Author: زاہد نور

  • برطانیہ، اسکاٹ لینڈ میں طوفان کے باعث نظام زندگی مفلوج، سینکڑوں پروازیں منسوخ

    برطانیہ، اسکاٹ لینڈ میں طوفان کے باعث نظام زندگی مفلوج، سینکڑوں پروازیں منسوخ

    گلاسگو: برطانیہ بھر کی طرح اسکاٹ لینڈ میں اسٹورم ایوین کے باعث نظام زندگی مفلوج کردیا، ایک سو ساٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

     اسکاٹش میٹ آفس نے گزشتہ روز ہی طوفان کا ریڈالرٹ جاری کیا تھا، طوفان کے باعث متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں، ریلوے اور دیگر مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق تیزرفتار ہواؤں کے باعث گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، سینٹرل اسکاٹ لینڈ بیلٹ میں اسکول، کالجز، یونیورسٹیز، سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، کارخانے اور شاپنگ سینٹر کو بند کر دیا گیا۔

    حکام نے عوام غیر ضروری سفر سے گریز اور گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات کی ہیں۔

    گلاسگو:اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر جان سوینی اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سےگریز کریں اور گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

  • ویڈیو: اسکاٹ لینڈ میں خوفناک سمندری طوفان نے تباہی مچادی،

    ویڈیو: اسکاٹ لینڈ میں خوفناک سمندری طوفان نے تباہی مچادی،

    مانچسٹر : برطانیہ میں آنے کے بعد سمندری طوفان  نے ہر طرف تباہی مچا دی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں اب تک دو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    سمندری طوفان نے برطانیہ میں تباہی مچانے کے بعد آئرلینڈ کا رخ کر لیا ہے۔ جہاں طوفان کے باعث دس لاکھ گھر بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

    یورپی میڈیا کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق طوفان "ایؤوین” یوکے اور آئرلینڈ میں شدید تباہی کا باعث بن رہا ہے، جہاں تیز ہواؤں اور بارش کے سبب اب تک دو افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    اسکاٹ لینڈ کے شہر اروین میں شدید طوفانی ہواؤں کے سبب 49 سالہ شخص گھر کی چھت کی ٹائلز گرنے سے ہلاک ہوگیا جبکہ آئرلینڈ کی کاؤنٹی ڈونیگال میں ایک درخت کار پر گرنے سے ایک اور شخص جاں بحق ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں ریڈ وارننگ جاری کر رکھی تھیں، شمالی آئرلینڈ میں صبح 114میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئیں جو آئر لینڈ میں اب تک کی سب سے تیز ہواؤں کا ریکارڈ ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے اسکاٹ لینڈ اور نارتھ آئرلینڈ میں کل برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، آنے والے ایک نئے کم دباؤ کے سسٹم کی وجہ سے موسم میں بہتری کی کوئی امید نہیں۔

    شدید سمندی طوفان کے باعث آئرلینڈ میں 10لاکھ مکانات بجلی سے محروم ہیں، ایک ہزار سے زائد پروازیں متاثر اور کئی شہروں کی ٹرین سروس معطل ہوچکی ہے۔

    اس کے علاوہ سمندی طوفان کے سبب برطانیہ میں متعدد اسکول بند ہیں اور مقامی انتطامیہ کی جانب سے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی سختی سے تاکید کی گئی ہے کیونکہ ہوائیں زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

  • برطانیہ میں آج صدی کے بدترین برفانی طوفان  سے بڑی تباہی کا خطرہ

    برطانیہ میں آج صدی کے بدترین برفانی طوفان سے بڑی تباہی کا خطرہ

    لندن : برطانیہ میں صدی کے بدترین برفانی طوفان سے بڑی تباہی کا خطرہ ہے، برطانوی محکمہ موسمیات نے پانچ دن کیلئے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں آج سے آٹھ ریجن میں برفانی طوفان کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر پانچ دن کیلئے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔

    محکمہ موسمیات نے شدید موسمی حالات کے حوالے سے امبر وارننگ بھی جاری کی ہے، طوفان ’’ایووین‘‘ کے باعث تیز ہوائیں چلیں گی اور شدید بارش بھی متوقع ہیں۔

