Author: ذولقرنین حیدر

  • پی ٹی آئی جلسہ : علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ درج

    پی ٹی آئی جلسہ : علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ درج

    وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مذکورہ مقدمہ سنگجانی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر میں ضلعی انتظامیہ کے افسر کو حبس بےجا میں رکھنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جلسے کا وقت ختم ہونے کا نوٹس دینے والے افسر کو روکنے کا الزام ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف مقدمہ جلسہ ضوابط کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقاریر پر درج کیا گیا۔

    یاد رہے کہ علی امین گنڈا پور پر الزام ہے کہ ایک روز قبل اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کا وقت ختم ہونے پر ضلعی انتظامیہ کا افسر وزیراعلیٰ اور منتظمین کو متنبہ کرنے اور وقت ختم ہونے کا نوٹس دینے گیا تھا جس پر اُسے بٹھا لیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں پرامن اجتماع اور امن عامہ بل کے تحت تین مقدمے درج کیے گئے ہیں،پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف جلسہ این او سی کی خلاف ورزی پر پرچے کاٹے گئے۔

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے مزید 9 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا

    ایف آئی آر میں بیرسٹر گوہرعلی ،شیر افضل مروت ،شعیب شاہین، عمر گل، زرتاج گل، عامر مغل، سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت سمیت 28رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔

     

  • اسلام آباد : پی ٹی آئی کے مزید 9 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے مزید 9 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسے میں بدنظمی کے الزامات پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، پولیس نے مزید 9 رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی جن رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا ہے ان میں ایم این اے مولانا نسیم شاہ، صاحبزادہ حامد رضا شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ پی ٹی آئی ایم این اے زین قریشی، شیخ وقاص اکرم اور شاہ احد خٹک کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس سے حراست میں لیا گیا ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی ایم این اے نسیم علی شاہ کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس سے حراست میں لے لیا گیا، ان کے ساتھ ایم این اے عامرڈوگر، احمد چٹھہ اور سید احد شاہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے تمام ایم این ایز کو کابینہ گیٹ سے حراست میں لیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں کیلیے آنے والی پولیس پارٹی تمام پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو گرفتار کرکے تھانے روانہ ہوگئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے تحت اسلام آباد میں جلسہ کا اہتمام کیا گیا جس کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو شام 7 بجے تک جلسہ کرنے کا این او سی جاری کیا گیا تھا تاہم پولیس کے مطابق جلسہ مقرہ وقت سے زائد تک جاری رہا۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر گرفتار

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر گرفتار

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو بھی گرفتار کرلیا گیا، بیرسٹر گوہر خود گرفتاری دینے پارلیمنٹ سے باہر آئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو پارلیمنٹ کے گیٹ سے گرفتار کیا، اس سے قبل پولیس نے شیر افضل کے بعد شعیب شاہین کو بھی گرفتارکرلیا ہے، پی ٹی آئی رہنما کو ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کی لیڈرشپ نے شیر افضل کے گرفتار ہونے کے بعد گرفتاری سے بچنے کیلئے پارلیمنٹ میں پناہ لی تھی، تاہم بیرسٹر گوہر گرفتاری دینے خود پارلیمنٹ سے باہر آئے۔

    پی ٹی آئی رہنما اپوزیشن لیڈر چیمبرز بند ہونے کے باعث سروس برانچ میں بیٹھے ہیں، بیرسٹر گوہر نے گرفتاری سے قبل پی ٹی آئی ارکان کا مشاورتی اجلاس بھی کیا تھا۔

    پارلیمنٹ میں موجود پی ٹی آئی رہنما ممکنہ گرفتاری سے بچنے کیلئے حکمت عملی پر غور کررہے ہیں، بیرسٹر گوہر کے علاوہ زین قریشی، شیخ وقاص اکرم، حامد رضا و دیگر ارکان پارلیمنٹ کے اندر موجود ہیں۔

    اس موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی ارکان کی اسپیکر سے رابطے کی کوشش ناکام ہوگئی، پی ٹی آئی ارکان نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں جانے کی کوشش کی، تاہم اپوزیشن لیڈر چیمبر کو لاک کر دیا گیا۔

