Author: ذولقرنین حیدر

  • پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال، وفاقی حکومت کی تیاری مکمل ، اسلام آباد سیل

    پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال، وفاقی حکومت کی تیاری مکمل ، اسلام آباد سیل

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی آج احتجاج کی کال کے پیش نظر اسلام آباد کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ موٹروے اور جی ٹی روڈ بھی بند کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج احتجاج کرنے جارہی ہے ، حکومت نے مظاہرین کو روکنے کے لیے کڑے انتظامات کرلئے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت کے بیشتر راستے بند ہے اور دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ ریڈ زون کی سیکیورٹی رینجرز کے حوالے کردی گئی ہے۔

    اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے راستوں پر کنٹینررکھ دیے گئے اور فیض آباد کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ موٹر وے ایم ون 4 پوائنٹس پر اور جی ٹی روڈ اٹک خورد اورحسن ابدال چسکا پوائنٹ پر سیل کردیا گیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے رستوں کی بندش کی تفصیل جاری کردی ہے، وفاقی حکومت نے 24 پوائنٹس مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یومارگلہ روڈ،سنگجانی ٹول پلازہ اورواٹرٹینکی مارگلہ روڈبند،نیومارگلہ لوپ،ایف ٹین،26 نمبرچونگی ،زیرو پوائنٹ، خیابان چوک، فیصل چوک اور بری امام ٹی کراس بھی بند رہے گا۔

    ایکسپریس چوک،سریناچوک،روات ٹی کراس، کھنہ پل، لہتراڑروڈ،مری روڈنزدٹریفک آفس، نائتھ ایونیو،گولڑہ موڑ،اولڈٹول پلازہ،ترنول چوک،چوہڑچوک اورپشاورموٹروےفلائی اووربھی بند رہے گا۔

    مری روڈ کے مختلف مقامات پر ہیوی مشینری کی مدد سے کنٹینرز رکھ دئیے گئے، جس کے باعث اسلام آباد سے مری روڈ آنے والے مسافر رُل گئے۔

    راولپنڈی میں میٹروبس سروس بھی تاحکم ثانی معطل کردی گئی جبکہ پنڈی میں سیکیورٹی کیلئے 4 ہزار اہلکار تعینات کردیئے گیے ہیں۔

    اٹک میں بھی کے پی سے آنے والے تمام راستوں پر کنٹینرز لگا دیئے گئے، اٹک کے چھچھ انٹر چینج پر واٹر کینن، ریسکیو گاڑیاں اور پولیس کی بھاری پہنچا دی گئی۔

    جہلم میں بھی جی ٹی روڈبند کرنے کے انتظامات مکمل ہے ، جی ٹی روڈ کو دریا کے تینوں پلوں سے مکمل طور پر بند کیا جائے گا۔

  • وفاقی حکومت کا ریڈ زون سے متعلق اہم فیصلہ

    وفاقی حکومت کا ریڈ زون سے متعلق اہم فیصلہ

    وفاقی حکومت ریڈ زون کی سیکیورٹی کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرنے جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار میں اہم ترین غیر ملکی شخصیات کی آمدورفت کے معاملے پر وفاقی حکومت کی جانب سے ریڈ زون کی سیکورٹی رینجرز کے حوالے کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق رینجرز کی تعیناتی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ختم ہونے تک کی جائے گی، رینجرز اہلکاروں کو اہم سرکاری عمارات کے باہر تعینات کیا جائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریڈ زون کے داخلی راستوں پر بھی رینجرز کی نفری تعینات ہوگی، ایس سی او کانفرنس کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج، رینجرز، ایف سی اور پنجاب پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونا ہے۔

    شنگھائی تعاون تنظیم کیا ہے؟

    شنگھائی تعاون تنظیم کی بنیاد 2001 میں چین اور روس نے رکھی تھی جس کے اراکین میں اب قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان، پاکستان، انڈیا اور ایران بھی شامل ہیں۔

    پاکستان 2005 سے 2017 تک اس تنظیم کا آبزرور رکن رہا اور پھر جولائی 2017 اسے باضابطہ طور پر ایس سی او میں شامل کیا گیا۔

  • پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: 8ستمبر کو پی ٹی آئی کے جلسے میں کی گئی تقاریر پر حکومت ایکشن میں آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سنگجانی جلسے میں تقاریر پر پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سنگجانی جلسے میں تقاریر کے بعد بنائے گئے مقدمات میں نامزد لوگوں کیخلاف کارروائی ہو گی۔

    ضابطہ فوجداری کی سیکشن 196 کے تحت حکومت درخواست جمع کرائےگی۔ سیکشن 196کے تحت درج مقدمات ناقابل ضمانت ہوتے ہیں۔ سیکشن کے تحت گرفتاری کیلئے پولیس کو وارنٹ کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔

    اس حوالے سے وزارت قانون اور وفاقی پراسیکیوٹر جنرل نےفیصلےکی توثیق کردی ہے اور وفاقی کابینہ سے معاملے کی باضابطہ منظوری کیلئے درخواست کردی گئی۔

