Author: زعیم باصر

  • اب کوئی جامن کے بیج کو پھینکنے کا نہیں سوچے گا!

    اب کوئی جامن کے بیج کو پھینکنے کا نہیں سوچے گا!

    گرمی آتی ہے تو اپنے ساتھ جامن اور آم جیسی سوغات بھی لاتی ہے، جو نہ صرف عمدہ ذائقے کے حانل ہوتے ہیں بلکہ قدرت نے ان کے استعمال میں انسانوں کے لیے بے پناہ فائدے بھی رکھے ہیں۔

    آپ کو یہ بات جان کر حیرت ہو گی کہ جامن تو جامن اس کا بیج بھی صحت کے لیے کسی خزانے سے کم نہیں ہے۔ جامن کھانے کے بعد جو بیج آپ کے ہاتھ آتا ہے یہ شوگر یا زیابطیس کے مرض میں مبتلا افراد کے لیے بہت فائدے مند ہے جبکہ یہ انسانی جسم میں انسولین کی مقدار کو متوازن رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ جامن کے بیج کے انسانی جسم پر کئی بہترین اثرات مرتب ہوتے ہیں جن کو جان کر جامن کے بیج کو اب کوئی پھینکنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ جامن کے بیج کو سُکھا کر پائوڈر بنا کر باآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم کسی غذائی ماہر کی آرا لینا بھی بہتر ہوگا۔

    جامن کے بیج میں یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ جسم میں گلوکوز لیول کو کم کرسکے اور یہ گلائکوزوریا (پیشاب میں شکر کی موجودگی) کے حوالے سے بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، اس کے بیج میں جیمبولن اور جیمبوسن نامی اجزا پائے جاتے ہیں جو خون میں شامل ہونے والی شکر کی مقدار کو کم کرتے ہیں مزید یہ کہ انسولین لیول کو بڑھا دیتے ہیں۔ جامن کے بیج میں گلیسیمک انڈیکس کم ہوتا ہےاسی سبب یہ ایسے لوگوں کے لیے جو شوگر میں مبتلا ہیں بے حد مفید سمجھا جاتا ہے۔

    جگر کے امراض میں بھی جامن کے بیجوں سے تیار کیا جانے والا پائوڈر مفید ہوتا ہے کیوں کہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کی خاصیت یہ ہے کہ وہ جگر کے خلیوں کو محفوظ رکھتا ہے۔ یہ پائوڈر جگر کی سوزش میں بھی کارآمد ہوتا ہے۔

    جسم کی صفائی کے سلسلے میں جامن کا بیج ایک مفید جڑی بوٹی مانا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے پسینے اور پیشاب کے اخراج کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ ’فلاوونوئڈس اور فینولک‘ اینٹی آکسیڈنٹ کمپاؤنڈ بھی جامن کے بیج میں پائے جاتے ہیں جو جسم میں خطرناک آزاد ریڈٰکلس کے خاتمے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

  • سوالات پوچھنے پر بی جے پی کی وزیر کی رپورٹر کو دھمکی

    سوالات پوچھنے پر بی جے پی کی وزیر کی رپورٹر کو دھمکی

    نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی وزیر اور سابقہ اداکارہ سمرتی ایرانی صحافی کے سوالات پر بھڑک اٹھیں اور اخبار کے مالک سے شکایت کرنے کی دھمکی دے ڈالی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بے جے پی سے تعلق رکھنے والی مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے صحافی کی جانب سے سوالات کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان کی یہ ویڈیو مخالف پارٹی کانگریس کی طرف سے شیئر کی گئی ہے۔
    معاملہ کچھ یوں ہے کہ وہ اتر پردیش میں اپنے حلقے امیٹھی کے دورے پر آئی ہوئی تھیں کہ اس دوران مقامی صحافیوں نے انھیں گھیر لیا اور مختلف سوالات پوچھنا شروع کردیے ۔

    اس دوران وزیر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حلقے کے لوگوں کی توہین کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ان کے حلقے کے لوگوں کی توہین کی گئی تو وہ خاموش نہیں رہیں گی۔ اس پر صحافی کا کہنا تھا کہ میں صرف سوال کررہا ہوں میرا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں ہے۔

    صرف اتنی سی بات پر سمرتی ایرانی سیخ پا ہوگئیں اور اپنی گاڑی میں بیٹھتے ہوئے مذکورہ صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اخبار کے مالک سے شکایت کریں گی اور وہاں سے چلی گئیں۔

