Author: ذولقرنین حیدر

  • اسلام آباد کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے قبل دارالحکومت کی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تمام داخلی و خارجی راستے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ 12 بجے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر ددیے جائیں گے جبکہ ضلع بھر میں رات گئے مقامی کارکنان اور قیادت کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے تمام تھانوں میں الرٹ اور گشت بڑھا دی گئی، موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    اسلام آباد میں پی ٹی آئی آج سنگجانی کے مقام پر پاور شو کرے گی جس کیلیے تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے جبکہ پنڈال کیلیے 20 ہزار کرسیاں منگوائی گئی ہیں۔

    پی ٹی آئی کو سنگجانی میں جلسے کیلیے این او سی جاری کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی جلسہ گاہ کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

    عمر ایوب، اسد قیصر اور عامر ڈوگر نے انتظامیہ پر رکاوٹیں ڈالنے کا الزام لگایا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے واضح کیا کہ ہم صرف جلسہ کر کے چلے جائیں گے لانگ مارچ یا دھرنا نہیں ہوگا۔

    دوسری جانب، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم حقیقی آزادی لے کر دم لیں گے۔

  • پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی

    پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی

    دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسہ کرنے کیلیے این او سی جاری کر دیا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ جلسہ جی ٹی روڈ سنگجانی کے کھلے میدان میں ہوگا جس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا سے آنے والے لوگ موٹروے جبکہ اسلام آباد کے رہائشی نیو مارگلہ روڈ استعمال کریں۔

    نوٹیفکیشن میں شرائط رکھی گئیں کہ جلسے کے دوران کاروبار یا سٹرک بلاک نہیں ہوگی جبکہ جلسہ شام 4 بجے شروع ہو کر 7 بجے ختم ہوگا۔

    انتظامیہ نے کہا کہ منتظمین اندرونی سکیورٹی کے خود انتظامات کریں گے اور ذمہ دار ہوں گے، شرکا جلسے کے علاوہ کسی اور جگہ نہیں جائیں گے، شرائط کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔

    اسلام آباد، راولپنڈی، مری کیلیے بھی الگ الگ روٹ پلان

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے رہائشی جلسہ گاہ کیلیے نیو مارگلہ روڈ، راولپنڈی سے جلسے میں آنے والے دھمیال روڈ اور گرجا روڈ، مری سے آنے والے افراد شاہپور روڈ سے کھنہ پل کا راستہ استعمال کریں گے۔

    اس میں مزید بتایا گیا کہ دوران جلسہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، جلسے کی اجازت ہوگی کسی قسم کے دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اجازت صرف 8 ستمبر کیلیے ہے لہٰذا منتظمین اسی رات کارکنان کی واپسی یقینی بنائیں گے۔

    ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ ریاست مخالف یا مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر یا نعروں کی اجازت نہ ہوگی۔

    یاد رہے کہ 30 اگست 2024 کو پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں 8 ستمبر کو ہر صورت اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    پی ٹی آئی نے 15 ستمبر لاہور کا جلسہ عید میلاد النبی ﷺ کے باعث ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور نئی تاریخ 22 سمتبر رکھی گئی تھی۔

    کور کمیٹی کو بانی پی ٹی آئی کے قانونی کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ اگلے ہفتے 12 کیسز پر ضمانت پر کیس کی سماعت ہوگی۔

    کور کمیٹی نے بلوچستان کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت بلوچستان کے حالات کو سنجیدگی سے کنٹرول نہیں کر رہی۔

    بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جیل انتظامیہ کے رویے کی شدید مذمت کی گئی تھی۔

  • پولیس اہلکاروں نے ضبط شدہ 60 موٹر سائیکلیں فروخت کر دیں

    پولیس اہلکاروں نے ضبط شدہ 60 موٹر سائیکلیں فروخت کر دیں

    اسلام آباد: تھانوں میں پڑی ضبط شدہ موٹر سائیکلیں فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تھانہ ترنول کے اہلکاروں نے ضبط شدہ 60 موٹر سائیکلیں فروخت کر دیں، انکشاف ہونے پر ایس ایس پی ارسلان شاہزیب نے صورت حال کا نوٹس لیا اور ملوث 2 اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا۔

    برطرف ہونے والوں میں تھانہ ترنول کا مال خانہ محرر حق نواز اور کمپیوٹر آپریٹر مقبول شاہ شامل ہیں، دوران انکوائری ان پولیس اہلکاروں پر الزامات ثابت ہو گئے تھے، جس کے بعد ایس ایس پی کی جانب سے برطرفی کے احکامات جاری کیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 60 کے قریب موٹر سائیکلیں فروخت کی تھیں، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان کے خلاف کوئی اور کارروائی نہیں کی گئی، محکمانہ کارروائی کے تحت نوکری سے برطرفی کے ذریعے مزید کسی کارروائی سے بچا لیا گیا۔