    قبل ازیں شعیب شاہین کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، ایس ایچ اور رمنا اور ان کے ساتھ نفری وہاں پہنچی، اس دوران شعیب شاہین اپنے آفس میں کام کررہے تھے۔

    ایس ایچ او اس دوران شعیب شاہین کو سلام کرتے ہیں اور انھیں اپنے ساتھ چلنے کا کہتے ہیں جبکہ شعیب شاہین اپنے اسٹاف کو آواز دیتے ہیں، پولیس اہلکار ان کے اسٹاف کو روک دیتے ہیں۔

  • شعیب شاہین کو بھی ان کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا

    شعیب شاہین کو بھی ان کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا

    پولیس نے شیر افضل مروت کے بعد شعیب شاہین کو بھی گرفتارکرلیا ہے، پی ٹی آئی رہنما کو ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شعیب شاہین کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، ایس ایچ اور رمنا اور ان کے ساتھ نفری وہاں پہنچی، اس دوران شعیب شاہین اپنے آفس میں کام کررہے تھے۔

    ایس ایچ او اس دوران شعیب شاہین کو سلام کرتے ہیں اور انھیں اپنے ساتھ چلنے کا کہتے ہیں جبکہ شعیب شاہین اپنے اسٹاف کو آواز دیتے ہیں، پولیس اہلکار ان کے اسٹاف کو روک دیتے ہیں۔

    رہنما پاکستان تحریک انصاف کو پولیس نے 26 نمبر چونگی پر بدنظمی اور جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہ ہونے پر گرفتار کیا ہے۔

    اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ جلسے کے بعد زرتاج گل،عمر ایوب اور دیگر کو بھی گرفتار کیا جائیگا، شیر افضل مروت کو تھانہ کوہسار منتقل کیا جائے گا۔

    دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کی لیڈرشپ نے شیر افضل کے گرفتار ہونے کے بعد گرفتاری سے بچنے کیلئے پارلیمنٹ میں پناہ لی ہوئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ زرتاج گل، عامرمغل، شعیب شاہین ، عمرایوب اور شیر افضل مروت ایف آئی آر میں نامزد ہیں، پی ٹی آئی کی سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت سمیت 28 رہنما نامزد ہیں۔

    پولیس نے بتایا کہ جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہ کرنے اور روٹ کی خلاف ورزی پر 3 مقدمات درج کیے گئے، زرتاج گل، عمر ایوب اور دیگر کو بھی گرفتار کیا جائیگا، اسلام آباد پولیس کو پی ٹی آئی کے دیگرارکان کے باہر آنے کا انتظار ہے۔

    پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سیکیورٹی کی بھاری نفری موجود ہے، پارلیمنٹ کے دونوں گیٹ پر سیکورٹی اہلکار موجود ہیں، لیڈی پولیس اہلکار بھی پارلیمنٹ کےگیٹ کے باہر موجود ہیں۔

  • شیر افضل مروت کو پولیس نے گرفتار کرلیا

    شیر افضل مروت کو پولیس نے گرفتار کرلیا

    اسلام آباد: پولیس نے شیر افضل مروت کو گرفتار کرلیا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کو پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ سے گرفتار کیاگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رکن پارلیمنٹ شیرافضل مروت کو پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ سے پولیس نے حراست میں لیا، اس موقع پر شیر افضل مروت کے پرائیویٹ گارڈ نے مزاحمت کی جس پر اسے بھی گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس شیر افضل مروت کو لیکر روانہ ہوگئی ہے، رہنما تحریک انصاف کو 26 نمبر چونگی پر بدنظمی اور جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہ ہونے پر گرفتار کیاگیا۔

    اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ جلسے کے بعد زرتاج گل،عمر ایوب اور دیگر کو بھی گرفتار کیا جائیگا، شیر افضل مروت کو تھانہ کوہسار منتقل کیا جائے گا۔

    پولیس آخری اطلاعات آنے تک پاکستان تحریک انصاف کے دیگرارکان کے باہر آنے کا انتظار کررہی ہے تاکہ ان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جاسکے۔

    ذرائع نے بتایا کہ شیرافضل مروت کو تھانہ کوہسارمنتقل کیا جائےگا، پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف جلسہ این اوسی کی خلاف ورزی پر ایف آئی آرز درج کی گئی۔

