Author: زاہد مشوانی

  • قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سمیت پی ٹی آئی منتخب نمائندے نا اہل قرار

    قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سمیت پی ٹی آئی منتخب نمائندے نا اہل قرار

    اسلام آباد (5 اگست 2025): الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اپوزیشن لیڈرز سمیت پی ٹی آئی کے کئی منتخب نمائندوں کو نا اہل قرار دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز سمیت دیگر کو نا اہل قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے ان کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی زرتاج گل، رائے حیدر علی، حامد رضا، رائے حسن نواز کو بھی نا اہل قرار دیا ہے۔

    اس کے علاوہ ایم پی اے نصر اقبال، جنید افضل ساہی اور محمد مرتضیٰ اقبال بھی نا اہل قرار پائے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ گزشتہ دنوں اے ٹی سی فیصل آباد کی جانب سے 9 مئی کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی گئی سزاؤں کے تناظر میں دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے مذکورہ رہنماؤں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے ساتھ مذکورہ ارکان کی نشستوں کو خالی قرار دے دیا ہے۔

    واضح رہے کہ فیصل آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 31 جولائی کو 9 مئی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ، فیصلے میں پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    9 مئی کیسز : عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

    اے ٹی سی فیصل آباد نے 9 مئی کیس میں 108 ملزموں کو سزا سنائی جبکہ 77 ملزمان کو بری کر دیا تھا۔

    دوسری جانب تحریک انصاف نے اے ٹی سی کے اس فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    پی ٹی آئی سے متعلق خبریں

  • پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی نااہل قرار

    پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی نااہل قرار

    الیکشن کمیشن نے این اے ون سے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی کو نااہل قرار دے دیا۔

    الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ایم این اے عبداللطیف چترالی کو نااہل قرار دینے کے بعد این اے ون کی نشست خالی قرار دے دی۔

    الیکشن کمیشن نے عبداللطیف چترالی کی نااہلی پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ عبدالطیف چترالی کا کیس دیگر سے مختلف ہے چترالی کے شریک ملزمان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور ہائیکورٹ نے شریک ملزمان کی سزاختم کر کے رہائی کا حکم دیا۔

    یہ پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کے بیان پر الیکشن کمیشن کا ردعمل

    بیان میں واضح کیا گیا تھا کہ عبدالطیف چترالی اس اپیل میں شامل نہیں ہوئے انہیں نوٹس جاری کیا گیا ہے، عبدالطیف چترالی وضاحت دیں کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ ان پر لاگو ہوتا ہے یا نہیں۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹر اعجاز چوہدری، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر اور احمد چٹھہ کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 9 مئی کیس میں اےٹی سی نے تینوں ارکان کو سزا سنائی تھی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ 9 مئی مقدمات میں 39 ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کا خطرہ ہے۔

  • حج 2026: اخراجات کیلیے کب اور کتنی رقم وصول کیے جانے کا امکان ہے؟

    حج 2026: اخراجات کیلیے کب اور کتنی رقم وصول کیے جانے کا امکان ہے؟

    اسلام آباد (29 جولائی 2025): حج 2026 کیلیے اخراجات کی وصولی کی متوقع تاریخ اور رقم سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ حج 2026 کے اخراجات کی وصولی اگست کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پہلی قسط اگست میں تقریباً 5 سے ساڑھے 5 لاکھ روپے ہوگی، حج رجسٹریشن کروانے والے ہی اخراجات جمع کروانے کے اہل ہوں گے، دستیاب کوٹے کے مطابق اخراجات جمع ہونے پر مزید وصولی روکی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: ’گزشتہ سال رہ جانے والے عازمینِ حج کو اگلے سال ترجیح دیں گے‘

