Author: زاہد نور

  • پاکستان دوست رکن برطانوی پارلیمنٹ سر ٹونی لائیڈ چل بسے

    پاکستان دوست رکن برطانوی پارلیمنٹ سر ٹونی لائیڈ چل بسے

    مانچسٹر: پاکستان دوست رکن برطانوی پارلیمنٹ سر ٹونی لائیڈ چل بسے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ٹاؤن راچڈیل سے لیبر ایم پی سر ٹونی لائیڈ بدھ کو انتقال کر گئے، ان کی عمر 73 برس تھی، اہل خانہ نے کہا کہ ان کا انتقال گھر میں پرسکون طور پر ہوا، اور وہ موت سے چند دن قبل تک روز مرہ کے کام کرتے رہے۔

    سر ٹونی لائیڈ نے ایک ہفتہ قبل انکشاف کیا تھا کہ انھیں ناقابل علاج لیوکیمیا لاحق ہے، ان کے خون کے کینسر کا علاج بھی کیا گیا اور کیموتھراپی بھی کی گئی۔

    گزشتہ روز اہل خانہ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آج صبح جب وہ اپنے گھر والوں سے گھرے ہوئے تھے، انھوں نے سکون سے آخری سانسیں لیں، یہی ان کی خواہش رہی تھی۔

    واضح رہے کہ ٹونی لائیڈ کا شمار پاکستان دوست اور کشمیر کی آزادی کے لیے ہمیشہ آواز اُٹھانے والوں میں ہوتا تھا، سر کیئر اسٹارمر نے ملک و قوم کے لیے خدمات پر ٹونی لائیڈ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    ٹونی لائیڈ 1983 میں پہلی بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، 1997 سے 1999 تک برطانوی وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز رہے، ٹونی لائیڈ کو پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ خصوصی لگاؤ تھا، اور وہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے واضح مؤقف رکھتے تھے۔

  • اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات: برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کی سونک سرکار پر کڑی تنقید

    اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات: برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کی سونک سرکار پر کڑی تنقید

    لندن : برطانوی رکن پارلیمنٹ نازشاہ نے سونک سرکار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اسلاموفوبیا کے خلاف پالیسی دینےمیں ناکام رہی ، مسلمان برطانیہ چھوڑ کر جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بریڈفورڈ سے لیبر پارٹی کی پاکستانی نژادبرطانوی رُکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    ایوان میں ناز شاہ نے اسلاموفوبیا کے حوالے سے مؤثر اقدامات نہ اُٹھانے اور پالیسی ترتیب نہ دینے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    ناز شاہ کا کہنا تھا کہ مسلمان برطانیہ میں اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے پریشان ہیں اور برطانیہ چھوڑنے کی استطاعت رکھنے والے ملک چھوڑ کر جارہے ہیں۔

    برطانوی رُکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ حکومتی اعداد و شمار مسلمانوں پر حملوں کے گواہ ہیں، مگر حکومت اسلاموفوبیا کو تسلیم کرنے کو بھی تیار نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ ہیں مگر ایسا بالکل بھی نہیں ہے، وہ اور اُن کی حکومت صرف اُن مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں یا اُنہیں اپنی تقریبات میں مدعو کرنے جو اُن کے معیار پر پورا اُتریں۔

    ناز شاہ کا کہنا تھا کہ در اصل حکومت اسلاموفوبیا کے خلاف کسی بھی قسم کی پالیسی دینے میں ناکام ہوچکی ہے، آئندہ الیکشن میں عوام حکومت سے حساب لینگے

  • انگلینڈ نے ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان کر دیا

    انگلینڈ نے ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان کر دیا

    بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کیلئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

    تجربہ کار جوزبٹلر انگلش ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ٹیم میں ہیری بروک اور اٹکنسن جیسے نوجوان کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

    معین علی، جونی بیئرسٹو، ہیری بروک، بین اسٹوکس، لیام لیونگ اسٹون، ڈاوڈ ملان، سیم کرن، جوروٹ، عادل رشید، اٹکنسن، ریس ٹوپلے، ڈیوڈ ولے، مارک ووڈ اور کرس ووکس اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

