Author: ضیاء الحق

  • پشاور میں ہونیوالے اے پی سی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    پشاور میں ہونیوالے اے پی سی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    پشاور میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں زیادہ تر وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر ضائع کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایپکس کمیٹی اجلاس میں پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھانے پر شرکا تقسیم نظر آئے جبکہ پولیس کا مورال کم کرنے کے حوالے سے بات چیت پر بھی بعض شرکا نالاں ہیں۔

    شرکا نے کہا کہ تاندہ ڈیم کا واقعہ بھی ناقابل فراموش ہے متاثرین کی کسی نے داد رسی نہ کی اجلاس صرف سابقہ حکومت پر تنقید کے لیے بلایا گیا ہے جانی نقصان کا اتنا ہی خیال تھا تو کوہاٹ بھی جانا چاہیے تھا۔

    اجلاس میں شریک شرکا نے کہا کہ قومی سانحے پر سیاست کے بجائے عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں، افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

    ذرائع کے مطابق شرکا نے کہا کہ پولیس اور افواج کے خلاف بیان بازی کا سدباب سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    شرکا نے کہا کہ سانحے میں چند افراد کی غلطی کو پوری فورس سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، پولیس کو فنڈز کی کمی ہے تو وفاق این ایف سی کے تحت ذمہ داری پورے کرے۔

    ایپکس کمیٹی کے شرکا نے کہا کہ کے پی پولیس کی قربانیاں لازوال ہیں واقعے کے بعد پولیس کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔

  • پشاور دھماکہ: خودکش بمبار کے اعضا مل گئے، تحقیقاتی کمیٹی قائم

    پشاور: پولیس لائن میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بم ڈسپوزل یونٹ نے دھماکےاور دہشت گرد کےاہم شواہد اکٹھےکرلئے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خودکش تھا، خودکش بمبار کے اعضا مل گئے۔

    انوسٹی گیشن پولیس کے مطابق ملبے کو مکمل طور پرہٹانے کےبعد ہی جاری تحقیقات کو حتمی شکل دی جائےگی،حملے میں کس مقداراورنوعیت کا بارودی مواد استعمال کیا گیا،اس کی تفتیش جاری ہیں۔

    حکام کے مطابق جائے حادثے پر امدادی کاموں کے باعث انویسٹی گیشن یونٹ اور فرانزک یونٹ کو مشکلات کا سامنا ہے،ریسکیو آپریشن ختم ہونے کےبعد تحقیقاتی ٹیموں کو مزید شواہد ملنےمیں مدد ملےگی۔

    کس نوعیت کا بارود استعمال ہوا؟ کرائم سین ایریا کلیئر ہونے پرشواہد اکھٹےکرنےمیں مدد ملےگی۔

    ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش

    ادھر پشاور پولیس لائنزدھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسجد میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا،جائے وقوعہ سےخود کش حملے کےشواہد ملےہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پشاور دھماکہ: جاں بحق افراد کی تعداد 59 ہوگئی

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس لائنز گیٹ، فیملی کوارٹرزسائیڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز پر تحقیقات جاری ہے۔

    ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسجد کے پلرگرنےسے چھت بیٹھی،جس کے باعث زیادہ جانی نقصان ہوا،واقعہ میں غفلت کا پہلو بھی پایا گیا ہے، سیکیورٹی لیپس سےمتعلق اعلیٰ تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

  • پشاور کی مسجد میں دھماکا کیسے ہوا؟ عینی شاہد نے انکھوں دیکھا حال بتادیا

    پشاور: پولیس لائن کی مسجد میں دھماکے کے عینی شاہد نے انکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے کہا نماز پڑھنے کے لئے مسجدکی طرف جارہا تھا دھماکہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس لائن کی مسجد میں دھماکے کے عینی شاہد پولیس اہلکار نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نماز پڑھنے کے لئے مسجدکی طرف جارہا تھا دھماکہ ہوگیا اور ہرطرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا۔

    پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ دوران نماز ڈیوٹی پر اہلکار ہوتے ہیں مگر مسجد کی اتنی زیادہ سیکیورٹی نہیں ہوتی، اس مسجد میں ڈی ایس پی سمیت تمام پولیس اہلکار نماز ادا کرنے آتے ہیں۔

