Author: ذولقرنین حیدر

  • اسلام آباد میں کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

    اسلام آباد میں کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، اس سلسلے میں آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیلامی میں غیر شفافیت سے قومی خزانے کو 37 ارب 82 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

    سرکاری آڈٹ رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے نے 29 کمرشل پلاٹ نیلامی کے لیے آفر کیے تھے، جس میں 23 پلاٹوں کے لیے 37 ارب 82 کروڑ روپے سے زائد بڈ پرائس قبول کی گئی، جب کہ بولیاں موصول نہ ہونے سے 5 کمرشل پلاٹوں کی نیلامی مؤخر کی گئی، اور قانونی پیچیدگیوں کے باعث ایک پلاٹ کی نیلامی روک دی گئی۔

    آڈٹ دستاویز کے مطابق ان پلاٹوں کا بیک اپ ریکارڈ اور نیلامی کی قیمت کا ریکارڈ ہی دستیاب نہیں ہے، زمین کی قیمتوں کا مارکیٹ ٹرینڈ ریزرو پرائس کے تخمینہ کا ریکارڈ بھی نہیں ہے، جب کہ مؤخر کیے جانے والے 5 پلاٹوں کا ریکارڈ فائلوں سے غائب ہے، اور سی ڈی اے فائلوں میں قانونی پیچیدگیوں کے باعث روکے گئے پلاٹ کا ریکارڈ بھی نہیں ہے۔

    آڈٹ حکام نے کہا ہے کہ خواہش مند بولی دہندگان سے لیے جانے والے پے آرڈرز بینک میں جمع نہیں کرائے گئے، اور بینکوں سے پے آرڈرز کی تصدیق نہیں کرائی گئی، اس لیے ان پے آرڈرز کے جعلی ہونے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    حکام کے مطابق سی ڈی اے میں ناقص مالی کنٹرول سے اربوں روپے کی بے ضابطگی ہوئی ہے، سی ڈی اے کی جانب سے اعتراضات کا جواب بھی نہیں دیا گیا ہے، آڈیٹر جنرل نے رپورٹ میں تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ایف آئی اے کے 36 افسران کو شوکاز، شہریوں کو غیر قانونی طور پر کیسز میں پھنسانے کا انکشاف

    ایف آئی اے کے 36 افسران کو شوکاز، شہریوں کو غیر قانونی طور پر کیسز میں پھنسانے کا انکشاف

    اسلام آباد: ایف آئی اے میں بڑے پیمانے پر افسران کے کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کا کیس سامنے آ گیا ہے، جس سے شہریوں کو غیر قانونی طور پر کیسز میں پھنسانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے 36 تفتیشی افسران کو اختیارات سے تجاوز پر شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، شوکاز کا سامنا کرنے والے افسران میں ایس آئی، اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں، یہ تفتیشی افسران اسلام آباد زون سمیت ایئرپورٹ پر تعینات تھے۔

    شو کار نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ افسران پر محکمانہ کرپشن، نااہلی، ریکارڈ میں رد و بدل اور غفلت کا الزام ثابت ہو چکا ہے، اور شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الزامات ثابت ہو چکے ہیں جس کی سزا نوکری سے برطرفی بنتی ہے۔

    کرپٹ افسران کے خلاف ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد کو مجاز اتھارٹی مقرر کیا گیا تھا، مجاز اتھارٹی نے سروس رول 2020 کے تحت الزامات کو درست پایا اور کارروائی کی۔

    نوٹس کے مطابق تفتیشی افسران شہریوں کو جعلی نوٹس بھجوا کر بلیک میلنگ میں ملوث پائے گئے ہیں، متعدد تفتیشی افسران اہم نوعیت کے کیسز کی ریکارڈ ٹیمپرنگ میں بھی ملوث پائے گئے۔

    کرپٹ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز شہریوں کی درخواست پر کیا گیا۔

