوٹی کھج رانی کے قریب واقع ہے۔
    اطراف کے علاقوں میں ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور امید ہے کہ جلد تمام ملزمان کو حراست میں لے لیا جائے گا۔

    شرپسندوں کا یہ عمل مسجد میں نصب کیمرے میں محفوظ ہوگیا ہے جس سے ان کی شناخت میں مدد لی جارہی ہے جبکہ فوری طور پر واقعے کی اطلاع بھی مقامی پولیس کو کردی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے بھی یہ حرکت کی ہے ان کی تلاش جاری ہے تاہم اب تک اس حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

    مقامی تھانہ انچارج اے ورما نے مزید بتایا کہ ہماری معلومات کے مطابق صبح چار بجے کے قریب کچھ افراد کار میں سوار ہو کر یہاں آئے اور شراب کی بوتل مسجد کے اندر پھنک کر فوری طور پر بھاگ گئے۔ معاملے میں جو بھی ملوث ہوا اسے جلد از جلد ڈھونڈ کر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    علاقے میں ماحول کشیدہ ہونے کے باعث پولیس نے لوگوں سے صبر تحمل سے کام لینے اور اپنے غم و غصے کو قابو میں رکھنے کی اپیل کی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پولس جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کرے اور نھیں سزا دی جائے۔

  • کراچی کو انفرا اسٹرکچر پیپلز پارٹی نے دیا، شرجیل میمن

    کراچی کو انفرا اسٹرکچر پیپلز پارٹی نے دیا، شرجیل میمن

    کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو انفرا اسٹرکچر دیا ہے۔ کراچی میں پانی کے لیے اسکیمیں دی ہیں جبکہ کراچی میں کے فور منصوبے پر بھی کام چل رہا ہے.

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی کے وزیر نے کہا کہ آج پیپلزپارٹی کا میئر منتخب ہونے جارہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان صاحب آج شکست تسلیم کریں۔ 9 مئی کو جوپاکستان میں ہوا جماعت اسلامی انکی سپورٹ چاہ رہی ہے۔ ملک میں نفرت، منافرت کا جو بیج بویا گیا اب اس کا سامنا کررہے ہیں۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اداروں، معیشت، کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا۔ 75 سال کی تاریخ میں کشمیر کاز کو اتنا نقصان نہیں پہنچا جو انھوں نے پہنچایا ہے۔ ان کےغلط سبق کی وجہ سے معصوم لوگ جیلوں میں ہیں۔ کوئی بچہ دہشت گردپیدا نہیں ہوتا ہے۔ کچھ لوگ ہوتے ہیں جو برین واش کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرسکتے ہیں مگرسندھ حکومت قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔ جماعت اسلامی نے انتشار پھیلایا تو قانون حرکت میں آئیگا۔

  • راولپنڈی میں 16 سے 18 جون تک شدید بارشوں کی پیش گوئی

    راولپنڈی میں 16 سے 18 جون تک شدید بارشوں کی پیش گوئی

    راولپنڈی: محکمہ موسمیات کی جانب سے 16 سے 18 جون تک پنڈی میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے شدید بارشوں کے پیش نظر خستہ حال عمارتوں کو خالی کرنے کے لیے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے 86 کمرشل اور رہائشی عمارتیں رہائش کے لیے خطرناک قرار دی گئی ہیں۔

    میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 22 کمرشل اور 66 رہائشی عمارتیں رہنے کے قابل نہیں ہیں۔ خستہ حال عمارتوں کے مالکان عمارتوں کو فوری خالی کریں۔ میٹروپولیٹن حکام کے مطابق خستہ حال عمارتیں بوہڑ بازار، راجہ بازار، سید پوری گیٹ، بھاپڑا بازار اور لنڈا بازارمیں واقع ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ان عمارتوں کی حالت بالکل بھی بہتر نہیں اور یہ کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتی ہیں۔ عمارتوں کے مالکان نے اس سلسلے میں عدم تعاون کیا تو ان کے خلاف لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔

    شہر میں شدید مون سون بارشیں متوقع ہیں جس کے سبب حکام خستہ حال عمارتوں کا سروے کررہے ہیں تاکہ ان کا ڈیٹا جمع کیا جا سکے اور کسی انسانی المیے سے بچنے کے لیےوہاں موجود لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جاسکے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر حسن وقار نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر خستہ حال عمارتوں کا سروے جاری ہے۔

