Author: زاہد نور

  • دو سال بعد کسی مقابلے میں اُتر رہا ہوں، میرے کیریئر کی بڑی فائٹ ہے: عامر خان

    دو سال بعد کسی مقابلے میں اُتر رہا ہوں، میرے کیریئر کی بڑی فائٹ ہے: عامر خان

    مانچسٹر: پاکستانی نژاد برطانوی پرفیشنل باکسر عامر خان 19 فروری کو برطانوی باکسر کیل بروک کے خلاف رِنگ میں اتریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق 2 سال بعد باکسنگ کے اکھاڑے میں اترنے والے باکسر عامر خان نے مقابلے سے ایک دن قبل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس مقابلے کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کی ایک بڑی فائٹ قرار دے دیا ہے۔

    مانچسٹر میں گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا میں دو سال بعد کسی مقابلے میں اُتر رہا ہوں، یہ میرے کیریئر کی بڑی فائٹ ہے، میں اپنی جیت کے لیے با اعتماد ہوں، فتح میری ہوگی، فینز میرے لیے دعا کریں۔

    واضح رہے کہ باکسر عامر خان برطانوی پروفیشنل باکسر کیل بروک کے خلاف انیس فروری کو مانچسٹر ایرینا میں اُتریں گے، تقریباً 20 سال سے ان دونوں حریفوں کے درمیان لفظی جنگ چلتی رہی ہے، اور اب وہ باقاعدہ طور پر آمنے سامنے ہوں گے۔

    عامر خان نے انکشاف کیا تھا کہ صرف 2 ماہ قبل وہ طویل وقفے کے بعد واپسی کی وجہ سے، کیل بروک کا سامنا کرنے کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر تیار نہیں تھے، کیوں کہ وزن میں اضافے اور 2019 میں بلی ڈِب کے ساتھ اپنی لڑائی کے بعد حوصلہ پست ہو گیا تھا، لیکن اب ہفتے کی رات وہ یہ فائٹ جیتنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ فینز بہت پیار دے رہے ہیں جن پر اُن کا شکر گزار ہوں، پاکستان میں فینز کی محبت پر بھی شکر گزار ہوں، میں فائٹ کے بعد پاکستان کا دورہ کروں گا اور وہاں اپنے مداحوں سے ملاقات کروں گا اور انٹرنیشنل باکسرز بھی لے کر جاؤں گا۔

    پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے مدد پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں باکسنگ کے مقابلے کروائیں گے۔ خیال رہے کہ عامر خان باکسنگ اکیڈمی اور جِم میں کام بھرپور طریقے سے جاری ہے۔

  • حجاب تنازع: برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ مودی سرکار پر پھٹ پڑیں

    حجاب تنازع: برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ مودی سرکار پر پھٹ پڑیں

    بریڈفورڈ: بھارت میں حجاب تنازع پر برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے کہا کہ میں نے بھارت میں پُر تشدد سوچ اور عدم برداشت پر برطانوی وزیر خارجہ کو خط لکھا، بھارت میں مسلمان خواتین کے لیے زندگی تنگ کی جا رہی ہے۔

    ناز شاہ نے کہا کہ بھارتی ریاست کرناٹک واقعے نے بھارت کی جمہوریت کا پول کھول دیا، لڑکیوں کے اسکول جانے کے لیے حجاب اُتروائے جا رہے ہیں۔

    برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (پی جے پی) مسلمانوں کے خلاف نفرت کو پروان چڑھا رہی ہے، یہ اقدام انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    ناز شاہ نے مطالبہ کیا کہ برطانوی وزیر خارجہ بھارتی ہائی کمشنر کو بلا کر اسے معاملے پر وضاحت طلب کریں۔

    گزشتہ سال برطانیہ میں قومی شخصیات کے مجسموں کی حفاظت کے لیے نئے قانون پر ناز شاہ نے اہم ترین سوال اٹھا دیا تھا۔

    رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ناموس رسالت ﷺ کا معاملہ برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت قومی شخصیات کے مجسموں کی حفاظت کے لیے قانون لا رہی ہے، مسلمانوں کے جذبات کو بھی سمجھا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت قومی شخصیات کے مجسموں کی حفاظت کے لیے بل لا رہی ہے، دلیل یہ ہے دی جا رہی ہے کہ مجسموں کو توڑنے اور گرانے سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں، مجسموں سے جذباتی وابستگی رکھنے والے نبی ﷺ سے متعلق بھی مسلمانوں کے جذبات کو سمجھیں۔

    ناز شاہ نے کہا تھا کہ حضرت عیسیٰ، حضرت محمد ﷺ، حضرت موسیٰ، رام، گوتم بدھ، گرونانک سب قابل احترام ہیں، کیا پیغمبروں کے احترام سے متعلق مسلمانوں کے جذبات کا خیال اہم نہیں۔

    برطانوی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ مجسموں کو نقصان پہنچانے پر 10 سال قید کی سزا تجویز کی گئی ہے، مجسمے احساس نہیں رکھتے، نقصان پہنچانے پر زخمی نہیں ہوتے، فولادی اور سنگی مجسموں کے نقصان پر اتنی سخت سزا کا مقصد کیا ہے؟

    ناز شاہ کا کہنا تھا کہ ظاہر ہے کہ مجسمے قوم کی تاریخی، ثقافتی اور سماجی جذبات کی علامت ہیں، کوئی برطانوی ونسٹن چرچل کے علامتی مجسمے کو نقصان پہنچانا قبول نہیں کرے گا، لیکن ناز شاہ نے پارلیمنٹ میں سوال کیا کہ قوم کے جذبات کا معاملہ کیا صرف مجسموں کے لیے ہی اہم ہے؟

  • ایوارڈ کے لیے گریڈنگ کرنے والوں پر زلفی بخاری نے بھی سوال اٹھا لیا

    ایوارڈ کے لیے گریڈنگ کرنے والوں پر زلفی بخاری نے بھی سوال اٹھا لیا

    مانچسٹر: شاہ محمود قریشی کے بعد وزرا کو ایوارڈ کے لیے گریڈنگ کرنے والوں پر زلفی بخاری نے بھی سوال اٹھا لیا ہے، انھوں نے کہا جن لوگوں نے ایوارڈ کے لیے گریڈنگ کی ہے اُن کو سامنے آنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مارچ میں اوورسیز پاکستانیوں کے پاور شو کی تیاریوں اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے زلفی بخاری برطانوی شہر مانچسٹر پہنچ گئے ہیں، انھوں نے مانچسٹر میں نجی ہوٹل میں عوامی جلسے خطاب کیا جس میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    وزیر اعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا حماد اظہر بہت محنت کر رہے ہیں اُن کو ایوارڈ ملنا چاہیے تھا،شاہ محمود قریشی پاکستان کے سب سے بہترین وزیر خارجہ ہیں، جن لوگوں نے بھی ان ایوارڈ کے لیے گریڈنگ کی ہے اُن کو سامنے آنا چاہیے۔

    شاہ محمود قریشی حکومت سے ناراض ہوگئے

    زلفی کا کہنا تھا مجھے نہیں معلوم کہ ان لوگوں کو ایوارڈ کیوں نہیں دیے گئے، مراد سعید، ثانیہ نشتر، شیریں مزاری کو ایوارڈ ملے، میں انھیں مبارک باد دیتا ہوں۔

    اپنے عہدے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا میں خان صاحب کی ٹیم کا حصہ ہوں، اس کے لیے عہدہ ہونا لازمی نہیں ہے، میں خود انتخابی سیاست میں جا رہا ہوں، 18 ماہ بعد انتخابات ہیں اور مہم کا آغاز ابھی سے کر رہے ہیں۔

    زلفی بخاری نے اطلاع دی کہ عمران خان اس سال گرمیوں میں برطانیہ کا دورہ کریں گے، میں ابھی برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی سے ملنے آیا ہوں، حکومت کا حصہ ہوں یا ناں ہوں اورسیز پاکستانیوں کا نمائندہ رہوں گا، میری آمد کا مقصد اوورسیز کمیونٹی کو ووٹنگ رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے، ایک کروڑ اوورسیز ووٹرز کا ووٹ آئندہ انتخابات میں فیصلہ کُن ہوگا۔