  • ایف آئی اے   کو مطلوب 72 اشتہاریوں کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کا فیصلہ

    ایف آئی اے کو مطلوب 72 اشتہاریوں کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : ایف آئی اے کو مطلوب 72 اشتہاریوں کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اشتہاری ملزمان کیخلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بھی کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کو مطلوب 72 اشتہاریوں کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع نے بتایا کہ. اشتہاری ملزمان کی فہرست میں سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اشتہاری ملزمان کیخلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اشتہاری ملزمان کوبلیک لسٹ کرنےکی سفارش کرتے ہوئے اینٹی منی لانڈرنگ سیل کو خط ارسال کردیا گیا ہے اور اینٹی کرپشن سیل نےمنی لانڈرنگ مقدمات میں ملوث اشتہاریوں کی فہرست مانگ لی ہے۔

  • وفاقی دارالحکومت میں 24 گھنٹوں میں دو چینی شہری لُٹ گئے

    وفاقی دارالحکومت میں 24 گھنٹوں میں دو چینی شہری لُٹ گئے

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 24 گھنٹوں میں دو چینی شہری لُٹ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چوبیس گھنٹوں کے دوران چائینیز شہریوں کے ساتھ دو وارداتیں ہوئیں، 7 سے 8 افراد چائنیز کے آفس میں داخل ہوئے اور اپنا تعارف ایف آئی اے اہلکار کے طورپرکروایا اور وہاں موجود ملازم کو زدو کوب کرکے سامان اٹھا لیا۔

    تھانہ رمنا کے علاقے میں چائینیز کے دفتر میں ملزمان ملازم سے ڈیڑھ کروڑ کی ڈیمانڈ کرتے رہے اور چائنیز کا رہائشی پتہ پوچھتے رہے، ملزمان نے شہری کو کئی گھنٹے تک حبس بے جا میں رکھا۔

    دوسری واردات تھانہ شمس کالونی کے علاقے میں پیش آیا ملزمان نے واردات کے دوران چائنیز شہری پر فائرنگ کی، ملزمان اسلح کی نوک پر چائنیز سے واردات کرنا چاہتے تھے واردات کے دوران فائرنگ سے چائنیز معمولی زخمی ہوگئے۔

    ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے جس کے بعد اسلام آباد پولیس نے دونوں واقعات کی تفتیش شروع کر دی۔

  • پاسپورٹ بنوانے والوں  کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    کراچی : ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی نے پاسپورٹ بنوانے والوں کو بڑی خوشخبری سنادی، جس سے ان کی پاسپورٹس کے اجرا سے متعلق پریشانی کا خاتمہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد، کراچی، لاہورسمیت بڑے شہروں میں پاسپورٹس کابیگ لاک ختم ہوگیا اور بیرون ملک سے آن لائن اپلائی کرنے والے پاسپورٹس کا بیگ لاک بھی نمٹادیا ہے۔

    ،ڈی جی کا کہنا تھا کہ اووسیزپاکستانیوں کو24ہزارسےزائد پاسپورٹس ڈلیورکردئیےگئے ، بڑےشہروں میں پہلے انہیں پاسپورٹس دئیے جن کا بیرون ملک زیادہ آنا جانا ہے۔

    مصطفی جمال قاضی نے بتایا کہ روزانہ 65ہزار پاسپورٹس پراسس ہوتے ہیں لیکن پرنٹنگ 23ہزار ہورہی تھی تاہم ایک ماہ میں نئےپرنٹرز کی شپمنٹ پاکستان آنےکی امید ہے نئے پرنٹرز آنے سے پاسپورٹس اجرا کا عمل مکمل طور پر نارمل ہوجائے گا۔

    یاد رہے دو روز قبل ڈی جی نے بتایا تھا کہ کہ اسلام آباد میں 14 ہزار 673 اور کراچی میں 83 ہزار 227 پاسپورٹس کا اجرا ہوا، لاہور گارڈن ٹاؤن سے 30 ہزار 848 اور رائے ونڈ سے 4 ہزار 872 کیسز نمٹائے گئے جبکہ شادمان سے 11 ہزار 490، کوئٹہ میں 7 ہزار 252، راولپنڈی میں 18 ہزار اور پشاور میں 23 ہزار 145 کیسز نمٹائے گئے۔

    خیال رہے پاکستانی پاسپورٹ ریاست پاکستان کے شہریوں کو بین الاقوامی سفر کیلیے جاری کیا جاتا ہے۔ یہ دستاویز آپ کی شناخت اور پاکستانی شہریت کی تصدیق کرتی ہے اور وزارت داخلہ کی شاخ ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پاسپورٹ جاری کرنے کی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔

    عام طور پر عام اور سرکاری پاسپورٹس جاری کیے جاتے ہیں، ان کی میعاد 5 یا 10 سال ہوتی ہے اور 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 5 سال کا جاری کیا جاتا ہے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت 

    مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ زیادہ محفوظ اور جدید ہیں۔ پاسپورٹ کی درخواست آن لائن یا قونصل خانے میں کی جا سکتی ہے اور اس کے بغیر بین الاقوامی سفر ناممکن ہے۔

