Author: Zafar Iqbal

  • وبا کے دوران وزیر صحت کا افطار ڈنر، تیمور جھگڑا سمیت 3 افراد پر مقدمہ درج

    وبا کے دوران وزیر صحت کا افطار ڈنر، تیمور جھگڑا سمیت 3 افراد پر مقدمہ درج

    پشاور: کرونا وبا کے دوران خیبر پختون خوا کے وزیر صحت کی جانب سے کارکنان کے اعزاز میں افطار ڈنر اور ایس او پیز کی شدید خلاف ورزی پر تیمور سلیم جھگڑا، ریسٹورنٹ منیجر اور مالک پر مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشاور میں کرونا وبا کے باوجود صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کی جانب سے کارکنوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، یہ تقریب ان کے حلقہ انتخاب میں واقع ریسٹورنٹ میں منعقد کی گئی، جب کہ کارکنوں کو افطاری کی دعوت سوشل میڈیا پر دی گئی تھی۔

    افطار میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی، افطار کے موقع پر سماجی فاصلے کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا، کارکن صوبائی وزیر صحت کے ساتھ سیلفیاں بھی بناتے رہے۔

    خیال رہے کہ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق ریسٹورنٹ میں کھانوں کی فراہمی پر پابندی ہے، تاہم صوبائی وزیر صحت کی ہدایت پر ریسٹورنٹ کو خصوصی طور پر کھولا گیا تھا، ادھر صوبائی دارالحکومت میں بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے انتظامیہ نے پاک فوج کی خدمات حاصل کی ہیں۔

    ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا سمیت حجرہ ریسٹورنٹ کے منیجر اور مالک کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو مراسلہ جاری کیا گیا، کمشنر عادل ایوب کی درخواست پر تینوں کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    واضح رہے کہ افطار ڈنر کی خبر سوشل میڈیا پر بھی چل رہی تھی، جس پر ضلعی انتظامیہ پشاور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر تصاویر اور خبر وائرل ہوئی تھی کہ حجرہ ریسٹورنٹ میں وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا سمیت سیکڑوں افراد افطاری کر رہے ہیں، جس پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے ریسٹورنٹ پر چھاپا مارا۔

    دریں اثنا، ضلعی انتظامیہ نے حجرہ ریسٹورنٹ کو سیل  کر دیا، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ریسٹورنٹ کے منیجر نے بتایا کہ انھوں نے وزیر صحت کو منع کیا تھا کہ ریسٹورنٹ کے اندر کھانا کھلانے پر پابندی ہے، جس پر شرکا اپنے ساتھ باہر سے کھانا لائے۔

    ضلعی انتظامیہ پشاور نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ پشاور بلا تفریق کارروائیاں کر رہی ہے، وزیر صحت، حجرہ ریسٹورنٹ کے مالک اور منیجر کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • وزیر اعلی ہاؤس خیبرپختونخوا  کے 6 ملازمین  کورونا وائرس کا شکار

    وزیر اعلی ہاؤس خیبرپختونخوا کے 6 ملازمین کورونا وائرس کا شکار

    پشاور : وزیر اعلی ہاؤس خیبرپختونخوا کے چھ ملازمین میں کوروناوائرس کی تشخیص ہوگئی ، جس کے بعد وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے معمول کی سرگرمیاں محدود کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی ہاؤس خیبرپختونخوا کے چھ ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، جس کے بعد وزیر اعلی ہاؤس کے تمام ملازمین کے لیےکورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیتے ہوئے عام ملاقاتیوں کی آمد پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملازمین میں کورونا کی تصدیق کے بعد وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے معمول کی سرگرمیاں محدود کردیں اور منتخب عوامی نمائندوں کے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی محدود کردیا۔