    بتایا گیا کہ اخراجات وزارت مذہبی امور کے منظور کردہ بینکوں میں جمع کروائے جا سکیں گے، حج کیلیے ساڑھے 4 لاکھ سے زائد پاکستانی عازمین نے رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ پاکستان کا سرکاری اور نجی حج اسکیم کا مجموعی کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان بڑھتی آبادی کے تناسب سے حج کوٹہ 2 لاکھ 30 ہزار کرنے کا خواہشمند ہے۔

    14 جولائی 2025 کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے بتایا تھا کہ نجی حج ٹور آپریٹرز کی تنظیم چاہتی ہے جو گزشتہ حج پر رہ گئے ان کو اگلے سال ترجیح دی جائے، وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی رہ جانے والے عازمین کو اگلے سال ترجیح دینے کا کہا ہے۔

    عامر ڈوگر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ سعودی عرب میں 365 ملین ریال پاکستانی پرائیویٹ عازمین حج کے موجود ہیں، نجی اسکیم کے 63ہزار عازمین حج کے سعودی عرب میں 365 ملین ریال پڑے ہیں، گزشتہ سال کی طرح اگلے سال بھی قسطوں پر حج فیس جمع کرانے کی سہولت کی تجویز شامل ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ رواں سال کا حج سابقہ سالوں سے شاندار رہا سعودی حکومت نے ایکسی لینسی ایوارڈ دیا ہے، وزیراعظم نے بھی کامیاب حج پر مبارک اور شیلڈ دی، حج کے دوران کسی کو شکایت ہوئی تو فوری حل کی گئی، کابینہ میں جلد حج پالیسی پیش کریں گے اور ارکان تجاویز پیش کر سکتے ہیں۔

    عامر ڈوگر نے نکتہ اٹھایا کہ تنقید برائے تنقید نہیں بلکہ حج کی سرکاری اسکیم کےبہترین انتظامات تھے، 67ہزار پرائیویٹ عازمین رہ گئے ان کامستقبل میں مسئلہ حل کیا جائے، کابینہ کمیٹی 67ہزار عازمین کے ساتھ جو ہوا اسے دیکھیں۔

    وفاقی وزیر سردار یوسف نے جواب میں کہا کہ تکینکی غلطی کی وجہ سے 63ہزار لوگ رہ گئے تھے وزیر اعظم نے تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائی ہوئی ہے جس کی رپورٹ تیار ہو جائے تو وہ کمیٹی میں پیش کر دیں گے۔

    اب تک 313,000 افراد حج 2026 کے لیے اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں تاہم حج اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط کا اعلان حج پالیسی کے مطابق الگ سے کیا جائے گا۔

  • سینیٹر اعجاز چوہدری، ملک احمد بھچر اور احمد چٹھہ کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری

    سینیٹر اعجاز چوہدری، ملک احمد بھچر اور احمد چٹھہ کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری

    الیکشن کمیشن نے 9  مئی کیس قید کی سزا پانے والے تحریک انصاف کے سینیٹر اور دو ارکان اسمبلی کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    الیکشن کمیشن نے سینیٹر اعجاز چوہدری، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر اور احمد چٹھہ کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 9 مئی کیس میں اےٹی سی نے تینوں ارکان کو سزا سنائی تھی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 9 مئی مقدمات میں 39 ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کا خطرہ ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 9 مئی مقدمات میں پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان، 11 ایم این اے اور تین سینیٹرز کی نااہلی کا خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی کے تمام ارکان پر مقدمات ہیں، مجھ سمیت کوئی ایسا پارلیمنٹیرین نہیں جس پر کوئی مقدمہ نہ ہو۔

    بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرے خلاف بھی 6 مقدمات درج ہیں، آج بھی کیسز مین لوگوں کو چھ، چھ ماہ کی سزائیں دی گئیں، ہمیں کہا گیا ڈی چوک پر جلسہ نہیں کرسکتے، کہا گیا جلسہ کرنا ہے تو سنجانی کے مقام پر کریں ، یہ اس قسم کے مقدمات ہیں۔

    انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیرپاؤ پل کیس میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ شاہ محمود قریشی، حمزہ عظیم سمیت دیگر پانچ ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کیا۔

    اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی عدالت سرگودھا میں 9 مئی میانوالی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا تھا۔

    اے ٹی سی کے جج محمد نعیم شیخ نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

  • سینیٹ الیکشن: خیبر پختونخوا سے منتخب آزاد سینیٹرز پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے

    سینیٹ الیکشن: خیبر پختونخوا سے منتخب آزاد سینیٹرز پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے

    اسلام آباد (26 جولائی 2025): سینیٹ الیکشن میں خیبر پختونخوا سے منتخب 5 آزاد سینیٹرز نے باقاعدہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کر لی۔

    متخب آزاد سینیٹرز نے ڈکلیئریشن چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو جمع کروائے۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں مرزا آفریدی، اعظم سواتی، فیصل جاوید، نور الحق قادری اور روبینہ ناز شامل ہیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ڈکلیئریشن الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیے۔

    یہ بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن میں نشان لگے بیلٹ پیپر دینے کی خبروں کی حقیقت

    واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن میں مجموعی طور پر 143 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی روبینہ ناز نے 89 ووٹ حاصل کیے، پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد نے 52 ووٹ حاصل کیے، خواتین کی نشست پر عائشہ بانو اور ماہ وش علی خان کوئی ووٹ حاصل نہ کر سکیں۔

    جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے مراد سعید 26، فیصل جاوید 22 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جنرل نشست پر مرزا آفریدی 21 اور نور الحق قادری 21 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

    جنرل نشست پر جے یو آئی کے عطا الحق درویش 18، ن لیگ کے نیاز احمد 18 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے طلحہٰ محمود 17 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

    جنرل نشست پر آصف رفیق، اظہر قاضی مشوانی، خرم ذیشان، دلاور خان ووٹ نہ لے سکے، شفقت ایاز، عرفان سلیم، فیض الرحمان، وقاص اوکرزئی ووٹ نہ لے سکے۔

    ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم سواتی 89 اور جے یو آئی کے دلاور خان 54 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، خالد مسعود، ارشاد حسین، نور الحق قادری، وقار احمد قاضی کوئی ووٹ حاصل نہ کر سکے۔

  • مخصوص نشستوں کے اراکین کی حلف برداری کب ہوگی؟ الیکشن کمیشن کا اعلامیہ جاری

    مخصوص نشستوں کے اراکین کی حلف برداری کب ہوگی؟ الیکشن کمیشن کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد (20 جولائی 2025): الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا کل صبح 9 بجے مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لیں گے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ گورنر ہاؤس میں کل صبح 9 بجے حلف برداری کی تقریب ہوگی، سینٹ الیکشن کا عمل کل 11 بجے جرگہ ہال میں شروع ہوگا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین اور اقلیتی مخصوص نشستوں کے ارکان نے حلف نہیں لیا، چیف جسٹس ہائیکورٹ کو مراسلہ بھیجا اور حلف برداری کیلیے نامزدگی کی درخواست کی۔

    یہ بھی پڑھیں: کسی بھی وقت مخصوص نشستوں کے ارکان سے حلف لے سکتا ہوں، گورنر کے پی

    الیکشن کمیشن نے آئی جی، چیف سیکرٹری اور آئی جی ایف سی کو سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی۔

    قبل ازیں، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ عتیق شاہ نے مخصوص نشستوں پر اراکین کا حلف لینے کیلیے گورنر فیصل کریم کنڈی کو نامزد کر دیا۔

    الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس ہائیکورٹ عتیق شاہ کو اراکین سے حلف لینے کیلیے کسی کو نامزد کرنے کا خط لکھا تھا۔ چیف جسٹس آرٹیکل 255 (2) کے تحت کسی بھی ممبران سے حلف لینے کیلیے نامزد کر سکتے ہیں۔

    پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ جتنا جلد ممکن ہو گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اراکین سے حلف لیں۔