    Image

    جوز بٹلر نے پُرزور انداز میں کہا ہے کہ ان کی ٹیم رواں سال محض دفاع کے بجائے پھر سے ورلڈکپ جیتنا چاہتی ہے۔

    بٹلر نے کہا کہ ہم عمدہ طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں اور ہم کسی چیز کے دفاع کرنے کی کوشش نہیں کررہے بلکہ ہم تو وہاں جاکر ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس وقت ہماری بھی وہی پوزیشن ہے جو دوسری ٹیموں کی ہے۔

    انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم بہتر سے بہتر ہورہے ہیں، ہر کسی نے یہی کہا کہ گزشتہ میچ کی وکٹ سلو تھی اور اس پر کافی محنت کرنا پڑی، اسپنرز نے بہت عمدگی سے بولنگ کی۔

    انگلش کپتان نے کہا کہ ہم بہتر پوزیشش میں ہیں بحیثیت پلیئر میں آئندہ ورلڈ ایونٹ کے لیے پرجوش ہوں۔ ہمارے کھلاڑی بیٹ اور بول کے ساتھ اپنی مہارت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

  • ورکشاپ میں شامل پاکستانی ججز کے انتخاب میں ہمارا کوئی عمل دخل نہیں، برطانوی یونیورسٹی

    ورکشاپ میں شامل پاکستانی ججز کے انتخاب میں ہمارا کوئی عمل دخل نہیں، برطانوی یونیورسٹی

    لندن: برطانوی یونیورسٹی ہُل نے کہا ہے کہ ورکشاپ میں شامل پاکستانی ججز کے انتخاب میں اس کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی یونیورسٹی نے پاکستانی ججز کے تربیتی کورس سے متعلق وضاحت جاری کر دی ہے، یونیورسٹی آف ہُل نے ٹریننگ کورس سے متعلق وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ٹریننگ کے لیے افراد کے انتخاب میں اس کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے کورس میں شرکت کرنے والے ججز کا انتخاب پاکستان کی متعلقہ عدالتیں کرتی ہیں، موجودہ کورس کے شرکا کا انتخاب اسلام آباد سپریم کورٹ اور پشاور کی ہائی کورٹس نے کیا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سنانے والے جج انگلینڈ روانہ

    اعلامیے کے مطابق ہل یونیورسٹی 2014 سے پاکستانی ججز کے لیے ورکشاپ منعقد کروا رہی ہے۔ یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ دینے والے سیشن جج ہمایوں دلاور بھی یونیورسٹی آف ہل کی ورکشاپ میں شریک ہیں۔

  • اسکاٹ لینڈ کی سابق فرسٹ منسٹر کو گرفتار کرلیا گیا

    اسکاٹ لینڈ کی سابق فرسٹ منسٹر کو گرفتار کرلیا گیا

    اسکاٹ لینڈ کی سابق فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن کو ایس این پی کی فنڈنگ کے حوالے سے جاری تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا۔

    اسکاٹش پولیس نے تصدیق کی کہ اتوار کو ایک 52 سالہ خاتون کو حراست میں لیا گیا تھا اور پولیس کی جانب سے ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

    پولیس نے اسکاٹش نیشنل پارٹی کی جانب سے £600,000 کے عطیات میں غلط استعمال کے حوالے سے نکولا اسٹرجن کو حراست میں لیا ہے۔

    نکولا اسٹرجن کو پولیس نے اسکاٹش نیشنل پارٹی کی جانب سے مالی بدانتظامی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے گرفتار کر لیا ہے۔

    نیکولا اسٹرجن نے اپریل کے پہلے ہفتے میں اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر اور ایس این پی لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ اُن سے پہلے آپریشن برانچفارم میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    ان پر الزام ہے کہ پارٹی کی طرف سے آزادی کی مہم کے لیے £600,000 سے زیادہ کے عطیات غلط خرچ کیے گئے ہیں۔

  • کرکٹر معین علی کا ریٹائرمنٹ پر یو ٹرن

    کرکٹر معین علی کا ریٹائرمنٹ پر یو ٹرن

    انگلینڈ کے کرکٹر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی جس کے بعد انہیں ٹیم انتظامیہ کی جانب سے انگلینڈ کے ایشز اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کرکٹر معین علی نے کہا کہ جیک لیچ کی انجری کے بعد مجھ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا۔

