Author: زاہد مشوانی

  • حلقہ این اے 133 ضمنی انتخاب میں‌ ووٹ کی خریداری پر الیکشن کمیشن کا بڑا ایکشن

    حلقہ این اے 133 ضمنی انتخاب میں‌ ووٹ کی خریداری پر الیکشن کمیشن کا بڑا ایکشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی مبینہ خریدوفروخت کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم جاری کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ریٹرننگ آفیسر نے ووٹ خریدنے اور قرآن مجید پر حلف لینے کی مبینہ ویڈیو پرکارروائی اور  فرانزک رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔

    ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق چیئرمین پیمرا، چیئرمین نادرا کو فرانزک انکوائری کرکےحقائق پر مبنی رپورٹ دینے اور ویڈیو میں نظر آنے والے لوگوں کی شناخت کی ہدایت کی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے ویڈیو میں نظر آنے والے انتخابی دفتر کی نشاندہی اور ووٹ خریداری میں ملوث افراد کی تصدیق کر کے سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔

    مزید پڑھیں: این اے 133: پیپلز پارٹی پر ووٹ خریدنے کا الزام، ن لیگ الیکشن کمیشن پہنچ گئی

    ریٹرنگ آفیسر نے تیس نومبر تک تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ ویڈیو کی مناسبت سے مسلم لیگ ن کی امیدوار شائستہ پرویز ملک کو نوٹس جاری کر کے 29 نومبر تک  جواب طلب کیا ہے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتخاب میں کسی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا

    بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے وفاق کو 10 دن میں نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے، واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات سے متعلق ڈیٹا، ضروری دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نوٹیفکیشن نہ آنے کی صورت میں الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں شروع کردے گا۔

    دوسری جانب سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے فیصلہ جاری کیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت سے دو ہفتے میں قانون سازی اور ضروری تفصیلات طلب کرلیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس دوران متعلقہ حکام حلقہ بندیاں بھی چیک کرے گا، بصورت دیگر یکم دسمبر 2021 سے موجودہ قوانین پر حلقہ بندی کا آغاز ہوگا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندی کی تکمیل کے بعد فوری الیکشن شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔

  • حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان معاہدے کے نکات سامنے آگئے

    حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان معاہدے کے نکات سامنے آگئے

    حکومت کی جانب سے قائم کی گئی خصوصی کمیٹی اور کالعدم ٹی ایل پی کے درمیان معاہدےکےنکات سامنے ‏آگئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومتی ٹیم اور ٹی ایل پی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں طے ‏پانے والے معاہدے کے چند نکات سامنے آئے ہیں تاہم تحریری نکات جلد جاری کیے جائیں گے۔

    معاہدے کے تحت ٹی ایل پی کی جانب سے احتجاج آج ختم کر دیا جائےگا اور احتجاج کے شرکا کےخلاف ‏کارروائی نہیں کی جائےگی، شرکاء پرُامن طریقےسے اپنےگھروں کوروانہ ہوں گے۔

    معاہدہ کے مطابق ٹی ایل پی کے خلاف عدالتوں میں زیرسماعت مقدمات کےفیصلےعدالتیں ہی کریں گی اور ٹی ‏ایل پی آئندہ کسی پرُتشدد احتجاج کاحصہ نہیں بنےگی۔

    حکومت پاکستان اور کالعدم جماعت کے درمیان معاہدہ طے پا گیا: مفتی منیب الرحمٰن

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر مملکت علی محمد خان اور مذہبی اسکالر مفتی منیب الرحمٰن نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جبکہ تحریک لبیک شوریٰ کے علامہ غلام عباس فیضی اور مفتی محمد عمیر بھی پریس کانفرنس میں شریک ہوئے۔
    مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے جوان دفاع وطن اور پولیس کے جوان فرض منصبی ادا کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ تحریک لبیک کے دھرنے پر وزیر اعظم نے سنجیدہ اور ذمہ داران پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی قائم کی، حکومتی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، اسد قیصر اور علی محمد خان شامل تھے۔

    مفتی منیب نے کہا کہ میں وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں کہ جو کمیٹی قائم کی اسے امپاور کیا، کمیٹی نے بھی سنجیدگی سے مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کیا۔ ایسا ہی رویہ ٹی ایل پی کی شوریٰ کی طرف سے ملا۔