  • اسلام آباد پولیس نے شیر افضل مروت کو حراست میں لیا پھر چھوڑ دیا

    اسلام آباد پولیس نے شیر افضل مروت کو حراست میں لیا پھر چھوڑ دیا

    اسلام آباد: پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو حراست میں لیا اور کچھ دیر بعد پھر چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے رکن اور پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو اسلام آباد پولیس نے ان کی گاڑی روک کر حراست میں لیا اور انھیں تھانہ گولڑہ لے گئی، تاہم بعد ازاں انھیں چھوڑ دیا گیا۔

    شیر افضل مروت کو ترنول جلسہ گاہ کے قریب سے حراست میں لیا گیا تھا، ترنول جلسہ گاہ پہنچنے والے 16 پی ٹی آئی کارکنان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ شیر افضل مروت کی گرفتاری کے بارے میں ان کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے تصدیق کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آج جمعرات کو اسلام آباد کے نواحی علاقے ترنول میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسے کے لیے نیا این او سی جاری کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہے، اور پولیس کی بھاری نفری ترنول جلسہ گاہ پر موجود ہے۔

  • اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان

    اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان

    اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے اسلام آباد کے سرکاری و نجی اسکولوں میں آج 22اگست کو تعطیل کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری اور نجی اسکول آج مکمل طور پر بند رہیں گے، نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق آج بروز جمعرات 22 اگست کو مذہبی جماعتوں اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج اور جلسہ کی کال دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے وزارت داخلہ نے شہر اقتدار کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں آج 22اگست کو تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔

    ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسکولوں کو بند کرنے کا یہ اقدام بچوں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے آج 22 اگست بروز ھؤجمعرات کو ترنول میں جسلے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جلسے کا این او سی منسوخ کر دیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترنول میں ہونے والے جلسے کے مقام کے قریب سے مشکوک بیگ برآمد ہوا ہے ۔

    جلسہ گاہ کے قریب مسجد کے احاطے سے مشکوک بیگ برآمد ہوا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری طلب کرکے مسجد کو خالی کروا لیا گیا۔

  • غیر ملکی شہری نے نوجوان کو کچل دیا

    غیر ملکی شہری نے نوجوان کو کچل دیا

    اسلام آباد تھانہ مارگلہ کے علاقے میں غیر ملکی شہری نے نوجوان پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں نوجوان ولی اللہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد نیو بلیو ایریا میں غیر ملکی شہری نے نوجوان پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں نوجوان ولی اللہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ غیر ملکی شہری کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کا تعلق خیبر پختونخواہ سے بتایا جاتا ہے۔

  • اسلام آباد میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت

    اسلام آباد میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت

    اسلام آباد: غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے تھانہ آبپارہ کی حدود سے خاتون کے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد ملنے کے واقعے کی تفتیش کے لیے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون تاحال بیان دینے سے انکاری ہے، خاتون نے ابتدا میں اپنا تعلق بیلجیئم کا بتایا تھا، لیکن سفارتخانے نے خاتون کی شہریت کی تصدیق سے انکار کر دیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کی ٹریول ہسٹری بھی معلوم نہیں ہو سکی اس لیے اب نادرا سے بائیو میٹرک کے ذریعے ڈیٹا چیک کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب  گرفتار شخص کا کہنا ہے کہ چند روز قبل بارش میں خاتون گھر پر آئی تھی، خاتون کو کپڑے دئے پھر ویمن پولیس اسٹیشن چھوڑ آیا تھا، پولیس نے خاتون کو لاوارث ہونے پر ایدھی ہوم منتقل کر دیا۔

  • حکومت کا اہم فیصلہ :  پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے بڑی خبر آگئی

    حکومت کا اہم فیصلہ : پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : حکومت کا نئے پاسپورٹ اور تجدید کرانے کے حوالے سے اہم فیصلہ سامنے آگیا، جس سے پاسپورٹ بنوانے والوں کی بڑی مشکل آسان ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاسپورٹ رولز میں ترمیم کرنے کا بڑا فیصلہ کرلیا، نئے پاسپورٹس اور تجدید کرانے کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ترمیم کے بعد پاسپورٹ کسی بھی شہر سے بنوایا جا سکے گا اور کسی بھی نیشنل بنک میں پاسپورٹس کی تمام کٹیگریز کی فیس جمع کرائی جا سکے گی۔

