Author: ذولقرنین حیدر

  • اسلام آباد : آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے والی سفاک بیوی گرفتار

    اسلام آباد : آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے والی سفاک بیوی گرفتار

    اسلام آباد : آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے والی سفاک بیوی کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان نے تیز دھار آلہ سے وار کرکے تنویر انجم کو قتل کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شوہر کو آشنا کے ساتھ مل کر قتل کرنے والی سفاک خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس نےبتایا کہ تھانہ سمبل اور ہومی سائیڈ یونٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان شاہین بی بی عرف مسکان اور عابد علی کو گرفتار کیا۔

    ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے تھانہ سمبل کی حدود میں تنویر انجم کو تیز دھار آلے سے وار کرکے قتل کیا۔

    ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔

    جس کے بعد ایس پی صدر زون کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے خاتون سمیت دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ڈی آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔

  • میجر جنرل نور ولی ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ تعینات

    میجر جنرل نور ولی ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ تعینات

    میجر جنرل نور ولی خان کو تین سال کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ تعینات کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میجر جنرل نور ولی خان ایڈیشل سیکریٹری وزارت داخلہ کے عہدے پر تعینات ہونے کے بعد سول آرمڈ فورسز کے معاملات دیکھیں گے۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل میجر جنرل نور ولی وزارت دفاع میں فرائض انجام دے رہے تھے انہیں ڈیپوٹیشن پر وفاقی حکومت نے وزارت داخلہ بھجوایا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میجر جنرل نور ولی سیکریٹری داخلہ کے ماتحت کام کریں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ایڈیشنل سیکریٹری سہیل تاجک اس عہدے پر تعینات تھے انہیں ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • اسلام آباد : ویڈیو بنا کر دھمکیاں دینے والے فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد گرفتار

    اسلام آباد : ویڈیو بنا کر دھمکیاں دینے والے فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد گرفتار

    اسلام آباد: ویڈیو بنا کر دھمکیاں دینے والے فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ، جبکہ زیر استعمال گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے چار دہشتگردوں کو راولپنڈی اور حسن ابدال سے گرفتار کرلیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملزمان نے 11 اگست کو راولپنڈی اور حسن ابدال میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی دھمکیاں دی تھیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے ایک ویڈیو بھی تیار کی تھی جس میں حملوں کی دھمکیاں دی گئیں، بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی۔

    کارروائی کے دوران ویڈیو بنانے کے لیے دہشتگردوں کے زیر استعمال گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے اور گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    یاد رہے راولپنڈی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے کامیاب خفیہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا انتہائی خطرناک دہشت گرد گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد حساس مقامات کی ریکی مکمل کر چکا تھا اور کسی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا جبکہ ملزم متعدد بار افغانستان جا کر دہشتگردی کی تربیت حاصل کر چکا ہے اور فتنہ الخوارج کے ایک اہم کمانڈر کے ساتھ رابطے میں تھا۔

    دہشت گرد کو راولپنڈی کے ایک علاقے سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ کارروائی کے لیے تیاری میں مصروف تھا۔

  • نیا امیگریشن نظام ! پاکستان سے بیرون ملک جانے والوں کے لیے بڑی خبر

    نیا امیگریشن نظام ! پاکستان سے بیرون ملک جانے والوں کے لیے بڑی خبر

    اسلام آباد: ملک بھر میں نیا امیگریشن نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ، جس کے تحت مسافروں کو ایئر پورٹس پر قطاروں میں کھڑے ہو کر انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے ملک بھر میں جدید ای امیگریشن نظام متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت مسافروں کو ایئرپورٹس پر قطاروں میں کھڑے ہو کر انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

    ای امیگریشن سسٹم کے ذریعے مسافروں کی تمام تفصیلات ایک اپیلی کیشن کے ذریعے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کو موصول ہوں گی، جس کے بعد مسافر ایئرپورٹس پر نصب ای گیٹس کے ذریعے اپنی روانگی اور داخلے کے مراحل مکمل کر سکیں گے۔