    انہوں نے کہا کہ معاہدے میں جو طے پایا ہے اس میں سعد رضوی کی تائید اور حمایت حاصل ہے، مذاکرات کسی جبر اور تناؤ کے ماحول میں نہیں ہوئے۔ مذاکرات سنجیدہ، ذمہ دارانہ اور آزادانہ ماحول میں ہوئے۔ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان اتفاق رائے سے معاہدہ طے ہو چکا ہے۔

    مفتی منیب کا کہنا تھا کہ ملک میں امن، سلامتی اور عافیت کے لیے مخلصانہ جدوجہد کے لیے میڈیا کو بھی حصہ ڈالنا چاہیئے۔ اللہ کا کرم ہے کسی ناخوشگوار صورتحال کے پیدا ہونے سے پہلے یہ فیصلہ ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے نکات جلد سامنے آجائیں گے، ہم نے 12 گھنٹے مسلسل کاوش اور محنت کی جس کے اچھے اختتام کو پہنچے، معاہدے کے نتیجے میں اسٹیئرنگ کمیٹی بنائی ہے جو اس کی نگرانی کرے گی، علی محمد خان اسٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ صوبائی وزیر راجہ بشارت، وفاقی سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری داخلہ پنجاب کمیٹی کے رکن ہیں۔

    مفتی منیب کا کہنا تھا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی آج سے ہی فعال ہوجائے گی، یہ معاہدہ ایسا نہیں کہ دوپہر کو دستخط ہوجائیں اور شام کو کہا جائے کہ اس کی قانونی حیثیت نہیں۔ ذمہ داروں نے یقین دہانی کروائی کہ معاہدے پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

  • حکومت اور کالعدم جماعت کےدرمیان مذاکرات طےپاگئے، اہم اعلان متوقع

    حکومت اور کالعدم جماعت کےدرمیان مذاکرات طےپاگئے، اہم اعلان متوقع

    اسلام آباد: حکومت اور کالعدم جماعت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں بڑا بریک تھرو ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت اور کالعدم جماعت کے درمیان مذاکرات طے پاگئے ہیں، کالعدم جماعت کے ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر اور علی محمدخان نےمذاکرات کیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے پریس کانفرنس کےدعوت نامےجاری کئے گئے ہیں، حکومتی اراکین کیساتھ مفتی منیب الرحمان بھی پریس کانفرنس کرینگے، پریس کانفرنس کچھ دیربعدشروع ہوگی۔

    گذشتہ روز اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے علما و مشائخ کی نہایت اہم ملاقات ہوئی، اگر چہ اس ملاقات میں قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تاہم ذرائع یہ دعویٰ کیا تھا کہ حکومت سعد رضوی کے خلاف تمام کیسز ختم کرنے کے لیے رضا مند ہوگئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت کو کیسز ختم کرنے کے لیے دو تین ہفتے درکار ہیں، اجلاس میں حکومت موقف تھا کہ حکومت لانگ مارچ کے شرکا پر کوئی تشدد نہیں کرنا چاہتی، لیکن جو قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی برآمدات ختم ہو جائیں گی: وزیر اعظم

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے واضح کیا کہ فرانس سے متعلق کالعدم جماعت کا مطالبہ ملکی مفاد میں نہیں، اگر فرانسیسی سفیر کو نکالا تو یورپی ممالک سے ہونے والی 10 ارب ڈالر کی ایکسپورٹس ختم ہو جائیں گی، اس فیصلے سے ملکی کرنسی پر بے پناہ دباؤ آئے گا، اور مہنگائی بڑھے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے علمائے کرام سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تحریک لبیک میری حکومت میں اب تک چھ مرتبہ سڑکوں پر آ چکی ہے، میں نے 25 سال پہلے پاکستان میں مدینہ کی فلاحی ریاست کا سوچا تھا، میرے ہاتھ پاؤں مضبوط کرنے کی بجائے یہ لوگ میرے ہی خلاف سڑکوں پر آ گئے۔

