Author: زاہد مشوانی

  • ’پاک سرزمین پارٹی کی تحلیل‘

    ’پاک سرزمین پارٹی کی تحلیل‘

    اسلام آباد: پاک سرزمین پارٹی کی تحلیل سے متعلق الیکشن کمیشن نے کیس سماعت کیلئےمقرر کر دیا۔ کیس کی سماعت کے لیے مصطفی کمال اور انیس قائمخانی کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

    نئی سیاسی جماعت حصار مسلم کو انتخابی نشان ٹیولپ الاٹ کرنےکی درخواست کی گئی ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن نےدرخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔

    نرگس کاپھول الاٹ کرنےکے کیس میں شہزاد قیصر کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

    سال2021-22 کیلئے مالی گوشوارے جمع نہ کرانےکے معاملے پر حماداظہر، شہریارآفریدی، عامرکیانی و دیگر کو آخری موقع دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تینوں معاملات کی سماعت 27 ستمبر کیلئےمقرر کردی۔

  • جی ڈی اے  نے الیکشن کمیشن  کے نئی حلقہ بندی کے فیصلے کی  تائید  کردی

    جی ڈی اے نے الیکشن کمیشن کے نئی حلقہ بندی کے فیصلے کی تائید کردی

    اسلام آباد : جی ڈی اے وفد نے الیکشن کمیشن کے نئی حلقہ بندی کے فیصلےکی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا حلقہ بندی شفاف انتخابات کی بنیاد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے وفد نے انتخابی عمل پر مشاورت کے لیے چیف الیکشن کمشنر و ممبران سے ملاقات کی ، جس کے اعلامیہ جاری کیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ آج الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس گرینڈ ڈیمویٹک الائنس کے وفد سے ہوا، جی ڈی اے وفد نے الیکشن کمیشن کےنئی حلقہ بندی کے فیصلےکی مکمل تائید کی ، حلقہ بندی شفاف انتخابات کی بنیاد ہیں۔

    جی ڈی اے وفد کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندی کا کام مکمل کیا جائے اور انتخابات نئی حلقہ بندی کے بعد کرائے جائیں ساتھ ہی انتخابی فہرستوں کی تجدیدبھی کی جائے تاکہ ووٹ کااندراج، حذف ،درستی ہوسکے۔

    جی ڈی اے نے مؤقف میں کہا کہ الیکشن کمیشن احکامات کے مطابق صوبائی افسران کے ٹرانسفرزکویقینی بنایا جائے، چیف الیکشن کمشنر کے نگران وزیراعلیٰ کو خط کے باوجود ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں ہورہی۔

    وفد نے مطالبہ کیا کہ ریٹرننگ آفیسر غیر جانبدار افسران کو لگایا جائے ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرزمختلف وفاقی سروسز کےآفیسرزکو ریٹرننگ آفیسر تعینات کیاجائے اور تمام انتظامات کو مکمل کرنے کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے اور تمام بلدیاتی اداروں کوانتخابات تک معطل اور ایڈمنسٹریٹرز تعینات کیاجائے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین ،قانون کےتحت شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ، الیکشن کمیشن ان تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن تجاویز پر آئین وقانون کےمطابق الیکشن کمیشن فیصلہ کرےگا اور حلقہ بندی کے کام کی شفافیت کو یقینی بنائے گا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں سےمشاورت مدنظر رکھ کرالیکشن کمیشن کا آج اہم اجلاس طلب کیا ہے، حلقہ بندی کے دورانیے کومزید کم کرکےانتخابات کےشیڈول کا اعلان کیاجائیگا۔

  • الیکشن کمیشن  نے حلقہ بندیوں  کا دورانیہ کم کر دیا

    الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا دورانیہ کم کر دیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا دورانیہ کم کر دیا اور کہا جتنی جلدی ممکن ہوں گی حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں حلقہ بندیوں کا دورانیہ پر غور کیا گیا اور انتخابات کے شیڈول کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

    اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا دورانیہ کم کر دیا ہے، 30نومبر کوحلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کی جائیگی۔

    اعلامیہ الیکشن کمیشن میں کہا کہ جتنی جلدی ممکن ہوں گی حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں گی ،حلقہ بندیوں کی تاریخ مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کااعلان کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندی کےدورانیے کوکم کرنے کامقصد جلد الیکشن کا انعقاد ہے۔