    نوکری سے برطرفی کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مال خانہ محرر کرپشن اور خورد برد میں بھی ملوث پایا گیا۔

  • زیادہ بات کی تو کرسی اٹھا کر ماروں گا، سیف اللہ ابڑو کی شہادت اعوان دھمکی

    زیادہ بات کی تو کرسی اٹھا کر ماروں گا، سیف اللہ ابڑو کی شہادت اعوان دھمکی

    اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےداخلہ کے اجلاس کے دوران سیف اللہ ابڑو  نے شہادت اعوان کو ٹاؤٹ قرار کو کہا کہ اگر زیادہ بات کی توکرسی اٹھاکرماروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےداخلہ کے اجلاس میں سینیٹر شہادت اعوان نے سیف اللہ کے بولنے پراعتراض کیا۔

    اس دوران سیف اللہ ابڑواورشہادت اعوان کےدرمیان تلخ جملوں کاتبادلہ ہوا، سیف اللہ ابڑونےشہادت اعوان کوٹاؤٹ قراردیتے ہوئے کہا اگر زیادہ بات کی توکرسی اٹھاکرماروں گا۔

    دوسری جانب اجلاس میں اسلام آبادمیں احتجاج پرپابندی کابل اعتراضات کےساتھ منظور کرلیا گیا، بل سینیٹرعرفان صدیقی کی جانب سےپیش کیا گیا۔

    چیئرمین کمیٹی نے بل پر تحفظات پیش کیے جبکہ سیف اللہ ابڑوکی بھی مخالفت کی تاہم چیف کمشنراسلام آبادمحمد علی رندھاوا کی جانب سے بل کی حمایت کی گئی۔

    چیف کمشنر نے کہا کہ ایف نائن پارک کوسیاسی اجتماع کیلئےنہیں دیاجا سکتا ، ڈپلومیٹ رہتےاور سرمایہ کارآتےہیں۔

  • اسلام آباد: جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد گرفتار

    اسلام آباد: جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد گرفتار

    اسلام آباد پولیس نے جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی جانب سیوہ غزہ مارچ کیا گیا اس دوران پولیس نے سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 20 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

    مظاہرین کو ڈی چوک کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، خلاف ورزی کرنے والے کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر جلسے جلوس کی اجازت نہیں۔

    وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے اپیل کی تھی کہ شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔

    اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تنبیہ کی تھی کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا سامنا ہو گا۔

  • آئیسکو اہلکار کروڑوں روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

    آئیسکو اہلکار کروڑوں روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

    ایف آئی اے اسلام آباد زون نے آئیسکو اہلکاروں کو کروڑوں روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آئیسکو اہلکاروں کو گرفتار کرلیا، افسران نے آئیسکو آڈٹ کلئیر کروانے کے نام پر کڑوروں روپے رشوت وصول کی۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں ذیشان علی، نذر حسین، اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب صغیر شامل ہیں، ملزم ذیشان علی اکبر بطور آڈٹ آفیسر اور نذر حسین اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر کو آڈٹ کے لئے نامزد کئے گیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اینڈ کوآرڈینیشن لاہور آفس کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا، ملزمان کو آئیسکو آپریشن جہلم سرکل اور ریجنل منیجر ٹرانسفارمر ورکشاپ اسلام آباد کے آڈٹ کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان سے 1 کروڑ 4 لاکھ 75 ہزار روپے برآمد ہوئے، ملزمان کو جی ٹی روڈ گوجر خان سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کو رقم آئیسکو کے آکاونٹ آفیسر اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب صغیر کی جانب سے دی گئی تھی ملزمان کو رقم سمیت رنگھے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق آئیسکو کے آفسران نے مذکورہ رقوم فیلڈ میں تعینات اہلکاروں سے وصول کی، ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے مقدمہ درج کر لیا ساتھ ہی گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاری متوقع ہے۔

  • کروڑوں روپے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین

    کروڑوں روپے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین

    اسلام آباد میں کروڑوں روپے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین ہو گیا۔ وفاقی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بینک ڈکیتی کرنے والا گروہ گرفتار کر لیا۔

    ڈی آئی جی سید مصطفٰی تنویر کے مطابق ملزمان سے ایک کروڑ 97 لاکھ برآمد بھی کر لئے گئے ہیں ملزمان ایک سیکورٹی گارڈ کو جاں بحق اور کانسٹیبل کو زخمی کرنے میں بھی ملوث ہیں، ڈاکوں کی فائرنگ سے ایک سیکورٹی گارڈ جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔

    ڈی آئی جی نے بتایا کہ ملزمان نے ناکہ بندی کے دوران ایک کانسٹیبل کو بھی فائرنگ کرکے زخمی کیا، پولیس اہلکار ناکے پر کھڑے تھا کہ گاڑی میں موجود مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی، ملزمان کی فائرنگ سے اہلکار سمیع اللہ زخمی ہوگیا تھا۔

