Author: زاہد مشوانی

  • سپریم کورٹ فیصلہ، حکومتی قانونی ٹیم سر جوڑ کر بیٹھ گئی

    سپریم کورٹ فیصلہ، حکومتی قانونی ٹیم سر جوڑ کر بیٹھ گئی

    پنجاب میں الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی لیگل کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی قانونی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ، اکرم شیخ اور اٹارنی جنرل شریک ہوئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے مذکورہ فیصلے کے خلاف آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کیا گیا اور فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔

    دوسری جانب وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بھی آج طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق آج شام وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی اور پارلیمنٹ میں حکومتی مؤقف کو بھرپور اجاگر کرنے کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز پنجاب الیکشن التوا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کے 22 مارچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا اور الیکشن شیڈول میں معمولی ردوبدل کراتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کو الیکشن کے حوالے سے تمام معاونت فراہم کرنے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔

    عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کے بعد وفاقی کابینہ کا ایک اجلاس ہوا تھا جس میں سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا۔

  • پاکستانیوں کے لیے حج میں نئی رکاوٹ کھڑی ہوگئی

    پاکستانیوں کے لیے حج میں نئی رکاوٹ کھڑی ہوگئی

    پاکستانیوں کے لیے حج میں نئی رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے اور ڈالرز کی قلت نے مشکلات کھڑی کر دیں وزارت مذہبی امور نے حج کے لیے حکومت سے فنڈز مانگ لیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانیوں کے لیے حج میں نئی رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے اور ڈالرز کی قلت نے مشکلات کھڑی کر دیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے حج 2023 کے لیے وزارت خزانہ سے مزید 33 ملین ڈالر مانگ لیے ہیں۔

    ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق اس حوالے سے وزارت خزانہ کو درخواست دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت ڈالر نہیں ملے۔ اسپانسرز اسکیم میں ڈالر توقع کے مطابق نہ آنے پر مجموعی طور پر123 ملین درکار ہوں گے لہذا وزارت خزانہ مزید ڈالرز کی فراہمی ممکن بنائے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت مطلوبہ ڈالرز ملتے تو وزرات خزانہ 90 ملین ڈالرز دیتی اور اب مزید 33 ملین مجموعی طور پر 123 ملین ڈالرز درکار ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور کو گورنمنٹ ریگولر اسکیم کے تحت 43 ہزار 308 کےکوٹے پر بینکوں میں 72869 درخواستیں موصول ہوئیں۔ بینکوں سے تمام تفصیلات لے کر حتمی درخواستوں کا تعین 4 اپریل کو ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت بینکنگ کم ہونے پر کوٹہ سعودی حکومت کو واپس کیا جا سکتا ہے۔

  • خیبر پختونخوا میں بھی انتخابات کیلیے 8 اکتوبر کی تاریخ مقرر

    خیبر پختونخوا میں بھی انتخابات کیلیے 8 اکتوبر کی تاریخ مقرر

    پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 اکتوبر کی تاریخ مقرر کرنے کا اعلان کر دیا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 8 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں عام انتخابات ہوں گے جس کے لیے الیکشن شیڈول بعد میں جاری کیا جائےگا۔

    گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے صوبے میں الیکشن کی تاریخ 8 اکتوبر کو کروانے کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے بذریعہ خط الیکشن کمیشن کو کہا تھا کہ صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر دہشتگردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، 15 مارچ کو جنوبی وزیرستان، 19 مارچ کو خیبر جبکہ 22 مارچ کی شب ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز پر حملے میں 3 جوان شہید ہوئے۔

    خط میں بتایا گیا تھا کہ وزیرستان میں 21 مارچ کو دہشتگردوں کے حملے میں آئی ایس آئی بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال شہید جبکہ سات جوان زخمی ہوئے۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 30 اپریل کو ہونے والے عام انتخابات بھی 8 اکتوبر تک ملتوی کر دیے ہیں۔ اس متعلق کمیشن نے بتایا تھا کہ 30 اپریل کو صوبے میں شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں، آرٹیکل 2018 (3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 58 اور 8 سی کے تحت انتخابات ملتوی کیے۔

    ادارے کے ترجمان نے بتایا تھا کہ تمام اداروں نے الیکشن ملتوی کرنے کی سفارش کی تھی لیکن موجودہ صورتحال میں صاف اور شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں۔