  • ملک میں عام انتخابات فروری کے دوسرے ہفتے میں کرائے جانے کا امکان

    ملک میں عام انتخابات فروری کے دوسرے ہفتے میں کرائے جانے کا امکان

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول 14 دسمبر کے بعد جاری کئے جانے کا امکان ہے،  جس کے بعد ملک میں عام انتخابات فروری کے دوسرے ہفتے میں ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں عام انتخابات فروری کے دوسرے ہفتے میں کرائے جانے کا امکان ہے ، ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی شیڈول پر الیکشن کمیشن میں تجاویز پر غور کیا ، انتخابی شیڈول 14 دسمبر کے بعد جاری کیا جائے گا۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کےبعد54دن میں انتخابی شیڈول سمیت دیگر کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

    یاد رہے مسلم لیگ ن کے وفد نے الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کا عمل جلدی مکمل کرنے کی تجاویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کا عمل 15 سے 20 دن قبل مکمل ہوسکتا ہے، نئی ووٹر لسٹوں کو ساتھ مرتب کرسکتے ہیں۔

    وفد کا کہنا تھا کہ نومبرتک حلقہ بندیاں مکمل کرکےانتخابی شیڈول جاری کیاجاسکتاہے، اس عمل سے جلدی انتخابات ممکن ہوسکیں گے۔

    ن لیگ نے حلقہ بندیوں کیساتھ انتخابی فہرستوں کوحتمی شکل دینے کی بھی تجویز دی ہے۔

  • ن لیگ کی الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کا عمل جلدی مکمل کرنے کی تجاویز

    ن لیگ کی الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کا عمل جلدی مکمل کرنے کی تجاویز

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کا عمل جلدی مکمل کرنے کی تجاویز دے دی اور کہا نومبرتک حلقہ بندیاں مکمل کرکےانتخابی شیڈول جاری کیا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے وفد کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کا احوال سامنے آگیا، ملاقات میں ن لیگ نے الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کا عمل جلدی مکمل کرنے کی تجاویز دے دی۔

    ن لیگ نے تجویز دی کہ حلقہ بندیوں کا عمل 15 سے 20 دن قبل مکمل ہوسکتا ہے، نئی ووٹر لسٹوں کو ساتھ مرتب کرسکتے ہیں، نومبرتک حلقہ بندیاں مکمل کرکےانتخابی شیڈول جاری کیاجاسکتاہے، اس عمل سے جلدی انتخابات ممکن ہوسکیں گے۔

    ن لیگ وفد کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے مطابق جتنا جلدی الیکشن ہو ملک کیلئے بہتر ہے، ہماری تجویز پر الیکشن کمیشن مثبت جواب دیا،الیکشن کمیشن اپنی صلاحیت ،اہلیت دیکھ کر جلد انتخابات کی کوشش کرے گا۔

    مسلم لیگ ن کی جانب سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن بھی چاہتا ہے کہ سیاسی عمل جاری رہے ،الیکشن کمیشن بھی یہ ذمہ داری جلد نبھانے کی خواہاں ہے اور آئین اور قانون 90 دن میں انتخابات کرانے کا کہتا ہے۔

    وفد کا مزید کہنا تھا کہ آئین کے مطابق نئی مردم شماری کےسرکاری نتائج کے بعد نئی حلقہ بندیاں ضروری ہیں، امریکی سفیر کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات الگ معاملہ ہے، انتخابات اندرونی معاملہ ہے امریکی سفیرکی ملاقاتیں اثر انداز نہیں ہوں گی۔

  • چیف الیکشن کمشنر کا صدرمملکت سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ

    چیف الیکشن کمشنر کا صدرمملکت سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات نہیں کرنے کا فصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کے خط کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں قانونی ٹیم نے آئینی و قانونی پر بریفنگ دی۔

    قانونی ٹیم نے بریفنگ میں کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت صدر سے انتخابی شیڈول پرمشاورت ضروری نہیں، قانونی ٹیم نے صدر مملکت سے مشاورت نہ کرنے کی تجویز دی۔

    انتخابات کی تاریخ کیلیے صدر مملکت کی چیف الیکشن کمیشنر کو ملاقات کی دعوت

    جس کے بعد اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے صدر مملکت کے خط کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول جاری کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، اجلاس میں صدر مملکت سے مشاورت کیلئے نہیں جائیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو عام انتخابات کی مناسب تاریخ طے کرنے کے لیے ملاقات کی دعوت دی تھی۔