    اس نظام کے نفاذ کے بعد مسافروں کو امیگریشن کاؤنٹر پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، ای امیگریشن کا یہ جدید نظام آئندہ ماہ سے نافذ کردیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : ایئرپورٹس پر غیرملکی مسافروں کے لیے علیحدہ امیگرین کاؤنٹرز قائم

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے اس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل ایف آئی آر سسٹم رائج کرنے کی بھی منظوری دی ہے، تاکہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر سہولت فراہم کی جا سکے۔

    یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر امیگریشن نظام میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں ، جس کے تحت ملک کے تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر غیر ملکی مسافروں کے لیے علیحدہ امیگریشن کاؤنٹرز قائم کردیے گئے، نئے کاؤنٹرز سے غیر ملکی مسافروں کو امیگریشن کلیئرنس میں غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

    نئے کاؤنٹرز کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، ملتان، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر قائم کیے گئے ہیں۔

    نئے کاؤنٹرز کے قیام سے غیر ملکی سیاحوں، سرمایہ کاروں اور کاروباری وفود کو سہولت ملے گی، اقدام کا مقصد پاکستان میں سیاحت، تجارت اور غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

    کاؤنٹرز قائم ہونے سے وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کے لیے بھی امیگریشن کا عمل مزید تیز اور آسان ہوجائے گا۔

  • ناخلف بیٹے نے جائیداد تنازع پر باپ سمیت خاندان کے 4 افراد کو قتل کر دیا

    ناخلف بیٹے نے جائیداد تنازع پر باپ سمیت خاندان کے 4 افراد کو قتل کر دیا

    اسلام آباد (11 اگست 2025): ناخلف بیٹے نے مبینہ جائیداد کی خاطر بوڑھے باپ کے ساتھ دو بہنوں اور تین ماہ کے شیر خوار بھانجے کو قتل کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سفاکانہ قتل کا یہ واقعہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں پیش آیا جہاں ملزم نے باپ سمیت اپنے خاندان کے چار افراد کو قتل کر کے موت کی نیند سلا دیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے ایک علاقے میں باپ اور بہن کو قتل کیا۔ اس واردات کے بعد ملزم اڈیالہ روذ پہنچا جہاں اس کی ایک اور شادی شدہ بہن رہتی تھی۔

    درندہ صفت ملزم نے وہاں پہنچ کر بہن اور اس کی گود میں موجود تین ماہ کے شیر خوار بھانجے کو بھی قتل کر دیا۔

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ اجتماعی قتل کا یہ واقعہ مبینہ طور پر جائیداد کا تنازع بتایا جاتا ہے۔

    چند روز قبل بھی قتل کا بہیمانہ واقعہ ملتان میں پیش آیا تھا جس میں شقی القلب باپ نے سفاکی کی انتہا کرتے ہوئے اپنی بیٹی نواسی اور دو نواسوں کو قتل بے رحمی سے قتل کر دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/father-killed-his-daughter-and-her-3-young-children/

  • اسلام آباد میں کیش لیس نظام متعارف کروانے کا فیصلہ

    اسلام آباد میں کیش لیس نظام متعارف کروانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں مختلف شعبہ جات میں کیش لیس نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا،اب شہری آن لائن اور ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگیاں کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ڈی اے کے مختلف شعبہ جات میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ ادارے میں شفافیت اور سہولت کو فروغ دینے کے لیے تمام سروسز کی ادائیگی کیو آر کوڈ کے ذریعے ممکن بنائی جائے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پراپرٹی ٹیکس، واٹر چارجز، زمین کی منتقلی، پارکنگ فیس اور دیگر سروسز کی فیسیں اب شہری آن لائن اور ڈیجیٹل طریقے سے ادا کر سکیں گے۔

    چیئرمین نے کہا کہ اسلام آباد کو سیف سٹی سے سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے سی ڈی اے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں بینکوں کے اشتراک سے آن لائن پورٹل اور موبائل ایپلیکیشنز بھی متعارف کروائی جائیں گی، جن کے ذریعے شہری گھر بیٹھے سروسز حاصل کر سکیں گے۔