    یاد رہے پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں نمازظہرکے دوران خوفناک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں سترہ نمازی شہید اور ساٹھ سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔

    حکام نے بتایا کہ دھماکے کی آوازاتنی شدید تھی کہ دوردورتک سنی گئی، دھماکا مسجد کے اندر ہوا، جس سے مسجد کا ایک حصہ شہید ہوگیا، جس کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد دبے ہوسکتے ہیں۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک مبینہ خود کش حملہ آور مسجد میں داخل ہوا اوراس نے اپنے آپ کو اڑا لیا مگراب تک تصدیق نہیں کی گئی۔

    دھماکے سے پولیس لائن کی دیگرعمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، سیکیورٹی فورسزنے علاقےکو گھیرے میں لےکر شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔

  • وزیراعلی خیبرپختونخوا نے بھی نگران سیٹ اَپ کیلئے نام مانگ لئے

    پشاور : وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی نگران سیٹ اَپ کیلئے نام مانگ لئے، نگران سیٹ اَپ کے لئے سابق بیوروکریٹس و ٹیکنوکریٹس کے نام زیر غور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں نگران سیٹ اَپ کیلئے ناموں پر غور شروع کردیا، نگران سیٹ اَپ کیلئے سابق پولیس افسران ، ریٹائرڈ ججز، ڈاکٹرز کے ناموں پر  غور کیا جارہا ہے۔

    گورنر ہاؤس پشاور میں نگران سیٹ اَپ کیلئے مختلف اجلاس کا انعقاد ہوا ، جس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی نگران سیٹ اَپ کیلئے نام مانگ لئے۔

    پشاور: تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی جانب سے تاحال کسی نام پر غور نہیں کیا جارہا تاہم وزیراعلیٰ محمود خان کی جانب سے سابق بیوروکریٹس و ٹیکنوکریٹس کے نام زیر غور ہے۔

    دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے بھی نگران سیٹ اَپ کیلئے متعلقہ لوگوں سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔

    گذشتہ روز وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسمبلی تحلیل سے متعلق عمران خان کے حکم کا انتظار ہے، پنجاب اسمبلی کے تحلیل ہوتے ہی کے پی اسمبلی بھی ختم کردیں گے،اسمبلی رکنیت اور وزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت ہے۔

    اس سے قبل خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان اور معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے بتایا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنے کے لیے ایڈوائس دو دن بعد گورنر کوارسال کی جائے گی۔

  • سابق وزیر دفاع پرویز خٹک ’’دفاعی پوزیشن‘‘ پر آگئے

    سابق وزیر دفاع پرویز خٹک ’’دفاعی پوزیشن‘‘ پر آگئے

    سابق وزیر دفاع اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما پرویز خٹک دفاعی پوزیشن پر آگئے ہیں اور کہتے ہیں کہ اب سیاست سے ریٹائر ہونا چاہتا ہوں۔

    پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما پرویز خٹک نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سے کسی سے ایسے مذاکرات نہیں ہوئے جو کامیاب ہوسکیں کیونکہ دوسری طرف وہ جذبہ ہی نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے لیے سنجیدہ ملاقاتیں ہوئی ہی نہیں ہیں، ادھر کی طرف سے کبھی اس جذبے کے ساتھ سوچا ہی نہیں گیا اور مذاکرات کامیاب بھی کیسے ہوں، مینڈیٹ کسی کے پاس ہے ہی نہیں، گیارہ بندوں سے کیا بات کی جائے، جب تک نئے الیکشن پر بات نہیں ہوگی ہم اس عمل سے دور ہی رہیں گے۔

    اس موقع پر سابق وزیر دفاع سے سوال کیا گیا کہ اگر عمران خان نا اہل ہوجاتے ہیں تو کیا آپ وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہوں گے جس پر پرویز خٹک نے کہا کہ میں نے نہ کبھی ایسا سوچا اور چاہا اور نہ ہی کبھی ایسے عمل میں شامل ہوں گا، میں تھک چکا ہواں اور چاہتا ہوں کہ اب ریٹائر ہو جاؤں۔