  • اسلام آباد پولیس اہلکاروں کا سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد پولیس اہلکاروں کا سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کا شہریوں کو حبس بے جا میں رکھنے، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والے اطلاعات کے مطابق اسلام پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے اغوا کاری کا گینگ چلانے کا انکشاف ہوا ہے اور وہ شہریوں کو حبس بے جا میں رکھنے کی وارداتوں میں بھی ملوث نکلے ہیں۔

    اس کے علاوہ وفاقی پولیس کے ہلکار منشیات فروشی اور رشوت خوری میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔

    ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہ زیب نے جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کو برطرف کر دیا ہے جب کہ ڈی آئی جی آپریشن علی رضا نے مذکورہ اہلکاروں پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    جن پولیس اہلکاروں کو برطرف کیا گیا ہے۔ ان میں ہیڈ کانسٹیبل فرخ آفتاب، کانسٹیبل ذوالفقار اور رمیز ستی شامل ہیں۔

    ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

  • آئینی ترامیم: محسن نقوی کی مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات

    آئینی ترامیم: محسن نقوی کی مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات

    اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی کی جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں آئینی ترامیم پر مشاورت کی گئی۔

     وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمان سے کہا ہے کہ اگر آپ آئین میں مزید ترمیم چاہتے ہیں تو بتادیں۔حکومت آپ کے ساتھ مل کر ترمیم کرنا چاہتی ہے۔

    واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آئینی ترامیم کا مسودہ مسترد کرنے کے اعلان کے بعد وزیر داخلہ نے ان سے ملاقات کی ہے۔

    ملاقات کے بعد جے یو آئی سربراہ ملتان روانہ ہوگئے ہیں۔

    ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان آئندہ 10 روز اسلام آباد میں نہیں ہوں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کا مسودہ مکمل مسترد کردیا ہے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ مسودہ کسی کو دیا گیا اور کسی کو نہیں، جو مسودہ مہیا گیا گیا وہ کیا تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہمارے حوالے کیا گیا ہم نے اس کا مطالعہ کیا، یہ مسودہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور نہ ہی قابل عمل ہے۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اس مسودے کا ساتھ دیتے تو یہ ملک، قوم کی امانت میں خیانت ہوتی۔

  • توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی تشکیل، بانی پی ٹی آئی کو طلب کر لیا

    توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی تشکیل، بانی پی ٹی آئی کو طلب کر لیا

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کیلیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ 3 رکنی جے آئی ٹی نے بانی پی ٹی آئی کو 16 ستمبر کو طلب کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) سے کیس کا تمام ریکارڈ حاصل کر لیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ نیب کی جانب سے جے آئی ٹی کو کیس کی بریفنگ بھی دی۔ اگر بانی پی ٹی آئی کو پیش نہ کیا گیا تو جے آئی ٹی اڈیالہ جیل جائے گی۔

    توشہ خانہ ٹو ریفرنس کی تفصیلات

    سابق وزیر اعظم اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس ٹو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا جس کے مطابق بشریٰ بی بی کو بلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021 کے دورہ سعودی عرب پر دیا گیا۔ سیٹ میں ایک انگوٹھی، بریسلٹ، نیکلس اور ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں۔

    بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا۔ ڈپٹی ایم ایس نے 18 مئی 2021 کو ایس او توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیکشن افسر توشہ خانہ کو ڈکلیئر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا لیکن سیٹ جمع نہیں کروایا گیا۔

    بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودی عرب کو ہار، بالیاں فروخت کی تھیں، 25 مئی 2018 کو ہار 3 لاکھ یورو، بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی گئی تھیں تاہم کمپنی سے بریسلٹ اورانگوٹھی کی قیمت کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں۔

    جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی ہے۔ سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے جبکہ جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔

    توشہ خانہ رولز کے مطابق 50 فیصد دے کر سیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے۔ سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

    بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ سے مل کر نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9، سب سیکشن 3 ،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی۔ یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر انکوائری شروع ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ انہوں نے وزارت عظمیٰ کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔

  • پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کےخلاف دہشت گردی کا مقدمہ

    پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کےخلاف دہشت گردی کا مقدمہ

    پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمہ پر اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کیلئے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی۔

    خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن ارسلان شاہزیب ٹیم کےسربراہ ہوں گے جب کہ ایس پی آرگنائز کرائم ٹیم کا حصہ ہوں گے ایس ایچ اوسنگجانی اور انویسٹی گیشن افسربھی تحقیقاتی ٹیم کاحصہ ہوں گے۔

    ٹیم تحقیقات اورمزیدگرفتاریوں سےمتعلق اقدامات کرے گی۔ ٹیم کے سربراہ 2 دن بعد مقدمے کی تحقیقات سے متعلق رپورٹ کریں گے۔

    تحقیقات سے متعلق آئی جی اسلام آباد کو تحریری رپورٹ پیش کی جائےگی۔ آئی جی اسلام آباد کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