Author: زاہد مشوانی

  • بابر اعظم نے لاہور قلندرز کے خلاف شکست کا ذمہ دار کسے قرار دیا؟

    بابر اعظم نے لاہور قلندرز کے خلاف شکست کا ذمہ دار کسے قرار دیا؟

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندرز  نے پشاور زلمی کو ہرا کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

    ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے لاہور قلندرز کے خلاف شکست کے بعد گفتگو کی اور انہوں نے شکست کا ذمہ دار خراب فیلڈنگ کو قرار دیا ہے۔

    بابر اعظم نے کہا کہ اتنے اہم میچ میں تین چار کیچ چھوڑیں گے تو یہی نتیجہ آئے گا، ہم وہی غلطیاں دہراتے رہے جو شروع سے کرتے آ رہے تھے۔

    لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہراکر آخری 4 ٹیموں میں جگہ بنالی

    پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کوشش تھی لاہور کو 130 تک محدود کریں لیکن کیچز چھوڑنے کی وجہ سے ڈیڑھ سو رنز بن گئے۔

    بابر اعظم نے مزید کہا کہ میں کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کرنا پسند کرتا ہوں، لیکن میں ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق اپنی بیٹنگ پوزیشن برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

    واضح رہے کہ اتوار کو پی ایس ایل 10کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہرا کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا جس کے بعد ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے والی 4 ٹیموں کا فیصلہ بھی ہوگیا۔

    لاہور قلندرز سے شکست کے بعد بابر اعظم کی پشاور زلمی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی، ملتان سلطانز پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچے کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی۔

    یہ پہلا موقع ہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم پی ایس ایل کے پلے آف کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔

  • بیرون ملک پھنسے مسافروں کو وطن لانے کا سلسلہ شروع

    بیرون ملک پھنسے مسافروں کو وطن لانے کا سلسلہ شروع

    اسلام آباد: پاکستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کیلئے مکمل بحال کردی گئی، حج پروازیں اب سے شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے ایئر پورٹس پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، بیرون ملک پھنسے مسافروں کو وطن واپس لایا جارہا ہے، قومی ایئرلائن کی پرواز ٹورنٹو سے مسافروں کو لیکر لاہور اور پھر کراچی پہنچے گی جبکہ نجی ائیر لائنز کا بھی اندرون ملک فلائٹ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پروازیں اب سے شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ ہوں گی، فلائٹ آپریشن کی وقتاً فوقتاً بندش کے باعث مجموعی طور پر 10 حج پروازیں منسوخ ہوئیں۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور سے 3، اسلام آباد سے 2 جبکہ کراچی اور ملتان کی ایک، ایک حج پرواز منسوخ ہوئی، فلائٹس منسوخی کے باعث 2 ہزار 290 عازمین کا شیڈول متاثر ہوا، ایک ہزار 277 عازمین کو خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کیا جاچکا ہے۔

    رہ جانے والے ایک ہزار 13 عازمین کو جلد خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ کردیا جائے گا، اب تک 19 ہزار 669 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، عازمین حج پروازوں کی معلومات کیلئے متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطے میں رہیں۔

  • سینیٹ میں بھارت کے الزامات کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

    سینیٹ میں بھارت کے الزامات کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

    اسلام آباد : سینیٹ میں بھارت کے الزامات کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ، جس میں بھارت کے تمام الزامات مسترد کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ اجلاس کی صدارت کی ، ایوان میں معمول کی کاروائی معطل کی گئی۔

    نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے بھارتی اقدامات کے خلاف قرارداد پیش کی، قرارداد میں دہشت گردی کی تمام اشکال کی شدید مذمت کی گئی۔

    جس میں کہا گیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، بے گناہ شہریوں کا قتل پاکستانی اقدار کے خلاف ہے، بھارت کے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں اور بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    قرارداد میں کہنا تھا کہ بھارت کی من گھڑت مہم، جھوٹے پروپیگنڈے کی سینیٹ نے مذمت کی اور بھارت کا انڈس واٹر معاہدہ معطل کرنا جنگی اقدام کے مترادف قرار دیا گیا۔

    متن میں کہا گیا کہ پاکستان ہرقسم کی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور پاکستانی قوم امن کی حامی، خود مختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں۔

    مزید پڑھیں : کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ماضی جیسا جواب دیں گے، اسحاق ڈار کا بھارت کو پیغام

    قرارداد میں مزید کہا گیا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارتی دہشت گردی کا احتساب کیا جائے، بھارتی حکومت بدنیتی پر مہم چلا رہی ہے۔

    دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قرارداد پیش کرتے ہوئے اظہار خیال میں کہا کہ کسی نے بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ جان لے کہ ہم پوری طرح تیار ہیں، قومی سلامتی نے بھی کہا ہے کہ کہا پانی بند کرنا جنگ کے مترادف ہوگا۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی طرف سےپاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا افسوسناک ہے، پہلگام میں سیاحوں کی ہلاک پر ہمیں تشویش ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو یکسرمسترد کرتے ہیں، سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے 24 کروڑعوام کی لائف لائن ہے۔

  • سیاسی اتحاد سے متعلق جے یو آئی کا بڑا فیصلہ

    سیاسی اتحاد سے متعلق جے یو آئی کا بڑا فیصلہ

    جمعیت علمأ اسلام (ف) نے باقاعدہ کسی سیاسی اتحاد میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کی مرکزی مجلس عمومی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جے یو آئی اپنے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی سے سیاسی اتحاد نہیں کیا جائے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔ اس سلسلہ میں 27 اپریل کو لاہور، 11 مئی کو پشاور اور 15 مئی کو کوئٹہ میں شہداء غزہ ملین مارچ کیے جائیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/chairman-pti-barrister-gohar-jui-f/

    اجلاس ملک میں امن وامان کی بدترین صورتحال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، حکومتی اور ریاستی ادارے عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام نظر آتے ہیں۔ دھاندلی کے نتیجے میں قائم مرکزی اور صوبائی حکومتیں عوام کے مسائل کے حل اور امن وامان کے قیام میں مکمل ناکام ہوچکی ہیں ۔

    جمعیت علماء اسلام پرزور الفاظ میں ازسرنو صاف اور شفاف انتخابات کے مطالبہ کا اعادہ کرتی ہے البتہ مشترکہ امور پر مختلف مذہبی اور پارلیمانی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ جدوجہد کی حکمت عملی مرکزی مجلس شوری یا مرکزی مجلس عاملہ طے کرے گی۔

  • ہزاروں پاکستانی حج سے محروم رہ جائیں گے، جمع 36 ارب روپے بھی پھنس گئے

    ہزاروں پاکستانی حج سے محروم رہ جائیں گے، جمع 36 ارب روپے بھی پھنس گئے

    اسلام آباد: رواں سال 67 ہزار پاکستانیوں کے حج سے محروم رہ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، نجی ٹور آپریٹرز کے حج کے لیے جمع 36 ارب روپے بھی پھنس گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں حکومت کی جانب سے جج پالیسی کی تاخیر سے منظوری دیے جانے کے باعث درخواستیں بروقت جمع نہیں ہو سکیں، جس کی وجہ سے وقت کم ملا اور انتظامات نہ ہو سکے جب کہ رقم سعودی عرب چلی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت سے بروقت رابطے اور انتظامات نہ کیے جانے کی وجہ سے یہ مسائل پیدا ہوئے ہیں، ادھر سعودی حکومت نے بھی رقم واپس کرنے کی بجائے آئندہ سال ایڈجسٹ کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ بعض کمپنیوں نے حکم امتناع حاصل کر کے کوٹے کو روک دیا تھا، رواں سال پرائیویٹ حج اسکیم سے 23 ہزار 620 عازمین جا سکیں گے، جب کہ نجی حج کوٹے پر ہر سال تقریباً 90 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کرتے ہیں۔

  • نجی حج اسکیم سے متعلق اہم ہدایات جاری

    نجی حج اسکیم سے متعلق اہم ہدایات جاری

    اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے نجی حج اسکیم سے متعلق مستند پرائیویٹ کمپنیوں کو اہم ہدایات جاری کر دی گئیں۔

    وزارت مذہبی امور نے ہدایات میں کہا کہ حج کمپنیاں 18 اپریل 2025 تک ویزا اجرا کو یقینی بنائیں اور نئے کوٹے کے مطابق سہولیات معاہدے کے کاپی فوری فراہم کریں۔

    مستند نجی کمپنیوں کی فہرست ویب سائٹ اور پاک حج ایپ پر اپ ڈیٹ کر دی گئی جہاں نجی عازمین اپنی درخواست کی حیثیت اور سہولتیں دیکھ سکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: 67 ہزار نجی عازمین کا حج سے محروم رہنے کا خدشہ!

    وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی کہ نجی عازمین پاک حج 2025 موبائل ایپ کا استعمال کریں۔

    گزشتہ روز وزارت مذہبی امور کی جانب سے نجی عازمین حج کیلیے ہدایات نامہ جاری کیا گیا تھا کہ نجی حج اسکیم کے تحت اس بار 23620 عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔

    واضح رہے کہ نجی حج ٹور آپریٹرز پہلے ہی 67 ہزار نجی عازمین حج سے متعلق خدشہ ظاہر کر چکے ہیں کہ 95 ارب روپے جمع کروانے والے حج پر نہیں جا سکیں گے۔

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں نجی حج ٹور آپریٹرز کے صدر ثنا اللہ کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ حج سیزن 2025 کیلیے پہلا مسئلہ تو یہ آیا کہ کابینہ نے حج پالیسی کی منظوری میں ڈھائی ماہ لگا دیے۔

    ثنا اللہ نے کمیٹی کو بتایا کہ نجی حج آپریٹرز کو سرکاری اسکیم کے ساتھ ہی درخواستیں لینے کی اجازت نہیں دی گئی، بروقت درخواستیں نہ لینے پر انتظامات نہیں کر سکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم 67 ہزار عازمین حج کی رقم 680 ملین روپے جو پاکستانی کرنسی میں 95 ارب روپے بنتے ہیں وہ سعودی عرب منتقل بھی کر چکے ہیں۔

    ’غلطی ہماری ہے یا وزارت کی اس پر سزا و جزا بعد میں کر لیں گے مگر ابھی حجاج کو بھجیا جائے۔ اعلیٰ سطح کمیٹی بنا کر سعودی عرب بھیجیں اور مسئلہ حل کریں۔ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو 95 ارب روپے جمع کروانے والے حج پر نہیں جا سکیں گے۔‘

    اجلاس میں ڈپٹی سیکریٹری حج کا کہنا تھا کہ سعودی پالیسی کے مطابق ٹور آپریٹرز کو بڑے کلسٹرز بنانے کا کہا گیا تھا، ٹور آپریٹرز نے 450 ملین میں سے 149 ملین ریال سعودی عرب منتقل کیے۔

  • پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس سے متعلق حکم نامہ جاری

    پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس سے متعلق حکم نامہ جاری

    پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے حکم نامہ جاری کر دیا۔

    حکم نامہ کے مطابق کیس کے جوابدہ کو 23اپریل 2024 کو نوٹس جاری کیا گیا اور کیس پہلی مرتبہ گزشتہ سال 30اپریل کوسماعت کیلئے مقرر کیا گیا۔

    الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کیس کی 12 سماعتیں ہو چکی ہیں جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے دوران سماعت 8بار التوا مانگا گیا تو انصاف کے مفاد کے تحت التوا دیا گیا۔

    پی ٹی آئی نے خود لاہورہائیکورٹ سے رابطہ کیا اور حکم نامہ حاصل کیا، لاہور ہائیکورٹ کے حکم نامے کو ایک سال ہو چکا ہے ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی آئندہ کارروائی پر حکم امتناع نہیں دیا۔

    حکم نامہ کے مطابق الیکشن کمیشن پی ٹی آئی انٹر پارٹی کیس کی سماعت جاری رکھےگا اور حتمی فیصلہ درخواست کے نمٹائے جانے کے بعد جاری کرے گا۔

    الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ تمام فریقین اگلی سماعت پر اپنے دلائل مکمل کریںاور کیس پر حتمی دلائل اور جوابی دلائل 22اپریل کو ہوں گے۔

  • ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کتنی؟ تازہ اعداد و شمار جاری

    ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کتنی؟ تازہ اعداد و شمار جاری

    اسلام آباد: ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 26 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک میں ووٹرز کی تعداد سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق مرد ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 12 لاکھ 75 ہزار 222 ہو گئی ہے، جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 13 لاکھ 93 ہزار 293 ہے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک میں مرد ووٹرز کی شرح 53.72 اور خواتین ووٹرز کی شرح 46.2 ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 70 ہزار 744 ہے، جن میں مرد ووٹرز 6 لاکھ 13 ہزار 118 اور خواتین ووٹرز 5 لاکھ 57 ہزار 626 ہیں۔

    اعداد و شمار میں کہا گیا کہ پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 55 لاکھ 45 ہزار 995 ہے، جن میں مرد ووٹرز 4 کروڑ 24 لاکھ 11 ہزار 112 جب کہ خواتین ووٹرز 3 کروڑ 53 لاکھ 4 ہزار 883 ہیں۔

    ای سی پی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ووٹرز کی تعداد 55 لاکھ 37 ہزار 699 ہے، صوبے میں مرد ووٹرز 31 لاکھ 1 ہزار 640 جب کہ خواتین ووٹرز 24 لاکھ 36 ہزار 59 ہیں۔