    تاہم کرکٹر نے انگلش کپتان بین اسٹوکس، کوچ اور منیجنگ ڈائریکٹر سے بات چیت کے بعد آج  ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

    معین علی کو  ایجبسٹن اور لارڈز میں ایشز کے پہلے دو ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ معین علی نے ستمبر 2021 میں بھارت کے خلاف انگلینڈ کی سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی جس کے بعد سے انہوں نے کوئی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیلا ہے۔

    واضح رہے کہ 35 سالہ معین علی نے 67 ٹیسٹ میچز میں 2914 رنز بنائے اور 195 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

  • عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف اوورسیز پاکستانی بھی سراپا احتجاج

    عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف اوورسیز پاکستانی بھی سراپا احتجاج

    لندن : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف اوورسیزپاکستانی بھی سراپا احتجاج ہے، مظاہرین نے عمران خان کی گرفتاری نامنظور کے نعرے لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف برطانیہ کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔

    لندن، مانچسٹر، گلاسگو،برمنگھم،مشرقی لندن سمیت مختلف شہروں میں اووسیز پاکستانیوں نے مظاہرے کیے اور عمران خان کی گرفتاری نامنظور کے نعرے لگائے۔

    لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے سامنے اوورسیز پاکستانیوں نے مظاہرہ کیا اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا عمران خان کا الیکشن میں مقابلہ کرنے کے بجائے ان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حکومت کےاس اقدام کے خلاف ہرجگہ احتجاج کریں گے۔

    مانچسٹر میں بھی اوورسیز پاکستانی سڑکوں پرنکل آئے اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔

    گلاسگو اور مشرقی لندن میں بھی پاکستانیوں نے احتجاج کیا ، مظاہرین نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، اسے پار نہ کیا جائے۔

    پی ٹی آئی برطانیہ کے سربراہ عمران خلیل نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتارکیاگیا تولندن، بریڈ فورڈ، مانچسٹر، برمنگھم اورگلاسگو میں احتجاج ہوگا اور ضرورت پڑی تو پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے بھی بھرپوراحتجاج ریکارڈ کرایا جائےگا۔

  • بانی ایم کیو ایم  برطانیہ میں ایک کروڑ پاؤنڈز مالیت کی 6 پراپرٹیز کا کیس ہار گئے

    بانی ایم کیو ایم برطانیہ میں ایک کروڑ پاؤنڈز مالیت کی 6 پراپرٹیز کا کیس ہار گئے

    لندن: لندن ہائی کورٹ میں بانی ایم کیو ایم ایک کروڑ پاؤنڈز مالیت کی چھ پراپرٹیز کا کیس ہار گئے، ایم کیو ایم سیکریٹریٹ سمیت 6 پراپرٹیز کا مقدمہ لندن کی عدالت میں زیر سماعت تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بانی ایم کیو ایم برطانیہ کی عدالت میں مقدمہ ہار گئے، ایم کیوایم پاکستان نے بانی ایم کیوایم کیخلاف ایک کروڑ پاؤنڈز مالیت 6 پراپرٹیز کا کیس جیت لیا۔

    جج کلائیو جونز نے ریمارکس دیئے الطاف حسین 2016 سے پارٹی میں نہیں رہے اس لیے ان پراپرٹیز کی اصل مالک ایم کیو ایم پاکستان ہے۔

    کیس کے متعلق ندیم نصرت بیان دینے کیلئے لندن عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

    مقدمہ ایم کیوایم پاکستان کےسید امین الحق کی جانب سے لندن کی عدالت میں کیاگیا تھا، جسکا عدالت نے متحدہ پاکستان کے حق میں آج فیصلہ دیا ہے۔

    امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے

    چند ماہ بعد کیس کے دوسرے حصے کی ٹرائل بھی شروع ہو گی جس میں جائیدادوں سے ہونے والی آمدن زیر سماعت ہو گی۔

    خیال رہے ایم کیو ایم سیکریٹریٹ سمیت 6پراپرٹیز کا مقدمہ لندن کی عدالت میں زیر سماعت تھا۔