    وزیر اعلی ہاؤس کے ترجمان کے مطابق معمول کے سرکاری اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کئے جائیں گے اور وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاسوں میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل یقینی بنایا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ کےپی محمود خان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی شدت میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد اور فیس ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں میں وزیراعلی کا کوئی قریبی ملازم شامل نہیں، وزیراعلی کے انتہائی قریبی افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، قریبی افراد میں پی ایس او ، پریس سیکرٹری ،ایس او اور پرسنل ویٹر شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کورونا کا شکار ہونے والوں میں وزیراعلی ہاوس کا باروچی ، آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا ایک اہلکار اور ٹیلی فون ایکسچینج کا بھی ایک اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوا۔

  • سینیٹ‌ ووٹنگ کے دوران خاتون رکن اسمبلی کے موبائل استعمال کرنے کا انکشاف

    سینیٹ‌ ووٹنگ کے دوران خاتون رکن اسمبلی کے موبائل استعمال کرنے کا انکشاف

    پشاور: خیبرپختونخواہ اسمبلی میں سینیٹ ووٹنگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخواہ اسمبلی میں پولنگ کے دوران تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن اسمبلی نے ووٹ دینے کے بعد بیلٹ پیپر کی تصویر بنائی اور یہ امیدوار کو واٹس ایپ پر بھیجی۔

    خاتون رکن اسمبلی نے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر لڑنے والے امیدوار کو تصویر کے ساتھ مبارک باد کا پیغام بھی بھیجا۔

    مزید پڑھیں: سینیٹ الیکشن میں بڑا اپ سیٹ، قومی اسمبلی سےیوسف رضاگیلانی کامیاب

    واضح رہے کہ ملک کی تمام صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ کے لیے ووٹنگ کی گئی جس میں تمام اراکین اسمبلی نے حصہ لیا۔ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق پولنگ بوتھ میں حق رائے دہی کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔

    یاد رہے کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں آج سینیٹ کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی، جس میں سے 7 جرنل، 2 ٹیکنوکریٹ، 2 خواتین اور ایک مخصوص نشست شامل تھی۔

    سینیٹ ووٹنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد اب گنتی اور غیر حتمی، غیرسرکاری نتائج  آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں زیتون کی کاشت کے بڑے منصوبے کی تیاری

    خیبرپختونخوا میں زیتون کی کاشت کے بڑے منصوبے کی تیاری

    پشاور : گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ صوبے میں زیتون کی کاشت کا بڑا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے، منصوبے کی کامیابی سے بیروزگار اور غربت کا خاتمہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سبز انقلاب کی جانب ایک اور قدم سامنے آیا ، گورنر کے پی شاہ فرمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں زیتون کی کاشت کا بڑا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے اور سالانہ سات ارب کلو خوردنی زیتون کی پیداوار کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ صرف ضلع دیر میں زیتون کی اعلی کوالٹی کی پانچ اقسام پیدا کی جاسکتی ہیں، قبائلی اضلاع میں جنگلی زیتون کے تین کروڑ ساٹھ لاکھ درخت جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر زیتون کے سات کروڑ درخت موجود ہیں۔

    گورنر کے پی نے کہا زیتون سے سالانہ 14 ارب روپے تک آمدن ہوسکتی ہے، صوبے کے بارانی علاقوں میں 30 کروڑ نئے پودے اور خوردنی زیتون کے 40 لاکھ پودے پشاور کے مختلف علاقوں میں لگائے جاسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنگلی زیتون میں اعلی کوالٹی کی قلمکاری کی جائے گی او خوردنی زیتون کے منصوبے کی دیکھ بھال محکمہ ذراعت کے ذمہ ہوگا اور زیتون کی کاشت کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت زیتون کا پھل خریدے گی۔

