Author: زاہد نور

  • انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی، ڈاکٹرکرسٹین ٹرنر

    انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی، ڈاکٹرکرسٹین ٹرنر

    مانچسٹر : پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر نے کہا ہے کہ میئر آف مانچسٹر اگلے سال وفد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرینگے جبکہ جلد انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم  بھی پاکستان میں کھیلنے جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہے۔

    ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر نے کہا کہ یورپی یونین سے انخلا کے بعد برطانیہ کو مزید ٹریڈ پارٹنرز کی ضرورت ہے، پاکستان برطانیہ کے ٹاپ 3 ٹریڈ ممالک میں سے ہے، دونوں ممالک میں اس وقت 3.3 بلین پاؤنڈز کی تجارت ہے۔

    ہائی کمشنرکرسٹین ٹرنر کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے پوائنٹس پالیسی متعارف کی ہے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کا حجم دگنا کریں گے کیونکہ برطانیہ میں ہر سال 4 لاکھ پاکستانی سیاح آتے ہیں۔

  • پاکستان کی عدالتیں کہیں تو نواز شریف کی واپسی ممکن ہے: لارڈ نذیر احمد

    پاکستان کی عدالتیں کہیں تو نواز شریف کی واپسی ممکن ہے: لارڈ نذیر احمد

    مانچسٹر: رکن ہاؤس آف لارڈز نذیر احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی عدالتیں کہیں تو نواز شریف کو پاکستان لانا ممکن ہے، برطانوی حکومت عدالتوں کی عزت کرتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے تاحیات رُکن لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ اگر پاکستان کی عدالتیں نواز شریف کی حوالگی کا مطالبہ کریں تو انھیں واپس بھیجا جا سکتا ہے، برطانوی حکومت پاکستانی عدالتوں کا احترام کرتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سیاسی حکومت کو اتنی ترجیح نہیں دی جاتی جتنی کہ عدالتوں کو دی جائے گی، نواز شریف کی واپسی اتنی آسان نہیں مگر ناممکن بھی نہیں ہے، مجھے نہیں لگتا کہ حکومت نواز شریف کو واپس لے جانے میں سنجیدہ ہے۔

    نواز شریف کو بطور مجرم وطن واپس لانے کیلئے حکومت کا بڑا اقدام

    لارڈ نذیر نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے برطانوی حکومت کو لکھا گیا خط صرف توجہ ہٹانے کے لیے ہے، کیوں کہ عوام اب حکومت کی طرف دیکھ رہی ہے کہ وہ کب نواز شریف کو واپس لائے گی، اسی لیے یہ خط لکھا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومت اگر نواز شریف کو واپس لانے میں سنجیدہ ہوئی تو یہ ناممکن نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل حکومت پاکستان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بہ طور مجرم وطن واپس لانے کے لیے برطانوی حکومت کو خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی ضمانت ختم ہو چکی ہے، اب وہ ایک مجرم ہیں، انھیں پاکستان بھیجا جائے، تاکہ وہ باقی سزا مکمل کر سکیں۔

  • کرونا وائرس، برطانیہ میں بھی ایک مریض دم توڑ گیا

    کرونا وائرس، برطانیہ میں بھی ایک مریض دم توڑ گیا

    لندن: برطانیہ میں بھی کرونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا جبکہ مریضوں کی تعداد 115 تک پہنچ گئی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 115 تک پہنچ گئی جبکہ آج جمعرات کے روز ایک مریض دوران علاج دم توڑ گیا۔

    برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق اب تک 18 ہزار 38 شہریوں کے وائرس کی تشخیص  کےلیے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں سے 115 کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3286 ہو گئی

    میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، ایک روز قبل 34 کیسز سامنے آئے تھے جبکہ آج 28 کیسز رپورٹ ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا پراسرار مہلک وائرس دنیا کے 80 ممالک میں پھیل چکا ہے، اب تک دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 3200 سے تجاوز کرگئی جبکہ 90 ہزار کے قریب لوگ متاثر بھی ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس کا برطانوی معیشت پر وار، ایئر لائن بند ہونے کا خدشہ

    اسے بھی پڑھیں: برطانیہ میں کرونا وائرس پنجے گاڑھنا شروع، ایمرجنسی نافذ ہونے کا امکان

    چین کے بعد اٹلی اور ایران میں سب سے زیادہ ہلاکتیں سامنے آئیں جبکہ اب تک امریکا میں بھی کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے 10 افراد دم توڑ چکے ہیں۔

  • بھارت میں مسلمانوں پر انتہائی مشکل وقت ہے: سابق رکن یورپی پارلیمنٹ

    بھارت میں مسلمانوں پر انتہائی مشکل وقت ہے: سابق رکن یورپی پارلیمنٹ

    مانچسٹر: سابق رُکن یورپی پارلیمنٹ سجاد حیدر کریم نے کہا ہے کہ ہندوستان کے اندر مسلمانوں پر جاری مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، بھارت میں مسلمانوں پر انتہائی مشکل وقت ہے۔