  • پنجاب میں عام انتخابات کی منسوخی:  الیکشن کمیشن کا صدر مملکت کو اعتماد میں لینے کے لئے خط

    پنجاب میں عام انتخابات کی منسوخی: الیکشن کمیشن کا صدر مملکت کو اعتماد میں لینے کے لئے خط

    اسلام آباد : پنجاب میں عام انتخابات کی منسوخی پر الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کو اعتماد میں لینے کے لئے خط لکھا دیا، جس میں انتخابات منسوخی کی وجوہات سےآگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں عام انتخابات کی منسوخی پر الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھا، ذرائع نے بتایا کہ خط میں صدر مملکت کو ان تمام وجوہات کی تفصیلات بتائیں گئیں جن کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کا دیا گیا شیڈول منسوخ کیا۔

    خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انتخابات کے لئے شیڈول جاری کیا کیوں کہ صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا خط میں کہنا تھا کہ پنجاب میں صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے لیے گورنر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے علاوہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھی ملاقاتیں اور رابطے کئے گئے تاہم تمام اسٹیک ہولڈرز فوری انتخابات کے لۓ تیار نہیں جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی نفری کی فراہمی سے معذرت کی گئی۔

    خط میں آئین کے آرٹیکل 218(3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 58 اور 8سی کا بھی حوالہ دیا گیا، جس کے تحت انتخابات منسوخ کئے گئے ۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ تیس اپریل کو انتخابات ممکن نہیں تھے اس لئے 8 اکتوبر کی تاریخ پولنگ کے لئے مقرر کی گئی تاہم شیڈول بعد میں جاری کر دیا جائے گا۔

  • الیکشن کمیشن نے پنجاب کے انتخابات ملتوی کردیے

    الیکشن کمیشن نے پنجاب کے انتخابات ملتوی کردیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب کے انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے انتخابات ملتوی ہونے کے بعد اب انتخابات 8 اکتوبر کو ہوں گے۔

    واضح رہے کہ عدالت نے پنجاب اور کے پی میں 30 اپریل کو انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 30 مارچ کو پنجاب میں شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق صدر مملکت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 2018(3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 58 اور 8 سی کے تحت انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ تمام اداروں نے الیکشن ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے، موجودہ صورتحال میں صاف اور شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں۔

    یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال بھی آج ایک سماعت کے دوران واضح کرچکے ہیں کہ اگر شفاف انتخابات میں بدنیتی ہوگی تو سپریم کورٹ مداخلت کرے گی۔

  • الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات سے متعلق آن لائن اسکروٹنی سیل قائم کر دیا

    الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات سے متعلق آن لائن اسکروٹنی سیل قائم کر دیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے مرکزی سیکریٹریٹ میں پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات سے متعلق آن لائن اسکروٹنی سیل قائم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات سے متعلق آن لائن اسکروٹنی سیل قائم کر دیا۔

    تمام ریٹرننگ افسران اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں، 297 آر اوز کیلئے مرکزی سیکریٹریٹ میں آن لائن اسکروٹنی سیل قائم کر دیا ہے.

    کوائف کیلئےضروری پرفارمہ،ایس او پیز ریٹرننگ افسران کو مہیا کر دیئے گئے ، سیل 3 ٹیموں پر مشتمل ہے اور 24 گھنٹے کام کر رہا ہے، فیکس ، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی سہولت ہے،سسٹم کیلئےاسپیشل سافٹ ویئر تیار کیا ہے.

    آن لائن اسکروٹنی سیل درج ذیل مراحل پرمشتمل ہے، آراوز امیدواروں کےکوائف آن لائن اسکروٹنی سیل کو روزانہ کی بنیادپربھیجے گا، امیدواروں کے کوائف اسکروٹنی سافٹ ویئر میں فیڈ کیے جائیں گے.

    نادرا، ایف بی آر ، نیب ،ا سٹیٹ بینک،ایف آئی اے نےفوکل پرسنز، ٹیمیں تشکیل دیدیں، ضروری کوائف و دیگرریکارڈکی جانچ پڑتال کےبعدیہ معلومات الیکشن کمیشن کو مہیا کریں گے.

    اسلام آباد:معلومات ریٹرننگ آفیسروں کو فوری طور پر مہیا کی جائیں گی، اسکروٹنی کے عمل میں ریٹرننگ افسران کی بروقت معاونت کو یقینی بنایا جا سکے.