  • ہاکس بے کی ساحلی پٹی پر سمندر ایک بار پھر بپھر گیا

    ہاکس بے کی ساحلی پٹی پر سمندر ایک بار پھر بپھر گیا

    ہاکس بے کی ساحلی پٹی پر سمندر ایک بار پھر بپھر گیا ہے اور پانی ساحلی پٹی کے ساتھ واقع سڑک پر آنا شروع ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق طوفان کی شدت کے سبب ہاکس بے پر ہٹس کی حدود سے نکل کر سمندری پانی آگے آنا شروع ہوگیا ہے۔ سمندر میں طغیانی کی وجہ سے ساحلی پٹی پر بھی لہریں اونچی ہو گئی ہیں۔ اونچی لہروں نے کئی ہٹس کی حفاظتی دیواروں کو نقصان پہنچایا ہے۔ پی ڈی ایم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں 15 سے 17 جون تک 120 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

    ہٹس کے سامنے بنائے گئے حفاظتی بند طوفانی ہوائوں اور سمندری پانی کے آگے آنے سے ٹوٹنا شروع ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ سینڈزپٹ کے قریب بھی حفاظتی بند ٹوٹ گیا جس کے بعد پانی دوسرے حفاظتی بند کے پاس جمع ہو رہا ہے۔

    طوفان کی شدت کے پیش نظر کراچی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دو حفاظتی بند بنائے گئے ہیں۔ تاہم ہوائوں کے جھکڑ اور سمندر کا پانی بندوں کو بنا کسی خاطر میں لائے آگے رہا ہے۔

    واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے نے سمندری طوفان بیپر جوائے کے حوالے سے 21 واں الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے لیے بھی 8 واں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
    پی ڈی ایم اے کے مطابق انتہائی تیز طوفان جنوب کراچی سے 310 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، یہ طوفان ٹھٹھہ سے 300 کلو میٹر اور کیٹی بندر سے 240 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

  • ملک میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری، 184 کلو گرام منشیات ضبط، 5 گرفتار

    ملک میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری، 184 کلو گرام منشیات ضبط، 5 گرفتار

    راوالپنڈی: اے این ایف کی جانب سے ملک میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں، مختلف واقعات میں 184 کلو گرام منشیات ضبط کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    اے آئی وائی نیوز کے مطابق اے این ایف کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان تمام کارروائیوں میں 184 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی ہیں جبکہ 2 افغان باشندوں سمیت 5 ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق پہلی کارروائی میں موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 22 کلو 800 گرام چرس برآمد کی گئی۔ برآمد ہونے والی چرس گاڑی میں رکھے ہوئے CNG سیلنڈر کے اندر چھاپائی گئی تھی۔ اس کارروائی کے دوران پشاور کے رہائشی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    جی ٹی روڈ پر واقع سنگ جانی ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 2 کلو ہیروئن اور 2 کلو میتھ (آئس) برآمد ہوئی۔ برآمد کی گئی منشیات گاڑی کے بمپر کے نیچے بنائے گئے خُفیہ خانے میں پوشیدہ کی گئی تھی۔ گاڑی میں سوار دو افغان باشندوں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

    حب ریور روڈ، کراچی پر کارروائی کے دوران مسافر بس میں موجود پارسل سے 22 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ پارسل چمن سے کراچی کیلئے بک کروایا گیا تھا۔ رنگ روڈ پشاور پر ٹرک سے 32 کلو 400 گرام چرس برآمد کی گئی۔ خیبر کا رہائشی ملزم منشیات باڑہ سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش میں حراست میں لیا گیا۔ خیبر کے علاقے باڑہ میں چھپائی گئی 9 کلو گرام چرس بھی برآمد کر لی گئی۔

    سیانوالی انٹرچینج فیصل آباد کے قریب گاڑی سے 70 کلو 800 گرام چرس اور 22 کلو 800 گرام افیون برآمد کی گئی۔ گاڑی پر سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر اسمگلنگ کی کوشش کی جا رہی تھی۔ گاڑی میں سوار پشاور کے رہائشی ملزم کو اہلکاروں نے حراست میں لے لیا۔
    اے این ایف حکام نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • گوجرانوالہ میں گاڑی سے 93 کلو چرس، کوئٹہ میں برساتی نالے سے 50 کلو ہیروئن برآمد

    گوجرانوالہ میں گاڑی سے 93 کلو چرس، کوئٹہ میں برساتی نالے سے 50 کلو ہیروئن برآمد

    راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات فروش گروہوں کے خلاف متواتر کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اینٹی نار کوٹکس فورس نے منشیات فروش گروہوں کے خلاف 6 مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی ہے جبکہ 4 ملزمان بھی قانون کے شکنجے میں آگئے ہیں۔

    ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ ٹول پلازہ گوجرانوالہ کے قریب گاڑی سے 93 کلو 600 گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ 2 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ منشیات گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔

    ترجمان نے بتایا کہ کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب برساتی نالے سے 50 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ خیبر جروبی زخا خیل کے قریب پلاسٹک کے تھیلوں سے 8 کلو چرس برآمد کی گئی۔ میانوالی سے بھی ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے ایک کلو 200 گرام افیون اور 40 گرام چرس ملی۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کراچی میں کارروائی کے دوران 5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی ہے۔ مذکورہ کنٹینر پشاور کی نجی کمپنی کی جانب سے آسٹریلیا کے لئے بک کیا گیا تھا، ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر چمن پر کارروائی کے دوران ملزم کے بیگ سے 4 کلو مشکوک مواد برآمد ہوا۔

    تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • ہالی وڈ کے مشہور گولڈن گلوب ایوارڈز بک گئے!

