Author: ذولقرنین حیدر

  • آئی جی آزادکشمیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    آئی جی آزادکشمیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    آئی جی آزاد کشمیرسہیل حبیب تاجک کو عہدے سے ہٹا کر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    سہیل حبیب کو ہٹائے جانے کے بعد گریڈ 20 کے عبدالجبار کو نیا آئی جی آزادکشمیر تعینات کیا گیا ہے۔ عبدالجبار ڈائریکٹر ایف آئی اےزون میں تعینات تھے۔

    ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد ندیم بخاری بھی تبدیل کر دیے گئے اور ان کی خدمات ایف آئی اے کے حوالےکی گئی ہیں۔

  • توشہ خانہ کیس، بانی پی ٹی آئی کے خلاف نئی تحقیقات شروع

    توشہ خانہ کیس، بانی پی ٹی آئی کے خلاف نئی تحقیقات شروع

    توشہ خانہ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے بانی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف نئی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے خلاف نئی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ان پر قیمتی تحائف غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام ہے۔

    نیب نے بانی پی ٹی آئی کو نئی انکوائری میں طلب بھی کیا تھا اور 16 اپریل کو نیب راولپنڈی آفس بلایا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف بھی نئی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

     

    نیب ذرائع کے مطابق توشہ خانہ کیس دو حصوں میں بنایا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کیخلاف تحائف غیر قانونی فروخت کرنے کا الگ سے کیس بنایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال 31 جنوری کو راولپنڈی کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ دونوں کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 10 سال تک نا اہل قرار دیا تھا۔

    توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل، رہا کرنے کا حکم

    بعد ازاں اپریل میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزائیں معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • اسلام آباد میں خواجہ سراؤں نے تھانے پر دھاوا بول دیا، ہنگامہ آرائی

    اسلام آباد میں خواجہ سراؤں نے تھانے پر دھاوا بول دیا، ہنگامہ آرائی

    اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں خواجہ سراؤں نے تھانے پر دھاوال بول دیا اور ہنگامہ آرائی کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ شالیمار پولیس نے 9 گداگر خواجہ سراؤں کو گرفتار کیا تو ان کے 13 ساتھی تھانے پہنچے اور ہنگامہ آرائی کی۔

    پولیس نے 22 خواجہ سراؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ اے سی شالیمار نے 9 خواجہ سراؤں کو ایف ٹین مرکز سے گرفتار کیا تھا، خواجہ سراؤں کے 13 ساتھی بھی تھانے پہنچے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں نے تھانے کے سامنے روڈ بلاک کرکے گیٹ اکھاڑنے کی کوشش کی۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں نے کانسٹیبل کے کپڑے پھاڑے اور اہلکاروں کو دھمکیاں دیں، مزید 13 خواجہ سراؤں کو بھی گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • آن لائن جنسی ہراسگی میں ملوث ملزم گرفتار

    آن لائن جنسی ہراسگی میں ملوث ملزم گرفتار

    اسلام آباد: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل ایبٹ آباد نے آن لائن جنسی ہراسگی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اےآر وائی نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)سائبر کرائم سرکل نے ایبٹ آباد کی کارروائی کرتے ہوئے آن لائن جنسی ہراسگی میں ملوث ملزم کو حویلیاں سے گرفتار کرلیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر واٹس ایپ کے ذریعے شئیر کیں، ملزم کی شناخت سعد کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزم شکایت کنندہ کو بلیک میل کرنے میں بھی ملوث تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزم نے متاثرہ کے گھر والوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے بھی دھمکی آمیز پیغامات بھیجے، ملزمان دھمکی آمیز پیغامات کے لئے مختلف واٹس ایپ نمبرز کا استعمال کرتا تھا۔

    ترجمان ایف آئی کے مطابق ملزم کے قبضے سے موبائل فون، واٹس ایپ اکاونٹ اور سمز برآمد کر لی گئی ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم گزشتہ کئی ماہ سے شکایت کنندہ کو ہراساں کر رہا تھا جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

  • کارڈرائیور کی موٹروے پولیس اہلکار کو روندنے کی ویڈیو وائرل

    کارڈرائیور کی موٹروے پولیس اہلکار کو روندنے کی ویڈیو وائرل

    خاتون کار ڈرائیور کے موٹروے اہلکار کو روندنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے میں پیش رفت نہ ہوسکی۔

    موٹروے پولیس واقعے میں ملوث خاتون کو ڈھونڈنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش ویڈیو یکم جنوری کی ہے خاتون ڈرائیور کیخلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کروا دی تھی۔

    ترجمان نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی تاہم اس کیس میں اب تک کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر خاتون ڈرائیور کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹول پلازہ پر ڈرائیور موٹروے پولیس اہلکار کو روندتے ہوئے گاڑی بھگا کر لے گئی تھیں۔

    ویڈیو سامنے آنے پر شہریوں نے ڈرائیور کے اس غیرمہذب اقدام پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

  • چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بھی دھمکی آمیز خط موصول

    چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بھی دھمکی آمیز خط موصول

    چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سمیت سپریم کورٹ کے دیگر ججز کو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مشکوک خط بھیجے جانے کا سلسلہ ہائی کورٹ سے اب سپریم کورٹ تک دراز ہو گیا ہے اور ذرائع نے بتایا  ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف چیف جسٹس ہی نہیں بلکہ سپریم کورٹ کے دیگر ججز جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس امین الدین کو بھی ایسے خطوط موصول ہوئے ہیں اور ان چاروں خطوط میں پاؤڈر موجود ہونے کے ساتھ ان میں دھمکی آمیز اشکال بھی بنی ہوئی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق چاروں خط یکم اپریل کو سپریم کورٹ میں موصول ہوئے تھے اور ان خطوط کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سمیت 9 ججوں کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے تھے جس میں پاؤڈر موجود تھا اور اس کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر دیا گیا تھا۔