    شاہ فرمان نے مزید بتایا کہ محکمہ ذراعت کے اہلکار زمین کے معائنہ کے بعد زیتون کی قسم تجویز کرین گے ، خوردنی زیتون منصوبہ کی کامیابی سے بیروزگار اور غربت کا خاتمہ ہوگا، گورنر ہاوس میں تجرباتی بنیادپر لگائے گئے پانچ درختوں نے پہلے ہی سال 60 کلو پھل دیا اور درختوں پر لگنے والے زیتون کا اچار بنایاگیا۔

  • اب پاکستانی نوجوانوں کیلئے فیس بک سے پیسہ کمانا آسان ہوگا، بڑی خوشخبری آگئی

    اب پاکستانی نوجوانوں کیلئے فیس بک سے پیسہ کمانا آسان ہوگا، بڑی خوشخبری آگئی

    پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے فیس بک سے پاکستان میں منیٹائزیشن آن کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان فیس بک سے پیسے کما سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے فیس بک سے پاکستان میں منیٹائزیشن آن کرنے کے لیے رابطہ کرلیا ، ضیاء اللہ بنگش نے ریجنل ہیڈ فیس بک سے رابطہ کیا۔

    ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہمارے نوجوانوں اور آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی جانب سے پاکستان میں فیس بک کی منیٹائزیشن آن کرنے کا مطالبہ کیا گیا جس کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر فیس بک سے رابطہ کیا۔

    مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یوٹیوب کی طرح فیس بک بھی پاکستان میں منیٹائزیشن آن کرے تا کہ ہمارے نوجوان اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ لوگ فیس بک سے پیسے کما سکیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان سوشل میڈیا پر پاکستان کا ایک بہتر امیج پروموٹ کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان فیس بک سے پیسے کما سکیں اور اس جدید دور میں یہ ان کے لیے آمدنی کا زریعہ بنے۔

    ضیاء اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے فیس بک کی منیٹائزیشن آن کرنے کے لیے باقاعدہ اقدامات شروع کر دیے انشاءاللہ جلد ہمارے نوجوانوں کو خوشخبری ملے گی، اور فیس بک ہمارے نوجوانوں کے لیے پیسے کمانے کا زریعہ بنے گا۔

    اس اقدام سے پاکستان کے سیاحتی مقامات کی بھی بین الاقوامی سطح پر پروموشن ہو گی اور پاکستان کا ایک بہتر امیج پروموٹ ہو گا جبکہ پاکستان کی معیشت پر بھی مثبت اثر پڑے گا اور بہتر ہو گی۔

  • ‘اب خواتین پر تشدد کرنیوالے کو 5 سال تک قید کی سزا ہوگی’

    ‘اب خواتین پر تشدد کرنیوالے کو 5 سال تک قید کی سزا ہوگی’

    پشاور : خواتین پر گھریلو تشدد کی روک تھام کا بل منظور کرلیا گیا ، جس کے تحت خواتین پر تشدد کرنیوالے کو پانچ سال تک قید کی سزا ہوگی
    جبکہ گھریلو تشدد واقعات کی رپورٹ کیلئے ہیلپ لائن قائم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین پر گھریلو تشدد کی روک تھام کا بل منظور کرلیا گیا ، جس کے تحت خواتین پر تشدد کرنیوالے کیخلاف پانچ سال تک قید کی سزا ہوگی۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ معاشی، نفسیاتی و جنسی دباؤخواتین پر تشدد کے زمرے میں آئیں گے جبکہ بل کے تحت ضلعی تحفظاتی کمیٹی بنائی جائے گی، کمیٹی متاثرہ خاتون کو طبی امداد،پناہ گاہ، مقول معاونت فراہم کرے گی۔

    بل کے مطابق گھریلو تشدد واقعات کی رپورٹ کیلئے ہیلپ لائن قائم کیا جائے گا، تشدد پر15دن کے اندر عدالت میں درخواست جمع کرائی جائے گی اور عدالت کیس کا فیصلہ 2ماہ میں سنانے کی پابندہوگی۔

    بل میں کہا گیا عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی پر بھی 1سال قید اور 3لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔

    خیال رہے 2018 میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کے حوالے سے صوبہ خیبر پختونخوا میں موبائل ایپلیکیشن متعارف کروائی گئی تھی ، موبائل ایپلیکیشن کا استعمال انٹرنیٹ کے ساتھ اور بغیر دونوں طریقے سے کیا جاسکتا ہے۔

    آسٹریلین ڈپٹی ہائی کمشنر برک بیٹلی نے بتایا تھا کہ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے خواتین آسانی سے عورتوں کے صوبائی کمیشن سے رابطہ کر سکیں گی، اْمید کرتے ہیں کہ یہ موبائل ایپلیکیشن صوبہ خیبر پختونخوا میں خواتین پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے گی اور جس سے خواتین کی حفاظت اور فلاح میں بہتری آئے گی۔

  • کوہستان میں غیرت کے نام پر قتل روکنے کے لیے علما سے مدد

    کوہستان میں غیرت کے نام پر قتل روکنے کے لیے علما سے مدد

    پشاور: خیبر پختون خوا پولیس نے کوہستان میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کی روک تھام کے لیے مقامی طریقہ اختیار کرتے ہوئے علمائے کرام سے مدد مانگ لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا کے پرفضا ہزارہ ڈویژن کے ضلع کوہستان میں آئی جی پولیس ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی کی ہدایت پر پولیس نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ عوامی جرگہ منعقد کیا، جس میں جید علما، مقامی عمائدین اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع کوہستان میں اکثر غیرت کے نام پر قتل صرف اس بنیاد پر کیا جاتا ہے کہ قاتل کو مقتول پر شک ہوتا ہے اور صرف شک کی بنیاد پر کئی زندگیاں تباہ ہو جاتی ہیں۔

    انھوں نے کہا نوجوانو کو بھی لوئر کوہستان کے غیور عوام کو اس سے بچانے کے لیے آگاہی مہم چلانی چاہیے۔

    کوہستان ویڈیو اسکینڈل: 3 مجرمان کو عمر قید، 5 باعزت بری

    جرگے میں انتظامیہ نے غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کی روک تھام کے لیے علمائے کرام سے مدد مانگتے ہوئے کہا کہ علما اس سلسلے میں خصوصی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    جرگے میں شریک علما نے انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ مساجد کے علاوہ گھر گھر جا کر بھی مہم چلائیں گے۔

    یاد رہے کہ خیبر پختون خوا کا یہ خوبصورت ضلع 2012 میں اس وقت قومی اور بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا تھا جب غدر پالس کے علاقے میں مقامی جرگے نے 5 خواتین کو ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد مبینہ طور پر قتل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے انھیں قتل بھی کر دیا گیا تھا۔

    موبائل فون سے بنی وہ ویڈیو جو پانچ خواتین کے قتل کی وجہ بنی وہ ایک مقامی شادی کی تھی جس میں لڑکوں کا رقص دیکھتے ہوئے پانچ لڑکیوں کو تالیاں بجاتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جب کہ ویڈیو میں نظر آنے والا ایک لڑکا علاقے سے فرار ہو کر اسلام آباد میں اپنے بھائی افضل کوہستانی تک پہنچنے میں کام یاب ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے واقعہ منظر عام پر آیا۔

    7 سال بعد فروری 2019 میں افضل کوہستانی ایبٹ آباد میں قتل ہوا جس کے سات ماہ بعد افضل کے بھائی فثل کوہستانی نے چھپ کر نکاح کرنے کے جرم میں غیرت ہی کے نام پر افضل کوہستانی کی بیوہ اور اپنے ایک کزن کو قتل کر دیا تھا۔

  • قومی و بین الاقوامی سیاحوں کیلیے بڑی خوشخبری

    قومی و بین الاقوامی سیاحوں کیلیے بڑی خوشخبری

    قومی و بین الاقوامی سیاحوں کے لئے ایک اور اچھی خبر سامنے آگئی، پاکستان تاجکستان اور افغانستان کو ملانے والی واخان پٹی کو دیکھنے اور وہاں کی مقامی ثقافت اور مقامی کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنے کے لئے خیبرپختونخوا حکومت نے دو روزہ بروغل فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