    آئرلینڈ کے ساحلی علاقوں میں نوے میل فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ برطانیہ کے مشرقی حصوں میں شدید بارش اور پہاڑوں برف باری بھی ہوسکتی ہے۔

    میٹ آفس کا کہنا ہے برطانیہ کے چھہتر شہروں میں بجلی کی بندش اورموبائل فون کے سگنلزمتاثرہونے کا خدشہ ہے اور سروس معطل ہو سکتی ہے۔

    ریل، ہوائی اور فیری سروسزبھی متاثر ہونے کا امکان ہے، سڑکیں اورپُل بند ہوسکتے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردارکیا ہے کہ سترسے اسّی کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارچلنے والی برفانی ہوائیں تباہی مچا سکتی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ اورآئرلینڈ میں شہریوں کو ایمرجنسی الرٹ بھیجے گئے ہیں۔

  • ساؤتھ پورٹ حملہ کیس، تین بچیوں کے نوعمر قاتل کو 52سال قید کی سزا

    ساؤتھ پورٹ حملہ کیس، تین بچیوں کے نوعمر قاتل کو 52سال قید کی سزا

    لندن: ساؤتھ پورٹ میں حملہ کرکے تین بچوں کو قتل کرنے والے قاتل لڑکے کو عدالت نے 52 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    ساؤتھ پورٹ کے قاتل ایکسل روداکوبانا نامی نوعمر مجرم کو 3 بچیوں کے قتل کے جرم میں کم از کم 52 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، اب وہ ممکنہ طور پر اپنی ساری زندگی جیل میں گزارے گا، مجرم نے گزشتہ برس جولائی میں چاقو کے وار کر کے3 بچیوں کو قتل کیا تھا۔

    برطانوی شہر میں ٹیلر سوئفٹ تھیمڈ ڈانس کلاس میں کے دوران 17 سالہ ایکسل نے تین کمسن لڑکیوں کو چھری کے وار سے قتل کیا تھا، مجرم کے چاقو حملے میں 6 بچے اور 2 افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔

    عدالت نے مجرم کو سزا سنادی ہے، جج نے تصدیق کی کہ قاتل کے انتہا پسندانہ عزائم کے باوجود اسے عمرقید کی سزا نہیں دی جاسکتی کیونکہ حملے کے وقت وہ 17 سال کا تھا۔

    ایکسل روداکوبانا جو کہ 18 سال کا ہوچکا ہے جج نے اسے ایک ساتھ سزا سنانے کا حکم دیا اور یہ بات تسلیم کی کہ نوعمر مجرم کو کبھی بھی رہا نہیں کیا جا سکتا، جسے مجموعی طور پر 52 سال قید کی سزائیں سنائی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ برطانوی شہر ساؤتھ پورٹ میں چاقو سے حملے اور تین بچوں کی ہلاکت کے بعد پُرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے تھے، مقامی مسجد کے باہر مظاہرین نے جلاؤگھیراؤ کیا تھا اور حملے کی کوشش کی تھی۔

    عالمی میڈیا کا کہنا تھا کہ ساؤتھ پورٹ میں پولیس کی کئی گاڑیاں جلا دی گئی تھیں جبکہ 22 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے، شہری حملہ آور سے متعلق فیک نیوز وائرل ہونے پر مشتعل ہوئے تھے، بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے حملہ آور کو مسلمان ظاہر کیا گیا تھا۔

  • ایلون مسک کی سوشل میڈیا پوسٹس کی کڑی مانٹیرنگ شروع کردی گئی

    ایلون مسک کی سوشل میڈیا پوسٹس کی کڑی مانٹیرنگ شروع کردی گئی

    برطانوی سیکیورٹی حکام کی جانب سے ایکس کے مالک ایلون مسک کی سوشل میڈیا پوسٹس کی مانٹیرنگ شروع کردی گئی ہے۔

    دنیا کی امیر ترین شخصیت میں سے ایک ایلون مسک برطانوی سیکیورٹی حکام کی نظروں میں آگئے ہیں اور ان کی سوشل میڈیا پوسٹس پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک اور دیگر کی پوسٹس کو ممکنہ سیکیورٹی رسک کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

    برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پوسٹس کی نگرانی ہوم آفس کی ہوم لینڈ سیکیورٹی ٹیم کررہی ہے، جائزہ لیا جارہا ہے کہ سوشل میڈیا پوسٹس کی پہنچ کہاں تک ہے۔

    ایلون مسک نے برطانوی حکومت کےخلاف ایکس پر پوسٹ کی تھی، ایلون مسک نے اپنی پوسٹ میں برطانوی منسٹر جیس فلپ پر بھی سخت تنقید کی تھی۔

    ٹرمپ کے قریب سمجھے جانے والے ایلون مسک نے برطانوی وزیر کو ریپ اور نسل کشی کو معاف کرنے والے قرار دیا تھا، میڈیا رپور میں بتایا گیا ہے کہ جیس فلپ کے مطابق پوسٹ کے سبب انھیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

  • چیمپئنز ٹرافی کھیل پاؤں گا یا نہیں علم نہیں، صائم ایوب

    چیمپئنز ٹرافی کھیل پاؤں گا یا نہیں علم نہیں، صائم ایوب

    قومی ٹیم کے نوجوان اوپنر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کھیل پاؤں گا یا نہیں اس کا مجھے علم نہیں۔

    لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹر صائم ایوب نے کہا کہ میرے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے متعلق پی سی بی بہتر جانتا ہے، میری تمام رپورٹس پی سی بی اور میڈیکل پینل کے پاس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شائقین سے گزارش ہے کہ وہ میرے لیے دعا کریں۔

    صائم ایوب نے کہا کہ پی سی بی کی سپورٹ اور علاج سے مطمئن ہوں، ابھی کچھ پتا نہیں کہ کب تک لندن میں ہی رہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نے کہا ہے کہ ٹخنہ بہتر ہے ٹانگ پر وزن ڈال سکتا ہوں۔

    مزید پڑھیں: ٹخنہ بہتر ہے ٹانگ پر وزن ڈال سکتا ہوں، صائم ایوب

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صائم ایوب نے کہا تھا کہ ٹیسٹ رپورٹس میڈیکل پینل کو بھیجی جائیں گی۔

    دوسری جانب اظر محمود نے بتایا تھا کہ اللہ کا شکر ہے صورتحال کافی بہتر ہے، سرجری ہوئی تو کب ہوگی یہ میڈیکل پینل ہی بتائے گا۔

    یاد رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے صائم ایوب کو پاکستان کرکٹ کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے علاج کے لیے خصوصی طور پر لندن بھیجا ہے۔

    اوپنر بیٹر صائم ایوب گزشتہ ہفتہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں شدید زخمی ہوکر 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہو گئے ہیں ۔

  • لندن میں صائم ایوب کے علاج سے متعلق اہم خبر

    لندن میں صائم ایوب کے علاج سے متعلق اہم خبر

    پاکستانی بیٹر صائم ایوب کے علاج سے متعلق لندن سے اہم خبر آگئی۔

    ذرائع کے مطابق لندن میں ڈاکٹرز کی ٹیم نے آج پاکستانی بیٹر صائم ایوب کا معائنہ کیا ہے اور ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ کل آئے گی۔

    ڈاکٹررپورٹ دیکھنے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ علاج میں کتنا وقت لگے گا۔ انگلینڈ کے ماہر اسپورٹس آرتھو ڈاکٹرز ان کا چیک اپ کر رہے ہیں۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر کرکٹر صائم ایوب کو علاج کے لیے لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ صائم ایوب اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کیپ ٹاون سے لندن پہنچے ہیں۔

     پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمدفیصل قومی کرکٹر صائم ایوب کے علاج کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ صائم ایوب پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز فیلڈنگ کے دوران دائیں پاؤں کا ٹخنہ مڑ جانے کے باعث شدید انجری کا شکار اور 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہو گئے ہیں۔ اس انجری کے بعد ان کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

    صائم ایوب نے حال ہی میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ بالخصوص پروٹیز کو ان کے ہی دیس میں پہلی بار ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرنے میں نوجوان بیٹر کی بیک ٹو بیک سنچریوں کا اہم کردار ہے۔