  • بی آر ٹی میں کرپشن کی تحقیقات، نیب نے سلیم وٹو کو طلب کر لیا

    بی آر ٹی میں کرپشن کی تحقیقات، نیب نے سلیم وٹو کو طلب کر لیا

    پشاور: نیب نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق ڈی جی پشاور ڈولپمنٹ اتھارٹی سلیم حسن وٹو کو 17 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔

    سلیم وٹو سے بی آر ٹی پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں گی، سلیم وٹو پشاور ڈولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بی آر ٹی پراجیکٹ سے منسلک رہے۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بطور چیئرمین ٹیکنیکل اینڈ ایولیشن کمیٹی پراجیکٹ سے متعلق سلیم وٹو نے کئی معاہدے کیے، اگر 17 اکتوبر کو سلیم وٹو پیش نہ ہوئے تو اس صورت میں نیب کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

  • چارسدہ میں اونچے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ

    چارسدہ میں اونچے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ

    چارسدہ میں اونچے درجے کا سیلاب آنے کے خدشے کے پیش نظر عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے کئی شہر سیلابی ریلوں کی زد میں ہیں اور نوشہرہ کے بعد چارسدہ بھی سیلاب کے خطرے سے دوچار ہے۔

    چند گھنٹوں میں سیلابی ریلا چارسدہ پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ مُنڈاہیڈورکس بھی سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے۔


    https://urdu.arynews.tv/charsaada-floods-in-pakistan/

    چارسدہ کی عوام سے سیلابی صورت حال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    چارسدہ میں خیالی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہورہا ہے جبکہ پھنسے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    سیلاب متاثرین نے موٹر وے پر پناہ لے رکھی ہے اور بڑی تعداد میں متاثرین رات کھلے آسمان تلے گزار رہے ہیں۔

    کے پی انتظامیہ الرٹ ہے، معاون خصوصی بیرسٹر سیف

    معاون خصوصی وزیر اعلیٰ بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کے پی انتظامیہ الرٹ ہے اور آبادی کو محفوظ مقام پر نقل مکانی کا کہہ دیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کو نکالنے میں مصروف عمل ہیں۔

    بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ دریا کے قریبی لوگوں کو جلد سے جلد دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے اور کافی لوگوں کو منتقل کیا جاچکا ہے لیکن خطرہ بہت ہے اللہ خیر ہے۔

    واضح رہے کہ چاروں صوبوں کے مختلف علاقے سیلاب کی زد میں آنے سے اب تک 900 سے زائد اموات ہوچکیں ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے اور فوری امداد کے منتظر ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں مویشی بھی پانی میں بہہ گئے ہیں۔

  • آئی ایم ایف معاہدہ: کےپی حکومت نے وفاق کو پھر یاد دہانی کروا دی

    آئی ایم ایف معاہدہ: کےپی حکومت نے وفاق کو پھر یاد دہانی کروا دی

    پشاور: محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کو دوسرا خط لکھ کر ایک ماہ قبل ہونیوالے ایم او یو پر پیشرفت سے متعلق یاد دہانی کروائی ہے۔

    وزیر خزانہ تیمورجھگڑا کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کےپی حکومت نےآئی ایم ایف معاہدےکی بحالی کیلئے ایم اویو پر دستخط کئے تھے مفتاح اسماعیل سےضم اضلاع کیلئےوفاقی بجٹ میں کٹوتی کافیصلہ واپس لینےپربات ہوئی تھی۔

    تیمورجھگڑا نے لکھا کہ 60 لاکھ قبائلیوں کیلئے صحت کارڈ کی بحالی پربھی تفصیلی بات ہوئی تھی جب کہ تنخواہوں، پنشن ادائیگی کیلئے 60 بلین کی رقم میں اضافے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

    خط کے مطابق صوبائی حکومت نےفیصلہ وفاق سےسیاسی اختلافات کےباوجودملک کےمفادمیں کیا تھا ایم اویو کے مطابق نیشنل فنانس کمیشن پرنظرثانی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن ایک ماہ گزرنے کے باوجود معاملات میں کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ صوبےکو سیلابی صورتحال کے باعث مزیدمشکلات کا سامنا ہے صوبےکےحالات کو مدنظر رکھ کر ایم اویو پر پیشرفت یقینی بنائی جائے۔

