Author: زاہد مشوانی

  • اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی

    اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی

    الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کانوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 9اکتوبر کو ہونا تھے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ میں نئی قانون سازی کے باعث بلدیاتی الیکشن ملتوی کئےجاتے ہیں اسلام آباد بلدیاتی قانون میں تبدیلی کے بعد انتخابات روکے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے 29 ستمبر کو اسلام آبادمیں بلدیاتی الیکشن کرانے کی یقین دہانی کروائی تھی جس پر اسلام آبادہائیکورٹ نے بلدیاتی الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔

  • سپریم کورٹ میں ججز بڑھانے سے متعلق بل کی تحریک پیش

    سپریم کورٹ میں ججز بڑھانے سے متعلق بل کی تحریک پیش

    سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھانے سے متعلق بل پیش کرنے کی تحریک سینیٹ میں پیش کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر عبدالقادر نے بل پیش کرنے کی تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئینی کیسز بہت زیادہ سپریم کورٹ میں آرہے ہیں آئینی کیسز پر لارجر بنچز بن جاتے ہیں اور لارجر بنچز بننے سے اربوں ٹیکسز والے مسائل دب جاتے ہیں۔

    سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ  پہلے ہی ملک چلانے کیلئے ہزاروں ارب کا قرضہ لے رہے ہیں ججز کی تعداد کم ہے اور آہستہ آہستہ آبادی بڑھ رہی ہے بل منظور کیا جائے تاکہ مقدمات جلد از جلد نمٹائے جا سکیں۔

    سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافے سے متعلق بل پر اپوزیشن نے احتجاج کیا اور ایوان میں ’نو۔۔ نو۔۔‘‘ کے نعرے لگائے۔

  • الیکشن کمیشن نے نواز شریف، حافظ نعیم کے نام بطور پارٹی سربراہ اپ ڈیٹ کر دیے

    الیکشن کمیشن نے نواز شریف، حافظ نعیم کے نام بطور پارٹی سربراہ اپ ڈیٹ کر دیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست اپ ڈیٹ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے پارٹی صدارتی الیکشن اور جماعت اسلامی کے انٹرا پارٹی الیکشن تسلیم کر لیے ہیں، کئی سیاسی جماعتوں کے نئے پارٹی صدر یا چیئرمین کے نام بھی اپ ڈیٹ کر دیے گئے۔

    تاہم، پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی چیئرمین کا نام تاحال اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے نواز شریف کا نام بطور صدر مسلم لیگ ن اپ ڈیٹ کر دیا، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا نام بطور پارٹی سربراہ اپ ڈیٹ کیا گیا، محمود خان کا نام بھی بطور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز اپ ڈیٹ کر دیا گیا۔

    دوسری طرف جسٹس روزی خان پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے سرفراز بگٹی کی اہلیت سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے، الیکشن ٹریبونل نے میر سرفراز بگٹی کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے مختلف سیاسی جماعتوں کی درخواستوں پر وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کر دی ہے، اور متوقع امیدواروں کی انتخابی عمل میں شمولیت کے لیے بھی تاریخ بڑھائی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اب 9 اکتوبر 2024 کو ہوں گے، جس کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 28 اگست تک بڑھائی گئی ہے۔ اس سے قبل اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 29 ستمبر کو کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • جماعت اسلامی نے معاہدے طے ہونے  کی صورت میں وزیر اعظم کے دستخط ہونے کی شرط بھی رکھ دی

    جماعت اسلامی نے معاہدے طے ہونے کی صورت میں وزیر اعظم کے دستخط ہونے کی شرط بھی رکھ دی

    اسلام آباد: جماعت اسلامی کا دھرنا پانچویں روز میں داخل ہو گیا، حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، جماعت اسلامی نے معاہدے طے ہونے کی صورت میں وزیر اعظم کے دستخط ہونے کی شرط بھی رکھ دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی مذاکرات میں ڈیڈ لاک بدستور موجود ہے، دھرنا پانچویں روز میں داخل ہو گیا ہے، اور جماعت اسلامی نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا۔

    شرکا مون سون بارشوں کے باوجود مطالبات منوانے کے لیے پر عزم ہیں، جماعت اسلامی نے حکومت کے سامنے 10 مطالبات رکھے ہیں، جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ وہ مطالبات پر قائم ہیں، حکومتی وفد نے مشاورت کا وقت مانگا تھا، کل شام اور پھر رات کا وقت دیا گیا لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔

    حکومتی وفد کی جانب سے جماعت اسلامی کو کوئی جواب نہیں دیا جا سکا، اور مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے، جماعت اسلامی نے مذاکرات پر وزیر اعظم کی گارنٹی کا مطالبہ بھی کر دیا ہے، جماعت اسلامی نے شرط عائد کی ہے کہ معاہدے طے ہونے کی صورت میں وزیر اعظم کے دستخط ہونے چاہیں۔

    حکومت جماعت اسلامی سے مذاکرات کا دوسرا دور کرنا بھول گئی

    جماعت کے اقتصادی ماہرین نے عوام کو ریلیف دینے کے طریقہ کار کی تفصیل بھی حکومت کو پیش کر دی ہے، کہ حکومت کس کس مد میں بچت کر کے عوام کو بجلی، ٹیکسوں اور دیگر شعبوں میں ریلیف دے سکتی ہے۔

    مذاکرات کا اگلا دور آج شروع ہونے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے لیاقت باغ کے باہر مری روڈ پر دھرنے کا آج پانچواں روز ہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے گزشتہ روز بھی مذاکرات نہیں ہو سکے تھے، حکومتی کمیٹی کی جانب سے رات گئے تک جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم سے رابطہ نہیں کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان آج 11 بجے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔

  • نیتن یاہو کو سرکاری سطح پر دہشت گرد قرار دیا جائے، تحریک لبیک کا دھرنے میں مطالبہ

    نیتن یاہو کو سرکاری سطح پر دہشت گرد قرار دیا جائے، تحریک لبیک کا دھرنے میں مطالبہ

    اسلام آباد: اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو سرکاری سطح پر دہشت گرد قرار دلوانے کے لیے تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا تیسرے روز میں داخل ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک کے دھرنے کا آج تیسرا دن ہے، شرکا نے فلسطین سے متعلق مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔

    تحریک لبیک کا دھرنا راولپنڈی اسلام آباد کے جنکشن فیض آباد انٹر چینچ پر جاری ہے، جس کے باعث ایکسپریس وے، مری روڈ، آئی ایٹ ڈبل روڈ سمیت متعدد سڑکیں بند ہیں۔ دھرنے کے باعث جڑواں شہروں کے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    مختلف شاہراہوں کی بندش سے متبادل راستوں پر ٹریفک کے رش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دھرنا ختم کرنے کے لیے تحریک لبیک اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے انتظامیہ کچھ بھی بتانے سے قاصر ہے۔

    دھرنے کے شرکا نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا ایک بار پھر اعلان کر رکھا ہے، ٹی ایل پی سربراہ حافظ سعد رضوی نے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین تک طبی و غذائی امداد پہنچائی جائے اور نیتن یاہو کو سرکاری سطح پر دہشت گرد قرار دیا جائے۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ وہ ڈٹ کے بیٹھے ہیں اور شرکا سے بھی کہا کہ وہ ڈٹ کے بیٹھے رہیں۔

  • مخصوص نشستوں کا فیصلہ، حلف نامے آج جمع ہونے کا امکان

    مخصوص نشستوں کا فیصلہ، حلف نامے آج جمع ہونے کا امکان

    اسلام آباد: مخصوص نشستوں کے حوالے سے حلف نامے آج الیکشن کمیشن میں جمع ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان آج ممکنہ طور پر مخصوص نشستوں پر حلف نامے جمع کرا دیں گے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے 41 میں سے 25 حلف نامے آنے کا دعویٰ کیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق 41 ارکین قومی اسمبلی کو بیان حلفی دینے ہیں۔

    فیصلے کے مطابق آزاد اراکین نے 15 روز میں پارٹی وابستگی ظاہر کرنی ہے، اس لیے قومی اسمبلی کے 41 آزاد اراکین کو پارٹی وابستگی کے حلف نامہ جمع کرانے ہیں، جب کہ فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کو پارٹی وابستگی کی تصدیق 7 روز میں کرنی ہے۔

    گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ سپریم کورٹ ہمارے اب تک اٹھائے گئے کارکنان کو بازیاب کروائے، ہمارے ارکان پر دباؤ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، ایک ایم این اے صاحب زادہ محبوب سلطان کو اٹھا لیا گیا ہے، ملک احمد کے بھائی اور بیٹے کو بھی اٹھا لیا گیا ہے، اس لیے استدعا ہے کہ ارکان کو اٹھانے کے معاملے کی سپریم کورٹ جلد از جلد سماعت کرے۔