  • صدر مملکت کا چیف الیکشن کمشنر کو خط ، الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    صدر مملکت کا چیف الیکشن کمشنر کو خط ، الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط پر اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کی جانب سےچیف الیکشن کمشنرکو لکھے گئے خط کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ اجلاس کی صدارت کریں گے، ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ممبران و سیکرٹری الیکشن کمیشن شریک ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں صدر مملکت کےدعوت نامے سمیت الیکشن کی تاریخ سے متعلق آئینی معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    گذشتہ روز صدر مملکت عارف علوی نے عام انتخابات کی تاریخ طے کرنے کیلیے چیف الیکشن کمیشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھا تھا ، جس میں ملاقات کی دعوت دی گئی تھی۔

    صدر مملکت کی جانب سے لکھے گئے خط میں چیف الیکشن کمیشنر کو آج یا کل ملاقات کی دعوت گئی تاکہ اس میں عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جا سکے.

    عارف علوی نے خط میں لکھا تھا کہ 9 اگست کو سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے مشورے پر قومی اسمبلی تحلیل کی، صدر آرٹیکل 48 فائیو کے تحت اسمبلی تحلیل کے بعد 90 دن میں الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کا پابند ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے نگران حکومت کے قیام تک ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی

    الیکشن کمیشن نے نگران حکومت کے قیام تک ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے نگران حکومت کے قیام تک ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر پابندی لگا دی اور کہا نگراں حکومت کی تشکیل کےبعدٹرانسفرپوسٹنگ ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے وفاقی سطح پر پوسٹنگ اور ٹرانسفرپرپابندی لگا دی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھ دیا ہے۔

    جس میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اوروفاقی کابینہ تحلیل ہو چکی ہے، نگران سیٹ اپ کی تشکیل تک ٹرانسفر پوسٹنگ روک دی جائے ، جلد نگراں وزیراعظم اور کابینہ کی تشکیل ہو جائے گی۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ علم میں آیا ہےبڑے پیمانے پرٹرانسفر پوسٹنگ کی منصوبہ بندی ہے، نگراں حکومت کے آنے تک ایسے اقدام سے گریز کیا جائے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کی تشکیل کےبعدٹرانسفرپوسٹنگ ہوسکتی ہے۔

  • نئی حلقہ بندیاں کی جائیں گی یا نہیں ؟  الیکشن کمیشن جلد اعلان کرے گا

    نئی حلقہ بندیاں کی جائیں گی یا نہیں ؟ الیکشن کمیشن جلد اعلان کرے گا

    اسلام آباد : قانونی ٹیم نے الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیاں کرنے کی تجویزدے دی ، ذرائع کا کہنا ہے الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں سے متعلق اعلان جلد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت نئی مردم شماری اور حلقہ بندیوں سے متعلق اجلاس ہوا ہے۔

    چیف الیکشن کمشنرکی زیرصدارت نئی مردم شماری اورحلقہ بندیوں سے متعلق اجلاس میں چاروں ممبران کمیشن،سیکرٹری اورقانونی ٹیم نے شرکت کی۔

    اجلاس میں قانونی ٹیم کی جانب سے نئی مردم شماری کے بعد حلقہ بندیوں پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ قانونی ٹیم نے آرٹیکل 51 اور الیکشن ایکٹ کی شق 17سے متعلق بریفنگ دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم نےکمیشن کو نئی حلقہ بندیاں کرنےکی تجویزدے دی اور کہا ئی مردم شماری کےبعدالیکشن کیلئےحلقہ بندیاں ناگزیرہیں۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کی جائیں گی یا نہیں اس حوالے سے الیکشن کمیشن جلد اعلان کرے گا۔

  • الیکشن کمیشن کا چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن کا چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔

    ذرائع کے مطابق ای سی پی نے سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے، الیکشن کمیشن کچھ دیر میں باضابطہ اعلان کرے گا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کو صدارت سے ہٹانے کی فائل کمیشن کو بھجوا دی گئی ہے۔


    واضح رہے کہ آج الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں انتخابات کے عمل، مردم شماری اور دیگر امور پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف عدالتی فیصلے کا بھی جائزہ لیا گیا، اور انھیں پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ ہوا۔