    زرتاج گل، عامرمغل، شعیب شاہین ، عمرایوب اور شیر افضل مروت ایف آئی آر میں نامزد ہیں، پی ٹی آئی کی سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت سمیت 28 رہنما نامزد ہیں۔

    پولیس نے بتایا کہ جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہ کرنے اور روٹ کی خلاف ورزی پر 3 مقدمات درج کیے گئے، زرتاج گل، عمر ایوب اور دیگر کو بھی گرفتار کیا جائیگا، اسلام آباد پولیس کو پی ٹی آئی کے دیگرارکان کے باہر آنے کا انتظار ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نثار جٹ نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی گاڑیوں میں بیٹھے ہیں اور پولیس باہر کھڑی ہے، ہمارے پاس جلسے کیلئے این اوسی موجود تھا،

    دریں اثنا اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کو بھی گرفتارکرلیا ہے، شعیب شاہین کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے، شیر افضل مروت کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی لیڈرشپ مرکزی دروازے سے واپس ہوگئی۔

  • اسلام آباد میں ڈانس پارٹی میں زہریلی شراب پینے سے دو خواتین سمیت 3 ہلاک

    اسلام آباد میں ڈانس پارٹی میں زہریلی شراب پینے سے دو خواتین سمیت 3 ہلاک

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ایک ڈانس پارٹی میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے دو خواتین سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات اسلام آباد کے تھانہ شالیمار کے علاقے ایف الیون ٹو میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے 2 خواتین اور ایک مرد ہلاک ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق ایف الیون ٹو میں واقع الصفا ہائٹس میں دو خواتین اور ایک لڑکے نے ڈانس پارٹی کی تھی، پارٹی کے دوران غیر معیاری شراب پینے کے سبب لڑکا اور ایک لڑکی کی موت واقع ہو گئی، جس پر نادیہ نامی خاتون نے الصفا ہائٹس کے اسٹاف کو اطلاع دے دی، جس کی اپنی حالت خراب ہو گئی تھی۔

    پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی تو تھانہ شالیمار کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے نادیہ نامی لڑکی کو تشویش ناک حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی بھی موت واقع ہو گئی۔

    مرنے والے لڑکے کی شناخت زابت والد عبد السبحان کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ ایک خاتون کی شناخت تاحال نہیں کی جا سکی ہے۔ پولیس حکام نے واقعے کے سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔

  • پرامن اجتماع اور امن عامہ ایکٹ کے تحت پہلے مقدمے کی تیاری، کون سے پی ٹی آئی رہنما نامزد؟

    پرامن اجتماع اور امن عامہ ایکٹ کے تحت پہلے مقدمے کی تیاری، کون سے پی ٹی آئی رہنما نامزد؟

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو درجن سے زائد رہنماؤں کے خلاف پرامن اجتماع اور امن عامہ ایکٹ کے تحت پہلے مقدمے کی تیاری کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی جلسے میں شرکت کے لیے جانے والے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے واقعے پر اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کی جانب سے خلاف ورزی پر استغاثہ تیار کر لیا ہے۔

    استغاثے میں زرتاج گل، عامر مغل، شیرین شاہین، عمر ایوب، سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت سمیت 28 رہنما نامزد کیے گئے ہیں۔

    استغاثہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے روٹ کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنوں کو روکا تو کارکنوں کی جانب سے پتھروں اور ڈنڈوں سے پولیس پر حملہ کر دیا گیا، جس پر پولیس نے شیلنگ کی، اور موقع سے 17 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔

    بالا افسران کی منظوری کے بعد اس استغاثے کے رو سے تھانہ نون میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔

  • پی ٹی آئی جلسے کے شرکا کا پولیس پر پتھراؤ، افسر سمیت متعدد اہلکار زخمی

    پی ٹی آئی جلسے کے شرکا کا پولیس پر پتھراؤ، افسر سمیت متعدد اہلکار زخمی

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سنگجانی میں جلسہ روٹ کی خلاف ورزی کر کے آنے والے شرکا نے پولیس پر پتھراؤ کر دیا۔

    پی ٹی آئی کارکنوں نے 26 نمبر چونگی کو میدان جنگ بنا دیا اور روٹ کی خلاف ورزی کر کے آنے والوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے ایس ایس پی سیف سٹی شعیب خان سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