    پراپرٹیز کی تفصیل: جوابے دیو ہاؤس ایجوبیئر جہاں الطاف حسین رہائش پذیر ہیں، ہائی ویو گارڈن فرسٹ 12 ہاؤس، ہائی ویو گارڈنز سیکنڈ ہاؤس، جہاں افتخار حسین اپنی فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔

    وٹ چرچ لین فرسٹ ہاؤس، جو لاجرز ہاؤس کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، وٹ چرچ لین سیکنڈ ہاؤس، 53 بروک فیلڈ ایونیو ہاؤس، جہاں سلیم شہزاد اپنی فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہیں اور ایم کیو ایم فرسٹ فلور ملز بتھ ہاؤس کا دفتر، جو انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے طور پر جانا جاتا ہے۔

  • ملک میں نئی حکومت کیسے بنے گی ؟ شیخ رشید کا اہم بیان

    مانچسٹر: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف برطانیہ میں چھپ چھپ کر جی رہا ہے، پاکستان میں اب نئی حکومت اوورسیز والے بنائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے مانچسٹر میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے زاہد نور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف خود ساختہ ہاؤس اریسٹ ہونے کے بجائے اپنے ملک میں جیل کاٹ لیتا تو اچھا ہوتا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف بیرون ملک جاکر چھپنے کے بجائے پاکستانی جیل کا برگر کھالیتا تو وہ زیادہ بہتر تھا اس کی یہاں پر کیا زندگی ہے؟ باہر نکلتاہے تو گالیاں پڑتی ہیں، پیروں میں مہندی لگا کر بیٹھا ہوا ہے۔ ،

    ان کا کہنا تھا کہ آنے والے مہینوں مارچ اور اپریل میں عام انتخابات کی تاریخ اور اس کا شیڈول آجائے گا، اب نئی حکومت اوورسیز پاکستانی بنائیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں یہ دیکھ رہا ہوں کہ جو نئی حکومت بنے گی وہ کیسے چلے گی کیونکہ معیشت کی حالت بہت خراب ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جو35ارکان کے استعفے آج منظور کیے ہیں تو مزید 35اور گیٹ پر کھڑے ہیں، ان کو عقل10سال بعد آتی ہے، ان کی عقل پرماتم کرنے کو دل کرتا ہے، شیخ رشید

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں اب عام انتخابات ہونے جارہے ہیں اور اب اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق مل جائے گا، ملک سے باہر اوورسیز کی صورت میں ایک کروڑ ووٹرز عمران خان کا موجود ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا مزید کہنا تھاکہ پی ڈی ایم والے اب ذلیل و رسوا ہوگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ میڈیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی کیونکہ میڈیا آزاد ہے۔

  • آج قوم کو 2 بڑی خبریں مل رہی ہیں، شیخ رشید

    مانچسٹر : سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آج قوم کو 2 بڑی خبریں مل رہی ہیں، استعفیٰ منظورہویا نہ ہو اسمبلی میں نہیں جانا چاہتا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید 4 روزہ نجی دورے پر برطانیہ پہنچ گئے، مانچسٹر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کل پاکستان میں دو بڑی خبریں قوم کو مل رہی ہیں، اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کو ووٹ کا حق ملے گا اور شریف خاندان کے نیب کیسز کی سماعت ہوگی۔

    شیخ رشید نے بتایا کہ منظور کئے جانے والے استعفوں میں ان کا اور انکے بھتیجے کا استعفٰی بھی شامل ہے، شہباز شریف کو اندازہ نہیں کہ ان کےساتھ کیا ہونےوالا ہے۔

    سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ استعفیٰ منظورہویا نہ ہو اسمبلی میں نہیں جانا چاہتا ، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں ، مارچ ، اپریل میں عام انتخابات کا شیڈول آجائے گا۔

    انھوں نے پاکستان میں سیاسی و معاشی بحران کی ذمہ دار پی ڈی ایم ٹھہراتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کامعاملہ کھٹائی میں پڑچکاہے ، آئی ایم ایف دیگرتمام بڑے ادارے نئی حکومت سے بات کریں گے۔