    چیئرمین نے سی ڈی اے عملے کی تربیت اور شہریوں کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    اجلاس میں ون ونڈو فسیلیٹیشن سینٹر کو مزید فعال بنانے اور وہاں بھی کیش لیس نظام کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا۔

    سی ڈی اے ترجمان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف مالی شفافیت میں مدد دے گا بلکہ شہریوں کے لیے سہولت کا باعث بھی بنے گا۔

  • حکومت کا ملک بھر کے کال سینٹرز سے متعلق بڑا فیصلہ

    حکومت کا ملک بھر کے کال سینٹرز سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد (29 جولائی 2025): ڈیجیٹل مالی فراڈ کے واقعات میں اضافے کے بعد حکومت نے ملک بھر کے کال سینٹرز سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ڈیجٹیل مالی فراڈ کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر ملک بھرکال سینٹرز کو قانون کے دائرے میں لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ کال سینٹر کے قیام کے لیے لائسنس لازمی قرار دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق کال سینٹر کو لائسنس 3 وفاقی اداروں کی منظوری سے جاری ہوگا۔ اس حوالے سے این سی سی آئی اے، پی ٹی اے اور حساس ادارے کو ذمہ داری دی جائے گی۔ این سی سی آئی اے کے ’’آپریشن گرے‘‘ کا دائرہ صوبوں تک پھیلایا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کے آپریشن گرے میں منظم ڈیجیٹل فراڈ کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ صوبوں میں موجود غیر لائسنس یافتہ اور مشکوک کال سینٹر اب اگلا ہدف ہیں۔

    اس ساری کارروائی کا مقصد جعلی اسکیموں کے ذریعے فراڈ کرنے والوں کا نیٹ ورک توڑنا ہے جب کہ یہ سائبر کرائم ریسپانس انفرااسٹرکچر کو جدید بنانے کی کوششوں کا بھی حصہ ہیں۔ حالیہ کارروائیوں سے ڈیجیٹل جعل سازوں کے طریقہ کار میں خلل پڑ رہا ہے۔

  • ’اہم صوبائی عہدیدار ڈی آئی خان میں طالبان کو ہر ماہ کتنے پیسے دیتا ہے؟‘

    ’اہم صوبائی عہدیدار ڈی آئی خان میں طالبان کو ہر ماہ کتنے پیسے دیتا ہے؟‘

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو جواب دے دیا۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم  ایکس پر پوسٹ میں دوٹوک جواب دیا کہ دہشت گردوں کے خلاف تمام وسائل استعمال ہوں گے۔

    وزیراعلیٰ کےپی نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ڈرون سے کارروائی کی اجازت  نہیں دیں گے۔

    اپنے بیان میں محسن نقوی نے لکھا کہ ایک اہم صوبائی عہدیدار ڈی آئی خان میں  طالبان کو ہر ماہ کتنے پیسے دیتا ہے؟

    آل پارٹیز کانفرنس کے بعد وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جو طالبان کی سفارش کرے گا ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، جو شخص اسلحے کے ساتھ نظر آیا اس کے خلاف بھی ایکشن ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کسی فیڈرل فورس کو صوبے میں کارروائی کی اجازت نہیں۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اسحاق ڈار اور محسن نقوی میرے صوبے کے مسئلے پر بات نہیں کرسکتے، اس صوبے کے فیصلے یہیں ہوا کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہی، ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی ہورہی ہے ہمارے واجبات ادا کیے جائیں۔

    خیبر پختونخوا اسمبلیمیں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹرعباداللہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ڈی آئی خان کو قبضے میں لیں پھر حکومت کی بات کریں، سانحہ اے پی ایس کے بعد نواز شریف نے اے پی سی بلائی تو دہشتگردی ختم ہوگئی تھی۔

    عباداللہ نے کہا کہ اے پی سی میں جے یو آئی، پی پی، ن لیگ اور اے این پی شریک نہیں ہوئیں، صوبائی حکومت کی نالائقی کی وجہ سے ہماری سینیٹ میں نمائندگی نہیں تھی۔

