Author: زاہد مشوانی

  • دھماکے کے 10 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں، ڈائریکٹر پمز

    دھماکے کے 10 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں، ڈائریکٹر پمز

    پمز اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود نے کہا ہے کہ اسلام آباد خودکش دھماکے کے 10 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں خودکش دھماکے کے بعد ڈائریکٹر پمز اسپتال ڈاکٹر خالد مسعود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش دھماکے کے 10 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے۔

    ڈاکٹر خالد مسعود نے بتایا کہ زخمیوں میں 5 پولیس اہلکار اور 5 شہری شامل ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ آج صبح اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھمکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا ہے۔

    واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار وہاں پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کو سیل کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    واقعے کے بعد وزارت صحت نے پمز سمیت دارالحکومت کے دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ’بارود سے بھری گاڑی اسلام آباد میں ’’ہائی ویلیو ٹارگٹ‘‘ کو نشانہ بنانا چاہتی تھی‘

    وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی کا نشانہ اسلام آباد میں ہائی ویلیو ٹارگیٹ تھا۔

  • اسلام آباد میں7 سال بعد بلدیاتی انتخابات

    اسلام آباد میں7 سال بعد بلدیاتی انتخابات

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں7 سال بعد بلدیاتی انتخابات کا دنگل سجنے کو تیار ہے۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے ووٹنگ ہفتہ 31 دسمبر کو ہو گی۔

    سیاسی جماعتوں نےانتخابی مہم تیز کر دی ہے۔ چیئرمین، وائس چیئرمین، 101یونین کونسلز میں 1ہزار 773 امیدوار میدان میں ہیں۔ ہر یوسی میں چیئرمین، وائس چیئرمین، نوجوان، مزدور اور اقلیتوں کی نشست ہے۔ خواتین کی 2 اور جنرل ممبرز کی 6 نشستوں پر مقابلہ ہو گا۔

    کل 9لاکھ 84 ہزار 477 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان میں5 لاکھ 18 ہزار 193مرد، 4لاکھ66 ہزار 284 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

    مقامی نمائندوں کوشفاف نمائندگی دلوانے کیلئے الیکشن کمیشن نے بھی کمر کس لی۔ شہر بھر میں1 ہزار45 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ 3ہزار 100 پولنگ بوتھ، 1ہزار 45 پریزائیڈنگ افسران خدمات دیں گے۔ 13ہزار پولنگ اسٹاف، 14ریٹرننگ افسران ووٹ کی شفافیت یقینی بنائیں گے۔

    آئندہ 5 سال تک شہراقتدار میں کس کی حکمرانی ہوگی،فیصلہ31دسمبرکو ہو گا۔

  • الیکشن کمیشن کا  عمران خان کی پریس کانفرنس کا نوٹس،  تقریر کا اسکرپٹ مانگ لیا

    الیکشن کمیشن کا عمران خان کی پریس کانفرنس کا نوٹس، تقریر کا اسکرپٹ مانگ لیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عمران خان کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے پیمرا سے گزشتہ روز کی تقریر کا سکرپٹ مانگ لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کی پریس کانفرنس کا نوٹس لے لیا اور پیمرا سے گزشتہ روز کی تقریر کا سکرپٹ مانگ لیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے پیمرا کو آج عمران خان کی تقریر کا اسکرپٹ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آرٹیکل 204 کے تحت عمران خان کیخلاف کارروائی کرسکتا ہے۔

    یاد رہے عمران خان نےگزشتہ روزچیف الیکشن کمشنر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ الیکشن کمیشن پہلے ہی عمران خان کے خلاف توہین چیف الیکشن کمشنر کی کارروائی کر رہا ہے.

  • عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی شروع

    عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی شروع

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن حرکت میں آگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی شروع کردی ہے اور پارٹی چیئرمین شپ سےہٹانےکاکیس 13 دسمبر کو سماعت کے لئے مقرر کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اس بڑے فیصلے سے قبل پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے اچانک الیکشن کمیشن کا دورہ کیا تھا۔

    اس موقع پر انہوں نے سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی تھی اور وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور پر گفتگو کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ریفرنس ، عمران خان نااہل قرار

    یاد رہے کہ رواں سال 21 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں بھی سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا۔

    الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو آرٹیکل 63ون کے تحت نااہل قرار دیا اور ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا بھی حکم جاری کیا تھا۔

    الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عمران خان نے غلط گوشوارے جمع کرائے جبکہ بعض تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کئے گئے۔

  • پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے نمبر گیم :  آصف زرداری کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا

    پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے نمبر گیم : آصف زرداری کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا

    اسلام آباد : حکومتی اتحاد کی پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کی کوششیں جاری ہے ، اس حوالے سے آصف زرداری کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گورنر راج کی بجائے ان ہاوس تبدیلی کی کوششیں جاری ہے اور نمبر گیم تبدیل کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہے۔

    اس سلسلے میں حکومت کی اتحادی جماعتیں میں مشاورت ہورہی ہے ، اتحادی ان ہاوس تبدیلی کے حق میں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ہاوس تبدیلی کیلئے اعتماد کے ووٹ کا آپشن استعمال کیا جائے گا، جس کے لئے آصف زرداری کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

    ان ہاؤس تبدیلی کے لیے تحریک عدم اعتماد نہیں لائی جائے گی اور وزیراعلی کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لئے کہا جائے گا ، اعتماد کا ووٹ نہ لیاجا سکا تو وزیر اعلی کا دوبارہ انتخاب ہوگا۔

    یاد رہے مسلم لیگ ن کو پنجاب میں عدم اعتماد کے معاملے پر پارٹی کے اندر مخالفت کا سامنا ہے، چند سینئر رہنما عدم اعتماد یا اعتماد کے ووٹ سے پہلے نمبرز پورے کرنے کےخواہاں ہے ، لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں نمبرز پورے نہ کرسکے تو مزید سیاسی نقصان ہوگا۔

    چند لیگی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ اتفاق رائے تک عدم اعتماد یا گورنر کی ہدایت کوروک لیاجائے، ہمارے18معطل ایم پی ایز کا معاملہ بھی ابھی حل نہیں ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ن لیگ صوبائی قیادت اب بھی فوری عدم اعتماد جمع کرانے کےحق میں ہے۔

  • اسمبلیوں کی تحلیل پر عام انتخابات ہوں گے یا ضمنی؟

    اسمبلیوں کی تحلیل پر عام انتخابات ہوں گے یا ضمنی؟

    عمران خان کے اعلان کے بعد اگر پنجاب، کے پی اور گلگت بلتستان کی اسمبلیاں تحلیل ہوئی تو پھر عام انتخابات ہوں گے یا ضمنی یہ الیکشن کمیشن نے بتا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنڈی جلسے میں تمام اسمبلیوں سے باہر آنے کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن بھی اس سے متعلق واضح موقف آگیا ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کی جانب سے صوبائی اسمبلیاں تحلیل کی جاتی ہیں تو قومی نہیں صرف متعلقہ صوبائی اسمبلی کا الیکشن دوبارہ ہوگا اور جتنے بھی اراکین مستعفی ہوں گے ان حلقوں میں 60 روز کے اندر ضمنی انتخابات کرا دیں گے۔

    کیا ایک ہی سال میں ضمنی اور عام انتخابات کرانا مشکل ہوگا؟ اس سوال کے جواب میں ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ایک ہی سال میں ضمنی اور عام انتخابات کرانا مشکل ہے لیکن ہم قانون کے پابند ہیں۔ حلقہ بندیاں اور بلدیاتی انتخابات بھی مشکل کام تھے مگر ہم نے کیے تو اگر اس معاملے میں بھی مشکل ہے مگر ہم قانون کے مطابق انتخابات کرائیں گے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ کسی بھی صوبائی حلقے میں انتخابات پر تقریباً 5 سے 7 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اگر پنجاب اور کے پی کی اسمبلیوں کے تحلیل ہونے پر وہاں دوبارہ انتخابات ہوئے تو ان پر کم از کم ساڑھے 22 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

     

    یاد رہے کہ اگر پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کی جاتی ہیں تو الیکشن کمیشن کو دونوں صوبوں میں مجموعی طور پر 411 حلقوں میں ضمنی انتخاب کرانا ہوگا۔

  • قانونی طور پر خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے، ذرائع الیکشن کمیشن

    قانونی طور پر خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے، ذرائع الیکشن کمیشن

    ذرائع الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بتایا ہے کہ آئینی اور قانونی طور پر اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔

    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد سے یہ کہا جا رہا ہے کہ ایسی صورت میں الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کا انعقاد کروانا ہوگا۔

    ادھر ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ ایسا کوئی قانون نہیں کتنی نشستیں خالی ہوں تو عام انتخابات لازمی ہوں گے، اسمبلیوں کی آئینی مدت سے پہلے خالی تمام نشستیں پُر کی جاتی ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ اسمبلی مدت ختم ہونے سے 4 ماہ پہلے نشست خالی ہو تو انتخاب نہیں ہوتا، اس سے پہلے جتنی نشستیں خالی ہوں گی ضمنی انتخاب ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ نصف اسمبلی بھی خالی ہو تو ضمنی انتخاب ہوگا، 2 نشستیں بھی اسمبلی میں ہوں تو اسمبلی بحال رہتی ہے۔

  • کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023کو ہوں گے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ

    کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023کو ہوں گے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات سےمتعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا اور کہا کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کرائے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات سےمتعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

    فیصلے میں الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023کو ہوں گے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت، وفاقی وزارت داخلہ کی درخواستوں کا جائزہ لیا اور تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اس دوران سنا گیا۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات کیس کا فیصلہ 15 نومبر کو محفوظ کیا تھا۔

    خیال رہے کراچی اور حیدر آباد ڈویژنوں میں بلدیاتی انتخابات 24 جولائی کو ہونے والے تھے، لیکن اس کے بعد سے انتخابات کو تین بار ملتوی کیا جا چکا ہے، بنیادی طور پر سندھ حکومت کی درخواست کی وجہ سے کہ اس کے پاس مطلوبہ پولیس اہلکار نہیں تھے، جو سیلاب کی امدادی کارروائیوں میں مصروف تھے۔

    انتخابات کو پہلے 28 اگست، پھر 23 اکتوبر، اور پھر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا گیا۔

  • عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی منصوبہ بندی تیار

    عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی منصوبہ بندی تیار

    اسلام آباد: عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے لیے غیرحساس میٹریل بھی خرید لیا گیا ہے، بیلٹ پیپرز کے لیے بھی کاغذ حاصل کرلیا گیا ہے۔

    ای سی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کے لیے میٹریل کی پرنٹنگ جاری ہے جبکہ حلقہ بندیاں بھی مکمل ہوچکی ہیں، انتخابی فہرستیں اپ ڈیٹ، پولنگ اسٹاف کا تمام ڈیٹا، پولنگ اسٹیشنز کتنے ہوں گے اور کہاں کہاں ہوں گے سب ڈیٹا تیار کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی عملے کی تربیت کی تیاری بھی مکمل کرلی گئی ہے آر ایم ایس کے استعمال کی حکمت عملی بھی مرتب کرلی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق آر او اور ڈپٹی آر اوز کی فہرستیں اور ڈیٹا تیار کرلیا گیا ہے سرکاری افسران کی فہرستیں بھی تین ماہ پہل؛ے طلب کی گئی تھیں۔

    ای سی ذرائع کا کہنا ہے کہ آر اوز اور ڈی آر اوز کی تقرریوں کا فیصلہ الیکشن کے قریب ہوگا آر اوز سے متعلق قانون میں تین کیٹیگریز بنائی گئی ہیں جس میں عدلیہ، بیورو کریسی اور الیکشن کمیشن کے افسران بھی شامل ہیں۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے پلان اے اور بی تیار کیے گئے ہیں جبکہ صوبائی الیکشن کمشنرز اور الیکشن کمیشن کے تمام ونگز طلب کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس 22 نومبر کو طلب کیا گیا ہے، ای سی ذرائع کا بتانا ہے کہ عام انتخابات میں دس ماہ باقی ہیں اگر آج بھی اعلان ہوتا ہے تو تیار ہیں۔

  • کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ محفوظ

    کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ محفوظ

    اسلام‌ آباد : الیکشن کمیشن نے کراچی اورحیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا اور ریمارکس دئیے صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر سماعت ہوئی ، سندھ حکومت کی فوری الیکشن کرانے سے معذرت کرلی جبکہ وزارت داخلہ نے بھی فورسز فراہم کرنے سے انکار کردیا۔

    جوائنٹ سیکریٹری نے کہا کہ سیلاب اورامن وامان کے باعث فورسز فراہم نہیں کرسکتے۔

    دوران سماعت آئی جی سندھ نے بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کےحکم پرانتخابات کرالیں گےلیکن سیکیورٹی مسائل ہوں گے۔

    وکیل تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت سندھ چاہتی نہیں اختیارات بلدیاتی نمائندوں کوملیں، پی ٹی آئی چاہتی ہے الیکشن کی تاریخ دی جائے۔

    جماعت اسلامی کےحافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات سےراہ فراراختیارکرتی ہیں،باقی جماعتیں مل بھی جائیں ہم کراچی کی عوام کامقدمہ لڑیں گے۔

    جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حافظ صاحب آپ ان سب پر بھاری ہیں،الیکشن کمیشن ہر وقت انتخاب کرانے کے لیے تیار ہے، الیکشن کمیشن ووٹرزکی سیکیورٹی چاہتا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے ریمارکس دئیےصوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتیں، مگر ہم نے تو کرانے ہیں، مردم شماری ، الیکٹورل اور حلقہ بندیوں کی بنیاد پرالیکشن ملتوی نہیں ہوسکتا۔

    بعد ازاں الیکشن کمیشن نے سندھ بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