  • ناراض رکن ظہور بلیدی کو بی اے پی کا قائم مقام صدر بنا دیا گیا

    ناراض رکن ظہور بلیدی کو بی اے پی کا قائم مقام صدر بنا دیا گیا

    کوئٹہ: ناراض رکن ظہور بلیدی کو بی اے پی کا قائم مقام صدر بنا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بدلتی سیاسی صورت حال میں ایک نیا موڑ آ گیا ہے، بلوچستان عوامی پارٹی کور کمیٹی نے ناراض رکن ظہور بلیدی کو قائم مقام پارٹی صدر بنا دیا۔

    بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکریٹری جنرل منظور کاکڑ نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط لکھ کر کہا کہ باہمی مشاورت سے نائب صدر ظہور بلیدی کو قائم مقام صدر بنا دیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قائم مقام صدر بی اے پی کی تعیناتی پارٹی کے نظم و نسق چلانے کے لیے کی گئی ہے، جام کمال کے استعفے کے بعد پارٹی الیکشن کے لیے قائم مقام صدر کا تقرر ضروری ہے، الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت الیکشن کمیشن کو بھی اعلامیے کی کاپی ارسال کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ظہور بلیدی نے گزشتہ روز جام کمال کے خلاف 14 ارکان کے ہمراہ تحریک عدم پر دستخط کیے تھے، انھوں نے ناراضی کے باعث بطور وزیر خزانہ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ بھی دیا تھا۔

    دوسری طرف آج گورنر بلوچستان وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد پہنچے، جہاں انھوں نے وزیراعظم کو سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بلوچستان میں سیاسی ایشو چل رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ استحکام آئے، صوبے میں جو بھی آئینی اور قانونی طریقہ ہوگا، اس کے مطابق آگے بڑھیں گے۔

    ناراض اراکین نے جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے میں بلوچستان اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے  گورنر، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اراکین اسمبلی، وزرا اور پارلیمانی سیکریٹریز کو مراسلے بھجوا دیے گئے۔

    بی اے پی کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جان محمد جمالی نے ایک بیان میں کہاکہ نومبر تک پارٹی کا نیا صدر منتخب کرلیں گے ، کچھ عرصے سے پارٹی میں رسہ کشی چل رہی ہے ، پارلیمنٹری گروپ میں ایک تفریق ہے  اور اس وقت پارٹی 2 حصوں میں تقسیم ہے۔

     جان محمد جمالی نے کہا کہ میں جام کمال سے مطالبہ کروں گا کہ وہ پالیمانی پارٹی کااجلاس بلائیں ، جس میں مستقبل کے حوالے سے فیصلے ہوں، ناراض ارکان کےپاس بھی وہی اکثریت ہےجو جام کمال کے پاس ہے ،  ظہور آغا نئے نئے گورنر ہیں اس لیے مشورہ کرنے اسلام آباد گئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ صوبائی حکومت چلے اور وزیر اعلیٰ سب کو منالیں۔

  • جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد اگلے 24 گھنٹوں میں متوقع

    جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد اگلے 24 گھنٹوں میں متوقع

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد اگلے 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین کے معاملے کوحل کرنے کے لیے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو، جان محمد جمالی اور صالح بھوتانی اسلام آباد سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین آج اہم بیٹھک کریں گے، اجلاس میں تمام قانونی کارروائی اور تمام پہلوؤں پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے اگلے 24 گھنٹے اہم ہیں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین ایک ہفتے قبل چیئرمین سینٹ کے ہمراہ اسلام آباد آئے تھے، ناراض اراکین کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے استعفے کے بغیر کوئی بات نہیں ہو سکتی۔

    بلوچستان کے 3 ناراض وزرا کے استعفے منظور

    دوسری طرف آج گورنر بلوچستان نے 3 صوبائی وزرا کے استعفے منظور کر لیے ہیں، بلوچستان حکومت سے ناراض وزرا نے 2 روز قبل استعفے گورنر کو پیش کیے تھے۔

    استعفے دینے والوں میں اسد بلوچ، ظہور بلیدی اور سردار عبدالرحمان کھیتران شامل ہیں، وزرا کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی جاری کرے گا۔

    ذرائع گورنر ہاؤس نے بتایا کہ 4 پارلیمانی سیکریٹریز کے استعفے واپس کر دیے گئے ہیں، کیوں کہ آئین کے تحت پارلیمانی سیکریٹری کا استعفیٰ گورنر کو نہیں دیا جاتا۔

  • الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کر دیے

    الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کر دیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کو نوٹسز جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزرا کی جانب سے قومی ادارے الیکشن کمیشن پر الزامات پر ای سی پی نے دونوں وفاقی وزرا سے جواب طلب کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹسز جاری کر کے ان سے لگائے گئے الزامات کے ثبوت مانگ لیے ہیں۔

    قبل ازیں، آج وفاقی وزرا کی جانب سے الزامات پر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں الزامات پر مبنی پیمرا کی جانب سے بھجوائے گئے ویڈیو کلپس کا جائزہ لیا گیا۔

    اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اجلاس میں ویڈیو کلپس کے جائزے کے بعد فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹسز جاری کیے گئے، ان نوٹسز میں الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات پر جواب طلب کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ مذکورہ وفاقی وزرا سے الزامات کے ثبوت مانگنے کا فیصلہ منگل کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہونے والے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

    آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر وزرا ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے تو پھر الیکشن کمیشن کے پاس ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کے درمیان اختلاف کی سب سے بڑی وجہ آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال کا معاملہ ہے۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے اس ووٹنگ مشین کے استعمال پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، ای سی پی کا مؤقف ہے کہ ای وی ایم کے استعمال سے بھی الیکشن شفاف ہونے کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی، کیوں کہ اس مشین کے سافٹ وئیر میں کسی بھی وقت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

  • چیئرمین سینیٹ کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

    چیئرمین سینیٹ کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ کو طبیعت خراب ہونے پر کچھ دیر قبل اسپتال ‏منتقل کیا گیا ہے۔ ‏

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو سینے میں تکلیف پر اسپتال لایاگیا جہاں ڈاکٹرز ان کا طبی ‏معائنہ کر رہے ہیں۔

    صادق سنجرانی کے بلڈ ٹیسٹ بھی لیے گئے ہیں اور رپورٹس کا انتظار کیا جارہا ہے۔

    اس سے قبل رواں سال مئی میں بھی چیئرمین سینیٹ کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا ‏تھا اور ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا۔

    اے ایف آئی سی راولپنڈی میں ضروری ٹیسٹ ہونے کے بعد صادق سجرانی کو مکمل آرام تجویز ‏کیا گیا تھا۔

  • انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر چیئرمین پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس

    انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر چیئرمین پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر بطور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا، شوکاز نوٹس کے زریعے وزیراعظم عمران خان سے بطور چیئرمین پی ٹی آئی چودہ دن میں جواب طلب کیا گیا ہے۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر کیوں نہ پارٹی کا انتخابی نشان واپس لیا جائے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی نے تیرہ جون کوانٹرا پارٹی الیکشن کی تفصیلات فراہم کرنی تھیں، ایک ماہ سے زائد وقت گرزنے کے باوجود تفصیلات فراہم نہیں کیں گئیں۔

    یاد رہے کہ الیکشن ایکٹ کےتحت تمام سیاسی جماعتیں مقررہ وقت پرانٹراپارٹی الیکشن کی پابند ہیں۔

  • الیکشن کمیشن کا الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سےمتعلق بیان کا نوٹس

    الیکشن کمیشن کا الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سےمتعلق بیان کا نوٹس

    الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سےمتعلق بیان کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری وزارت ‏سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بیان پر وضاحت طلب کر لی۔

    سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اسپیسی فکیشن فراہم کرنےکا بیان دیا تھا۔

    سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو خط لکھ دیا ہے جس میں ‏کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین سےمتعلق وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی کو ‏آگاہ کر چکا ہے۔

    خط کے مطابق مشین کے حوالے سےالیکشن کمیشن کے ذمہ مزید کوئی ٹاسک نہیں اور الیکشن ‏کمیشن وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی بریفنگ کامنتظر ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان نےالیکٹرانک ووٹنگ مشین ‏تیارکرلی، مشین کےذریعےووٹرکسی بھی نشان ‏پرکلک کرکے ووٹ ڈال سکےگا۔

    انتخابی نشان پرکلک کرکےالیکٹرانک ووٹ کاسٹ ہوجائےگا، مشین سےووٹ کےساتھ بیلٹ پیپربھی ‏‏پرنٹ ہوسکےگا۔