  • برطانوی حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ نے پاکستان کے بارے میں کیا کہا؟

    برطانوی حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ نے پاکستان کے بارے میں کیا کہا؟

    مانچسٹر: برطانوی حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ جیمز ڈیلی نے ایک تقریب میں پاکستان کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کو برطانیہ کا سب سے اہم دوست ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں منعقدہ ایک تقریب میں گریٹر مانچسٹر کے ٹاؤن بری سے حکمراں جماعت کے رُکن پارلیمنٹ جیمز ڈیلی نے پاکستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کو برطانیہ کا بہت پرانا اتحادی ملک قرار دیا۔

    انھوں نے کہا ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ فری ٹریڈ کے معاہدے پر دستخط کرے۔

    ایم پی جیمز ڈیلی نے کہا ہم کبھی کبھار پاکستان کے بارے میں ایسے گفتگو کرتے ہیں جیسے وہ مختلف ملک ہو، مگر پاکستان ایک خوب صورت ملک ہے جو انڈسٹریل اور ٹیکنالوجیکل پاور ہاؤس ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان کے ساتھ ہم مختلف سیکٹرز میں جا سکتے ہیں جن میں فنانشل اور دیگر سروسز شامل ہیں، پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو برطانیہ کا سب سے بہترین دوست ہونا چاہیے۔

    جیمز ڈیلی نے کہا میں پُر امید ہوں کہ جلد پاکستان کا دورہ کروں گا، میں پاکستان کے لیے تعینات ٹریڈ ایلچی مارک ایسٹ ووڈ کے ساتھ اس کی منصوبہ بندی کر رہا ہوں۔

  • سعیدہ وارثی کا برطانیہ میں مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے اہم مطالبہ

    سعیدہ وارثی کا برطانیہ میں مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے اہم مطالبہ

    لندن: برطانوی سیاستدان سعیدہ وارثی نے برطانوی حکومت سے شہریت بل کی شق 9 کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوم سیکریٹری کے پاس کسی کی شہریت ختم کرنے کا اختیار خطرناک ہوگا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانوی سیاستدان بیرونس سعیدہ وارثی نے برطانوی حکومت سے شہریت بل کی شق 9 کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ہاؤس آف لارڈز میں خطاب کرتے ہوئے سعیدہ وارثی نے کہا کہ حکومت شہریت بل کی شق 9 پر نظر ثانی کر کے اسے ختم کرے، ہوم سیکریٹری کے پاس کسی کی شہریت ختم کرنے کا اختیار خطرناک ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ برطانوی ہوم سیکریٹری پریتی پٹیل نے نیشنلٹی اینڈ بارڈر بل میں ایک نئی شق شامل کی تھی جس کے بعد حکومت کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی کو بتائے بغیر اس کی برطانوی شہریت ختم کر سکتی ہے۔

    نئی شق کے مطابق حکومت کسی ایسے شخص کو نوٹس دینے سے بھی مستثنیٰ ہوگی جس کی شہریت ختم کرنا مقصود ہوگی، مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بظاہر اس بل کو لانے کی وجہ قومی اور عوامی مفاد بتائی گئی۔

  • لاپتہ طالب علم کی دریا میں‌ تلاش جاری

    لاپتہ طالب علم کی دریا میں‌ تلاش جاری

    مانچسٹر: برطانوی پولیس نے دریا میں لاپتہ طالب علم کی تلاش شروع کی تو  ٹیم کو زیر آب  بہت سی  اشیاء ملیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گریٹر مانچسٹر  کے علاقے سلفورڈ میں واقع دریا ارویل کے قریب سے 20 سالہ طالب علم لاپتہ ہوا، جس کی شکایت اہل خانہ نے پولیس کو درج کرائی۔