  • کے پی حکومت کا کیبل آپریٹرز کو ARY NEWS بحال کرنے کا حکم

    کے پی حکومت کا کیبل آپریٹرز کو ARY NEWS بحال کرنے کا حکم

    سندھ ہائیکورٹ کے فیصلےکے بعد خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا قدم، کیبل آپریٹرز کو اے آر وائی نیوز بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

    اےآروائی نیوز کی نشریات بحال کرنے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے فیصلےکے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے اہم اقدام اٹھایا ہے۔

    اےآر وائی نیوز کو بحال کرنے کیلئےکیبل آپریٹرزاورڈسٹری بیوٹرزکے لیے احکامات جاری کر دئیے۔

    کے پی حکومت نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈویژنل کمشنرز ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس پر اےآر وائی نیوز نشریات کی بحالی یقینی بنائیں، انتظامیہ اےآر وائی نیوز کی نشریات کو کسی بھی قسم کی رکاوٹ کے بغیر یقینی بنائیں۔

    سندھ ہائی کورٹ نے ایک بار پھر پیمرا کو اے آر وائی نیوز کی نشریات فوری بحال کرانے کا حکم دیا ہے۔
    عدالت نے کہا کوئی کیبل آپریٹرزفیصلے پر عملدرآمد نہیں کرتا تو چیئرمین پیمرا اس کیخلاف کارروائی کریں۔

    جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ پیمرا کی جانب سے کاغذی کارروائی کافی نہیں ، چیئرمین پیمراکو قواعد ،عدالتی احکامات کے تحت کارروائی کرنا چاہیے۔

    عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پیمرا کے پاس وسیع اختیارات ہیں، انہیں استعمال کیا جائے، پیمرا افسر فون کریں تو کیبل آپریٹرز کیسے نشریات روک سکتے ہیں۔

    وکیل پیمرا نے استدعا کی کہ چیئرمین پیمرا کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا نوٹس معطل کیا جائے اور کم از کم ان کی کل حاضری سے استثنیٰ دے دیا جائے۔

    جس پر وکیل ایان میمن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیمرا فیصلے پر عمل کرا دیتے ہیں تو توہین عدالت درخواست واپس لیں گے۔

    بعد ازاں اے آروائی نیوز کے وکیل ایان میمن نے خصوصی گفتگو میں سماعت کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ آج پیمرا کی اپیل کی سماعت ہوئی ، سماعت میں عدالت نے تفصیل سے سنا۔

    چیئرمین پیمرا کی ذمہ داری صرف حکم تک محدود نہیں، پیمرا کا کام اس بات کو یقینی بنوانا ہے کہ چینل دوبارہ اسی پوزیشن پر بحال ہو جس پر وہ پہلے تھا۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈرعمر خراسانی ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک

    کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈرعمر خراسانی ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک

    پشاور: کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق عبدالولی عرف عمر خالد خراسانی افغان صوبے پکتیکا میں ہلاک ہوا، کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر عمرخالد خراسانی کے تین ساتھی بھی مارے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ساتھیوں میں مفتی حسن اور حافظ دولت بھی شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں امریکا کا ڈرون حملہ، القاعدہ کا لیڈر ایمن الظواہری مارا گیا

    واضح رہے کہ عمر خالد خراسانی کا شمار ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈرز میں کیا جاتا تھا اور تنظیمی دائروں میں انہیں قابل اعتماد ملٹری کمانڈر کے طور پر جانا جاتا تھا۔

    عمر خالد خراسانی کا ’القاعدہ‘ اور اس کے سربراہ ایمن الظواہری سے بھی قریبی تعلق تھا جو چند روز قبل ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔

    عمرخالد خراسانی نے گزشتہ دنوں کابل میں پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات میں حصہ بھی لیا تھا۔

    ادھر امریکا نے عمر خالد خراسانی کے بارے میں اطلاع دینے، زندہ یا مردہ پکڑنے والوں کے لیے تین ملین ڈالر کے انعام کا اعلان کررکھا تھا۔