    بروغل خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کا انتہائی شمال میں چترال سٹی سے تقریبا 250 کلومیٹر دور واقع واخان کی پٹی پرآخری سرحدی گاوں ہے اور یہی تاریخی واخان کی پٹی پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاست تاجکستان سے جدا کرتے ہوئے سرحدی لکیر کا کام کرتی ہے اس لئے بروغل کے لوگوں کے رہن سہن اور طرز زندگی میں وسطی ایشائی رنگ کا حسین امتزاج بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    وزیراعلی محمود خان کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سیاحت اور کھیل نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ فیسٹیول کا انعقاد 5 اور 6 ستمبر کوبروغل نیشنل پارک میں کیا جائے گاجس میں سیاح مقامی روایتی کھیلوں ہارس پولو، یاک پولو، ڈونکی پولو، بزکشی، رسہ کشی، کشتی اور آتش بازی کے علاوہ فٹبال، کرکٹ اور میراتھن ریس کے مقابلوں سے محظوظ ہونگے۔ علاوہ ازیں فیسٹیول میں مقامی روایتی کھانوں کی نمائش اور محفل موسیقی سمیت قدیم واخی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے متعدد دیگر سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا جبکہ سیاحوں کی سہولت کے لئے فیسٹویل کے مقام پر ایک ٹینٹ ویلج بھی قائم کیا جائے گا۔

    علاقے کی مخصوص اور منفرد جعرافیائی و علاقائی خدوخال کی وجہ سے بروغل فیسٹیول ایڈونچر ٹوارزم کے شائقین کے لئے انتہائی کشش کا باعث ہے جہاں پر سیاح دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ گلیشئیرز، دریاوں، ندی نالوں، جھیلوں، اونچے اونچے پہاڑی سلسلوں، متنوع جنگلی حیات اور قدرت کے دیگر سحر انگیز مناظر کا انتہائی قریب سے نظارہ کر سکتے ہیں۔

    اس سلسلے میں وزیر اعلی محمود خان نے محکمہ سیاحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ بروغل فیسٹویل کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنانے اور وہاں پر سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ترضروری تیاریاں اور انتظامات بر وقت مکمل کیے جائیں۔

  • پاکستان میں جائرو کاپٹر کی پہلی پرواز، فضا میں سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا

    پاکستان میں جائرو کاپٹر کی پہلی پرواز، فضا میں سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا

    پشاور: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ذاتی جائرو کاپٹر نے فضاؤں میں اڑان بھری ہے، گزشتہ روز یوم آزادی کے موقع پر اس اڑان کے دوران فضاؤں میں سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 14 اگست جشن آزادی کے دن ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنے ذاتی جائرو کاپٹر کے ساتھ پرواز کرتے ہوئے سبز ہلالی پرچم فضا میں لہرایا گیا، یہ پرواز جے یو آئی ف کے رہنما ارباب فاروق جان اور انٹرنیشنل انسٹرکٹر لائسنس یافتہ پائلٹ قاضی اجمل نے اڑائی۔

    یہ پاکستان میں جائرو کاپٹر کی پہلی پرواز تھی جس میں قاضی اجمل نے ایئر شو کی طرح مہارت سے بہت جذباتی انداز میں مختلف کرتب دکھائے اور کراؤڈ سے داد وصول کی۔

    قاضی اجمل پاکستان کا واحد انسٹرکٹر پائلٹ ہے جس نے جدہ فلائنگ کلب میں 6 سال کے دوران سعودی رائل گارڈز کے ساتھ ساتھ 35 سے زائد لوگوں کو جائرو کاپٹر کی ٹریننگ دی ہے، تجربے کے لحاظ سے قاضی اجمل کی فضائی گھنٹوں کی لاک بک میں درج تعداد ساڑھے چار ہزار گھنٹوں سے تجاوز کر گئی ہیں۔