    کارکنوں کو منتشر کرنے کیلیے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس کے بعد ہر طرف آنسو گیس کا دھواں پھیل گیا۔ موقع پر پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا نوٹس

    پی ٹی آئی جلسے کے شرکا کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔

    محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں کے بہترین علاج کی ہدایت کی اور خود زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے خیریت دریافت کی۔

    وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولت فراہم کی جائے۔

    قبل ازیں، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے اپنے نوٹیفکیشن میں کہا کہ پی ٹی آئی انتظامیہ جلسے کیلیے دیے گئے این او سی پر عملدرآمد کرے، فوری طور پر جلسہ گاہ خالی کر دیا جائے۔

    نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ نے نیا آرڈر جاری کر دیا کہ خلاف ورزی پر پولیس اور انتظامیہ کارروائی کرنے جا رہی ہے، بار بار یادہانی کروائی گئی کہ جلسے کا وقت شام 7 بجے تک ہے۔

  • پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود گرفتار

    پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود گرفتار

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر حسن محمود کو اسلام آباد میں داخلے کے وقت حراست میں لے لیا گیا ہے، انھیں تھانہ سنگجانی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر حسن محمود اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلام آباد سنگجانی جلسہ گاہ جا رہے تھے، جس پر پولیس نے انھیں حراست میں لیا۔

    واضح رہے کہ سنگجانی اسلام آباد میں جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں، جلسے کے لیے اسٹیج تیار کر لیا گیا اور کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں، تحریک انصاف کے کارکنان قافلوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں۔

    جلسے کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کو ملانے والی تمام مرکزی شاہراہیں اور چھوٹے بڑے راستوں کو کنٹینرز لگا کر، اور بڑی رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے جڑواں شہروں کے رہائشی محصور ہو گئے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے جلسے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوابی میں 819 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزرا کے ساتھ اپنے اپنے سیکیورٹی اسکواڈ ہوں گے، تمام اضلاع میں قافلوں کی روانگی کے لیے پولیس نے سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے۔

    اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے پاور شو کے لیے سوات سے کارکنان کی بڑی تعداد روانہ ہو گئی ہے، جس کی قیادت صوبائی وزیر فضل حکیم اور ڈیڈک چیئرمین اختر خان کر رہے ہیں۔

  • انسانی اسمگلنگ کا بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑا گیا، ڈنکی گروہوں سے رابطے کا انکشاف

    انسانی اسمگلنگ کا بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑا گیا، ڈنکی گروہوں سے رابطے کا انکشاف

    اسلام آباد: سیکیورٹی اداروں اور ایف آئی اے نے مشترکہ  کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ کو قانون کے شکنجے میں لے لیا۔

    انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معلومات پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک پکڑا ہے، نیٹ ورک سادہ لوح عوام کو بیرون ملک روزگار کے جھانسے دے کر لوٹنے میں ملوث تھا، گینگ نے سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے ہتھیائے، گروہ جعلی دستاویزات کی تیاری میں مہارت رکھتا تھا اور اپنا پرنٹنگ پریس تھا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ پرنٹنگ پریس میں کئی ملکوں کی جعلی دستاویزات تیار کی جاتی تھیں، مختلف ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے افراد بھی اس گروہ سے معاونت لیتے رہے، اس مجرمانہ سرگرمیوں میں بھارتی اور افغانی باشندے ملوث پائے گئے۔

    ایف آئی اے کے مطابق نیٹ ورک کا انٹرنیشنل ڈنکی گروہوں سے بھی رابطے کا انکشاف ہواہے، دورانِ تفتیش پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش بھی بےنقاب ہوئی ہے، تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیٹ ورک کو قانون کی گرفت میں لانے پر انٹیلیجنس ایجنسی اور ایف آئی اے لاہور کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ یہ کامیاب آپریشن انسانی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

    محسن نقوی نے کہا کہ انٹیلیجنس ایجنسی کی معلومات پر ایف آئی اے لاہور نے کامیاب آپریشن کیا جس پر مبارکباد دیتا ہوں، انسانی سمگلنگ روکنے کے اس طرز پر مزید آپریشن جاری رکھیں جائیں گے۔

    وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