    سجاد کریم نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتیں انسانی حقوق کی بجائے اپنے کاروباری مفاد کو ترجیح دے رہی ہیں، صدر ٹرمپ نے جب پہلے کشمیر پر ثالثی کی بات کی تو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کر دی، اُن کے حالیہ دورے کے بعد بھارت میں مسلمانوں پر تشدد کے واقعات شروع ہو گئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے لیے یہ ایک انتہائی مشکل وقت ہے، دونوں مرتبہ امریکا کا کردار افسوس ناک اور مایوس کن رہا ہے، امریکا اپنے کاروباری روابط کے تحفظ کو ترجیح دے رہا ہے۔

    حمزہ اور جمیل کہاں گئے؟ دہلی فسادات میں دل دہلا دینے والی خبریں سامنے آنے لگیں

    یورپی پارلیمنٹ کے سابق رکن نے مزید کہا کہ مسلمانوں پر ہونے والے مظلم پر نریندر مودی کی خاموشی کا مطلب اُن کی رضا مندی ہے، گجرات فسادات میں بھی مودی نے یہی کردار ادا کیا تھا، مودی، ٹرمپ دونوں ایک ہی پالیسی پر گامزن ہیں۔

    سجاد کریم کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو اس نہج پر پہنچانے کی ذمہ دار عالمی طاقتیں ہیں، کشمیری مدد کے لیے سب سے پہلے پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں اور پھر انٹرنیشنل کمیونٹی کی طرف، انٹرنیشنل کمیونٹی کی طرف سے اُنہیں کوئی مدد نہیں ملی، برطانیہ کا مسئلہ کشمیر پر اہم کردار بنتا ہے جو وہ ادا نہیں کر رہا۔

  • خواہش ہے اگلے پی ایس ایل سیزن میں کھیلوں: انگلش ٹیم اسپنر عادل رشید

    خواہش ہے اگلے پی ایس ایل سیزن میں کھیلوں: انگلش ٹیم اسپنر عادل رشید

    مانچسٹر: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عادل رشید نے کہا ہے کہ انھیں پاکستان میں کھیلنے کی خواہش ہے، پاکستان میں پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کیا، عادل رشید کا کہنا تھا کہ انھیں پی ایس ایل فائیو کے پاکستان میں انعقاد پر خوشی ہے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی خوش آیند ہے، پی ایس ایل فائیو کے پاکستان میں انعقاد سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھے گا۔

    انگلش ٹیم کے لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو کرکٹ کا جنون ہے، اُن کا جوش و جذبہ دیدنی ہے، میں پاکستان جا کر کرکٹ کھیلنے کی خواہش رکھتا ہوں، میرے دوست معین علی پی ایس ایل میں کھیل رہے ہیں، میں اپنی کمی کو محسوس کر رہا ہوں، خواہش ہے کہ اگلے سیزن میں میں بھی کھیلوں۔

    محمد عامر سے ڈیل اسٹین نے کیا کہا؟

    عادل رشید نے کہا کہ میں ملتان سلطان کو سپورٹ کر رہا ہوں، مجھے بابر اعظم کی بیٹنگ کا انداز بہت پسند ہے، انگلینڈ کی ٹیم سے جوز بٹلر میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، سعید انور، انضمام الحق اور یونس خان کے کھیلنے کے انداز سے متاثر ہوں، اگر انگلینڈ کے علاوہ کسی ٹیم کی کپتانی کا موقع ملے تو پاکستان کی ٹیم کا کپتان بننا پسند کروں گا، پاکستان میرا اپنا ملک ہے اور اس کے لیے کھیلنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہوگا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان جانا بہت پسند کرتا ہوں، خوب صورت اور محفوظ ملک ہے، میرے والدین میرپور آزاد کشمیر میں پیدا ہوئے، آزاد کشمیر بہت خوب صورت علاقہ ہے، بہ طور پاکستانی نژاد انگلینڈ کی ٹیم تک پہنچنا بہت کٹھن تھا لیکن ناممکن نہیں تھا، بہت زیادہ محنت کرنا پڑی، اگر آپ زندگی میں مثبت سوچ رکھ کر محنت کریں تو اللہ آپ کو کامیابی ضرور دیتا ہے۔

  • برطانیہ میں کرونا وائرس پنجے گاڑھنا شروع، ایمرجنسی نافذ ہونے کا امکان

    برطانیہ میں کرونا وائرس پنجے گاڑھنا شروع، ایمرجنسی نافذ ہونے کا امکان

    مانچسٹر: برطانیہ میں کرونا وائرس کے مزید 12 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 33 تک پہنچ گئی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس کے کیسز تیزی سے رپورٹ ہونے لگے، اتوار کے روز بھی 12 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد بڑھ گئی۔