    پولیس افسر کے مطابق گروہ کے مزید دو ارکان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں ملزمان کو چوبیس گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کیا گیا ہے  ملزمان کے قبضے سے دو گاڑیاں اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے ملزمان بین الصوبائی ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں گینگ کا مرکزی ملزم کراچی میں بھی ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث ہے۔

  • 43 پلاٹس کی مشکوک الاٹمنٹ کا اسکینڈل سامنے آگیا

    43 پلاٹس کی مشکوک الاٹمنٹ کا اسکینڈل سامنے آگیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں 43 پلاٹس کی مشکوک الاٹمنٹ کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ڈی اے میں سے 41 پلاٹوں کا ریکارڈ بھی غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ آڈیٹر جنرل نے پلاٹوں کی بے ضابطگیوں کا نشاندہی کردی ہے۔

    سی ڈی اے کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ نے 43 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی دستاویز پیش کی ہے جس میں سے دو پلاٹ ڈبل الاٹمنٹ کے باعث ایف آئی اے کو تحقیقات کے لیے بھجوائے گئے ہین۔

    آڈٹ دستاویز کے مطابق بقایا 41 پلاٹوں کی الاٹنمنٹ کی دستاویز ریکارڈ سےغائب ہیں۔

    سی ڈی اے کی جانب سے آڈیٹر جنرل کو صرف دو پلاٹوں کا ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے، مختلف سیکٹرز میں مشکوک الاٹمنٹ سے 1 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

    سی ڈی اے کا موقف ہے کہ 43 پلاٹوں کی مشکوک الاٹمنٹ کی تحقیقات جاری ہیں، آڈیٹر جنرل نے مشکوک الاٹمنٹ کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی سفارش کردی ہے۔

  • موٹر سائیکلز چوری میں ملوث گینگ گرفتار، 6 گاڑیاں برآمد

    موٹر سائیکلز چوری میں ملوث گینگ گرفتار، 6 گاڑیاں برآمد

    پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں موٹر سائیکلز چوری میں ملوث گینگ کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موٹر سائیکلز چوری میں ملوث گینگ کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں حماد خان اور ابراہیم خان شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے وفاقی دارالحکومت کے 9 تھانوں کی حدود سے بیسیوں موٹر سائیکل چوری کا انکشاف کیا، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سے 6 موٹر برآمد کر لئے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان دوسرے صوبوں میں موٹر سائیکل بھجوا کر فروخت کرتے تھے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔

    ڈی آئی جی سید مصطفی تنویر نے کہا کہ سلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے، کوئی ملزم قانون کے شکنجے سے ہرگز نہیں بچ سکے گا۔

  • اسلام آباد کے برطرف پولیس جوانوں سے متعلق اہم انکشاف سامنے آگیا

    اسلام آباد کے برطرف پولیس جوانوں سے متعلق اہم انکشاف سامنے آگیا

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت میں برطرف پولیس جوانوں سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ، ذرائع کا کہنا ہے اہلکاروں نے ڈاکوؤں سے برآمد ڈیڑھ کروڑ روپے اور دو کلو سونا غائب کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی پولیس افسروں کی برطرفی کےمعاملے سےمتعلق مزید انکشاف سامنے آگیا، ذرائع نے بتایا کہ برطرف پولیس اہلکاروں نے چھینے گئے ڈیڑھ کروڑروپے اور دو کلوسوناغائب کیا۔

    گرفتار چار ڈاکوؤں نے واہ کینٹ میں اہم شخصیت کےگھر ڈکیتی کی تھی، پولیس نے ملزمان کو موٹروے چوک پر گرفتار کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزمان سے ڈیڑھ کروڑ روپے اور دو کلو سونا برآمد کیا، ملزمان سے سامان لیکر ان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ کامقدمہ درج کیا گیا۔

    بعد میں پولیس کے اے ایس آئی عاصم نے ملزمان کو جیل بھجوا دیا واہ کینٹ پولیس نے بعدازاں ملزمان کو گرفتار کر لیا تو ملزمان نے واہ کینٹ پولیس کے سامنے سارا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    ایس ایچ او نون عاصم غفار نے ناقص تفتیش کا مقدمہ تفتیشی عاصم کے خلاف درج کیا اور پنجاب پولیس کی درخواست پر آئی جی نے انکوائری کرائی۔

    انکوائری کے بعد ایس ایچ او سمیت چار اہلکاروں کو برطرف کیا گیا، ڈیڑھ کروڑ کیش اور دو کلو سونا کہاں ہے تلاش جاری ہے، واہ کینٹ پولیس برطرف وفاقی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر سکتی ہے۔