    رولز میں ترمیم کی سمری وزارت داخلہ نے کابینہ کو بھجوا دی ، کابینہ کی منظوری کے بعد رولز میں ترمیم کر دی جائے گی اور ترمیم کے بعد شناختی کارڈ کے طرز پاسپورٹ بنایا جا سکے گا۔

    خیال رہے پاکستانی پاسپورٹ ریاست پاکستان کے شہریوں کو بین الاقوامی سفر کے لیے جاری کیا جاتا ہے، یہ دستاویز آپ کی شناخت اور پاکستانی شہریت کی تصدیق کرتی ہے اور وزارت داخلہ کی شاخ ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پاسپورٹ جاری کرنے کی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔

    عام طور پر عام اور سرکاری پاسپورٹ جاری کیے جاتے ہیں، پاسپورٹ کی میعاد 5 یا 10 سال ہوتی ہے اور 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 5 سال کا پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے۔

    مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ زیادہ محفوظ اور جدید ہیں۔ پاسپورٹ کی درخواست آن لائن یا قونصل خانے میں کی جا سکتی ہے۔ پاسپورٹ کے بغیر بین الاقوامی سفر ناممکن ہے۔

  • پاسپورٹ بحران پر قابو پانے کیلیے اہم فیصلے کر لیے گئے

    پاسپورٹ بحران پر قابو پانے کیلیے اہم فیصلے کر لیے گئے

    اسلام آباد: حکام نے پاسپورٹ بحران پر قابو پانے کیلیے لیمینیٹرز، پرنٹرز، جدید آر ایم پی اور ای پاسپورٹ پرنٹرز خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پاسپورٹ حکام نے نئے 20 لیمینیٹرز اور 20 پرنٹرز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 5 جدید آر ایم پی اور 2 ای پاسپورٹ پرنٹرز بھی خریدے جائیں گے۔

    جدید پرنٹرز اور لیمینیٹرز آنے سے 1 گھنٹے میں 1 ہزار پاسپورٹس پرنٹ ہو سکیں گے اور یوں اقدام سے یومیہ پرنٹنگ صلاحیت 22 ہزار سے 55 ہزار تک ہو جائے گی۔

    حکام نے آئندہ 6 ماہ کیلیے لیمینیشن پیپرز کا اسٹاک بھی منگوا لیا ہے۔

    حالیہ فیصلے سے ستمبر کے آخری ہفتے سے بیگ لاک ختم ہونا شروع ہو سکے گا، پرنٹنگ صلاحیت بڑھانے کیلیے سال میں دو بار پرنٹرز خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پراسیسنگ اسپیڈ بڑھانے کیلیے نیا ڈیٹابیس بھی بنایا جائے گا جس کی مدد سے نادرا سمیت دیگر اداروں سے ڈیٹا فوری ویریفائی کیا جا سکے گا۔

    چند روز قبل وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پاسپورٹ کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے شہریوں کو اچھی خبر سنائی تھی۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاسپورٹ کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر پر آغا رفیع اللہ توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا تھا۔

    وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے بتایا تھا کہ پاسپورٹس کی ڈیمانڈ یومیہ 44 ہزار ہوگئی ہے اور پاسپورٹس کی سپلائی 25 سے 26 ہزار ہے۔

    اعظم نذیرتارڑ کا کہنا تھا کہ پاسپورٹس تیار کرنے والی مشینری 2004 کی ہے، سافٹ وئیر اپ ڈیٹ ہو رہا ہے، ستمبر تک یومیہ 60 ہزار پاسپورٹس تیار ہوں گے، 6 یا 7سال قبل یہ کام ہو جاتا تو آج یہ حالات پیدا نہ ہوتے۔