    ترجمان رؤف حسن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کو فراڈ الیکشن کا مجرم قرار دیا ہے، ہم چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آئین سے غداری کے مقدمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

  • فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس ہو، وزیراعظم شہباز شریف

    فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس ہو، وزیراعظم شہباز شریف

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے جس کا دارالحکومت القدس ہو۔

    شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس اور ایس ای او پلس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے فلسطین کی صورتحال سے متعلق دو ٹوک موقف اپنایا، انھوں نے کہا کہ دیرینہ تنازعات کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی طرز پر دوریاستی حل کا حامی ہے، اسرائیل کی جانب سے 20 لاکھ فلسطینیوں کو بےگھر کیا گیا۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے غزہ کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑا، انھوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، جنگی جرائم کا ارتکاب کررہا ہے۔

    شہبازشریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کی کوششیں تیز کرے، عالمی برادری غزہ میں انسانی امداد کی رسائی کیلئے کوششیں تیزکرے۔

    انھوں نے اسرائیلی کو جوابدہ بنانے اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، عالمی عدالتی انصاف بہیمانہ کارروائیوں کو نسل کشی قراردے چکی۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ فلسطین میں 37ہزار کےقریب معصوم لوگوں کو شہید کیا جاچکا ہے، فلسطین کے شہدا میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

  • وزیر اعظم اور بلاول بھٹو میں ملاقات کا اندرونی احوال سامنے آگیا

    وزیر اعظم اور بلاول بھٹو میں ملاقات کا اندرونی احوال سامنے آگیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیان ہونے والی اہم بیٹھک کا اندرونی احوال سامنے آگیا۔

    وزیر اعظم ہاؤس میں شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے بدلے پیپلز پارٹی نے بجٹ منظوری میں تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

    پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیر اعظم کو بجٹ پر اپنے مؤقف سے آگاہ کیا جبکہ شہباز شریف ان کے تحفظات دور کروانے کا وعدہ کیا۔ تحفظات کے خاتمے پر پیپلز پارٹی نے بجٹ منظوری کیلیے حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بجٹ پر اعتماد میں نہ لینے کا معاملہ وزیر اعظم کے سامنے رکھ دیا اور بجٹ پر اعتماد میں نہ لینے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے شہباز شریف سے مکالمے میں کہا کہ حکومت نے طے شدہ معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا، پنجاب حکومت پیپلز پارٹی کا راستہ روک رہی ہے۔

    اس پر وزیر اعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی کے بیشتر نکات سے اتفاق کیا۔ ملاقات میں حکومت اور پیپلز پارٹی میں معاملات کے حل کیلیے کمیٹیاں تشکیل دیں جن کے درمیان کل ملاقات ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ کمیٹیاں وزیر اعظم اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی روشنی میں معاملات آگے بڑھائیں گی۔

  • بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کیلیے مقرر

    بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کیلیے مقرر

    اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس 3 ماہ بعد سماعت کیلیے مقرر کر دیا گیا۔

    الیکشن کمیشن بینچ 25 جون کو کیس کی سماعت کرے گا جس میں بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے خلاف شواہد ریکارڈ کیے جائیں گے۔

    3 جنوری کو توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی تھی جس میں میں سابق وزیر اعظم اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    ممبران نے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی تھی اور یہ فرد جرم دوران سماعت ملزمان کو پڑھ کر سنائی گئی تھی جس کے بعد سماعت 16 جنوری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس کا اوپن ٹرائل کرنے کیلیے فواد چوہدری کی جانب سے درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔

  • الیکشن کمیشن نے ٹربیونل ججز تبدیل کرنے کی منظوری دے دی

    الیکشن کمیشن نے ٹربیونل ججز تبدیل کرنے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں ٹربیونل جج تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ٹربیونل ججز کی تبدیلی سے متعلق لیگی اراکین قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری، انجم عقیل خان اور راجا خرم نواز کی درخواست منظور کر لی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ٹربیونل کی تبدیلی کا 7 جون کا محفوظ فیصلہ سنا دیا، کمیشن نے جمعہ کے روز فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    اسلام آباد کے تین لیگی ایم این ایز نے ٹریبونل پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس پر ملنے والی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی تھی۔