    شمالی آئرلینڈ اور ویلرز کے علاقوں میں کرونا وائرس سے اب تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد بھی 35 تک پہنچ گئی۔

    برطانیہ کے سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ کرونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے عوامی اجتماعات پرپابندی اور شہروں کولاک ڈاؤن کیاجاسکتاہے۔

    مزید پڑھیں: کروناوائرس کے بعد پراسرار بیماری پھیلنے لگی، لوگ مرنا شروع

    انہوں نے اعتراف کیا کہ برطانیہ میں  کوروناوائرس تیزی سےپھیل رہا ہے، اٹلی اور  ایران سے واپس آنے والےمسافروں کے ٹیسٹ لازمی کیے جا رہےہیں کیونکہ ہمیں خدشہ ہے یہ مسافر اپنےساتھ وائرس لائے ہیں۔

    سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں ایمرجنسی کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے، وزیراعظم نے اس حوالے سے کل ’کوبرا‘ مٹینگ طلب کی جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس دنیا کے 51 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اب تک اس سے 2800 سے زائد ہلاکتیں ہوئیں جبکہ مریضوں کی تعداد 85 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • برطانیہ میں کرونا وائرس کے مزید 4 مریضوں کی تصدیق

    برطانیہ میں کرونا وائرس کے مزید 4 مریضوں کی تصدیق

    مانچسٹر: برطانیہ میں کرونا وائرس کے 4 مزید مریضوں کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد وائرس کے شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 20 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس کے مزید چار کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد بیس ہو گئی ہے، ویلز میں ایک جب کہ ناردرن آئرلینڈ میں بھی ایک شخص میں وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

    ویلز اور ناردرن آئرلینڈ میں کرونا وائرس کے یہ پہلے مریض ہیں، چیف میڈیکل آفیسر برطانیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں میں وائرس کی منتقلی ایران میں ہوئی۔ برطانیہ میں ایسا پہلا مریض بھی سامنے آ گیا ہے جسے کرونا وائرس برطانیہ ہی میں لاحق ہوا، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ سرے کاؤنٹی کے رہایشی کو وائرس کیسے لگا، کسی ایسے شخص سے براہ راست یا بالواسطہ طور پر جو باہر سے آیا ہو، کیوں کہ اس نے خود باہر کا سفر نہیں کیا تھا۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل برطانوی چیف میڈیکل آفیسر نے کہا تھا کہ برطانیہ میں وائرس پھیلنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں جس کے باعث منگل کے روز متعدد اسکولوں کو بند کیا گیا، کرونا وائرس کو عالمی وبا ڈکلیر کیا گیا تو برطانیہ میں تمام اسکولوں کو بند اور پبلک ٹرانسپورٹ کو محدود کیا جا سکتا ہے۔

    کروناوائرس سے پہلا برطانوی شہری ہلاک، یو اے ای میں دو نئے کیسز

    انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شمالی برطانیہ کے متعدد اسکولوں کے طلبہ سیاحتی دورے پر اٹلی گئے تھے، خدشہ ہے کہ وہ اپنے ساتھ وائرس لائے ہیں۔ دوسری جانب کرونا وائرس کے پیش نظر یارکشائر کے علاقے ہڈرز فیلڈ کے اسکول کے بچوں اور اسٹاف کو گھر بھیج دیا گیا تھا جب کہ 23 بچوں اور 3 اسٹاف ممبرز کو 14 روز تک آئسولیشن میں رکھنے کی ہدایات کی گئی تھی۔

    گزشتہ روز کرونا وائرس سے پہلا برطانوی شہری بھی ہلاک ہو گیا ہے، برطانوی شہری قرنطینہ میں رکھے گئے بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز کا مسافر تھا، ہلاکت سے متعلق خبر جاپانی محکمہ صحت نے دی جو جاپان میں زیر علاج تھا۔ کرونا وائرس سے اب تک جہاز کے 6 مسافر ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • برطانوی میڈیا نے بورس جانسن کو ’پارٹ ٹائم‘ وزیراعظم کا لقب دے دیا

    برطانوی میڈیا نے بورس جانسن کو ’پارٹ ٹائم‘ وزیراعظم کا لقب دے دیا

    لندن: برطانوی میڈیا نے وزیراعظم بورس جانسن کو ’پارٹ ٹائم‘ وزیراعظم کا لقب دے دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس پر ہنگامی اجلاس آئند ہفتے لانے پر بورس جانسن پر تنقید کی جارہی ہے اور برطانوی وزیراعظم کو پارٹ ٹائم وزیراعظم کا لقب دیا گیا ہے۔