    ارباب فاروق جان کا کہنا تھا کہ پشاور میں انشاءاللہ فلائنگ اسٹارٹ کر دی ہے، آج 14 اگست پر پوری قوم کو مبارک باد اور سرپرائز دے رہے ہیں، پہلی مرتبہ پشاور میں جائرو کاپٹر پر فلائنگ کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو 18 سے زائد ای میلز کر چکے ہیں مگر انھوں نے تاحال ملاقات کے لیے رابطہ نہیں کیا۔

    ارباب فاروق جان کے مطابق ٹڈی دل نے پاکستانی فصلوں کو تباہ کر دیا ہے جس کے لیے حکومت پاکستان نئے طیارے خریدنے جا رہی ہے جب کہ قاضی اجمل اور ان کی پوری فیملی نے اپنے ذاتی جہازوں سے ٹڈی دل اسپرے کرنے کی پیش کش کی ہے۔

    واضح رہے کہ بین الاقوامی جائرو کاپٹر انسٹرکٹر قاضی اجمل جے یو آئی ف کے رہنما ارباب فاروق کے بھانجے ہیں۔

  • جنوبی وزیرستان میں صحت یاب ہونے پر کرونا مریض کا والہانہ رقص

    جنوبی وزیرستان میں صحت یاب ہونے پر کرونا مریض کا والہانہ رقص

    وانا: ڈی ایچ کیو وانا میں زیر علاج کو وِڈ نائنٹین کا مریض صحت یاب ہو گیا، گھر جاتے ہوئے معمر مریض نے والہانہ رقص شروع کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کا جتنا خوف ہے اس سے صحت یاب ہونے کی خوشی بھی اتنی ہی زیادہ ہوتی ہے جس کا مظاہرہ خیبر پختون خوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے شکئی کے رہایشی موسم خان نے روایتی رقص اتنڑ کے ذریعے کیا۔

    تبلیغی جماعت سے وابستہ موسم خان کو کرونا وائرس کی علامات کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وانا میں قائم قرنطینہ مرکز منتقل کیا گیا تھا جہاں پر ان کا ٹیسٹ کرایا گیا تو وہ کرونا پازیٹو آیا جس کے بعد انھیں مکمل آئیسولیشن میں رکھا گیا۔

    خیبر پختون خوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے شکئی کا رہایشی موسم خان قرنطینہ مرکز سے باہر آتے ہوئے

    آئسولیشن پیریڈ مکمل کرنے کے بعد آج موسم خان کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آ گیا اور انھیں صحت یاب قرار دے کر گھر جانے کی اجازت دی گئی، وہ قرنطینہ مرکز سے نکل کر گھر جانے لگے تو کھلی ہوا میں سانس لیتے ہوئے خوشی کے مارے روایتی قبائلی رقص اتنڑ شروع کر دیا، تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے گلے میں دولھے کی طرح پھولوں کا ہار بھی پڑا ہوا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر وانا امیر نواز کرونا وائرس سے متاثرہ موسم خان کی صحت یابی پر گفتگو کرتے ہوئے

    موسم خان کو رقص کرتے دیکھ کر ان کے ساتھ موجود محکمہ صحت کے اہل کار بھی اتنڑ میں شامل ہو گئے، اسسٹنٹ کمشنر وانا امیر نواز نے کرونا وائرس سے متاثرہ موسم خان کی صحت یابی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیو وانا کے ڈاکٹر انتہائی قابل ہیں جو کرونا مریض کا علاج کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ قرنطینہ مرکز وانا کے تمام اسٹاف کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں جن کی محنت سے آج موسم خان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے، حکومتی احکامات پر عمل کر کے کرونا کو شکست دی جا سکتی ہے۔