    پولیس نے نوجوان کی تلاش کے لیے اقدامات کیے مگر ناکامی کا سامنا رہا جس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے اُس کے آخری مقام کو تلاش کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق  چارلی گیڈ نامی بیس سالہ طالب علم ہفتے کی رات برطانیہ کے مقامی وقت 1 بج کر  15 منٹ پر اسی مقام واقع رائل ایکسچینج تھیڑا کے قریب نظر آیا تھا۔

    پولیس نے دریا میں ڈوبنے کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی میں تلاش شروع کی، جس کے لیے فائر فائٹرز اور تیراکوں کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں۔

    ریسکیو رضا کار، فائر فائٹرز اور تیراک جب تلاش میں زیر آب گئے تو انہیں چارلی تو نہ ملا البتہ پانی سے گھریلو اور مختلف اشیا ملیں۔ پولیس ترجمان نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر نوجوان کے ڈوبنے کا خدشہ ظاہر جبکہ خودکشی کے امکان کو بھی رد نہیں کیا ہے۔

  • برطانیہ، فٹبال اسٹیڈیم کے باہر کشمیروں کے حق میں آواز بلند

    برطانیہ، فٹبال اسٹیڈیم کے باہر کشمیروں کے حق میں آواز بلند

    مانچسٹر : برطانیہ میں ایک بار پھر  ڈیجیٹل مہم کے ذریعے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے، جس کے ذریعے ہزاروں شہریوں تک کشمیر کی آزادی کا مطالبہ پہنچایا گیا۔ 

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اولڈ ٹریفرڈ فٹبال اسٹیڈیم کے باہر مانچسٹر یونائیٹڈ اور ڈربی کے مابین ہونے والے میچ کے موقع پر  کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو  اجاگر کرنے کے لئے  ڈیجٹیل تشہیری مہم کا اہتمام کیا گیا۔

    متنظمین کی جانب سے گاڑیوں پر ڈیجیٹل اسکرین نصب کی گئیں جن پر  بھارتی فوج کے مظالم کا شکار ہونے والے کشمیری بچوں کی تصاویر  آویزاں کیں اور اُن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج کیے۔

    تشہیری مہم والی گاڑیاں اسٹیڈیم کے مختلف دروازوں کے باہر کھڑی کی گئیں۔

    اس میچ کو دیکھنے کے لیے ہزاروں تماشائی اسٹیڈیم میں آئے جنہوں نے ان گاڑیوں پر آویزاں مظلوم کشمیری بچوں، نوجوانوں اور بوڑھوں کی تصاویر دیکھیں اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔

  • آئی ایم ایف سے  ایسی ڈیل نہیں کی جائے گی جس سے معیشت کو نقصان ہو’

    آئی ایم ایف سے ایسی ڈیل نہیں کی جائے گی جس سے معیشت کو نقصان ہو’

    مانچسٹر: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ معاملات مثبت سمت میں چل رہےہیں، ایسی ڈیل نہیں کی جائیگی جس سے معیشت کو نقصان ہو۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے مانچسٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی مصنوعی ہے،جلدقابوپا لیاجائیگا، آئی ایم ایف کیساتھ معاملات مثبت سمت میں چل رہےہیں۔

    رضاباقر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل سب کےسامنےآئےگی اور ایسی ڈیل نہیں کی جائیگی جس سے معیشت کو نقصان ہو۔

    ،گورنراسٹیٹ بینک نے مزید کہا پاکستان نےایف اےٹی ایف کی تقریباًتمام شرائط پوری کر دی ہیں، پاکستان ایف اے ٹی ایف کےحوالے سے مثبت اقدامات کررہا ہے ، پاکستان جلد گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ روپےکی قدر گرنے سےاوورسیز پاکستانیزکوفائدہ بھی پہنچاہے، اس فائدےکوبھی مد نظر رکھا جائےکہ کتنے لوگ مستفید ہوئے ہیں جبکہ ایکسچینج ریٹ بڑھنے سے اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔

  • انگلش ٹیم کا دورہ سیکیورٹی وجوہات پر منسوخ نہیں ہوا، برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر

    انگلش ٹیم کا دورہ سیکیورٹی وجوہات پر منسوخ نہیں ہوا، برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر

    مانچسٹر: برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے انکشاف کیا ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا دورہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر منسوخ نہیں ہوا۔

    مانچسٹر میں اے آر وائی نیوز سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر و ڈائریکٹر ٹریڈ برائے پاکستان مائیک نیتھاوریانکس نے خصوصی گفتگو کی۔

    برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک بہترین اور محفوظ ملک ہے، برطانوی سرمایہ کاروں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک پُر کَشش مارکیٹ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر اور ایجوکیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے ان سیکٹرز میں برطانوی سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ مواقع میسر ہیں، پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع موجود ہیں۔

    برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے بتایا کہ ہم پاکستان کو رینیوایبل انرجی کے لیے بھی سپورٹ کر رہے ہیں، اُمید ہے وزیراعظم عمران خان رواں ماہ گلاسگو میں ہونے والی کلائمیٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔؎

    ان کا کہنا تھا کہ ہم سال دو ہزار بائیس میں برطانوی سرمایہ کاروں کے وفود کو پاکستان میں خوش آمدید کرنے کے لیے پر اُمید ہیں، پاکستان 220 ملین آبادی والا ملک ہے جو ایک بڑی مارکیٹ ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں سکیورٹی کی صورتحال بہترین ہے، اگر شہر قائد کی مثال لی جائے تو آج کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوچکی ہے

    انہوں نے کہا کہ اب سیکیورٹی کو لے کر پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، پاکستان میں انگلش زبان بولی جاتی ہے اور برطانیہ میں بھی سولہ لاکھ پاکستانی آباد ہیں۔

    برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تاریخی روابط ہیں، برٹش ہائی کمیشن پاکستان میں سرمایہ کاری لانے کے لیے پرعزم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا معاملہ ایوی ایشن سے متعلق ہے مگر برٹش ایئرویز پاکستان میں اپنی پروازیں بحال کرچکی ہے، ورجن اٹلانٹک پہلی ایئرلائن ہے جو کرونا وباء کے دوران نئی مارکیٹ کے طور پر پاکستان میں گئی۔

    کرکٹ سے متعلق کیے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ نہیں ہو ہمیں اس دورے کی منسوخی سے مایوسی ہوئی ہے۔

    ہم سال2022 میں انگلش ٹیم کے دورے کے لئے پر عزم ہیں اور پی سی بی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اس کے علاوہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل واپسی کے بے صبری سے منتظر ہیں، پی ایس ایل کے میں کراچی گنگز میں ہمارے بہت سے کھلاڑی کھیلے ہیں۔

  • معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

    معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

    انگلش ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    بیٹنگ اور بولنگ میں اپنی دھاک بٹھانے والے معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے کر وائٹ بال اور ‏فرنچائز کرکٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    معین علی نے 64 ٹیسٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے2 ہزار 914 رنز بنائے اور 195وکٹیں بھی لیں۔

    آل راؤنڈر نے ریٹائرمنٹ سے متعلق فیصلے سے کپتان جوروٹ اور کوچ کو آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنا آخری ‏ٹیسٹ میچ حال ہی میں بھارت کے خلاف ہوم سیریز میں کھیلا تھا۔


    2019ایشز کے بعد سے وہ ٹیسٹ کرکٹ زیادہ نہ کھیل سکے تاہم بھارت کے خلاف ہوم سیریز میں انہیں واپس بلایا ‏گیا اور انہوں نے دو ٹیسٹ کھیلے۔

    انگلش آل راؤنڈر نے وائٹ بال کو اپنا مستقبل بنایا ہے وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے انگلش اسکواڈ کا حصہ بھی ‏ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ چونتیس سال کا ہوگیا ہوں اور جنتی کرکٹ کھیل سکتا ہوں انجوائے کرتے ہوئے کھیلنا چاہتا ہوں ‏امید ہے میرے بعد مزید مسلمان کرکٹر بھی انگلینڈ کی نمائندگی کریں گے۔