    برطانیہ میں کرونا وائرس کے 19 نئے کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے، برطانیہ میں کرونا وائرس مزید پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ کروناوائرس سے پہلا برطانوی شہری ہلاک ہوگیا جبکہ متحدہ عرب امارات میں مہلک وائرس کے مزید دو نئے کیسز سامنے آگئے۔

    مزید پڑھیں: برطانیہ میں اسکولز بند، کرونا وائرس کا خطرہ بڑھ گیا

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جاپانی محکمہ صحت نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ برطانوی شہری کی ہلاکت جاپان میں ہوئی، کروناوائرس سے اب تک 6 جہاز کے مسافر ہلاک ہوچکے ہیں۔

    دو روز قبل برطانوی چیف میڈیکل آفیسر کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کو عالمی وباء ڈکلیر کیا گیا تو برطانیہ میں اسکولز کو بند اور پبلک ٹرانسپورٹ کو محدود کیا جا سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حالات کے مطابق تمام فیصلے لیے جائیں گے جس کا مقصد صرف کرونا کو پھیلنے سے روکنا ہے، شمالی برطانیہ کے متعدد سکولز کے طلباء سیاحتی دورے پر اٹلی گئے تھے اور خدشہ ہے کہ وہ اپنے ساتھ وائرس لائے ہیں۔

  • برطانیہ سے کیارا اور ڈینس کے بعد ’جارج‘ طوفان ٹکرائے گا

    برطانیہ سے کیارا اور ڈینس کے بعد ’جارج‘ طوفان ٹکرائے گا

    لندن: برطانیہ میں ایک ماہ میں تیسرا موسمی طوفان ٹکرائے گا جسے جارج کا نام دیا گیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں کیارا اور ڈینس کے بعد جارج طوفان سیلاب، طوفانی ہوائیں لائے گا، آج سے شروع ہونے والے جارج میں 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

    رپورٹ کے مطابق سیلانی پانی سے پہلے ہی برطانیہ کی متعدد علاقے متاثر ہیں، جارج طوفان میں 80 ملی لیٹر بارش کا بھی امکان ہے۔

    لندن کے محکمہ موسمیات نے طوفان کے پیش نظر زرد وارنگ جاری کردی، جارج طوفان سے ساحلی علاقے زیادہ متاثر ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: برطانیہ: ڈینس طوفان سے متعدد علاقے متاثر، 2 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ 17 فروری کو برطانیہ میں طوفان کیارا کے بعد ڈینس نے تباہی مچا ئی تھی، ویلز میں متعدد علاقے طوفان سے شدید متاثر ہوئے، طوفان کے باعث 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ساؤتھ ویلز میں طوفان کو بڑا واقعہ قرار دیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل آنے والے طوفان کیارہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے تھے جب کہ جہاز، ٹرین اور پبلک ٹرانسپورٹ بری طرح متاثر ہوئی تھی، طوفان کیارہ کے باعث 2 افراد بھی لقمہ اجل بنے تھے، جب کہ 5 لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی کٹ گئی تھی۔

    اس طوفان کو دہائی کا سب سے بڑا طوفان قرار دیا گیا تھا، جس نے برطانیہ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی تھی، شمالی برطانیہ میں 92 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں، یارکشائر کے مضافاتی علاقے زیر آب آ گئے، اور پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا تھا۔

  • کرونا وائرس، برٹش ایئرویز نے میلان کے لیے پروازیں منسوخ کردیں

    کرونا وائرس، برٹش ایئرویز نے میلان کے لیے پروازیں منسوخ کردیں

    مانچسٹر: کرونا وائرس کے سبب برٹش ایئرویز نے میلان کے لیے پروازیں منسوخ کردیں، گزشتہ روز سے اب تک ایئرلائن کی 22 پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منسوخی کا فیصلہ مسافروں کی حفاظت کے لیے کیا گیا ہے، اٹلی میں اب تک 400 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ چین کے بعد سب سے زیادہ تیز کرونا وائرس اٹلی میں پھیلا، اٹلی میں اب تک 11 علاقوں میں وائرس پھیل چکا ہے۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس سے 5 لاکھ برطانوی شہریوں کی ہلاکت کا خدشہ

    اٹلی کے تمام متاثر علاقوں میں عوامی مقامات، جامعات ایک ہفتے کے لیے بند کردی گئی ہیں، آسٹریا کا اٹلی کے ساتھ بارڈر بند کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یورپ بھر میں وائرس کے کئی کیسز سامنے آچکے ہیں، برطانیہ میں اب تک کرونا وائرس کے 15 کیسز سامنے آچکے ہیں، 7 ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

    برطانیہ میں بھی وائرس کے خطرناک حد تک پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ گزشتہ دنوں میں ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ برطانیہ میں 5 لاکھ افراد کے کرونا وائرس سے ہلاکت کا خدشہ ہے۔