    تاہم آج لاہور ہائیکورٹ کے دو ججز جسٹس شاہد بلال حسن اورجسٹس عالیہ نیلم نے نام سے بھی دو مشکوک خط  موصول ہوئے جنہیں عدالتی عملے نے نہیں کھولا۔ بعد ازاں پولیس نے دونوں خطوط اپنی تحویل میں لے کر تشویش شروع کر دیں۔

  • ہائیکورٹ کے ججز کو مشکوک خطوط بھیجنے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

    ہائیکورٹ کے ججز کو مشکوک خطوط بھیجنے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

    اسلام آباد: ہائیکورٹ کے ججز کو مشکوک خطوط بھیجنے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ کے کلرک قدیر احمد کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں ججز کو مشکوک خطوط کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق نائب قاصد اکرام اللہ کے ذریعے 8 لفافے تقسیم کرائے گئے تھے، خطوط تمام ججز کے نام تھے جو خود میں نے تقسیم کرائے، پھر عدالتی اہلکار قمر خورشید نے فون پر بتایا کہ خطوط نہ کھولیں جائیں اس میں کیمیکل ہے۔

    ایف آئی آر میں لکھوایا گیا کہ عدالتی اہلکار کی اطلاع کے بعد تمام ریڈروں کو بھی لفافے نہ کھولنے کی ہدایت کی گئی، مسمات ریشم اور نامعلوم افراد نے مقدمات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ: چیف جسٹس سمیت 9 ججوں کو پراسرار خطوط موصول

    مقدمے کے متن کے مطابق پولیس کو مشکوک خطوں سے متعلق تمام صورت حال سے آگاہ کیا گیا، 4 خطوں کے لفافے کھولے گئے تو ان میں سفید پاؤڈر کی آمیزش پائی گئی، لفافوں پر تحریک ناموس پاکستان کا حوالہ دے کر جسٹس سسٹم پر تنقید کی گئی تھی۔

  • وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کے حوالےسے اہم فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کے حوالےسے اہم فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں پر مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق چیک پوسٹیں 13 داخلی اور خارجی راستوں پر قائم کی جائیں گی، یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ چیک پوسٹیں وفاقی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے قائم کریں گے، روات، سنگجانی، 26 نمبر چونگی، بہارہ کہو پر چیک پوسٹیں قائم ہوں گی۔

     ذرائع کے مطابق ترلائی، آئی جے پرنسپل روڈ ، ترامڑی چوک کے داخلی راستے بھی شامل ہونگے،  ٹینتھ ایونیو، کریج فیکٹری پر بھی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیک پوسٹوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصف کئے جائیں گے، شہر میں مزید 50 کیمرے سیف سٹی کے ساتھ منسلک کر دئیے گئے۔

  • سمیع ابراہیم اور عمران ریاض کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    سمیع ابراہیم اور عمران ریاض کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 24 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی ہے جس میں صحافی سمیع ابراہیم اور عمران ریاض کا نام بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے 24 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی، وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کی سمری پر سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی۔

    وفاقی کابینہ نے صحافی سمیع ابراہیم اور عمران ریاض کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دیدی، دونوں کے نام انکوائریوں کے باعث ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

    اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما بابراعوان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری بھی دیدی گئی،  بابر اعوان کا نام دسمبر 2023 میں القادرٹرسٹ کیس کے باعث ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔

  • ویڈیو: غزہ بچاؤ دھرنے میں شرکت پر سینیٹر مشتاق کو گرفتار کرنے کی کوشش

    ویڈیو: غزہ بچاؤ دھرنے میں شرکت پر سینیٹر مشتاق کو گرفتار کرنے کی کوشش

    اسلام آباد پولیس کی غزہ بچاؤ دھرنے سے واپسی پر جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی ویڈیو سامنے آگئی۔

    وفاقی دارالحکومت میں غزہ بچاؤ یکجہتی دھرنے میں شرکت کے بعد سینیٹر مشتاق احمد کار میں سوار ہو کر واپس جارہے تھے کہ اس دوران راستے میں ان کی گاڑی کو پولیس نے روک لیا اور گرفتار کرنے کی کوشش کی۔

    سینیٹر مشتاق اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ اہلکاروں نے سینیٹر کو گاڑی سے باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن مزاحمت کے بعد اہلکار واپس چلے گئے۔

    پاس سے گزرتی کار میں سوار افراد نے واقعے کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی جس میں اسلام آباد پولیس کی یونیفارم پہنے اہلکار نظر آرہے ہیں۔

    غزہ بچاؤ تحریک کے احتجاج میں اسرائیل مخالف نعرے بازی کی گئی۔ جماعت اسلامی کے سینیٹرمشتاق احمد نے کہا اسرائیل نواز حکومت ہمیں روکنے کے لیے میدان میں آئی ہے ہم جیلوں میں جانے کے لیے تیار ہیں پہلے قرارداد پاس کرتےہیں جب لوگ نکلتے ہیں تو ان کو ڈراتے ہیں۔

    مارچ کی قیادت کرنے والی رہنما حمیرا طیبہ نے کہا کہ آئندہ اتوارکو اسی طرح پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں گے۔