  • مانچسٹر میں درجہ حرارت منفی7 تک گر گیا، نئی یلو وارننگ جاری

    مانچسٹر میں درجہ حرارت منفی7 تک گر گیا، نئی یلو وارننگ جاری

    برطانیہ کے دیگر شہروں کی طرح مانچسٹر میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مانچسٹر میں بلیک آئس اور شدید سردی کی نئی یلووارننگ جاری کردی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مانچسٹر میں درجہ حرارت منفی7 تک گر گیا ہے، جس کے سبب 140 اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔ شاہراہوں پر برف نے بلیک آئس کی شکل اختیار کرلی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ بھر میں شدید برفباری کے باعث متعدد ٹرینیں منسوخ، پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، لیسٹر شائر میں بھی شدید برفباری اور سیلاب کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

    اہم سڑکیں زیرآب آنے سے برطانیہ بھر میں آمدورفت کا عمل متاثر ہورہا ہے، لنکنشائر مضافات میں سیلاب کے باعث بچے پرائمری اسکول میں پھنس گئے ہیں۔

    سیلاب میں گاڑیاں پھنسنے کے خدشے پر والدین کو اسکول سے بچے نہ لے جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    امریکا میں شدید برفباری کا 32 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    رپورٹس کے مطابق لیسٹرشائرفائر اینڈ ریسکیو سروس نے کئی مقامات پرسیلاب میں پھنسی گاڑیوں کو نکالا ہے، جبکہ میٹ آفس کی جانب سے متعدد نئے ییلو الرٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔

  • پاکستانی بیٹر صائم ایوب علاج کے لئے لندن پہنچ گئے

    پاکستانی بیٹر صائم ایوب علاج کے لئے لندن پہنچ گئے

    لندن : قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب علاج کی غرض سے لندن پہنچ گئے، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی کیپ ٹاؤن سے لندن پہنچے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر کرکٹر صائم ایوب کو علاج کے لیے لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، انگلینڈ کے ماہر اسپورٹس آرتھو ڈاکٹرز کل چیک اپ کرینگے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمدفیصل قومی کرکٹر صائم ایوب کے علاج کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ صائم ایوب پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کی مکمل صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں، ان کی صحت کےحوالے سے مسلسل ڈاکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہوں۔

    واضح رہے کہ صائم ایوب گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز فیلڈنگ کے دوران دائیں پاؤں کا ٹخنہ مڑ جانے کے باعث شدید انجری کا شکار اور 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہو گئے ہیں۔ اس انجری کے بعد ان کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

    صائم ایوب نے حال ہی میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ بالخصوص پروٹیز کو ان کے ہی دیس میں پہلی بار ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرنے میں نوجوان بیٹر کی بیک ٹو بیک سنچریوں کا اہم کردار ہے۔

  • انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کرکٹ سے باہر

    انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کرکٹ سے باہر

    مانچسٹر : انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد عارضی طور پر کھیل سے باہر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بین اسٹوکس نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن میں آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے۔

    انگلش ٹیم کے کپتان کو علاج کے سلسلے میں 3 ماہ کیلئے ہر طرح کی کرکٹ سے علیحدہ کردیا گیا ہے۔

    انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق بین اسٹوکس کی بائیں ہیمسٹرنگ پھٹ گئی تھی جس کی سرجری جنوری میں کی جائے گی اور 3ماہ کے بعد ان کا دوبارہ طبی معائنہ کیا جائے گا۔

    آل راؤنڈر بین اسٹوکس جو گزشتہ ماہ اگست میں دی ہنڈرڈ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دوران اسی ہیمسٹرنگ میں چوٹ لگنے کے بعد چار ٹیسٹ میچز سے باہر ہو گئے تھے، پچھلے ہفتے نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی 2-1 سیریز جیت کے تیسرے ٹیسٹ میں دوبارہ اسی انجری کا شکار ہوگئے۔

    نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں بین اسٹوکس نے 24 اوورز کروائے اور دوسری اننگز میں 13ویں اوور کی دوسری گیند کے دوران انہیں چوٹ لگ گئی۔ گزشتہ دو ٹیسٹ میچز کی نسبت ان پر بولنگ کی بہت زیادہ ذمہ داری تھی۔