    ہالی وڈ کے مشہور گولڈن گلوب ایوارڈز بک گئے!

    لاس اینجلس: گولڈن گلوب ایوارڈز کے ادارے کو فروخت کردیا گیا، نئے مالکان نے گولڈن گلوب خریدنے کے بعد ہالی وڈ فارن پریس ایسوسی ایشن (ایچ ایف اپی اے) کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈِک کلارک پروڈکشن سے گولڈن گلوب ایوارڈز کا ادارہ خریدنے کے بعد ایلڈریج انڈسٹریز کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔ جس کے مطابق ادارے کے نئے مالکان ایوارڈ ٹیلی کاسٹ کرنے کا عمل جاری رکھیں گے جبکہ ان کی توجہ دنیا بھر میں گلوب کی ویوورشپ بڑھانے پر بھی مرکوز ہوگی۔

    ایک ایسے وقت میں یہ خریداری عمل میں آئی ہے جب ہالی وڈ کی جانب سے ایچ ایف پی اے کو اس کی اخلاقی گراوٹ اور تنوع میں کمی کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا جبکہ اسے اپنے ساکھ کی بحالی میں جدوجہد کا سامنا تھا۔ حالیہ تنازعات کے باعث امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نے 2022 میں ہونے والی گولڈن گلوب ایوارڈ کی تقریب کو بھی نشر کرنے سے گریز کیا تھا۔

    لاس اینجلس ٹائمز کی جانب سے 2021 میں کی گئی تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ ادارے میں کوئی سیاہ فام صحافی موجود نہیں ہے۔ ادارے کے کچھ لوگوں پر فحش ریمارکس دینے اور تعصب برتنے کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا جبکہ وہ سیلبریٹیز اور اسٹوڈیوز سے فوائد حاصل کرنے کے خواہاں تھے۔

    ایلڈریج انڈسٹریز کے چیئرمین ٹاڈ بوہلے ایچ ایف پی اے کو نئے خطوط پر استوار کرتے ہوئے انٹرنیشنل انٹرٹینمنٹ رپورٹرز کے لیے نان پرافٹ آرگنائزیشن بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بوہلے کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ گولڈن گلوب کی تشکیل کے حوالے سے آج کا دن اہمیت کا حامل ہے۔

  • بیپر جوائے سے نمٹنے کیلئے اقدامات تیز، گورنر کا این ڈی ایم اے، کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر سے رابطہ

    بیپر جوائے سے نمٹنے کیلئے اقدامات تیز، گورنر کا این ڈی ایم اے، کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر سے رابطہ

    کراچی: سمندری طوفان بیپر جوائے کے ممکنہ نقصانات سے نمٹنے کیلئے اقدامات تیز کردیے گئے ہیں، اس حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیئرمین این ڈی ایم اے، کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر سے رابطہ کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کو جو تعاون چاہیے اس کے لیے حاضر ہیں۔ شہریوں کے انخلا میں مسائل ہوں تو بتایا جائے تعاون کیا جائے گا۔
    گورنرسندھ نے کہا کہ کمشنر کراچی ساحلی پٹی سے ہونے والے انخلا کے حوالے سے آگاہ رکھیں۔ ساحلی پٹی سے لوگوں کو جہاں بھی منتقل کیا جائے بتایا جائے۔ لوگوں کے کھانے پینے اور راشن کا انتظام گورنر ہاؤس کرے گا۔ کراچی انتظامیہ اپنی تیاری پوری رکھے، متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا جائے۔

    کامران ٹیسوری نے واضح کیا کہ نالوں کی صفائی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کل خود شہر کا دورہ کروں گا اور نالوں کی صفائی کے انتظامات دیکھوں گا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے عملے کو الرٹ رکھیں اور ان کی چھٹیاں منسوخ کردی جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر سمیت کے ایم سی کے افسران، متعلقہ ادارے اور مشینری سڑکوں پر موجود رہنی چاہیے۔ گورنر سندھ کی جانب سے موجودہ انتظامات اور سمندری طوفان سمیت بارش کےحوالےسے اقدامات پر بریفنگ بھی طلب کی گئی۔