  • کس نشست پر جےیوآئی اور ن لیگ میں ٹاس ہو گا؟ الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ

    کس نشست پر جےیوآئی اور ن لیگ میں ٹاس ہو گا؟ الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ

    الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر ن لیگ کی درخواست منظور کر لی۔

    الیکشن کمیشن نے کے پی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ کے پی اقلیتی نشست پر جےیو آئی اور ن لیگ  میں ٹاس ہو گا۔

    الیکشن کمیشن نے پیر کو سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

    کےپی میں (ن) لیگ اور جے یو آئی کو 9،9 مخصوص نشستیں مل گئیں جب کہ پی پی کو 5، پی ٹی آئی اور اے این پی کو ایک ایک نشست مل گئی۔

    جے یو آئی کے کامران مرتضیٰ نے دلائل میں کہا کہ ہمارے ساتھ جو ن لیگ نے طے کیا آج اس کے برعکس کیا جا رہا ہے، یہ رولز کی خلاف ورزی ہوگی اگر طارق اعوان کو 9 روز کے بعد بھی شامل کیا جائے۔

    پیپلز پارٹی کے وکیل نئیر بخاری نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ مخصوص نشستوں کی تقسیم کا معاملہ جے یو آئی اور ن لیگ کے درمیان ہے، ن لیگ کا دعویٰ ہمارے خلاف نہیں ہے، یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ہے، ہمارا اس پر کوئی تنازع یا معاملہ نہیں ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ ضمنی انتخاب میں ہم ایک سیٹ جیتے ہیں، ہمارا یہ مؤقف ہے کہ جب انتخابات ہوئے اس کے بعد کی صورت حال کے مطابق سیٹیں دی جانی چاہیے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق 2 فیز میں نوٹیفکیشن ہوئے، پہلے تو سنی اتحاد کونسل والا معاملہ حل نہیں ہوا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے وکیل نے دلائل میں مؤقف اپنایا کہ جنرل نشستوں کے بعد ہی مخصوص نشستیں ملنی ہیں، جتنی جنرل نشستیں ہوں گی اتنی ہی مخصوص نشستیں ملنی چاہیے، سب سے اہم مسئلہ کٹ آف تاریخ کا ہے۔

    وکیل پی ٹی آئی پی نے کہا کہ مخصوص نشستیں واپس نہیں لی جا سکتیں، ہمارے تحفظات ہیں کہ ہمارے 2 نمائندوں کو ایک شمار کیا گیا ہے، نوٹیفکیشنز کے ساتھ اگر دیکھا جائے تو ہماری 2 مخصوص نشستیں بنتی ہیں۔

  • الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

    الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    خیبر پختونخواہ اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی، اے این پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے وکلا پیش ہوئے اور دلائل دیے۔

    ن لیگ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جب جے یو آئی اور ہماری سیٹیں برابر ہیں، تو مخصوص نشستیں کیسے برابر نہیں ہو سکتیں؟ ہماری 8 اور جے یو آئی کی 10 سیٹیں کیسے ہو سکتی ہیں، نو، نو سیٹیں دونوں جماعتوں کو ملنی چاہیے تھیں، قانون کے مطابق برابر ہونے پر ٹاس ہو سکتا ہے۔ لیگی وکیل کا کہنا تھا کہ سیٹیں برابر ہونے پر ٹاس کیا جائے۔


    خیبر پختونخوا میں سیاسی تبدیلی کے لیے اپوزیشن کی مشاورت


    جے یو آئی کے کامران مرتضیٰ نے دلائل میں کہا کہ ہمارے ساتھ جو ن لیگ نے طے کیا آج اس کے برعکس کیا جا رہا ہے، یہ رولز کی خلاف ورزی ہوگی اگر طارق اعوان کو 9 روز کے بعد بھی شامل کیا جائے۔