    آغا رفیع اللہ نے کہا تھا کہ پہلےکہا گیا کہ کاغذ نہیں ہے اور اب کہا جا رہا ہے سیاہی نہیں، معاملہ کمیٹی کو بھیجا جائے تاکہ وہاں مسئلے کا حل نکالا جائے۔

    اس پر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ جی بالکل پاسپورٹس کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر آ رہی ہے، 20 اسٹیٹ آف دی آرٹ مشینوں کے ٹینڈر ہو چکے ہیں۔

  • اسلام آباد : پسند کی شادی پر لڑکا اور لڑکی کو ذبح  کرنے والے ملزمان کا بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد : پسند کی شادی پر لڑکا اور لڑکی کو ذبح کرنے والے ملزمان کا بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد : پسند کی شادی پر لڑکا اور لڑکی کو ذبح کرنے والے ملزمان نے پولیس سے رابطہ کیا اور کہا ہماری روایات کے مطابق قتل بنتا تھا ہم نے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تھانہ ترنول کی حدود میں ہنگو سے تعلق رکھنے والے لڑکا اور لڑکی کے قتل کے واقعے کی تحقیقات جاری ہے.

    پولیس نے بتایا کہ مقتول لڑکا خاتون کا رشتہ دار تھا، خاتون نے لڑکے کے حوالے سے اپنے دیور سے حراساں کرنے کی شکایت بھی کی اور ملزمان خاتون کی شکایت پر اسلام آباد آئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان جب پہنچے تو دونوں مقتولین نازیبا حالت میں پائے گئے، جس پر پہلے لڑکے کو مارا گیا اور پھر خاتون کو قتل کیا گیا۔

    ملزمان نے ٹیکسلا سے کرائے پر گاڑی بک کرائی تاہم پولیس نے گاڑی اور ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا۔

    ملزمان نے پولیس سے رابطہ کرکے بتایا کہ ہم نے دونوں کو قتل کیا ہے، ڈرائیور کا کوئی قصور نہیں، ہماری روایات کے مطابق قتل بنتا تھا ہم نے کیا۔

    یاد رہے تھانہ ترنول کی حدود میں لڑکا،لڑکی کو ذبح کردیا گیا تھا، لڑکی کی شناخت مردانہ بی بی جبکہ لڑکے کی شناخت شعیب کے نام سے ہوئی۔

    واقعہ تھانہ ترنول کی حدود میں گاؤں پنڈ پڑیاں میں پیش آیا۔مقتولین نے پسند کی شادی کی تھی، مقتولین نے جان بچانے کے لیے ایک گھر میں پناہ لی۔ ملزمان مقتولین کا تعاقب کرتے ہوئے گھر میں داخل ہوئے اور قتل کردیا۔

    پولیس کی جانب سے لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، ایس ایس پی آپریشن ارسلان شاہ زیب نے کہا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کریں گے۔

  • نیکٹا کا دہشت گرد تنظیموں کیخلاف مشترکہ آپریشنز کا فیصلہ

    نیکٹا کا دہشت گرد تنظیموں کیخلاف مشترکہ آپریشنز کا فیصلہ

    اسلام آباد: نیکٹا نے دہشت گرد تنظیموں کیخلاف مشترکہ انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشنز کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان نیکٹا کا کہنا ہے کہ آپریشنز کا فیصلہ نیکٹا کی ماہانہ کاؤنٹر ٹیررازم انٹیلیجنس کانفرنس میں کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں حالیہ کالعدم قرار دی گئیں تنظیموں کیخلاف آئندہ کیے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا جس میں پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    نیکٹا کانفرنس میں سیکیورٹی صورتحال اور ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا گیا۔

    ترجمان کا بتانا ہے کہ نیکٹا کانفرنس میں اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قابل عمل انٹیلیجنس کا تبادلہ کیا گیا، شرکا نے مشترکہ کوششوں سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم ظاہر کیا۔

    ترجمان نیکٹا کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مکمل طور پر محفوظ اور پر امن ملک بنایا جائے گا۔