  • مراکش میں فلم "گلیڈی ایٹر2” کے سیٹ پرخوفناک حادثہ، کئی اداکار زخمی

    مراکش میں فلم "گلیڈی ایٹر2” کے سیٹ پرخوفناک حادثہ، کئی اداکار زخمی

    فلم "گلیڈی ایٹر 2” کی عکس بندی کے دوران گیس لائن کے سبب سیٹ پر خوفناک دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں فلم کے 6 اداکار زخمی ہو گئے۔ فلم کی شوٹنگ مراکش میں جاری تھی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش میں فلم "گلیڈی ایٹر 2” کی عکس بندی کے دوران سیٹ پر دھماکے کے نتیجے میں فلم کے 6 اداکار زخمی ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم کی عکس بندی جاری تھی کہ اس دوران خصوصی تائثرات کے استعمال والے ایک سیٹ پر دھماکہ ہو گیا جس کی زد میں آکر اداکار زخمی ہوئے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گیس لائن کے سبب دھماکے کا واقع رونما ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ گلیڈی ایٹر 2 میں لوسیئس کا مرکزی کردار نامور اداکار پال میسکل نبھا رہے ہیں جنھوں نے حال ہی میں آفٹرسن میں اپنی کارکردگی کے لیے پہلی اکیڈمی ایوارڈ کی نامزدگی حاصل کی ہے۔ فلم میں کیوگھن کا کردار فریڈ ہیچنگر ادا کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ دو بار کے اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ڈینزیل واشنگٹن سمیت دیگر مشہور اداکار بھی فلم کا حصہ ہیں۔ گلیڈی ایٹر کی سن 2000 میں بنائی گئی ہالی وڈ کی ایک شاندر فلم ہے جو کہ ایک رومن جنرل کی کہانی ہے جو فوجی بغاوت کا شکار ہو جاتا ہے۔ فلم نے نہ صرف زبردست مالی کامیابی حاصل کی تھی بلکہ اسے تنقید نگاروں کی جانب سے بھی کافی پذیرائی ملی تھی۔ تاریخ پر بنائی گئی بہت کم فلمیں ہی گلیڈی ایٹر کے معیار پر پورا اتر پاتی ہیں۔

  • بی جے پی رکن اسمبلی کے گھر کا مرکزی دروازہ بم سے اڑا دیا گیا

    بی جے پی رکن اسمبلی کے گھر کا مرکزی دروازہ بم سے اڑا دیا گیا

    بھارت کے علاقے منی پور میں واقع بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن اسمبلی کیبی دیوی کی رہائشگاہ کے مرکزی دروازے کو مشتبہ افراد نے بم سے اڑا دیا۔

    ٖغیر ملکی میڈیا کے مطابق نامعلوم افراد نے منی پور کے علاقے تھمیچا کرونگ میں بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی کی رکن اسمبلی کیبی دیوی کی رہائشگاہ پر حملہ کیا اور مین گیٹ کو بم سے اڑا دیا۔ جس وقت دھماکہ ہوا رکن اسمبلی اپنی رہائشگاہ پر موجود نہیں تھیں۔

    امپھال ویسٹ میں پیش آنے والے اس واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی جو اس سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے گیٹ کو نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے حاصل ہونے والی منظر کشی کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ملزمان کی جانب سے بم پھینکے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    منی پور میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر دھماکے سے قبل سرچ آپریشن کرتے ہوئے پولیس نے علاقے سے 27 مختلف ہتھیار، 245 گولیاں اور 41 بم برآمد کیے ہیں جبکہ بشنو پور ضلع سے ایک ہتھیار اور دو بم برآمد کیے تھے۔

     اس حوالے سے حکومت کے سیکیورٹی ایڈوائزر کلدیپ سنگھ کا کہنا ہے کہ اب تک 896 مختلف ہتھیار، 11763 گولہ بارود اور مختلف اقسام کے 200 بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔وادی کے پانچ اضلاع میں کرفیو میں 12 گھنٹے کی نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ شمال مشرقی ریاست میں 3 مئی کو ایک ‘قبائلی یکجہتی مارچ’ کے انعقاد کے بعد تشدد کے واقعات پھوٹ پڑے تھے جس کے تحت میتئی برادری کو شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) کا درجہ دینے کے مطالبے کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔ نسلی فسادات میں اب تک 100 کے قریب افراد اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 300 سے زائد افراد زخمی بھی ہیں۔

  • بابر، کوہلی اور اسمتھ کے بارے میں میتھیو ہیڈن نے کیا کہا؟

    بابر، کوہلی اور اسمتھ کے بارے میں میتھیو ہیڈن نے کیا کہا؟

    میتھیو ہیڈن نے بابر اعظم، ویرات کوہلی اور اسٹیو اسمتھ کو ماڈرن دور کے عظیم ترین کرکٹرز قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے حوالے سے بات چیت کے دوران میتھیو ہیڈن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بابر اعظم، ویران کوہلی اور اسٹیو اسمتھ کو ماڈرن دور کے عظیم ترین کرکٹرز میں شمار کیا ہے، ان تینوں کرکٹرز کے لیے سابق جارح مزاج بلے باز نے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں کرکٹ کے کھیل میں غیرمعمولی ٹیلنٹ کا حامل قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ ایسے کرکٹرز زندگی میں اور جنریشن میں ایک ہی بار دیکھنے کو ملتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کی قابلیت اور اچیومنٹس انھیں ہم عصر کرکٹرز سے ممتاز بناتی ہے۔

    ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لیے آسٹریلیا کو بھارتی ٹیم پر حاصل ہونے والے ایڈوانٹیج کے حوالے سے سابق پاکستانی کوچ کا کہنا تھا کہ بورڈ پر رنز سجانا اہم ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ مارس لبوشین اور کپتان پیٹ کمنز بھی کینگروز کے لیے کلیدی حیثیت کے حامل ہیں۔ لبوشین ایک قابل اعتماد بلے باز کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں جبکہ کمنز کا بحیثیت کپتان اور ایک زبردست بائولر ٹیم کے لیے دوہرا کردار ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم عالمی کرکٹ میں مستقبل مزاجی سے رنز بنانے کے لیے شہرت رکھتے ہیں، ان کی شاندار ٹائمنگ اور طویل اننگز کھیلنے کی صلاحیت کا ہر کوئی معترف ہے۔ آسٹریلین بیٹسمین اسٹیو اسمتھ اپنے اَن آرتھو ڈوکس اور پر اثر بیٹنگ اسٹائل کی وجہ سے جانے جاتے ہیں جبکہ سابق بھاتی کپتان کوہلی نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے اپنی عمدہ بلے بازی اور رن چیزنگ کرنے کی صلاحیت کے باعث دھاک بٹھائی ہوئی ہے۔