    پیپلز پارٹی کے وکیل نئیر بخاری نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ مخصوص نشستوں کی تقسیم کا معاملہ جے یو آئی اور ن لیگ کے درمیان ہے، ن لیگ کا دعویٰ ہمارے خلاف نہیں ہے، یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ہے، ہمارا اس پر کوئی تنازع یا معاملہ نہیں ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ ضمنی انتخاب میں ہم ایک سیٹ جیتے ہیں، ہمارا یہ مؤقف ہے کہ جب انتخابات ہوئے اس کے بعد کی صورت حال کے مطابق سیٹیں دی جانی چاہیے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق 2 فیز میں نوٹیفکیشن ہوئے، پہلے تو سنی اتحاد کونسل والا معاملہ حل نہیں ہوا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے وکیل نے دلائل میں مؤقف اپنایا کہ جنرل نشستوں کے بعد ہی مخصوص نشستیں ملنی ہیں، جتنی جنرل نشستیں ہوں گی اتنی ہی مخصوص نشستیں ملنی چاہیے، سب سے اہم مسئلہ کٹ آف تاریخ کا ہے۔

    وکیل پی ٹی آئی پی نے کہا کہ مخصوص نشستیں واپس نہیں لی جا سکتیں، ہمارے تحفظات ہیں کہ ہمارے 2 نمائندوں کو ایک شمار کیا گیا ہے، نوٹیفکیشنز کے ساتھ اگر دیکھا جائے تو ہماری 2 مخصوص نشستیں بنتی ہیں۔

    فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  • خیبر پختونخوا میں سیاسی تبدیلی کے لیے اپوزیشن کی مشاورت

    خیبر پختونخوا میں سیاسی تبدیلی کے لیے اپوزیشن کی مشاورت

    پشاور(14 جولائی 2025): خیبر پختونخوا میں سیاسی تبدیلی کے لیے اپوزیشن کی مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی، رہنما مسلم لیگ ن امیر مقام اور سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے درمیان غیر رسمی سیاسی مشاورت ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق اس مشاورت میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی شامل ہوئے، ملاقات پرویز خٹک کی رہائش گاہ پر انکی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد ہوئی۔

    اس سلسلے میں گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا میں بھی صوبائی اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کی جلد بڑی بیٹھک کا فیصلہ کیا گیا ہے، ملاقات کے دوران صوبائی اپوزیشن قیادت نے سینیٹ انتخابات بھی مل کر لڑنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

    دوسری جانب مولانا فضل الرحمن سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

      ملاقات میں وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے حوالے سے قبائلی عوام کے تحفظات پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

  • شبلی فراز دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل

    شبلی فراز دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل

    اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شبلی فراز کو دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کو سینے میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق شبلی فراز کو رات گئے پی آئی سی پشاور ہنگامی طور پر منتقل کیا گیا، ان کو دل کی تکلیف ہوئی جس کے بعد ابتدائی علاج کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: شبلی فراز زخمی حالت میں اسپتال منتقل، طبیعت ناساز

    مزید بتایا گیا کہ ڈاکٹرز نے پی ٹہ آئی رہنما کو آئندہ 24 گھنٹے نگرانی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈاکٹرز آج ان کے آئندہ کے علاج سے متعلق مشاورت کریں گے۔

    یاد رہے کہ مارچ 2023 میں پی ٹی آئی رہنما کو طبیعت ناسازی کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ شبلی فراز توشہ خانہ کیس کی سماعت کے موقع پر اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کے ہمراہ تھے، بعد ازاں میڈیا پر ان کے اچانک غائب ہو جانے کی خبریں نشر ہوئی تھیں۔

    بتایا گیا تھا کہ سابق وفاقی وزیر کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ وہ تشدد سے زخمی ہوئے اور شیلنگ کے باعث پھیپھڑے متاثر ہوئے۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب، اسد عمر اور سینیٹر فیصل سلیم نے شبلی فراز کی عیادت کی اور خیریت پوچھی تھی۔