  • آر اوز بیوروکریسی سے لینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، الیکشن کمیشن

    آر اوز بیوروکریسی سے لینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے سلسلے میں آر اوز بیوروکریسی سے لینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق آج جمعرات کو پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ایک وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، جس میں انھوں نے پی ٹی آئی وفد کے تحفظات سنے، چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کو تحفظات اور خدشات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

    ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں انتخابات کرانے کا پابند ہے، اور انتخابی مہم کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے معاملہ نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ساتھ اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرا دی۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں، الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گا۔

    پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد نے آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری پنجاب کو ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ کیا، وفد کا آر اوز سے متعلق بھی مطالبہ تھا کہ یہ عدلیہ سے لیے جائیں۔ ملاقات میں وفد نے بیوروکریسی سے آر اوز لینے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، اور کہا کہ خدشہ ہے بیوروکریسی غیر جانب دار انتخابات نہیں کرا سکتی، نگراں حکومت پنجاب بیوروکریسی کے آر اوز پر اثر انداز ہوگی۔

    تاہم الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آر اوز عدلیہ سے لینے کی کوشش کی، لیکن لاہور ہائیکورٹ نے جوڈیشل افسران کی فراہمی سے معذرت کر لی ہے، آر اوز بیوروکریسی سے لینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آر اوز کی تعیناتی مزید التوا میں ڈالنے سے الیکشن ملتوی ہو سکتے ہیں۔

  • پنجاب میں عام انتخابات: الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری کر دیا

    پنجاب میں عام انتخابات: الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری کر دیا

    اسلام آباد : پنجاب میں عام انتخابات کے لئے انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا، جس کے تحت پولنگ 30 اپریل کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں عام انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری کر دیا۔

    شیڈول کے تحت پنجاب میں صوبائی اسمبلی کیلئے پولنگ  30اپریل کو ہوگی ، امیدوار 12 سے 14 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔


    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات کی جانچ پڑتال 22 مارچ کو ہو گی اور امیدوار 5 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو انتخابی نشانات 6اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے۔

  • عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست خارج

    عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست خارج

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست خارج کردی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نےسماعت کی۔

    وکیل عمران خان بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ میں جواب جمع کرا رہا، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کارروائی ایڈورس ایکشن نہیں ہے۔

    الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست خارج کردی

    بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے کارروائی نہیں روکی تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ
    جی ہائی کورٹ نے کاروائی نہیں روکی۔

    چیف الیکشن کمشنرنے کہا کیس کی سماعت کرنا سخت ایکشن تو نہیں، کسی عدالت نے الیکشن کمیشن کو کیس کی سماعت سے نہیں روکا۔

    درخواست گزارمحمد آفاق کی جانب سے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹسز غلط ایڈریس اور تاریخ پر موصول ہوئے، یہ الیکشن کمیشن کے عملے کی غلطی ہے۔

    اونچا بولنے پرالیکشن کمیشن نے محمد افاق کےوکیل کی سرزنش کرتے ہوئے کہا اونچا بول کر آپ ہم پر دباؤ نہیں ڈال سکتے۔

    الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست خارج کر دی۔

  • الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ہفتے شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان

    الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ہفتے شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں تیز کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ہفتے شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈی آر اوز اور آر اوز اس بار عدلیہ سے نہیں لیے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب کے انتخابات کے لیے رجسٹرار ہائیکورٹ کو مزید خط نہ لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کی بجائے الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر سے ڈی آر اوز اور آر اوز کی فہرست مانگ لی ہے، صوبائی الیکشن کمشنر آج فہرست الیکشن کمیشن کو بھجوائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے افسران کی ٹریننگ کا آغاز کرے گا، ای سی پی نے پنجاب اور کے پی انتخابات کے اخراجات کا تخمینہ بھی لگا لیا ہے، دونوں صوبوں میں 35 ارب سے زائد کے اخراجات ہونے کا امکان ہے۔

    حکومتی اتحاد کی ملاقات میں پنجاب اور کے پی میں انتخابات پر اتفاق رائے نہ ہو سکا

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ ہفتے وزارت خزانہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں وزارت خزانہ کو فوری فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی جائے گی، وزارت خزانہ کو 25 ارب روپے جاری کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔

    سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے لیے وزارت داخلہ کو بھی آئندہ ہفتے خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