    خیبرپختونخوا میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 25 لاکھ 89 ہزار 371 ہے، جن میں مرد ووٹرز 1 کروڑ 22 لاکھ 84 ہزار 853 جب کہ خواتین ووٹرز 1 کروڑ 3 لاکھ 4 ہزار 518 ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 78 لاکھ 24 ہزار 706 ہے، جن میں مرد ووٹرز 1 کروڑ 50 لاکھ 34 ہزار 499 جب کہ خواتین ووٹرز 1 کروڑ 27 لاکھ 90 ہزار 207 ہیں۔

  • سینیٹ کا پارلیمانی سال آج مکمل، ایوان مچھلی منڈی بنا رہا

    سینیٹ کا پارلیمانی سال آج مکمل، ایوان مچھلی منڈی بنا رہا

    اسلام آباد: سینیٹ کا پارلیمانی سال آج مکمل ہو گیا ہے، سینیٹ کا سال 11 مارچ کو مکمل ہوتا ہے، اور ایک پار لیمانی سال کے دوران 115 دن اجلاس چلایا جاتا ہے۔

    قومی اسمبلی سے سینیٹ کو 25 بل بھجوائے گئے، سینیٹ میں ایک سال میں 14 بل متعارف کرائے گئے، پارلیمانی 17 قراردادیں منظور کی گئیں، اور ایوان میں 10 ارڈنینس پیش کیے گئے۔

    سینیٹ میں اہم قانون سازی چھبیسویں آئینی ترمیم کی تھی، چھبیسیویں ائینی ترمیم کے موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر اجلاس کی صدارت سے معذرت کر لی تھی، چھبیسویں آئینی ترمیم کے موقع پر طویل اجلاس کی صدارت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کی۔

    اس پارلیمانی سال بھی ایوان مچھلی منڈی بنا رہا، سینیٹ میں اپوزیشن کا مسلسل احتجاج جاری رہا، اس دوران مدارس رجسٹریشن بل 2024 منظور کیا گیا، نیشنل فرانزک ایجنسی 2024، دی لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی بل 2024 بھی لایا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2024 منظور ہوا۔

    سینیٹ کے موجودہ حکومت کے پارلیمانی سال میں مجموعی طور پر 47 بل منظور کیے گئے، آرمی ترمیمی بل 2024 کی منظوری دی گئی، پاکستان ایئر فورس ترمیمی بل 2024، پاکستان نیوی ترمیمی بل 2024 بھی لائے گئے، سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد کا ترمیمی بل 2024 بھی منظور کیا گیا، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل 2024، فیکٹریز ترمیمی بل 2024 کی منظوری دی گئی، دی گارڈین اینڈ وارڈ ترمیمی بل 2024 اور پرائیویٹ ممبرز کے متعدد بلز منظور کیے گئے۔

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پی ٹی آئی کے 3 اراکین عون عباس پبی، فلک ناز چترالی اور ڈاکٹر ہمایون مہمند کی رکنیت معطل کی، رکنیت کی معطلی صرف ایک سیشن کے لیے کی گئی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے دو مرتبہ پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے، اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد تاحال نہیں کرایا جا سکا۔

    غیر قانونی شکار کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے سینیٹر عون عباس کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعد انھیں ایوان میں پیش کیا گیا، سینیٹ میں ابھی تک خیبرپختونخواہ کی نمائندگی نہیں ہے، حکومت کہتی ہے اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ہے، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سینیٹر دنیش کمار اور دیگر بھی ایوان میں انتہائی متحرک نظر آئے۔

  • عید الفطر کس دن ہونے کا امکان ہے؟ ماہرین فلکیات نے پیش گوئی کردی

    عید الفطر کس دن ہونے کا امکان ہے؟ ماہرین فلکیات نے پیش گوئی کردی

    ماہرین فلکیات نے رمضان المبارک 29 روز اور عید الفطر 31 مارچ کو ہونے کی پیش گوئی کردی۔

     ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ رواں رمضان المبارک 29 دنوں کا ہوگا جبکہ عید الفطر 31 مارچ کو منائے جانے کا امکان ہے۔

    ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ ملک میں 30 مارچ کی شام عید الفطر کا چاند نظر آنے کا امکان ہے۔

    غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے ہوگی جبکہ چاند نظر آنے کے امکانات واضح ہوں گے، 30 روزے پورے ہونے کی صورت میں عید الفطر یکم اپریل بروز منگل کو ہوگی۔

    واضح رہے کہ چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