    اپوزیشن لیڈر کےپی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 5-6 کا فارمولا میں نے دیا تھا، ہم نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا نہ انھوں نے ہمیں دیا۔

  • اسلام آباد : گاڑی میں سوار باپ ، بیٹی سیلابی ریلے میں بہنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    اسلام آباد : گاڑی میں سوار باپ ، بیٹی سیلابی ریلے میں بہنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    اسلام آباد: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گاڑی میں سوار باپ اور بیٹی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ، جس کی ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش جاری ہے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    ایسے میں ایک المناک واقعہ سامنے آیا، جہاں اسلام ہاؤسنگ سوسائٹی میں گاڑی آبی ریلے میں بہہ گئی۔

    عینی شاہدین نے بتایا گاڑی میں باپ بیٹی سوار تھے ، کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی لیکن پانی کابہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں افراد کار سمیت پانی میں بہہ گئے۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ کار سمیت ڈوبنے والے کرنل(ر)اسحاق اور انکی بیٹی کی تلاش جاری ہے ریسکیوکے غوطہ خور،نیوی اور پولیس کی ٹیمیں تلاش کررہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ برساتی نالہ دریائے سواں میں گرتا ہے، اس سے قبل 500میٹر کاکنکریٹ کو رہے، شیڈ کے نیچے اندھیرے اور پانی کے شدید دباؤ کے سبب آپریشن میں مشکلات ہیں۔

    اس سے قبل ریسکیو 1122 نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں مزید بارش کا ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور شہروں اور ملحقہ علاقوں میں خصوصی 1122 ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر صبغت اللہ نے کہا ہے کہ کسی بھی بارش کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دریائے سوان اور دیگر مقامات پر پانی کی کشتیاں اور دیگر ضروری سامان مہیا کر دیا گیا ہے اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی، بابو سرٹاپ اور اطراف میں کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے سیلابی صورتحال کے باعث سیاحوں کی پندرہ گاڑیاں ریلے میں بہہ گئیں، جس میں پانچ لاشیں نکال لی گئیں اور چارافراد کو بچا لیا گیا جبکہ درجنوں افراد لاپتا ہیں۔

  • افغان ای ویزا اسیکنڈل، اہم افسروں کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    افغان ای ویزا اسیکنڈل، اہم افسروں کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    اسلام آباد(18 جولائی 2025): افغان ای ویزا اسیکنڈل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، وزرات داخلہ نے اہم افسروں کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    زرائع کے مطابق افسران کا نام مبینہ طور پر اسیکنڈل میں ملوث ہونے پر لیا جارہا تھا، ڈپٹی سیکرٹری ویزا سیکشن شریں حنا اصغر کو عہدے سے فارغ کیا گیا ہے۔

    شفقت علی چاچٹر نئے ڈپٹی سیکرٹری ویزہ تعینات کردیئے، جوائنٹ سیکرٹری ایف آئی اے سیکشن عدنان ارشد اولک بھی عہدے سے فارغ کردیئے گئے، فلائیٹ لفٹیننٹ عاصم ایوب نئے جوائنٹ سیکرٹری ایف آئی اے تعینات ہوئے ہیں۔

    وزرات داخلہ نے نئی تقرریوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، ویزا اسیکنڈل میں چار ملزمان اب تک گرفتار ہوئے ہیں، رشوت مانگنے پر ایک سب انسپکٹر اور کانسٹیبل بھی گرفتار ہیں۔

    یاد رہے کہ افغان شہریوں کو غیر قانونی ای ویزا جاری کرنے کے معاملے میں کرپشن میں ملوث ایف آئی اے کے2 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا، گرفتار ملزمان میں سب انسپیکٹر وسیم احمد اور کانسٹیبل عاقب محمود شامل تھے۔

     گرفتار اہلکار اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں تعینات تھے، ایف آئی اے اہلکاروں نے گرفتار ملزم زبیر سے دوران جسمانی ریمانڈ رشوت کا تقاضا کیا تھا، گرفتار اہلکاروں نے سہولت کاری فراہم کرنے کے عوض 20 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی، رقم کے عوض اہلکاروں نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوانے کی یقین دہانی کرائی۔